دریافت:
احکام خمس
- مقدمہ
- خمس کے موارد
- خمس کے مستثنیات
- مئونہ (اخراجات)
- زندگی کے اخراجات
- آمدنی کے اخراجات
آمدنی کے اخراجات
آمدنی کا وہ حصہ جو کاروبار پر خرچ ہوتا ہے اور کوئی دوسری چیز اس کا متبادل نہیں ہوتی ہے مثلا حمل و نقل کے اخراجات، مزدوروں کی تنخواہ، دوکان کا کرایہ اور یوٹیلٹی بلز تلف ہونے کے حکم میں ہیں اور خمس نہیں ہے اور اگر ان امور کے لئے آمدنی کے علاوہ پیسوں سے خرچہ کیا گیا ہے تو اس سال کی آمدنی سے منہا کرسکتے ہیں۔
145: میں نے دوکان کی ڈیکوریشن اور سجاوٹ کے لئے کئی لاکھ خرچ کیے ہیں۔ ان پر خمس ہے یا نہیں؟
جواب: مجموعی طور پر اگر اس طرح خرچہ کیا گیا ہے کہ دوکان اور محل تجارت کی ارزش اور قیمت میں اضافہ ہوا ہے یا فروخت اور منتقل کرنے کے قابل ہے تو خمس ہے ورنہ تلف ہونے کے حکم ہے اور خمس نہیں ہے۔
146: اگر کسی کے پاس دکان یا تجارت کی جگہ ہو جس کا خمس ادا کیا گیا ہو اور اس کو فروخت کی نیت سے نہیں رکھا گیا ہو چنانچہ دوکان میں کچھ تبدیلی لائے مثلا بیرونی یا اندرونی منظر بدل کر پتھر لگائے یا ڈیکوریشن بدل دے اور ان امور کی وجہ سے دوکان کی قیمت بڑھ گئی ہے تو قیمت میں ہونے والے اضافے کا کیا حکم ہے؟
جواب: آمدنی کو مذکورہ امور میں خرچ کرنے سے قیمت میں اضافہ ہونے سے ہی خمس تعلق رکھے گا۔
147: اگر انسان کوئی گھر بنائے جس کی ضرورت نہ ہو اور کرایہ پر دینا چاہتا ہے ۔ اس گھر کی زمین اور تعمیراتی سامان کو خمس دئیے ہوئے مال سے مہیا کیا گیا ہو البتہ مزدوروں کی اجرت اور حمل و نقل وغیرہ کے اخراجات سال کی آمدنی سے ادا کئے ہوں تو خمس کا کیا حکم ہے؟
جواب: اولین سال خمسی کے موقع پر زمین اور تعمیراتی سامان کی قیمت اور افراط زر کو منہا کرنے کے بعد خمس ادا کرے۔
ٹیکس
148: کیا ماہانہ تنخواہ سے ٹیکس کی کٹوتی کے بعد خمس معاف ہوجائے گا؟ مثلا حکومتی ملازمین کی تنخواہ میں سے مخصوص رقم ٹیکس کی مد میں کاٹی جاتی ہے؛ کہا جاتا ہے اس صورت میں خمس نہیں ہے۔
جواب: ٹیکس کی محصولات سے ملکی اداروں کے اخراجات پورے کئے جاتے ہیں قانون کے مطابق ہر شہری پر اپنا حصہ ادا کرنا لازمی ہوتا ہے بنابراین ٹیکس ادا کرنا بھی انسان کی زندگی کے دوسرے اخراجات ادا کرنے کی مانند ہے اور اس کا خمس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
149: اس سال کا ٹیکس معین اور مشخص کرنے کے بعد ادا نہ کیا جائے تو سال کے اختتام پر منہا کرسکتے ہیں؟
جواب: ہاں؛ اگر اس سال کی آمدنی سے مربوط ٹیکس ہے تو آمدنی سے منہا کرسکتے ہیں۔
150: میں نے گذشتہ سال اپنی دوکان کے سرمایے کا خمس حساب کرکے ادا کردیا لیکن اس سال خمس نکالنے کا وقت پہنچنے پر متوجہ ہوا کہ گذشتہ دو سالوں کی آمدنی کا ٹیکس ادا کرنا تھا(واجب الادا ہے) لہذا میرا سوال یہ ہے کہ چونکہ ٹیکس کے مسائل سے غافل ہونے کو مدنظر رکھتے ہوئے اس سال خمس نکالتے وقت گذشتہ سالوں کا ٹیکس سرمایے سے منہا کرسکتا ہوں؟
جواب: سال خمسی سے پہلے گذشتہ سالوں کی واجب الادا رقوم کو اس سال کی آمدنی سے ادا کرسکتے ہیں لیکن ان کو منہا کرنا اس صورت میں ممکن ہے کہ واجب الادا رقم اسی سال کی ہو۔
قرضہ
مکلف سال خمسی کے پانچ دن بعد تک اخراجات سے مربوط قرضہ جات اور اسی طرح اسی سال یا گذشتہ سالوں کے اخراجات کو جو پیشے سے مربوط ہوں مثلا مزدور کی اجرت، یوٹیلٹی بلز وغیرہ رواں سال کی آمدنی سے کم کرسکتا ہے۔ اسی طرح وہ قرضہ بھی (ادا کئے بغیر) سال کی آمدنی سے منہا کرسکتا ہے جو موجودہ سال کی پہلی آمدنی حاصل ہونے کے بعد رواں سال کے اخراجات کے لئے لیا گیا ہو ۔ لیکن وہ قرضہ جو ( زندگی کے مصارف کے لئے قرضہ یا ادھار کی شکل میں ہو) چنانچہ جدید سال کی اولین آمدنی ملنے سے پہلے لیا گیا ہے تو احتیاط واجب کی بناپر آمدنی سے منہا نہیں کرسکتا ہے۔
نیز وہ رقم جس پر خمس تعلق نہیں رکھتا مثلا ہدیہ، ارث یا خمس ادا کیا ہوا پیسہ، چنانچہ سال کی اولین آمدنی ملنے کے بعد مندرجہ بالا موارد میں خرچ ہوجائے تو سال کی آمدنی سے منہاکرسکتا ہے۔
نوٹ: سال خمسی پہنچنے کے بعد پانچ دن تک زندگی کے مصارف اور قرضہ جات کی بابت ادائیگی جائز ہے۔ اگر سال کے اختتام تک کاروبارکے اخراجات کی بابت قرضہ ادا نہ کرے تو صرف اس صورت میں آمدنی سے منہا کرسکتا ہے کہ وہ قرضہ اسی آمدنی کے حصول سے مربوط ہو بنابراین اگر مثلا تجارت سے مربوط قرضہ ہے جبکہ سال کی آمدنی ملازمت سے حاصل ہوئی ہے تو اس قرضے کو ملازمت سے ملنے والی آمدنی سے منہا نہیں کرسکتا ہے۔
نوٹ: اگر کوئی مکلف سال خمسی گزرنے کے مختصر مدت کے بعد اپنے قرضے کی اتنی مقدار اس سال کی آمدنی سے ادا کرنا چاہے جو عرفا سال کے اخراجات میں خرچ کرنا شمار کیا جاتا ہے تو اس سال کی باقی ماندہ آمدنی سے قرضے کی مقدار کو منہا کرسکتا ہے اس صورت کے علاوہ باقی بچنے والی پوری آمدنی پر خمس ہے۔
مصارف زندگی کے لئے قرضہ لینا
151: مصارف زندگی کے لئے مقروض ہوا ہوں۔ اگر سال خمسی کی آمد پر قرض خواہ پیسے طلب نہ کرے اور اتفاقا پورے قرضے کے برابر یا اس کی تھوڑی مقدار جدید سال کی آمدنی کے پیسے ہوں تو کیا اس قرضے کو آمدنی سے منہا کرسکتا ہوں؟
جواب: اگر رواں سال کی اولین آمدنی کے حصول کے بعد کی ضروریات میں خرچ کیا گیا ہے تو آمدنی سے کم کرسکتے ہیں۔
152: اگر کوئی زندگی کے مصارف کے لئے مقروض ہو چنانچہ قرضہ ادا کرنے کے لئے کئی سال کی مہلت ہو تو سال کی آمدنی سے اسی مقدار کو منہا کرسکتا ہے؟
جواب: اگر قرضہ رواں سال سے مربوط ہے اور اولین آمدنی حاصل ہونے کے بعد لیا گیا ہے تو (ادا کئے بغیر) سال کی آمدنی سے منہا کرسکتا ہے اور اگر گذشتہ سالوں سے مربوط ہے تو سال خمسی پہنچنے کے پانچ دن بعد تک ادا کرے تو خمس نہیں ہے۔
153: اگر زندگی کے متعارف مصارف کے لئے چیک صادر کریں اور سال خمسی کے پہنچنے پر موصول ہوجائے تو کیا اسی سال کے اخراجات کا حصہ ہوگا اور خمس ہے یا نہیں؟
جواب: خمس نہیں ہے۔
154: میں ایسے مال کامالک ہوں جس کی کچھ مقدار نقد اور کچھ قرض الحسنہ کی شکل میں لوگوں کے پاس ہے۔ دوسری طرف گذشتہ سال کے دوران رہائش کے لئے زمین خریدنے کی وجہ سے مقروض بھی ہوں جس کے لئے مجھے کچھ مہینوں کے اندر چیک ادا کرنا پڑے گا۔ کیا زمین کے قرضے کو مذکورہ مبلغ (نقد اور قرض الحسنہ) میں سے کم کرکے باقی ماندہ کا خمس ادا کرسکتا ہوں؟
جواب: اگر زمین کو رواں سال کے دوران اور اولین آمدنی حاصل ہونے کے بعد خریدا ہے تو اس کے قرضے کے برابر سال کی آمدنی سے کم کرسکتے ہیں اور اگر روان سال خمسی سے پہلے خریدا ہے تو اس صورت میں رواں سال کی آمدنی سے منہا کرسکتے ہیں کہ سال خمسی پہنچنے کے بعدپانچ دن کے اندر قرضہ ادا کریں ورنہ آمدنی سے منہا نہیں ہوگا۔
155: بیٹے کی رجسٹریشن کے وقت اس کی فیس کے لئے مہلت حاصل کی تھی اور مبلغ کو دو چیک کی صورت میں ادا کردیا تھا تو سال خمسی پہنچنے پر وہ مبلغ قرض شمار ہوگی یا اگلے سال کی آمدنی سے اس کو پورا کرنا پڑے گا؟
جواب: سال کی اولین آمدنی ملنے کے بعد جتنی مقدار آپ کے بیٹے کو تعلیمی خدمات حاصل ہوئی ہیں ، سال کی آمدنی سے منہا ہوگی اور باقی مقدار کو سال خمسی کے پہنچنے کے پانچ دن بعد تک ادا کرسکتے ہیں اس صورت کے علاوہ آمدنی سے منہا نہیں ہوگا۔
مقروض ملازمین
156: بعض اوقات ملازمین کی سالانہ آمدنی سے کچھ مقدار بچ جاتی ہے تو اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے کہ نقدی اور قسطی صورت میں قرضے بھی ہیں، خمس واجب ہے؟
جواب: اگر قرضہ اسی سال کے اخراجات کے لئے قرض یا ادھار حاصل کرنے کی وجہ سے آیا ہے اور سال کی اولین آمدنی ملنے کے خرچ کیا گیا ہے تو سال کی باقی ماندہ آمدنی سے قرضہ کی مقدار کو منہا کرسکتے ہیں۔
تجارتی اخراجات کے لئے حاصل کیا ہوا قرضہ
کاروبار اور تجارت پر ہونے والا خرچہ آمدنی سے منہا اور استثنا کرسکتے ہیں حتی کہ وہ اخراجات جن کو ادا کرنے کا وقت نہیں پہنچا ہے لیکن مکلف کے ذمے ہیں، ان کو بھی منہا کرسکتے ہیں۔
157: دوکان کی بجلی اور پانی کا بل اور اسی طرح ملازم کی اجرت وغیرہ کو سال کے آخر میں آمدنی سے کم کرسکتے ہیں؟
جواب: آمدنی اور کمائی کے لئے ہونے والے اخراجات کو اسی سال کی آمدنی سے منہا کرسکتے ہیں۔
158: اگر کسی پر کچھ قرض ہو اور اتنی مقدار کا ہی دوسرے سے طلبگار بھی ہو اور وہ اس سے اپنا قرض اتارنا چاہتا ہے تو اس پر خمس دینا واجب ہے؟
جواب: اگر اس کا قرض اجرت یا تنخواہ کی مد میں ہے جس کو ابھی تک ادا نہیں کیا گیا ہے تو خمس نہیں ہے۔ اگر اپنی آمدنی دوسرے کو قرض دیا گیا ہے تو اس کی کئی صورتیں ہیں:
الف۔ اگر اس کے برابر مقدار کا مقروض ہے جو اسی سال کی آمدنی کے لئے یا اولین آمدنی ملنے کے بعد مصارف زندگی کے لئے حاصل کیا گیا ہے تو سال کی آمدنی سے منہا کرسکتا ہے۔
ب۔ اگر مصارف زندگی یا گذشتہ سال کی آمدنی کی بابت قرض لیا گیا ہے چنانچہ سال خمسی پہنچنے سے پہلے وصول کرے تو قرض کو سال کی آمدنی سے منہا کرسکتا ہے دوسری صورت میں آمدنی سے منہا نہیں ہوگا۔قرضے کا خمس
159: میرا سال خمسی ختم ہورہا ہے اور میرے بینک اکاؤنٹ میں قرضے کے بیس لاکھ روپے موجود ہیں جس کو واپس کرنے یا قسط ادا کرنے کا وقت ابھی نہیں پہنچا ہے اور دوسری طرف ان پیسوں کو خرچ بھی نہیں کرپایا ہے تو کیا اس رقم سے خمس تعلق رکھتا ہے؟
جواب: خمس نہیں ہے۔
160: میں نے کئی سال پہلے کسی بینک سے قرضہ لیا اور اس کو ایک سال کے لئے اکاؤنٹ میں فکس ڈیپاز ٹ کردیا۔ اس قرضے کو استعمال کئے بغیر ہر مہینے اس کی قسط ادا کرتا ہوں ۔ کیا اس قرضے سے خمس تعلق رکھتا ہے؟
جواب: اگر موجودہ رقم باقی ماندہ اقساط کی مقدار سے زیادہ ہے تو زائد مقدار کا خمس ادا کرنا واجب ہے۔
طویل مدت قرضے کی اقساط
161: میں نے مصارف زندگی کے لئے قرضہ لیا اور اس کو مصارف میں خرچ کیا۔ اس کی اقساط پر خمس تعلق رکھتا ہے؟
جواب: چونکہ قرضہ مصارف میں خرچ ہوا ہے لہذا خمس نہیں ہے۔
162: اگر کوئی شخص قرضہ حاصل کرے اور اس کی قسطیں کئی سال طول اختیار کریں تو ہر سال ادا کی گئی اقساط پر خمس واجب ہے؟
جواب: اگر زندگی کے مصارف میں خرچ کیا گیا ہے تو اقساط پر خمس نہیں ہے لیکن پورا قرضہ یا اس کی کچھ مقدار باقی ہے تو باقی ماندہ قرضے کی مقدار باقی ماندہ اقساط کی مقدار سے زیادہ ہے تو باقی ماندہ قرضے پر خمس واجب ہے۔
163: گھر کی عمارت کے لئے قرضہ لینے کی وجہ سے میں مقروض ہوں اور قرضے کی ادائیگی بارہ سال تک طول پکڑے گی۔ برائے مہربانی خمس کے بارے میں میری رہنمائی فرمائیے کہ قرضے کو سال کی آمدنی سے استثنا کیا جاسکتا ہے؟
جواب: مجموعی طور پر اگر قرضہ خرچ ہونے والے اخراجات مثلا رہائشی گھر کی تعمیر کی وجہ سے آیا ہے تو اس کو سال کی آمدنی سے ادا کرنے میں کوئی اشکال نہیں ہے خواہ بعد والے سال کی آمدنی سے کیوں نہ ہو اور اس پر خمس نہیں ہے۔ لیکن فقط خرچ ہونے والے سال کی آمدنی سے منہا کرنا اس صورت میں جائز ہے جب اولین آمدنی حاصل ہونے کے بعد خرچ ہوا ہو۔
164: جن لوگوں پر قرضہ ہے، ان پر خمس ادا کرنا واجب ہے؟
جواب: صرف مقروض ہونا خمس واجب ہونے میں مانع نہیں ہے۔
165: میں نے ایک بینک سے لون لیا ہے جس کی ادائیگی کا وقت میرے سال خمسی کے بعد آتا ہے اور مجھے خوف ہے کہ اگر اس رقم کو اس سال ادا نہ کروں تو شاید آئندہ سال ادا نہ کرسکوں؛ تو سال خمسی کی آمد پر خمس کی ادائیگی کے حوالے سے میرا وظیفہ کیا ہے؟
جواب: اقساط کی ادائیگی میں کوئی اشکال نہیں ہے اگرچہ مستقبل کی اقساط کیوں نہ ہوں، لیکن اگر قرضہ استعمال نہیں کیا گیا ہے یا سرمایہ بن گیا ہے تو اس کا خمس حساب کرکے ادا کرنا چاہئے۔
امانت کے پیسوں کا خمس
166: اگر کسی شخص کے پیسے امانت کے طور پر موجود ہوں تو اس پر خمس تعلق رکھتا ہے؟
جواب: اس کا خمس آپ کے ذمے نہیں ہے۔
اجارہ کے بدلے قرضہ لینا
167: کوئی شخص دو منزلہ عمارت کا مالک ہے۔ بالائی منزل میں مالک رہتا ہے جبکہ نچلی منزل کسی کو رہنے کے لئے دی ہے اور کرایہ کے بدلے اس سے کچھ قرضہ لیا ہے۔ اس رقم پر خمس تعلق رکھتا ہے؟
جواب: خمس تعلق نہیں رکھتا ہے۔ یاد رکھیں کہ اس طرح کرایے پر دینا صحیح نہیں ہے۔
168: میں نے ایک مکان ماہانہ ایک لاکھ روپے کے عوض کرایہ پر دیا اور اسی ضمن میں کرایہ دار سے دس لاکھ قرضہ لیا کیا اس رقم پر خمس تعلق رکھتا ہے؟
جواب: خمس تعلق نہیں رکھتا ہے۔
169: کرایہ دار جو پیسہ مالک مکان کو قرض (رہن) کے طور پر دینے پر مجبور ہے، کیا اس پر خمس ہے؟
جواب: اگر کرایہ دار کامل کرایہ دینے کی استطاعت نہیں رکھتا ہے یا مالک مکان قبول نہیں کرتا ہے تو خمس تعلق نہیں رکھتا ہے اور گھر کے اخراجات کے حکم میں ہے۔
خمس ادا کیا ہوا مال
اگر آمدنی کا ایک مرتبہ خمس ادا کیا گیا ہے تو دوبارہ اس پر خمس تعلق نہیں رکھتا ہے۔
سال کے آمدنی سے خمس کے مقدار کو کم کرنا
170: تنخواہ دار شخص کے مال پر خمس ادا کرنے کے بعد ایک لاکھ روپے بچ جائیں اور اگلے سال اس میں مزید 50 ہزار اضافہ ہوجائیں تو نئے سال میں 50 ہزار کا خمس ادا کرنا ہوگا یا ایک لاکھ 50 ہزار کا؟
جواب: اگر ایک لاکھ روپے پورے سال کے دوران خرچ نہ کیا جائے یا سال کی پہلی آمدنی ملنے کے بعد مصارف میں خرچ کیا جائے تو صرف 50 ہزار کا خمس ادا کرنا واجب ہے۔
171: میں آج تک اس طرح خمس کا حساب کرتا تھا کہ اولین آمدنی کو سال خمسی کا آغاز قرار دیتا تھا اس کے بعد سال کے دوران خرچ نہ ہونے والے پیسوں اور اشیاء خوردنی کو حساب کرتے ہوئے گذشتہ سال کے بیلنس کے ساتھ موازنہ کرتا تھا اور اضافی مقدار کا خمس ادا کرتا تھا؛ کیا یہ طریقہ صحیح ہے؟
جواب: اگر نئے سال کی اولین آمدنی ملنے سے پہلے گذشتہ سال کی اشیاء ختم ہوگئی ہوں تو احتیاط واجب کی بنا پر یہ طریقہ صحیح نہیں ہے اور جتنا بیلنس ہے وہ سارا حساب ہوگا لیکن اگر نئے سال کی اولین آمدنی حاصل ہونے کے بعد گذشتہ سال کے خمس ادا کردہ مال کو استعمال کیا ہے تو سال کے آخر میں اتنی مقدار کو آمدنی سے منہا اور استثنا کرسکتے ہیں۔
سرمایہ کے خمس سے خمس تعلق نہ رکھنے والے مال کو منہا کرنا
172: اگر سرمایہ پر ایسا مال اضافہ ہوجائے جس پر خمس تعلق نہیں رکھتا ہے تو اس کو سال آخر میں سرمایہ سے منہا کرسکتے ہیں؟
جواب: ہاں، افراط زر کے ساتھ منہا کرسکتے ہیں۔
خمس ادا کردہ آلات کسب
وہ آلات کسب جن کا خمس ادا کیا گیا ہے، جب تک فروخت نہ کیے جائیں، خمس تعلق نہیں رکھتا ہے اور فروخت کرنے کی صورت میں اس کی قیمت خمس ادا کردہ قیمت اور افراط زر کو منہا کرنے کے بعد سال کی آمدنی شمار ہوگی۔
173: میں نے اپنے کسب معاش کے آلات کا خمس پہلے سال میں ہی ادا کردیا ہے۔ کیا بعد والے سالوں میں قیمت میں ہونے والے اضافے اور افراط زر پر خمس تعلق رکھتا ہے؟
جواب: جب تک فروخت نہ کیا جائے، خمس نہیں ہے اور فروخت کرنے کی صورت میں خمس ادا شدہ قیمت اور افراط زر کو منہا کرنے کے بعد ملنے والی قیمت سال کی آمدنی شمار ہوگی۔
174: میں نے کسب معاش کے آلات کو جن کا خمس ادا کیا گیا ہے، اس کی قیمت خرید سے زیادہ پر فروخت کیا ہے تو اس کا خمس کیسے حساب کیا جائے گا؟
جواب: خمس ادا شدہ قیمت اور افراط زر کو منہا کرنے کے بعد بچنے والی رقم سال کی آمدنی شمار ہوگی پس اگر سال خمسی کے اختتام تک مصارف میں خرچ نہ ہوجائے تو خمس ہے۔
خمس ادا کیا ہوا گردشی سرمایہ
گردشی سرمایہ یعنی مال تجارت کا اگر خریدار ہے تو سال خمسی کی آمد پر خمس ادا کردہ سرمایہ اور افراط زرمنہا کرنے کے بعداضافی قیمت کا خمس ادا کیا جائے۔
175: دوکان میں موجود اجناس جن کا گذشتہ سال خمس ادا کیا گیا ہے ان کی قیمت گزاری اور خمس حساب کرنے کا کیاطریقہ ہے؟
جواب: سال خمسی پہنچنے پر دوکان میں موجود اجناس کی قیمت گزاری مشکل ہے تو اس کا تخمینہ لگائیں اور گذشتہ سال کی مجموعی قیمت اور افراط زر سے اضافی مقدار کا خمس ادا کریں۔
176: میری دوکان ہے اور ہر سال نقد پیسے اور اجناس کا حساب رکھتا ہوں چونکہ بعض اجناس سال کے اختتام تک فروخت نہیں ہوتی ہیں تو سال کے اختتام پر ان کو فروخت کرنے سے پہلے خمس ادا کرنا واجب ہےیا فروخت کرنے کے بعد ان کا خمس ادا کرنا چاہئے؟ اگر جنس کا خمس ادا کرے اور اس کے بعد اس کو فروخت کرے تو آئندہ سال میں اس کو کیسے حساب کروں؟ اور اگر فروخت نہ کروں اور اس کی قیمت بدل جائے تو کیا حکم ہے؟
جواب: فروخت ہونے یا نہ ہونے کا خمس واجب ہونے پر کوئی اثر نہیں ہوتا ہے بہرحال سال خمسی پہنچنے پر اجناس کی وہ قیمت حساب کرکے خمس ادا کرے جس پر کوئی خریدار ملتا ہے اور بعد والے سال میں فروخت کی صورت میں اس سے حاصل ہونے والی منفعت پر چنانچہ افراط زر کی مقدار سے زیادہ ہو تو قیمت پر خمس لگتا ہے۔
177: میں ایک دوکاندار ہوں اور ایک سال تین مہینے سےدوکانداری کررہا ہوں لہذا خمس کے حوالے سے کئی سوالات ہیں:
الف۔ جو جنس ایک سال پہلے خریدی گئی ہے اور سٹور میں پڑی ہوئی ہے اور خراب ہوئی ہے جس کی وجہ سے قیمت خریدسے کم پر بھی کوئی قبول نہیں کرتا ہےیعنی درحقیقت دوکاندار کو نقصان ہوا ہے، کیا اس پر خمس تعلق رکھتا ہے؟
ب۔ اگر آج کوئی جنس خریدے اور اگلے دن سال خمسی ہے تو اس جنس پرخمس تعلق رکھتا ہے یا ایک سال گزرنا چاہئے؟
ج۔ اگر کوئی جنس ادھار خریدے اور اس کی قیمت ادا نہ کی گئی ہو تو خمس واجب ہے؟
د۔ اگر اصل سرمایہ دس لاکھ ہو اور وہ ہدیہ کے پیسے ہوں یا خمس ادا کیا گیا ہو اور گردش میں ہو تو کیا سال خمسی کی آمد پر باقی بچنے والی اجناس پر خمس واجب ہے؟جواب: الف وب۔ اگر تنخواہ یا آمدنی سے جنس خریدی گئی ہے تو سال خمسی کی آمد پر اس کی جو قیمت ہوگی اس پر خمس ہے۔
ج۔ سال خمسی کی آمد پر اسی قیمت میں ہونے والے اضافے پر خمس ہے۔
د۔ اگراس کی ارزش اور قیمت میں ہونے والا اضافہ افراط زر کی مقدار سے زیادہ نہ ہو تو خمس نہیں ہے۔خمس تعلق رکھنے والی آمدنی اور تعلق نہ رکھنے والے مال کا مخلوط ہونا
اگر سال کی آمدنی میں سے خمس تعلق رکھنے والا اور نہ رکھنے والا مال دونوں ایک ہی اکاؤنٹ میں ڈالا جائے تو جب تک خمس تعلق رکھنے والا مال اس میں موجود ہے، مصارف میں خرچ کرنے کے لئے نکالنے واالا پیسہ خمس تعلق رکھنے والے مال میں سے شمار ہوگا خواہ نیت کے ساتھ نکالے خواہ بغیر نیت کے، اور خمس تعلق نہ رکھنے والا مال محفوظ ہوگا۔
178: مجھے سبسڈی میں ملنے والے پیسے اور تنخواہ کے پیسے دونوں ایک ہی اکاؤنٹ میں جمع ہوتے ہیں تو کیا پیسہ نکالتے وقت مشخص کرنا ضروری ہے؟ ماضی میں کسی نیت کے بغیر نکالنے والے پیسوں کا کیسے حساب کروں؟
جواب: نیت کی ضرورت نہیں ہے۔ جب تک تنخواہ اکاؤنٹ میں موجود ہے جتنا پیسہ مصارف میں خرچ کرنے کے لئے نکالے، نتخواہ سے حساب ہوگا اور سبسڈی محفوظ ہے۔
179: اگر قرض الحسنہ کے بچت اکاؤنٹ میں مثلا ایک لاکھ روپے ہوں جس کا خمس ادا کیا گیا ہےاور اس میں مزید پچاس ہزار روپے جمع کرے جس کا خمس نہیں نکالا گیا ہے چنانچہ سال کے دوران کچھ مقدار میں پیسے نکالے تو سال خمسی کے اختتام پر مجموعی پیسوں کا خمس حساب کروں یا اکاؤنٹ میں بچنے والی مجموعی مقدار پر خمس ادا کروں؟
جواب: سال کے اختتام پر اگر اکاؤنٹ کا بیلنس ایک لاکھ سے زائد ہے تو زائد مقدار پر خمس ادا کریں۔
180: اس سال کے آغاز میں خمس نکالنے کے بعد مثلا ساڑھے پانچ لاکھ روپے اکاؤنٹ میں بچ گئے اس کے بعد ہر مہینے تنخواہ کے پیسے بھی اس میں اضافہ ہوگئے اس طرح خمس نکالا ہوا اور نہ نکالا ہوا پیسہ دونوں مخلوط ہوگئے ہیں اب پیسوں کو خرچ کرتے وقت میرا کیا وظیفہ ہے؟
جواب: اس سال کی پہلی تنخواہ وصول کرتے وقت اکاؤنٹ کے بیلنس کو سال کے اختتام پر موجود بیلنس سے منہا کرے اور باقی ماندہ بیلنس کا خمس ادا کرے۔
181: اگر شادی کے تحفے، قرضہ اور تنخواہ کی مجموعی رقم میں سے اتنا بچ گیا ہے جو شادی کے تحفے اور قرضہ کے برابر ہے تو اس پر خمس تعلق رکھتا ہے؟
جواب: اگر زندگی کے متعارف امور میں خرچ کیا گیا ہے اور آمدنی سے قرضے کی اقساط ادا نہ کی گئی ہیں تو خمس نہیں ہے۔
182: بینک میں میرے کچھ پیسے تھے اور سال خمسی کے آغاز پر ان کا خمس ادا کیا تھا لیکن بعد والے مالی سال کے دوران کئی مرتبہ ان پیسوں میں اضافہ ہوا یا نکالا گیا ہے۔ ابھی سال خمسی پورا ہوچکا ہے لہذا اس کو کیسے حساب کروں؟ چونکہ پیسے کسی حد تک زیرگردش رہے ہیں اس لئےپورے پیسوں پر خمس ہے یا موجودہ بیلنس گذشتہ سال کی رقم سے زیادہ ہونے کی صورت میں اضافی بیلنس پر خمس تعلق رکھتا ہے؟
جواب: اگر اضافہ ہونے والی رقم تنخواہ اور آمدنی کا حصہ ہے تو جدید مالی سال کی ابتدائی تنخواہ وصول کرتے وقت اکاؤنٹ میں موجود رقم کو منہا کرے اور باقی ماندہ رقم کا خمس ادا کرے۔
نقصان کی تلافی
خرابی، قیمت کی کمی اور حادثہ وغیرہ کی وجہ سے سرمایہ کو پہنچنے والا نقصان سال خمسی کی آمد پر آمدنی سے منہا کیا جائے گا۔ اخراجات کے برخلاف اس مورد میں کوئی فرق نہیں ہے کہ سرمایہ کو ہونے والا نقصان اولین آمدنی کے حصول سے پہلے ہو یا بعد میں ہو۔
183: میں مینوفیکچرنگ کا کام کرتا ہوں۔ سال خمسی کے دوران میرے زیراستعمال وسائل خراب ہوئے اور غیر فعال ہوگئے اور کچھ مقدار قیمت میں بھی کمی آگئی تو کیا سال کے اختتام پر اس کے برابر آمدنی سے منہا کرسکتا ہوں؟ اگر اس مدت میں چوری یا حادثہ مثلا آتش زدگی کی وجہ سے کچھ سرمایہ ضائع ہوجائے تو کیا حکم ہے؟
جواب: مذکورہ تمام موارد کو سال کی آمدنی سے منہا کیا جائے گا اور اس کے بعد خمس کا حساب کیا جائے گا۔
184: گذشتہ سال میں نے اپنے اموال کا خمس حساب کرنے کے بعد سال خمسی معین کردیا۔ اس وقت میرے پاس 100 بکرے اور کچھ پیسے تھے۔ بکروں کو فروخت کرنے کی وجہ سے ان کی تعداد کم ہوگئی ہے لیکن نقد پیسے بڑھ گئے ہیں۔ اس وقت 60 بکرے اور کچھ نقدی موجود ہے۔ ان تمام پیسوں کا خمس ادا کرنا واجب ہے یا فقط اضافی مقدار پر واجب ہے؟
جواب: اگر موجودہ بکروں کی مجموعی قیمت اور نقد پیسوں کی قدر 100 بکروں اور گذشتہ سال کے پیسوں اور افراط زر کی مقدار سے زیادہ ہے تو زائد مقدار پر خمس ہے۔
ہدیہ (ہبہ)
مجموعی طور پر ہر وہ جائیداد، جنس یا موصولہ پیسہ جس کو ادا نہ کرنے کی صورت میں مکلف کو مطالبہ کرنے کا حق نہ ہو تو اس کا خمس ادا کرنا واجب نہیں ہے مثلا ہدیہ، شہداء کے گھر والوں کو ملنے والا فنڈ، سبسڈی، بینکی انعامات وغیرہ اگرچہ احتیاط مستحب یہ ہے کہ اگر سال کے اخراجات سے اضافی ہے تو اس کا خمس ادا کرے۔
ہبہ کی قیمت کا بڑھنا
ہدیہ ملنے والی اجناس جن کو تجارت کی نیت سے ذخیرہ نہیں کیا گیا ہے چنانچہ فروخت کیا جائے تو اس کا خمس ادا کرنا واجب نہیں ہے اگرچہ قیمت بڑھ گئی ہو چنانچہ ہدیہ کو سرمایہ قرار دے کر فروخت کے لئے پیش کیا جائے تو ابتدائی قیمت اور افراط زر کو منہا کرنے کے بعد فروخت کردہ قیمت احتیاط واجب کی بناپر اس سال کی آمدنی شمار ہوگی چنانچہ سال کے آخر تک مخارج میں خرچ نہ کیا جائے تو اس کا خمس ادا کرنا چاہئے۔
بیوی کے تنخواہ کو ان کے سپرد کرنا
185: میں ریٹائرمنٹ کی زندگی گزار رہا ہوں اور ہر مہینے پنشن وصول کرتا ہوں اور کچھ مدت کے بعد بیوی کے حقوق کے عنوان سے کچھ رقم ملتی ہے جس کو میں بیوی کے حوالے کرتا ہوں اور بیوی اس کو بینک میں رکھتی ہے۔ کیا اس پیسے پر خمس تعلق رکھتا ہے؟
جواب: خمس نہیں ہے۔
شیربها (دودھ پلانے کے پیسے)
186: دودھ پلانے کے پیسے پر جو داماد سے وصول کیا جاتا ہے؛ کیا خمس واجب ہے؟
جواب: خمس واجب نہیں ہے۔
عیدی اور انعام
عیدی اور انعام کا خمس ادا کرنا واجب نہیں ہے۔
187: ملازمین کو ملنے والی عیدی اور انعامات پر خمس ہے؟
جواب: اس کا خمس ادا کرنا واجب نہیں ہے۔
188: میں قید سے آزاد ہوچکا ہوں میری اسارت کوسابقہ خدمت کے دو برابرحساب کرنے کی وجہ سے میں ابھی ریٹائرمنٹ کی زندگی گزار رہا ہوں کیاپایان خدمت کےانعام پر خمس واجب ہے ؟
جواب: اس کا خمس ادا کرنا واجب نہیں۔
سنوات
189: کیا سنوات کے ساتھ خمس تعلق رکھتا ہے؟ خمس تعلق رکھنے کی صورت میں اگر سال کے اخراجات سے زیادہ ہوں تو سال خمسی کے آغاز پر خمس ادا کرنا چاہئے یا موصول ہوتے ہی خمس دینا لازم ہے؟
جواب: سنوات وہ حق ہے جو معاہدے یا قانون کے مطابق کام لینے والا کام کرنے والے کو ادا کرتا ہے،یہ آمدنی شمار ہوتا ہے چنانچہ موصول ہونے کے بعد سال خمسی کے آغاز تک اخراجات میں خرچ نہ ہوجائے تو خمس تعلق رکھتا ہے۔
معاشی امداد
190: بعض اوقات حکومت ملازمین کو معاشی امداد کے طور پر مفت یا نصف قیمت پر سامان دیتی ہے چنانچہ سال کے اختتام تک پورا سامان یا نصف بچ جائے تو خمس تعلق رکھتا ہے؟
جواب: مفت ملنے والے سامان پر کسی بھی صورت میں خمس تعلق نہیں رکھتا ہے لیکن نصف قیمت پر ملنے والا سامان اگر سال خمسی کے اختتام تک اس کا نصف سے زیادہ حصہ بچ جائے تو نصف سے زائد مقدار پر خمس ہے۔
زخمی فوجیوں اور شہداء کے گھر والوں کو ملنے والی تنخواہ
191: کیا میڈیکل بورڈ کے تحت ملنے والی تنخواہ پر خمس تعلق رکھتا ہے؟ فوجیوں کی بیویوں کو ملنے والی رقم کا کیا حکم ہے؟
جواب: زخمیوں کو ملنے والی تنخواہ کا خمس ادا کرنا واجب نہیں ہے۔ اور ان کی بیویوں کو تیمارداری کی خاطر ملنے والی تنخواہ چنانچہ کام کے بدلے دی جائے (یعنی تیمارداری نہ کرے تو تنخواہ کاٹی جائے) تو سال کے اخراجات سے بچنے کی صورت میں خمس ہے ورنہ خمس نہیں ہے۔
192: حکومت قیدیوں کے دوران قید کے ایام کو چھٹی حساب کرکے اس کے پیسے ادا کرے توکیا وہ پیسے آمدنی شمار ہوں گے اور خمس تعلق رکھتا ہے یا نہیں؟
جواب: خمس تعلق نہیں رکھتا ہے۔
193: حکومت قیدیوں کے ماں باپ کو جو تنخواہ دیتی ہے اور اس کو بچت کیا جاتا ہے، اس پر خمس ہے؟
جواب: اس کا خمس دینا واجب نہیں ہے۔
194: وہ رقم جو شہید فاؤنڈیشن شہداء کے گھر والوں کو ادا کرتا ہے، اس پر خمس تعلق رکھتا ہے یا نہیں؟
جواب: اس کا خمس ادا کرنا واجب نہیں ہے۔
شہید کے بچوں کے سرمایے کا خمس
195: شہید فاؤنڈیشن شہداء کے بچوں کو جو پیسے ادا کرتا ہے، اس پرخمس تعلق رکھتا ہے یا نہیں؟ اس کی بچت سے ملنے والے منافع کا کیا حکم ہے؟
جواب: تنخواہ پر خمس نہیں ہے لیکن اس کے ملنے والے منافع پر خمس ہے اور سال خمسی کے آغاز پر باقی ماندہ مقدار افراط زر کی مقدار سے زیادہ ہے تو خمس ادا کرنا چاہئے۔
196: شہداء کے اموال سے ان کے بچوں کو ملنے والا ارث اور اس کی درآمد کے ذریعے بچوں کی زندگی کے اخراجات پورا کیے جاتےہیں تو اس پرخمس تعلق رکھتا ہے؟
جواب: مجموعی طور پر ارث پر خمس نہیں ہے لیکن اس سے ملنے والا منافع سال کی آمدنی شمار ہوگا۔
اضافی رقم
197: اداروں میں بعض اوقات افسران کی صوابدید کے مطابق ملازمین کو سال کے اختتام پر اضافی مقدار ادا کرتے ہیں۔ اس پر خمس ہے یا نہیں؟
جواب: اگر تنخواہ کا حصہ ہے تو خمس ہے اور اگر ہدیہ ہے تو خمس نہیں ہے۔
198: کیا پے سلپ کے تمام موارد میں خمس تعلق رکھتا ہے؟
جواب: اگر ان موارد میں سے ہے جس میں معاہدے کے مطابق سلپ وصول کرنے کا حق ہے اس طرح کہ نہ ملنے کی صورت میں اس کا مطالبہ کرسکتا ہے تو سال کے اخراجات سے اضافی ہونے کی صورت میں خمس تعلق رکھتا ہے اور اگر کسی استحقاق کے بغیر ادا کیا جائے تو خمس ادا کرنا واجب نہیں ہے۔
بینک کے انعامات
199: کیا بینک اور صندوق قرض الحسنہ کی طرف سے ملنے والے انعامات پر خمس تعلق رکھتا ہے؟
جواب: خمس تعلق نہیں رکھتا ہے۔
ہبہ کے پیسے کو گھر میں خرچ کرنا
200: میں ایک گھریلو خاتون ہوں ۔ میر ا شوہر گھریلو اخراجات کے لئے پیسے میرے اختیار میں دیتا ہے گویا حقیقت میں پیسے مجھے بخش دیتا ہے چونکہ اخراجات اور ان کی کمی وزیادتی کے بارے میں کبھی مجھ سے پوچھ گچھ نہیں کرتا ہے۔ ان پیسوں سے لباس اور گھر کے دیگر اخراجات پورے کئے جاتے ہیں۔ (البتہ ضرورت اور اپنی حیثیت کے مطابق) اگر کچھ مدت گزر جائے اور استفادہ نہ ہوجائے تو خمس کا کیا حکم ہے؟ کیا میں اپنے لئے الگ سال خمسی معین کروں؟
جواب: سوال میں مذکور موارد میں پیسوں کو زندگی کے مصارف میں خرچ کیا گیا ہے اور ہر صورت میں خمس نہیں ہے اگرچہ آپ کو ہدیہ نہیں دیا گیا ہے۔
سکالرشپ
201: طلباء کو تعلیمی اخراجات پورا کرنے کے لئے ملنے والی رقم یا شہریہ پر خمس لگتا ہے؟ اسی طرح اگر کسی طالب علم کو سکالرشپ مل جائے اور کچھ رقم اس کو ادا کی جائے تو خمس ہے؟
جواب: طلباء کو تعلیمی اخراجات یا شہریہ کی مد میں ملنے والی رقم پر خمس نہیں ہے لیکن جن طلباء کو سکالرشپ ملتی ہے اور تحصیل علم کے دوران تنخواہ مل جائے تو خمس تعلق رکھتا ہے۔
202: اکثر طلباء ممکنہ مشکلات کے پیش نظر اپنے اخراجات میں بچت سے کام لیتے ہیں اور تعلیمی اخراجات کے پیسوں سے کچھ رقم جمع ہوجاتی ہے۔ سوال یہ ہے کہ چونکہ یہ رقم وزارت تعلیم کی طرف سے ملنے والے پیسوں میں بچت کی وجہ سے جمع ہوئی ہے لہذا اس سے خمس تعلق رکھتا ہے؟
جواب: خمس تعلق نہیں رکھتا ہے۔
-
- نفقہ
- ارث
- مہریہ
- وقف
- دیہ
- بیمه (انشورنس)
-
- خمس کو حساب اور ادا کرنے کا طریقہ
- خمس کے مصارف اور مستحقین
- متفرق مسائل