ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی
دریافت:

احکام خمس

  • مقدمہ
    پرنٹ  ;  PDF
     
    مقدمہ

     

    خمس مالی واجبات اور فروع دین میں سے ایک ہے جو دین کی ترویج اور محرومین کی ضرورتیں پوری کرنے میں حکومت اسلامی کے لئے اہم ترین اقتصادی سہارا ہے۔ اللہ کا حکم بجالانے کی نیت سے خمس ادا کرنا ثواب کا باعث ہونے کے ساتھ اس کا مال اور روح مادی آلائشوں سے پاک کرنے کا ذریعہ ہے۔ [1]شریعت اسلام کے مطابق مکلف کو چاہئے کہ اپنی آمدنی کا پانچواں حصہ اس تفصیل کے مطابق جو بعد میں آئے گی، ادا کرے تاکہ اسلام اور مسلمانوں کی مصلحتوں کے مطابق خرچ ہوجائے۔
    کتاب ہذا خمس کے موضوع کے بارے میں اہم اور زیادہ پیش آنے والے شرعی مسائل اور مرجع عالی قدر حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای (مدظله العالی)کے فتاوی پر مشتمل ہے۔
    یہ آیت اللہ العظمی خامنہ ای (مدظله العالی) کے فتاوی کے مطابق فقہ کے موضوعی احکام کی کتابوں میں سے ایک ہے جس کو انتشارات انقلاب اسلامی کے زیراہتمام زیور طبع سے آراستہ کیا جارہا ہے۔
    اس کتاب میں رسالہ "اجوبۃ الاستفتائات" میں موجود فتاوی کے علاوہ استفتاء کے جدید موارد کو بھی شامل کیا گیا ہے۔  اس کتاب میں خمس واجب ہونے کے موارد، خمس کے مستثنی موارد، خمس کو حساب اور ادا کرنے کا طریقہ، خمس کے مصارف اور مستحقین اور خمس کے متفرق مباحث شامل ہیں۔
    اس کتاب کی تدوین میں اس بات کا خیال رکھا گیا ہے کہ عوام کے لئے مفید اور سب کے لئے اس سے استفادہ کرنا آسان ہو۔ قابل ذکر ہے کہ آیت اللہ العظمی خامنہ ای (مدظله العالی) کے دفتر نے اس کتاب کی تائید کی ہے اور اس کے مطابق عمل کو مجزی (بری الذمہ ہونے کا باعث) قرار دیا ہے۔
    اللہ تعالی ہم سب کو دین مبین اسلام کے احکام پر عمل کرنے اور قرآن کریم، پیغمبر اکرمﷺ اور ائمہ طاہرین علیہم السلام کی سنت سے تمسک کرنے  کی توفیق عطا فرمائے۔
    انتشارات انقلاب اسلامی

    [1] اس حوالے سے بعض آیات اور روایات درج ذیل ہیں؛
    خُذ مِن أَموالِهِم صَدَقَةً تُطَهِّرُهُم وَتُزَکّیهِم بِها وَصَلِّ عَلَیهِم ۖ إِنَّ صَلاتَکَ سَکَنٌ لَهُم وَاللَّهُ سَمیعٌ عَلیمٌ.﴿التوبة/۱۰۳﴾
    (اے رسول) آپ ان کے اموال میں سے صدقہ لیجیے، اس کے ذریعے آپ انہیں پاکیزہ اور بابرکت بنائیں اور ان کے حق میں دعا بھی کریں، یقینا آپ کی دعا ان کے لیے موجب تسکین ہے اور اللہ خوب سننے والا، جاننے والا ہے۔
    روایات اہل بیت میں امام کو صلہ یعنی خمس کو اس آیت کا ایک مصداق قرار دیا گیا ہے۔ حضرت امام صادق علیہ السلام فرماتے ہیں: مَا أُرِیدُ بِذَلِکَ إِلَّا أَنْ تُطَهَّرُوا تم سے درہم لینے کا مقصد صرف تمہارا مال پاک کرنا ہے۔ دوسرے مقام پر فرماتے ہیں: خمس ادا کرنے سے بقیہ مال پاک اور لذت بخش ہوتا ہے۔
    محمد بن زید طبری سے مروی ہے کہ فارس کا ایک تاجر امام رضا علیہ السلام کا پیرو تھا اس نے امام کو خط لکھا اور خمس کی اجازت مانگی تو امام رضا علیہ السلام نے جواب میں لکھا کہ بسم اللہ الرحمن الرحیم یقینا خدا کریم اور وسعت عطا کرنے والا ہے۔ وہی نیک کام کرنے پر ثواب کا ضامن جبکہ خود کو اچھے کاموں سے محروم کرنے والوں کو غم و اندوہ میں مبتلا کرتا ہے۔ حلال مال اللہ کے متعین طریقے سے ہی حلال ہوتا ہے۔ امام علیہ السلام نے خمس کے آثار و برکات کے بارے میں مزید فرمایا:
    1۔ دین کی تقویت: إِنَّ الْخُمُسَ عَوْنُنَا عَلَی دِینِنَا خمس ہم اہل بیت کا حق اور ہمارے مکتب اور راہ کا سہارا ہے
    2۔ دوستوں کی مدد: إِنَّ الْخُمُسَ عَوْنُنَا عَلَی عِیَالاتِنَا»، «عَوْنُنَا عَلَی مَوَالِینَا خمس ہمارے خاندان والوں اور دوستوں کے لئے ہماری طرف سے مدد ہے۔
    3۔ مخالفین کے سامنے آبرو کی حفاظت: مَا نَبْذُلُهُ وَ نَشْتَرِی مِنْ أَعْرَاضِنَا مِمَّنْ نَخَافُ سَطْوَتَهُ خمس کے ذریعے ہم دشمنوں کے سامنے ہم اپنی اور اپنے چاہنے والوں کی عزت کی حفاظت کرتے ہیں۔
    4۔ امام کی دعا: خمس مکتب کی حفاظت میں ہمارے لئے معاون ہے اس کے بعد فرمایا حتی الامکان خود کو ہماری دعاوں سے محروم نہ رکھیں وَ لَا تَحْرِمُوا أَنْفُسَکُمْ دُعَاءَنَا مَا قَدَرْتُمْ عَلَیْهِ
    5۔ رزق کی کنجی: خمس رزق کی کنجی ہے۔ فَإِنَّ إِخْرَاجَهُ مِفْتَاحُ رِزْقِکُمْ
    6۔ گناہوں کا کفارہ اور قیامت کے لئے ذخیرہ: مال خمس نکالنا گناہ کی بخشش کا ذریعہ اور قیامت کے دن کا ذخیرہ ہے۔ فان اخراجه.. . تَمْحِیصُ ذُنُوبِکُمْ وَ مَا تَمْهَدُونَ لِأَنْفُسِکُمْ لِیَوْمِ فَاقَتِکُمْ
    7۔ وفا کی علامت: الْمُسْلِمُ مَنْ یَفِی لِلَّهِ بِمَا عَهِدَ إِلَیْهِ وَ لَیْسَ الْمُسْلِمُ مَنْ أَجَابَ بِاللِّسَانِ وَ خَالَفَ بِالْقَلْبِ وَ السَّلَامُ حقیقی مسلمان وہ ہے جو پیمان الہی کا وفادار ہو جو شخص زبان سے مثبت لیکن دل میں منفی جواب دیتا ہے مسلمان نہیں ہے۔
  • خمس کے موارد
  • خمس کے مستثنیات
  • خمس کو حساب اور ادا کرنے کا طریقہ
  • خمس کے مصارف اور مستحقین
  • متفرق مسائل
700 /