دریافت:
احکام خمس
- مقدمہ
- خمس کے موارد
- خمس کے مستثنیات
- مئونہ (اخراجات)
- زندگی کے اخراجات
زندگی کے اخراجات
انسان اپنی اور اپنے زیرکفالت افراد کی زندگی گزارنے کے لئے جو خرچ کرتا ہے اس پر خمس نہیں ہے۔
زندگی کے اخراجات کے تین قسمیں ہیں:
پہلا: وہ آلات اور وسائل جو اپنی اور اپنے زیرکفالت افراد کی زندگی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے مکلف کے پاس ہونا ضروری ہے اگرچہ ان کو استعمال کرنے کا موقع نہیں آیا ہے مثلا کمبل اور برتن جو احتیاط کے طور پر رکھتے ہیں اور مہمان کی آمد پر استعمال کرتے ہیں۔
دوسرا : وہ مواد جو استعمال کرنے سے ختم ہوتے ہیں مثلا خوراک اور صفائی کے سامان وغیرہ
تیسرا : زندگی میں ہمیشہ آنے والے اخراجات مثلا پانی، گیس اور بجلی کا بل، میڈیکل، تفریح، تحفے اور صدقہ و خیرات وغیرہ کے اخراجات
پہلےقسم کا حکم:
84: احتیاط کے طور پر اور مہمان کی ممکنہ آمد کے پیش نظر کچھ کمبل اور ظروف خریدے ہیں لیکن پورے سال کے دوران کوئی مہمان نہیں آیا اور استعمال نہیں ہوئے کیا ان پر خمس واجب ہے؟
جواب: ان موارد میں جہاں مواد استعمال نہیں کیا جاتا ہے، مئونہ اور اخراجات صدق کرنے کے لئے ان کا دسترس میں ہونا معیار ہے یعنی ہمیشہ اختیار میں رہیں تاکہ ضرورت پڑنے پر استعمال کرسکیں بنابراین اگر خریدنے کے دوران اس معنی کے مطابق ضرورت تھی اور خریدنا لازمی تھا تو خمس نہیں ہے اگرچہ استفادہ نہیں کیا گیا ہے۔
85: میں نے کتاب خریدی ہے لیکن ابھی تک استعمال نہیں کیا گیا ہے تو خمس واجب ہے یا نہیں؟
جواب: اگر ضرورت ہو اور اپنی عرفی شان کے مطابق مناسب مقدار میں خریدی ہے تو خمس نہیں ہے۔
86: میرا قصد یہ تھا کہ گھر کی ضرورت کے مطابق کچھ سامان خریدوں لیکن جنس کی کمی کی وجہ سے خرید نہیں سکا اور خمس نکالنے کا وقت آگیا پس ان اشیاء کو خریدنے کے لئے جو رقم تیار رکھی تھی اس کا خمس ادا کروں؟
جواب: مجموعی طور پر اگر سال خمسی آنے سے پہلے زندگی کے لوازمات ضرورت ہونے کی وجہ سے خریدنا لازمی تھا لیکن ناخواستہ وجوہات کی بناپر خریدنے میں دیر ہوگئی اور سال خمسی آگیا تو مناسب وقت آتے ہی ٹال مٹول کئے بغیر خریدنے کی صورت میں خمس نکالنا واجب نہیں ہے۔
87: میں نے رہائش کے لئے گھر خریدنے کا اقدام کیا اور معاہدہ بھی کیا لیکن سال خمسی پہنچنے سے چند روز پہلے فروخت کرنے والے نے معاملہ ختم کردیا پس سال خمسی پر اس رقم کا بھی خمس ادا کروں؟
جواب: کسی تاخیر اور ٹال مٹول کئے بغیر گھر خریدنے کا اقدام کرے اور گھر خریدے تو خمس واجب نہیں ہے۔
تفریحی باغ یا زمین
88: گھر والوں کے استفادہ اور تفریح کی نیت سے باغ کا ایک ٹکڑا خریدا تو خمس واجب ہوگا؟ خمس لگنے کی صورت میں اس پر ہونے والے تمام اخراجات مثلا چاردیواری اور شجرکاری کے اخراجات پر بھی خمس ہوگا؟
جواب: اگر عرفی شان سے زیادہ نہ ہوتو خمس نہیں ہے۔
89: باغ بنانے کی نیت سے زمین خریدی لیکن ابھی تک اس میں کامیاب نہیں ہوسکا ہوں چنانچہ سال خمسی آئے تو خمس تعلق رکھتا ہے یا نہیں ؟ رکھنے کی صورت میں خمس کیسے حساب کیا جائے گا؟
جواب: اگر باغ ذاتی ضرورت اور استراحت کے لئے ضروری ہے اور عرفی شان اور حیثیت سے زیادہ نہیں ہے تو خمس نہیں ہے۔
زینت کے وسائل
90: اگر کوئی عورت اپنی حیثیت کے مطابق ہر مہینے اپنی آمدنی سے سونا خریدے تو اس سونے پر خمس واجب ہے؟
جواب: اگر سونا عام طور پر عورتوں کی زینت کے مطابق اور اپنی حیثیت کے برابر ہے تو خمس نہیں ہے۔
حیوانات
91: جس شخص کے گھر میں پرندہ یا آکیورئیم ہے اس پر خمس واجب ہے یا نہیں؟مخصوصا اگر گران قیمت یا زینت کے لئے ہو؟
جواب: اگر اپنی عرفی شان سے خارج نہیں ہے تو خمس نہیں ہے۔
92: کسان زندگی کے اخراجات پورا کرنے کے لئے حیوانات مثلا گائے اور بھیڑ وغیرہ کے محتاج ہیں تاکہ ان سے حاصل ہونے والی آمدنی کو زندگی کے اخراجات میں صرف کریں تو ان حیوانات اور ان سے ملنے والی جداگانہ آمدنی پر خمس واجب ہے؟
جواب: اگر ضرورت سے زیادہ حیوانات نہ ہوں تو خمس نہیں ہے لیکن ان سے ملنے والی آمدنی مثلا دودھ، اون اور تیل چنانچہ سال خمسی کے اختتام تک اخراجات میں خرچ نہ ہوجائیں تو خمس واجب ہے۔
قدیمی اور تاریخی اشیاء جمع کرنا
93: کلیکشن کے طور پر جمع کی جانے والی اشیاء مثلا سکہ، کرنسی وغیرہ ، پرخمس تعلق رکھتا ہے؟
جواب: اگر ان کی خریداری، حفاظت اور استفادہ اپنی شان سے باہر نہیں ہے اور تجارت کی نیت سے خریداری اور حفاظت نہیں کی گئی ہے تو خمس نہیں ہے۔
دوسرےقسم کا حکم: جو اشیاء خرچ کرنے سے ختم ہوتی ہیں ان پر خمس واجب نہ ہونے کا معیار یہ ہے کہ زندگی میں متعادل طریقے سے استعمال کیا جائے۔
مواد مصرفی مثلا خوراک اور صفائی کے سامان وغیرہ جو پورے سال خمسی کے دوران استعمال ہوجائیں تو خمس تعلق نہیں رکھتا ہے۔
باقی بچنے والے مواد مصرفی پر خمس
94: اگر سال خمسی کے دوران مصرفی مواد مثلا قلم، کاپی، تیل اور صابن وغیرہ استعمال نہ ہوجائیں اور بچ جائیں تو اس کا کیا حکم ہے؟
جواب: اگر کھلا اور پیکٹ کے بغیر ان کو خریدنا ممکن ہے مثلا دال اور گوشت وغیرہ تو باقی ماندہ پر خمس واجب ہے لیکن پیکٹ کی شکل میں خریدا جاتا ہو اور اپنی ضرورت کے مطابق ہو تو باقی ماندہ مقدار پر خمس نہیں ہے۔
اسٹیشنری
95: کیا اسٹیشنری پر خمس واجب ہوتا ہے؟
جواب: اگر عرفی لحاظ سے اپنی شان کے مطابق ہے تو خمس نہیں ہے البتہ اگر گذشتہ سال کا بچا ہوا ہے اورخرید و فروخت کرنے کے قابل ہے تو اس صورت میں خمس ادا کیاجائے۔
اضافی دوائی
96: سال خمسی تک بچ جانے والی دوائیوں پر خمس واجب ہے یا نہیں؟
جواب: اگر دوائی کا بیمار کے پاس ہونا لازمی ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر بغیر کسی تاخیر کے استعمال کرے یا اس مقدار سے کم خریدنا ممکن نہیں ہے تو خمس نہیں ہے۔
سم کارڈ اور انٹرنیٹ کا بیلنس
97: ٹیلیفون کارڈ اور پری پیڈ سم میں بچے ہوئے بیلنس پر خمس واجب ہے؟
جواب: اگر ضرورت کے مطابق اور معمولی کی مقدار میں خریدا گیا ہے اور باقی ماندہ بیلنس فروخت کرنے کے قابل نہیں ہے تو خمس نہیں ہے۔
تیسرےقسم کا حکم:
زندگی کے وہ اخراجات جو مسلسل استعمال ہوتے ہیں ان پر خمس واجب نہ ہونے کا معیار یہ ہے کہ وہ انسان کی شان کے مطابق ہو اور اسراف نہ ہو۔
تحفہ
تحفہ اس صورت میں اخراجات کا حصہ ہوتا ہے جب تحفہ دینے والے کی شان سے زیادہ نہ ہو ورنہ ہدیہ دینے والے کواپنی شان اور حیثیت سے زیادہ مقدار کا خمس ادا کرنا چاہئے۔
تحفہ اور سوغات دینا اور لینا
چنانچہ تحفہ یا سوغات سال خمسی سے پہلے تحویل میں نہ دیا ہو تو اخراجات حساب نہیں ہوگا اور اس کا خمس ادا کرنا چاہئے۔
98: بعض اوقات زیارتی سفر کے دوران لباس اور کچھ سامان سوغات کے طور پر تیار کرتے ہیں لیکن موقع نہیں ملتا ہے بلکہ کسی اور موقع پر تحفہ دینے کے لئے محفوظ کرتے ہیں، ان موارد میں خمس کا کیا حکم ہے؟
جواب: سال خمسی کے موقع پر جو مقدار محفوظ کیا گیا ہے اس کا خمس ادا کرنا چاہئے۔
تحفہ واپس لینا
اگر سال کے دوران اپنی آمدنی سے تحفہ دیا جائے اور سال خمسی کے بعد اس کو واپس لیا جائے تو واپس ملتے ہی اس کا خمس ادا کرنا چاہئے۔
اس مال کا تحفہ دینا جس کا خمس ادا نہیں کیا گیا ہے
اگر وہ مال تحفے میں دیا جائے جس کا خمس ادا نہیں کیا گیا ہے تو کوئی اشکال نہیں ہے البتہ تحفہ دینے والے پر خمس واجب ہے۔
99: اگر کوئی شخص مسجد کو وہ مال دے جس کا خمس ادا نہیں کیا گیا ہے تو اس کو قبول کرنا جائز ہے؟
جواب: جائز ہے لیکن تحفہ دینے والے کے ذمے خمس ہے۔
بیوی اور بچوں کو تحفہ
100: وہ سونا جو شوہر بیوی کے لئے خریدتا ہے،کیا اس پر خمس واجب ہے؟
جواب: اگر معمول اور اپنی شان کے مطابق ہے تو سال کے اخراجات کا حصہ شمار ہوگا اور خمس نہیں ہے۔
101: کیا انسان اپنے شریک حیات کو سال گزرنے سے پہلے کوئی مال تحفہ دے سکتا ہے حالانکہ وہ جانتا ہے کہ اس مال کو مستقبل میں گھر خریدنے یا ضروری اخراجات کے لئے ذخیرہ کرے گا؟
جواب: اگر تحفہ دینا علامتی نہ ہو اور تحفہ دینے والے کی شان کے مطابق ہوتو کوئی اشکال نہیں ہے۔
102: شوہر اور بیوی اپنے مال کو خمس سے بچانے کے لئے سال خمسی سے پہلے سالانہ منافع ایک دوسرے کو تحفہ دیتے ہیں، اس کا کیا حکم ہے؟
جواب: علامتی تحفہ دینے سے خمس ساقط نہیں ہوتا ہے۔
103: میرا سال خمسی جنوری کے آخر میں ہے۔ کیا اس مہینے کے آخر میں ملنے والی تنخواہ پر خمس ہے؟ اگر تنخواہ ملنے کے بعد باقی رقم کو (عادت کے مطابق ہر مہینے بچت کرتے ہیں) اپنی بیوی کو بخش دوں تو اس پر خمس واجب ہے؟
جواب: وہ تنخواہ جو سال خمسی سے پہلے وصول کرتے ہیں یا اس کے اختتام سے پہلے وصول کرنا ممکن ہے، اس سال کے اخراجات سے اضافی مقدار پر خمس واجب ہے لیکن جو کچھ اپنی بیوی یا کسی اور کو تحفہ دیتے ہیں چنانچہ علامتی نہ ہو اور عرفی شان کے مطابق ہو تو خمس نہیں ہے۔
104: اگر بچے کے لئے کچھ پیسہ محفوظ کیا جائے اور اس کو تحفے میں بخش دیا جائے تو کیا تحفے دینے والے پیسے پر خمس ہے؟
جواب: اگر حقیقی معنوں میں بخشا گیا ہے تو خمس نہیں ہے۔
105: کوئی شخص اس مال سے جس کا خمس ادا نہیں کیا گیا ہے، مہنگے دام جائیداد خریدے اور اس کی تعمیرات اور آرائش پر بڑی رقم خرچ کرے۔ اس کے بعد اپنے نابالغ بچے کو ہبہ کرتے ہوئے رسمی طور پر اس کے نام پر الاٹ کرے تو مکلف کا خمس کیسے ادا کریں گے؟
جواب: اگر ہبہ کی مقدار اس کی شان کے مطابق ہے اور سال خمسی سے پہلے خریدکر ہبہ کیا ہے تو خمس نہیں ہے۔
106: اگر اپنی بیٹی کو شادی کے تحفے کے طور پر ایک رہائشی گھر دیے تو اس کا خمس ادا کرنا ہوگا؟
جواب: اگر عرفا آپ کی شان کے مطابق ہے اور سال خمسی نہیں گزرا ہے تو اس کا خمس واجب نہیں ہے۔
صدقات اور شرعی حقوق
107: وہ رقوم جو انسان اپنی شان کے مطابق خیراتی امور مثلا مدارس اور سیلاب زدگان وغیرہ کی مدد کے لئے خرچ کرتا ہے، کیا سال کے اخراجات میں سے شمار ہوں گے یا نہیں؟خمس واجب ہے یا نہیں؟
جواب: خمس نہیں ہے۔
اسراف اور حرام مصرف
وہ سامان جن کی ضرورت نہیں یا اسراف اور فضول خرچی شمار ہوتے ہیں نیز حرام چیزیں خریدنے میں ہونے والے اخراجات مثلا مردانہ سونے کی انگوٹھی، لہو و لعب اور جوئے کے آلات وغیرہ مئونہ اور اخراجات کا حصہ نہیں ہیں اور ان پر خمس ادا کرنا چاہئے۔
108: مجھے سونا مرد کے لئے حرام ہونا معلوم نہیں تھا اس لئے کئی سال سونے کی ہار پہنتا رہا آج اس کے حرام ہونے کے بارے میں معلوم ہوا؛ اس سونے پر خمس ہے یا نہیں؟
جواب: اگر سال کی آمدنی سے خریدا ہے تو اولین سال خمسی کے اختتام پر اس کی قیمت کے مطابق کرنسی کی قدر میں آنے والی گراوٹ کو بھی حساب کرکے خمس ادا کرے۔
109: میرے بیٹے کی شادی کے موقع پر دوستوں کے سامنے آبرو رکھنے کے لئے اور بیٹے کے اصرار پر گراں قیمت شادی ہال بک کروایا جس میں مختلف انواع و اقسام کے کھانوں کا اہتمام کیا گیا اب سوال یہ ہے کہ اگر اس موقع پر اسراف ہوا ہے تو ہونے والے اخراجات کا خمس ادا کرنا پڑے گا؟
جواب: اسراف اور اپنی اجتماعی شان سے زائد ہونے والے اخراجات مئونہ کا حصہ نہیں ہیں اور ان پر خمس ادا کرنا چاہئے۔
اخراجات میں حد سے زیادہ بچت کرنا
جو شخص اپنے اور گھر والوں پر زندگی سخت کرتے ہوئے اپنی شان سے کم خرچ کرتا ہے، اس کے لئے جائز نہیں ہے کہ بچت شدہ مقدار کو اخراجات کا حصہ شمار کرے اور خمس نہ نکالے (یعنی خمس نکالنا چاہئے۔)
110: میں نےمشترکہ زندگی کے اخراجات میں کمی لاتے ہوئے کچھ رقم بچت کرلی لیکن سنا ہے کہ اس طرح بچت کی ہوئی رقم پر بھی خمس واجب ہوتا ہے۔ کیا گھر والوں پر سختی کرتے ہوئے بچنے والی رقم پر خمس معاف ہوگا؟
جواب: نہیں، اخراجات میں کمی لانا خمس ساقط ہونے کا باعث نہیں ہے۔
خمس سے بچنے کے لئے آمدنی کو خرچ کرنا
111: اگر کوئی خمس سے بچنے کے لئے اپنی آمدنی کو خرچ کرے تو خمس ساقط ہوگا؟
جواب: اگر معمول کے مطابق ہو اور اسراف نہیں کیا ہے تو خمس نہیں ہے۔
کئی سیٹ پر مشتمل سامان سے استفادہ نہ کرنا
112: اگر برتن کے سیٹ میں سے کچھ استعمال ہوجائیں تو خمس ساقط ہونے کے لئے یہی کافی ہے؟
جواب: گھریلو سامان پر خمس واجب نہ ہونے کا معیار یہ ہے کہ انسان کی حیثیت کے مطابق زندگی کی ضروریات صدق کرے اگرچہ پورے سال کے دوران استعمال نہ کیا جائے۔
113: ضروریات زندگی کے سامان مہیا کرنے کے لئے پورا سیٹ خریدنا پڑتا ہے یعنی ضرورت نہ ہوتے ہوئے بھی پورا سیٹ خریدنا پڑتا ہے لہذا جن قطعات کی ضرورت نہیں ہے ان کے خمس کا کیا حکم ہے؟ اگر کسی مجبوری کے بغیر پوراسیٹ خریدے تو کیا حکم ہے؟
جواب: ضرورت کا سیٹ مکمل خریدنا متعارف ہے تو خمس نہیں ہے۔
114: کئی جلدوں پر مشتمل کتاب کے سیٹ میں سے ایک کتاب کا مطالعہ کرنا پورے سیٹ پر خمس ساقط ہونے کا باعث ہے یا ہر جلد کتاب کے کچھ صفحات کامطالعہ کرنا ضروری ہے؟
جواب: اگر پورے سیٹ کی ضرورت ہے یا ضرورت والی ایک جلد خریدنے کے لئے پورا سیٹ خریدنا پڑتا ہے تو خمس نہیں ہے اس کے علاوہ جس جلد کی ضرورت نہیں ان کا خمس ادا کرنا چاہئے ہر کتاب کے چند صفحات کا مطالعہ کرناخمس ساقط ہونے کے لئے کافی نہیں ہے۔
مستقبل کی ضروریات کو مرحلہ وار مہیا کرنا
اگر مستقبل میں ضروری سامان کو قبل از وقت خریدنا متعارف اور مقدار بھی اپنی اجتماعی حیثیت کے مطابق ہے تو اخراجات کے حکم میں ہے اور خمس نہیں ہے۔
115: بیٹی کا جہیز اور اسی طرح بیٹے کی شادی کے لوازمات جو دلہن کو دینا ہوتا ہے، کو مرحلہ وار جمع کروں توخمس تعلق رکھتا ہے؟
جواب: اگر اس طرح جمع کرنا متعارف ہے تو خمس نہیں ہے۔
116: بعض اوقات گھریلو سامان مثلا ریفریجریٹر سستی قیمت میں ملتا ہے اور مستقبل یعنی شادی کے بعد ہمیں اس کی ضرورت ہے چونکہ شادی کے بعد ان کو کئی گنا اضافی قیمت دے کر خریدنا پڑتا ہے لہذا زمان حاضر میں چونکہ استفادہ کے بغیر رکھا ہوا ہے، خمس ہے یا نہیں ؟
جواب: اگر سالانہ آمدنی سے خرید اہے تاکہ مستقبل میں استعمال کریں ۔ فی الحال اس کی ضرورت نہیں ہے تو سال خمسی پہنچنے پر اس کی قیمت کا خمس ادا کریں البتہ اگر پہلے سے خریدنا متعارف اور اپنی عرفی حیثیت کے مطابق ہے تو اس صورت میں اخراجات کا حصہ ہے اور خمس نہیں ہے۔
117: اگر کوئی شخص ضرورت کا مکان تیار کرنے کے لئے سال کی آمدنی سے زمین خریدے اور گھر بنانا شروع کرے لیکن مکمل ہونے سے پہلے سال خمسی پہنچ جائے تو نامکمل مکان اور اس کے تعمیراتی سامان پر خمس واجب ہے؟
جواب: خمس نہیں ہے۔
118: کسی شخص کے پاس اس کی شان اور ضرورت کے مطابق مکان بنانے کی زمین ہے لیکن سال خمسی کے دوران اس کو بنانے کی استطاعت نہیں رکھتا ہے یا ایک سال کے اندر اس کو مکمل نہیں کرسکتا ہے تو اس کا خمس ادا کرنا واجب ہے؟
جواب: خمس نہیں ہے۔
119: میں نے کسی ادارے کے ممبر سے ایک کروڑ کی زمین حاصل کرنے کا حق خریدلیا ہے اس میں سے چالیس لاکھ قرض لیا ہے چونکہ زمین مجھے اب تک نہیں ملی ہے اور سال خمسی بھی آچکا ہے لہذا اس پر خمس واجب ہے یا نہیں؟
جواب: اگر ضرورت کے مطابق گھر لینے کے لئے زمین لی ہے تو خمس نہیں ہے اور قرض پر بھی خمس نہیں ہے۔
بچوں کے مستقبل کے لئے گھر
اگر باپ بچوں کے مستقبل کے لئے گھر یا زمین حاصل کرے تو چنانچہ عرفا بچوں کے لئے گھر کا بندوبست کرنا اس کی ذمہ داری ہے اور ضرورت کے وقت آمادہ نہیں کرسکتا ہے تو خمس نہیں ہے۔
جہیز کے لئے بچت
120: کیا ضروری اخراجات مثلا گھریلو مصارف، جہیز اور میڈیکل کے لئے بچت پر خمس ہے یا نہیں؟
جواب: مجموعی طور پر بچت پر خمس لگتا ہے البتہ ہنگامی حالات کے لئے بچت کرنے والے پیسے پر چنانچہ خمس نکالنے کے بعد بقیہ رقم کافی نہیں ہوتی اور انسان کی پریشانی باقی رہتی ہے تو خمس نہیں ہے۔
121: میں نے اپنی نو سالہ بچی کے لئے بینک میں اکاونٹ کھولا ہےجس میں ماہانہ تھوڑا پیسہ ڈالتا ہوں تاکہ جہیز کے لئے اس کو استعمال کرسکوں تو کیا اس پر خمس ہے؟
جواب: اگر ہبہ کے طور پر اس کے اکاونٹ میں ڈالتے ہیں تو خمس نہیں ہے لیکن ہبہ کی نیت کے بغیر اکاونٹ میں ڈالتے ہیں تو خمس ہے۔
گھریلو اخراجات خریدنے کے لئے ایڈوانس رقم کی ادائیگی
122: میں نے ایک لاکھ کسی ادارے کو ادا کیا ہے تاکہ مستقبل میں رہنے کا مکان مجھے دے۔ اس وقت ایک سال گزر گیا ہے دوسری جانب اس رقم میں سے کچھ مقدار اپنی اور کچھ قرض ہے جس کی کچھ اقساط ادا کی جاچکی ہیں تو کیا اس پر خمس تعلق رکھتا ہے؟ اس کی مقدار کتنی ہوگی؟
جواب: اگر ضرورت کے مکان کے لئے زمین خریدنا کچھ رقم ایڈوانس ادا کرنے پر موقوف ہے تو ادا کی گئی رقم پر خمس نہیں ہے۔
اخراجات کو اقساط کی صورت میں مہیا کرنا
123: میں نے رہائش کا گھر قرض سے حاصل کیا ہے اور اس کی ماہانہ قسط ادا کرتا ہوں تو کیا اس سے خمس تعلق رکھتا ہے؟
جواب: مجموعی طور اگر لون اور قرض سے اخراجات مہیا کیا جائے تو سال کے دوران کی آمدنی سے ادا کردہ اقساط پر خمس نہیں ہے۔
ایک سال کے لئے خریدی گئی اشیائے ضروری
124: اگر کسی مخصوص مہینے میں بچت بازار لگے جس میں مناسب قیمت پر سال کی ضروریات مثلا گرمیوں اور سردیوں کے کپڑے موجود ہوں اور خریدیں تو کیا اس پر خمس تعلق رکھتا ہے؟
جواب: جو موارد سال خمسی سے پہلے کی ضروریات ہیں ان میں خمس نہیں ہے اور جو موارد سال خمسی کے بعد سے مربوط ہیں ان پر خمس تعلق رکھتا ہے۔
خمس ادا کردہ پیسے سے اشیائے ضروری خریدنا
125: اگر مکلف آمدنی ملتے ہی اس کا خمس ادا کرے اور اس سے زندگی کی ضروریات خریدے تو اس پر سال گزرنے کی صورت میں خمس تعلق رکھتا ہے؟
جواب: خمس تعلق نہیں رکھتا ہے۔
خمس کے پیسے سے اشیائے ضروری خریدنا
126: جس پیسے پر خمس تعلق رکھتا ہے اور ادا نہیں کیا گیا ہے، زندگی کی ضروریات خریدے مثلا گھر اور قالین وغیرہ خریدےتو ضروریات خریدنے میں خرچ ہونے کی وجہ سے خمس معاف ہوجاتا ہے؟
جواب: قیمت خرید کا خمس افراط زر کے ہمراہ ادا کرنا چاہئے۔
127: اگر اس پیسے سے گھر بنایا جائے جس کا خمس ادا نہیں کیا گیا ہے تو گھر پر خمس تعلق رکھتا ہے؟ تعلق رکھنے کی صورت میں موجودہ قیمت کے مطابق حساب کیا جائے گا یا تعمیر کے زمانے میں اس کی قیمت کے مطابق؟
جواب: اگر اس آمدنی سے گھر بنایا ہے جس پر سال گزر گیا ہے تو ابتدائی سال خمسی پر افراط زر کو بھی حساب کرتے ہوئے خمس دینا چاہئے۔
ضروریات سے خارج ہونا
اگر کوئی چیز کچھ عرصے تک ضروریات کا حصہ ہونے کے بعد اس کی ضرورت ختم ہوجائے تو چنانچہ سال خمسی گزرنے کے بعد ضرورت ختم ہوجائے تو خمس تعلق نہیں رکھتا ہے لیکن اولین سال خمسی سے پہلے اس کی ضرورت ختم ہوجائے تو سال خمسی کے موقع پر اس کی قیمت کے مطابق خمس نکالے۔
128: میں نے گھر کے لئے ایک جدید قالین خریداہےاور کئی سال پرانے قالین کو سٹور میں رکھا ہے تو پرانا قالین پر خمس ہے یا معاف ہوگا؟
جواب: سال گزرنے کے بعد سٹور میں رکھے گئے پرانے قالین پر خمس نہیں ہےاور اسی طرح اگر ضرورت ہے تو جدید قالین پربھی خمس نہیں ہے۔
129: اگر سال کے دوران آمدنی سے زندگی کی ضروریات میں سے کچھ خریدے اور سال خمسی سے پہلے ضرورت ختم ہوجائے تو کیا اس کا خمس واجب ہے؟
جواب: اس صورت میں اس کا خمس ادا کرنا واجب ہے۔
رہائشی گھر کا کرایہ پر دینا
130: اگر کوئی شخص ضرورت کا گھر بنائے اور کچھ وجوہات کی بناپر سکونت اختیار نہ کرے یا کچھ مدت کے لئے کرایہ پر دے اس کے بعد رہائش اختیار کرنے سے منحرف ہوجائے اور ان کو فروخت کرے تو چنانچہ اس مدت کے دوران سال خمسی بھی گزر گیا ہے تو اس کے خمس کا کیا حکم ہے؟
جواب: سکونت شرط نہیں ہے بلکہ ضرورت اور شان کے مطابق ہے تو اخراجات کا حصہ ہے اور سال خمسی کے بعد فروخت کرے تو اس کے پیسے پر خمس نہیں ہے لیکن کرایے کی مد میں ملنے والا پیسہ سال کی درامد کا حصہ شمار ہوگا اور سال کے آخر تک اخراجات میں خرچ نہ کرے تو خمس واجب ہے۔
ضروریات کو دوسری ضروریات میں بدلنا
ضروریات کو دوسری ضروریات میں بدلنے سے خمس واجب نہیں ہوتا ہے۔
گھر کا فلیٹ میں تبدیل کرنا
131: اگر کوئی اپنے گھر کو جوکہ ضروریات کا حصہ ہے، فلیٹ بنانے کے لئے دے اور اس کے بعد دو یا تین سیٹ لے لے تو اضافی فلیٹ پر خمس کا کیا حکم ہے؟
جواب: اگر تمام سیٹ ضروریات کا حصہ ہیں تو خمس نہیں لگے گا ورنہ اگر اضافی سیٹ کو کرایہ پر دینے اور کمانے کی نیت سے حاصل کیا ہے تو جب تک فروخت نہ کرے خمس نہیں ہے اور فروخت کرنے کے بعد اصل قیمت اور افراط زر کو منہا کرنے کے بعد اضافی رقم سال کی درامد ہے ۔ اگر فروخت کرکے فائدہ حاصل کرنے کی نیت ہے تو ہر سال خمسی پرافراط زر کو منہا کرنے کے بعد قیمت میں ہونے والے اضافے کا خمس ادا کرے۔
ضروریات کا سرمایہ میں تبدیل کرنا
132: میں نے اپنا رہائشی گھر فروخت کرکے اس کا پیسہ سرمایہ زیرگردش میں تبدیل کردیا تاکہ کما سکوں تو اس زیرگردش سرمایے پر خمس واجب ہے؟
جواب: گذشتہ سالوں کی ضروریات جو ضروریات ہونے سے خارج ہوگئی ہیں، اس کے پیسے پر خمس نہیں ہے اگرچہ زیرگردش سرمایہ بنائےا لبتہ اس صورت میں اس کی قیمت میں ہونے والے اضافے کا افراط زر کو منہا کرنے کے بعدہر سال خمسی پر خمس ادا کرنا واجب ہے۔
133: اگر کوئی شخص ذاتی گاڑی پارک کرنے کے لئے مکان بنائے اور کچھ مدت کے بعد کمانے کے لئے کرایہ پر دے تو اس کا خمس ادا کرنا چاہئے؟
جواب: اگر سال خمسی کے بعد استفادہ کی نوعیت بدل گئی ہے تو خمس نہیں ہے۔
134: اگر ضرورت کے گھر کو سال کے بعد سٹور کے طور پر یا ادارے کے لئے استعمال کرنا شروع کرے تو اس کے بعد بھی خمس معاف ہے؟
جواب: سوال کے مفروضے کے مطابق خمس نہیں ہے ہاں اگر فروخت کرے تو احتیاط مستحب ہے کہ قیمت میں ہونے والے اضافے کا خمس ادا کرے۔
گھر سے ملحقہ دکان یا تجارتی مکان
135: میں نے اپنی ضرورت کی خاطر ایک گھر لیا جس کی گلی میں ایک دوکان بھی ہے البتہ میرا ہدف گھر خریدنا تھا۔کیا اس دوکان پر خمس تعلق رکھتا ہے؟
جواب: اگر دوکان کو سکونت کے لئے استفادہ کی نیت سے خریدا ہے تو خمس تعلق نہیں رکھتا ہے اور اگر صرف تجارتی مقاصد کے لئے استعمال کا قصد تھا تو اخراجات سے ماوراء شمار ہوگا اور خمس تعلق رکھے گا اگرچہ استفادہ نہ کرے یا کرایہ پر نہ دے ۔
ضروریات زندگی کو فروخت کرنا
اگر سال خمسی کے بعد مصارف زندگی فروخت کئے جائیں تو اس سے ملنے والے پیسے پر خمس نہیں ہے۔
136: کچھ سال پہلے میں نے ایک گاڑی خریدی اس وقت اس کی قیمت کئی گنا زیادہ مل سکتی ہے۔ اس کو موجودہ قیمت پر فروخت کرنے کے بعد اس سے رہائش کے لئے گھر لینا چاہتا ہوں اس صورت میں قیمت موصول ہوتے ہی پوری قیمت پر خمس واجب ہے یامیں نے جو قیمت دی تھی اس پر واجب ہے اس طرح جو اضافی پیسے ملے ہیں وہ فروخت کرنے والے سال کی آمدنی شمار ہوگی اور سال کے آخر تک مصارف زندگی میں خرچ نہ ہوجائے تو خمس واجب ہے؟
جواب: اگر گاڑی زندگی کی ضروریات کا حصہ تھی تو اس کو بھیج کر ملنے والی قیمت پر خمس نہیں ہے لیکن آمدنی کا ذریعہ تھی اور اس کی ابتدائی قیمت کا خمس دیا گیا ہے تو ابتدائی قیمت اور افراط زر کی مقدار منہا کرنے کے بعد اضافی قیمت سال کی آمدنی شمار ہوگی۔
137: اگر کوئی شخص سال خمسی گزرنے کے بعد اپنے رہائشی گھر کو فروخت کرے اور اس سے ملنے والے پیسے کو سود لینے کے لئے بینک میں رکھے اور سال خمسی پہنچ جائے تو کیا حکم ہے؟ اگر اس پیسے کو گھر خریدنے کے لئے بچت کرلے تو کیا حکم ہے؟
جواب: خمس نہیں ہے۔
138: گھر، گاڑی اور انسان یا اس کے گھر والوں کی ضرورت کی اشیاء جو سال کی آمدنی سے خریدی گئی ہیں چنانچہ ضرورت کی وجہ سے یا بہتر جنس سے تبدیل کرنے کے لئے فروخت کی جائیں تو خمس کا کیا حکم ہے؟
جواب: اگر سال خمسی آنے سے پہلے دوسرے مصارف زندگی میں تبدیل کریں یا سال خمسی آنے کے بعد فروخت کیا جائے تو خمس نہیں ہے۔
فروخت شدہ گھر اور زمین
139: میں نے خمس دئیے ہوئے پیسے سے اس نیت کے ساتھ زمین کا ایک ٹکڑا خریدا کہ ممکن ہوجائے تو اس میں گھر بناکر رہائش اختیار کروں گا۔ اگر گھر نہ بناسکوں اور اس کو فروخت کرکے کوئی گھر خریدوں ۔ چند سال بعد اس کی قیمت بڑھنے کے بعد فروخت کروں اور اسی سال خمسی کے دوران اپنے بچت کے پیسے ملاکر رہائش کے لئے گھر خریدوں تو اس پیسے سے خمس تعلق رکھتا ہے؟
جواب: خمس نہیں ہے۔
مستقبل قریب میں استعمال کے لئے بینک میں پیسے رکھنا
بچت کے پیسے پر مطلقا (ہر حال میں) خمس واجب ہے مگر اس صورت میں کہ سال خمسی پہنچنے کے بعد پانچ دنوں کے اندر اخراجات میں خرچ کیا جائے البتہ بچت کے وہ پیسے جو ممکنہ حوادث کے لئے رکھا جاتا ہے چنانچہ خمس ادا کرنے کی صورت میں باقی ماندہ رقم کافی نہ ہو اور پریشانی برطرف نہ ہوجائے تو خمس نہیں ہے۔
سال کی آخری تنخواہ
140: اگر میرا سال خمسی اول ماہ ہے اور میری تنخواہ سال خمسی سے چند دن پہلے ملے تو اس مہینے کی تنخواہ سے خمس تعلق رکھے گا؟
اگر سال خمسی کے بعد پانچ دنوں کے اندر خرچ کیا جائے تو خمس نہیں ہے یہی حکم اس صورت میں بھی ہے کہ خمس ادا کرنے کی صورت میں باقی ماندہ رقم آئندہ مہینے کے اخراجات کے لئے پوری نہ ہوجائے۔
زندگی کے مصارف کے لئے بچت
141: کسی شخص کے پاس رہنے کے لئے گھر نہیں ہے اور رہائش کے لئے گھر اور مصارف زندگی خریدنے کے لئے کچھ بچت کرلے تو اس پر خمس تعلق رکھتا ہے؟
جواب: کمائی کے پیسے سے مستقبل میں مصارف زندگی پورا کرنے کے لئے بچت کرے تو سال خمسی پہنچنے پر خمس واجب ہے سوائے اس صورت کے کہ ضرورت لوازمات زندگی خریدنے کے لئے یا ضروری اخراجات پورا کرنے کے لئے بچت کی ہو تو اس صورت میں سال خمسی کے بعد مستقبل قریب میں مذکورہ امور پر خرچ کرے تو خمس نہیں ہے۔
شادی کے اخراجات کے لئے تنخواہ سے بچت کرنا
142: میں غیر شادی شدہ ہوں اور شادی کرنا چاہتا ہوں الحمد للہ اب تک شادی کی نیت سے کچھ پیسے بچت کرچکا ہوں تاکہ شادی کے ابتدائی کاموں میں خرچ کروں۔ میرا سال خمسی بھی پورا ہونے والا ہے۔ میں ایک ملازم ہوں اور محدود تنخواہ ہے چنانچہ خمس ادا کروں تو شادی کے اخراجات کے لئے مشکل ہوجائے گی۔ اب تک جتنے پیسے جمع ہوگئے ہیں وہ بھی سادگی کے ساتھ شادی کے اخراجات کے لئے کافی نہیں ہیں۔ ان امور کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بچت پر خمس واجب ہے؟
جواب: اگر شادی کے ابتدائی امور خواہ منگنی ہی کیوں نہ ہو، کے لئے اقدام کیا ہے تو آپ کو اختیار ہے کہ اس بچت کردہ رقم کا خمس ادا نہ کرے اور شادی کے امور کو انجام دے۔
143: اگر مدرسے کے طلاب تبلیغ، مزدوری یا سہم امام سے پیسے کماتے ہوں تو اس پر خمس واجب ہے یا خمس ادا کئے بغیر شادی کے اخراجات کے لئے بچت کرسکتے ہیں؟
جواب: مدرسے کے طلاب کو جو شہریہ ملتا ہے اس پر خمس نہیں ہے لیکن تبلیغ اور مزدوری وغیرہ سے ملنے والے پیسے کا حکم دوسری آمدنی کی طرح ہے۔
گھر بنانے کے لئے بچت کرنا
144: دوسال ہوئے ہیں کہ گھر بنانے کے لئے زمین کا قطعہ خریدا ہےچونکہ کرایے کے گھر میں رہتا ہوں لہذا اگر روزمرہ کے اخراجات سے کچھ پیسے گھر بنانے کے لئے بچت کروں تو سال کے اختتام پر خمس تعلق رکھتا ہے یا نہیں؟
جواب: اگر سال خمسی پہنچنے سے پہلے تعمیراتی سامان خریدے تو خمس نہیں ہے۔
- آمدنی کے اخراجات
-
- نفقہ
- ارث
- مہریہ
- وقف
- دیہ
- بیمه (انشورنس)
-
- خمس کو حساب اور ادا کرنے کا طریقہ
- خمس کے مصارف اور مستحقین
- متفرق مسائل