دریافت:
نماز اور روزه کی احکام
- نماز
- واجب نمازیں
واجب نمازیں
مسئلہ1۔ واجب نمازیں درج ذیل ہیں؛
1۔ یومیہ نمازیں
2۔ نماز طواف جو خانہ کعبہ کے واجب طواف کے بعد ادا کی جاتی ہے۔
3۔ نماز آیات جو سورج گرہن، چاند گرہن، زلزلہ وغیرہ کے وقت ادا کی جاتی ہے۔
4۔ نماز میت جو دنیا سے رخصت ہونے والے مسلمان کے جنازے پر پڑھی جاتی ہے۔
5۔ باپ کی قضا نماز اور احتیاط واجب کی بناپر ماں کی قضا نماز جو بڑے بیٹے پر واجب ہے۔
6۔ وہ نماز جو عہد، نذر، قسم یا اجارہ کی وجہ سے واجب ہوتی ہے۔[1]
[1] درحقیقت (ان مواقع پر) مستحب نماز واجب میں نہیں بدلتی بلکہ نذر، عہد، قسم اور اجارہ پر عمل کرنا واجب ہوتا ہے۔
- یومیہ نمازیں
یومیہ نمازیں
مسئلہ 2۔ یومیہ نمازیں شریعت اسلام کے انتہائی اہم واجبات میں سے بلکہ دین کا ستون ہیں اور ا نہیں کسی بھی حالت میں ترک نہیں کرنا چاہئے۔
مسئلہ 3۔ یومیہ واجب نمازیں 17 رکعت ہیں جوکہ درج ذیل ہیں؛
نماز صبح (دو رکعت)
نماز ظہر (چار رکعت)
نماز عصر (چار رکعت)
نماز مغرب (تین رکعت)
نماز عشاء (چار رکعت)
- نماز صبح کا وقت
نماز صبح کا وقت
مسئلہ 4۔ نماز صبح کا وقت طلوع فجر (صبح صادق)[1] سے طلوع آفتاب تک ہے۔
مسئلہ5۔ طلوع فجر (نماز صبح کا ابتدائی وقت) ثابت ہونے میں چاندنی رات اور دوسری راتوں میں کوئی فرق نہیں ہے اگرچہ بہتر ہے کہ چاندنی راتوں میں صبح کی سفیدی کے رات کی چاندنی پر غالب آنے تک انتظار کیا جائے اور اس کے بعد نماز پڑھی جائے۔
[1] صبح صادق صبح کاذب کے مقابلے میں ہے۔ صبح کاذب اس سفیدی کو کہتے ہیں جو صبح صادق سے پہلے آسمان میں نمودار ہوتی ہے اور افق پر پھیلنے کے بجائے عمودی شکل میں اوپر کی طرف اٹھتی ہے۔ صبح صادق اس وقت ہوتی ہے جب سفیدی افق کی سطح کے ساتھ متصل اور کم روشنی کے ساتھ افق پر پھیل جائےاور وقت گزرنے کے ساتھ اس کی روشنی میں اضافہ ہوجائے۔ چونکہ صبح صادق باریک ہوتی ہے لہذا اس کو مشاہدہ کرنے کے لئے مشرق کا افق پوری طرح کھلا اور مکمل تاریک ہونا چاہئے جو شہروں کے اندر نہایت مشکل ہے۔ چونکہ طلوع فجر کو واضح اور دقیق تشخیص دینا سخت ہے لہذا احتیاط کی رعایت کرتے ہوئے اذان شروع ہونے کے دس منٹ بعد صبح کی نماز ادا کی جائے۔
- نماز ظہر و عصر کا وقت
نماز ظہر و عصر کا وقت
مسئلہ6۔ نماز ظہر کا وقت ظہر کی ابتدا (زوال آفتاب)[1] سے اس وقت تک ہے جب غروب آفتاب سے پہلے فقط نماز عصر پڑھنے کا وقت باقی ہو۔
مسئلہ7۔ نماز عصر کا وقت نماز ظہر کا مخصوص وقت گزرنے کے بعد سے غروب آفتاب تک ہے۔
مسئلہ8۔ نماز ظہر اور عصر میں سے ہر ایک کے لئے مخصوص اور مشترک وقت ہے۔ نماز ظہر کا مخصوص وقت ابتدائے ظہر سے لے کر اتنا وقت گزرنے تک ہے کہ جس میں نماز ظہر پڑھ سکیں اور نماز عصر کا مخصوص وقت غروب آفتاب سے پہلے اتنا وقت ہے کہ جس میں فقط نماز عصر پڑھ سکیں۔ ان دونوں کا درمیانی وقت نماز ظہر و عصر کا مشترک وقت ہے۔
مسئلہ9۔ اگر مکلف نماز ظہر کو نماز عصر کے مخصوص وقت تک نہ پڑھے تو نماز ظہر قضا ہوجائے گی اوراسے نماز عصر پڑھنا ہوگی۔
[1] طلوع آفتاب کے ساتھ مشرق سے مغرب کی طرف لمبا سایہ نمودار ہوتا ہے جو سورج اوپر چڑھنے کے ساتھ ساتھ چھوٹا ہوتا جاتا ہے۔ جب سورج آسمان کے وسط میں پہنچ جائے اور زمین پر عمودی شکل میں دھوپ پڑے تو سایہ ختم ہوجاتا ہے۔ اگر کسی طرف مائل ہوکر سورج کی روشنی پڑے تو شمال یا جنوب کی طرف تھوڑا سایہ باقی رہتا ہے۔ اگر سایہ پوری طرح ختم ہو جائے تو سورج کے مغرب کی جانب مائل ہونے کے بعد مشرق کی طرف وہ سایہ دوبارہ پیدا ہوتا ہے یا اگر تھوڑا سایہ باقی رہا ہے تو مشرق کی طرف بڑھنے لگتا ہے۔ یہ نماز ظہر کا وقت ہے۔ اسی طرح طلوع آفتاب اور غروب آفتاب کا نصف فاصلہ ، ظہر شرعی ہے۔
- نماز مغرب و عشاء کا وقت
نماز مغرب و عشاء کا وقت
مسئلہ10۔ نماز مغرب کا وقت آسمان میں (غروب آفتاب کے بعد مشرق کی طرف سے پیدا ہونے والی) سرخی ختم ہونے کے بعد شروع ہوتا ہے اور اس وقت تک رہتا ہے جب آدھی رات ہونے میں اتنا وقت باقی ہو جس میں فقط نماز عشاء پڑھ سکیں۔
مسئلہ11۔ نماز عشاء کا وقت نماز مغرب کا مخصوص وقت گزرنے کے بعد سے آدھی رات تک ہے۔
مسئلہ12۔ (نماز مغرب و عشاء کے لئے) آدھی رات غروب آفتاب اور طلوع صبح صادق کا درمیانی نصف فاصلہ ہے۔
مسئلہ 13۔ نماز مغرب و عشاء کےلئے مخصوص اور مشترک وقت ہے۔ نماز مغرب کا مخصوص وقت مغرب کی ابتدا سے اس وقت تک ہے جس میں تین رکعت نماز پڑھ سکیں۔ نماز عشاء کا مخصوص وقت آدھی رات ہونے سے پہلے اتنا وقت ہو جس میں فقط نماز عشاء پڑھ سکیں۔ ان دونوں کا درمیانی وقت دونوں نمازوں کا مشترکہ وقت ہے۔
مسئلہ14۔ اگر مکلف نماز عشاء کے مخصوص وقت تک نماز مغرب نہ پڑھے تو اس وقت پہلے نماز عشاء پڑھے اور اس کے بعد نماز مغرب
پڑھے۔
مسئلہ15۔ اگر کوئی شخص کسی عذر کی وجہ سے یا معصیت کرتے ہوئے مغرب اور عشاء کی نماز کو آدھی رات تک نہ پڑھے تو احتیاط واجب کی بنا پر اذان صبح تک ادا یا قضا کی نیت کے بغیر (مافی الذمہ کی نیت سے) بجالائے۔
- احکام اوقات نماز
احکام اوقات نماز
مسئلہ 16۔ مستحب ہے کہ انسان نماز کو اول وقت میں پڑھے۔ اس کے بارے میں اسلامی دستورات میں تاکید کے ساتھ سفارش کی گئی ہے اور اگر اول وقت میں نہ پڑھ سکے تو اول وقت سے جتنا نزدیک پڑھ سکے بہتر ہے مگر یہ کہ تاخیر سے پڑھنا کسی لحاظ سے بہتر ہو مثلا جماعت کے ساتھ نماز پڑھنا چاہے۔
مسئلہ 17۔ یومیہ نمازوں کا وقت معلوم کرنے کے لئے( حتی کہ قطب کے قریبی علاقوں میں بھی) اپنے علاقے کے افق کی رعایت کرے۔
مسئلہ 18۔ نماز پڑھنے کے لئے مکلف کو چاہئے کہ وقت داخل ہونے پر یقین یا اطمینان حاصل کرے یا دو عادل مرد وقت داخل ہونے کی خبر دیں یا وقت شناس اور موثق موذن اذان دے۔
مسئلہ 19۔ اگر نماز کا وقت داخل ہونے کا یقین ہوجائے اور نماز میں مشغول ہوجائے اور نماز کے دوران وقت داخل ہونے کے بارے میں شک کرے تو نماز باطل ہے۔ لیکن اگر نماز کے دوران وقت داخل ہونے پر یقین کرے اور شک کرے جو کچھ نماز میں پڑھا ہے ، وقت کے اندر پڑھا ہے یا نہیں؟ تو نماز صحیح ہے۔
مسئلہ20۔ اگر مکلف کو ذرائع ابلاغ وغیرہ (جہاں سے شرعی اوقات کا اعلان کیا جاتا ہے) کے ذریعے وقت داخل ہونے پر اطمینان ہوجائے تو نماز پڑھ سکتا ہے۔
مسئلہ 21۔ جب موذن اذان دینا شروع کرے اور مکلف کو وقت داخل ہونے پر اطمینان ہوجائے تو اذان ختم ہونے تک انتظار کرنا لازمی نہیں بلکہ چاہے تو نماز پڑھ سکتا ہے۔[1]
مسئلہ22۔ اگر نماز کے وقت قرض خواہ اپنے قرضے کا مطالبہ کرے، اگر انسان ادا کرسکتا ہے تو پہلے قرضہ ادا کرے اور بعد میں نماز پڑھے۔ اسی طرح اگر کوئی اور فوری واجب کام پیش آجائے۔ البتہ اس صورت میں کہ جب نماز کا وقت تنگ ہو تو پہلے نماز بجا لائے۔
مسئلہ23۔ اگر نماز کا وقت اتنا تنگ ہو کہ نماز کے بعض مستحبات کی وجہ سے کچھ حصہ وقت کے بعد پڑھنا پڑے توان مستحبات کو انجام نہیں دینا چاہئے مثلاً قنوت پڑھنے سے نماز کا کچھ حصہ وقت گزرنے کے بعد پڑھنا پڑے تو قنوت کو نہیں پڑھنا چاہئے۔
مسئلہ 24۔ اگر فقط ایک رکعت نماز پڑھنے کا وقت ہو تو نماز کو ادا کی نیت سے پڑھے لیکن جان بوجھ کر نمازمیں اس وقت تک تاخیر نہ کرے۔
مسئلہ 25۔ اگر غروب آفتاب تک پانچ رکعت نماز پڑھنے کا وقت ہو تو نماز ظہر اور عصر دونوں کو پڑھے اور اگر اس سے کم وقت ہوتو ضروری ہے کہ فقط نماز عصر ادا کرے اور نماز ظہر کو قضا پڑھے۔ اگر آدھی رات تک پانچ رکعت پڑھنے کا وقت ہو تو نماز مغرب اور عشاء (دونوں) ادا کرے اور اگر اس سے کم وقت ہوتو فقط عشاء ادا کرے اور اس کے بعد مغرب کی نماز پڑھے اور احتیاط واجب کی بناپر ادا اور قضا کی نیت کے بجائے مافی الذمہ کی نیت سےبجا لائے۔
مسئلہ 26۔ جو شخص سفر میں ہو اگر غروب آفتاب تک تین رکعت پڑھنے کا وقت ہو تو نماز ظہرا ور عصر (دونوں) اد اکرے اور اگر اس سے کم وقت ہو تو فقط عصر کی نماز ادا کرے اور نماز ظہر کو قضا پڑھے۔ اگر آدھی رات تک چار رکعت نماز پڑھنے کا وقت ہو تو مغرب اور عشاء ادا کرے اور اگر اس سےکم وقت ہو تو پہلے عشاء کی نماز ادا کرے اور اس کے بعد احتیاط واجب کی بناپر مغرب کی نماز کو ادا اور قضا کی نیت کئے بغیر مافی الذمہ کے قصد سے پڑھے۔ چنانچہ نماز عشاء پڑھنے کے بعد معلوم ہوجائے کہ آدھی رات ہونے سے پہلے ایک رکعت یا اس سے زیادہ پڑھنے کا وقت ہے تو فورا ادا کی نیت کے ساتھ نماز مغرب پڑھے۔
[1] البتہ پہلے بیان کیا جاچکا ہے کہ نماز صبح میں احتیاط کی رعایت کرتے ہوئے اذان شروع ہونے کے تقریباً دس منٹ بعد نماز فجر پڑھی جائے۔
- نمازوں کی ترتیب
نمازوں کی ترتیب
مسئلہ 27۔ نماز عصر کو نماز ظہر کے بعد اور نماز عشاء کو نماز مغرب کے بعد پڑھا جائے اور اگر جان بوجھ کر اس ترتیب کے برعکس پڑھی جائے تو نماز باطل ہے۔
مسئلہ28۔ اگر کوئی شخص غلطی سے یا غفلت کی وجہ سے نماز عصر کو نماز ظہر سے پہلے یا نماز عشاء کو نماز مغرب سے پہلے پڑھے اور نماز ختم ہونے کے بعد اس طرف متوجہ ہو تو اس کی نماز صحیح ہے۔
مسئلہ 29۔ اگر اس خیال سے کہ نماز ظہر پڑھ چکا ہے، عصر کی نیت سے نماز میں مشغول ہوجائے اور نماز کے دوران یاد آئے کہ نماز ظہر نہیں پڑھی ہے چنانچہ نماز ظہر اور نماز عصر کے مشترک وقت میں ہو تو فوراً نیت کو ظہر کی نماز میں تبدیل کرے اور نماز پوری کرے اور اس کے بعد نماز عصر بجالائے۔ اگر نماز ظہر کے مخصوص وقت میں ہو تو احتیاط واجب کی بناپر نیت کو ظہر کی نماز میں تبدیل کر کے نماز پوری کرے لیکن بعد میں دونوں نمازیں (ظہر و عصر) ترتیب کے ساتھ بجالائے۔
مسئلہ30۔ اگر اس خیال سے کہ نماز مغرب پڑھ چکا ہے، نماز عشاء میں مشغول ہوجائے اور نماز کے دوران غلطی کی طرف متوجہ ہوجائے چنانچہ نماز مغرب و عشاء کے مشترک وقت میں ہو اور چوتھی رکعت کے رکوع میں نہ پہنچا ہو تو نیت کو نماز مغرب میں تبدیل کرے اور نماز پوری کرے اور اس کے بعد نماز عشاء پڑھے۔ تاہم اگر چوتھی رکعت کے رکوع میں جا چکا ہو تو احتیاط کی بناپر نماز پوری کرے اس کے بعد مغرب اور عشاء کی نماز کو ترتیب کے ساتھ بجالائے۔ اسی طرح اگر مغرب کے مخصوص وقت میں ہو اور چوتھی رکعت کے رکوع میں داخل نہ ہوا ہو تو احتیاط واجب یہ ہے کہ نیت کو نماز مغرب میں تبدیل کرکے نماز پوری کرے اور اس کے بعد دونوں نمازوںکو ترتیب کے ساتھ بجالائے۔
مسئلہ 31۔ اگر ظہر کی نیت سے نماز میں مشغول ہوجائے اور نماز کے دوران یاد آئے کہ پہلے ہی نماز ظہر پڑھ چکا ہے تو نیت کو نماز عصر میں تبدیل نہیں کرسکتا بلکہ ضروری ہے کہ اس نماز کو توڑے اور عصر کی نماز پڑھے۔ اور یہی حکم ہوگا اگر نماز مغرب پڑھنے میں مشغول ہوجائے اور نماز کے دوران یاد آئے کہ پہلے ہی مغرب پڑھ چکا ہے ۔
- مستحب نمازیں
مستحب نمازیں
مسئلہ32۔ مستحب (نافلہ) نمازیں بہت زیادہ ہیں۔ نافلہ نمازوں میں سے یومیہ نمازوں کے نوافل مخصوصا نماز شب کی زیادہ تاکید کی گئی ہے۔
مسئلہ33۔ یومیہ نمازوں کی نوافل وہ مستحب نمازیں ہیں جو شب و روز میں پڑھی جاتی ہیں۔ ان نوافل کا پڑھنا بہت اہم ہے اوران کے لئے بہت زیادہ اجر و ثواب بیان کیا گیا ہے۔ ان نوافل میں سے نافلہ شب (نماز تہجد) جو کہ آدھی رات کے بعد پڑھی جاتی ہے،مستحب نمازوں کے مابین خصوصی اور منفرد طور پر اہمیت کی حامل ہے۔یہ نماز بے تحاشا معنوی خصوصیات رکھتی ہے اور بہتر ہے کہ مسلمان نماز شب کی ادائیگی کے سلسلے میں خاص توجہ اور اہتمام سے کام لیں۔
مسئلہ34۔ یومیہ نمازوں کی نافلہ نمازیں درج ذیل ہیں:
1۔ ظہر کے نوافل ، آٹھ رکعت ( دو رکعت پر مشتمل چار نمازیں) نماز ظہر سے پہلے؛
2۔ عصر کے نوافل ، آٹھ رکعت ( دو رکعت پر مشتمل چار نمازیں) نماز عصر سے پہلے؛
3۔ مغرب کے نوافل، چار رکعت (دو رکعت پر مشتمل دو نمازیں) نماز مغرب کے بعد؛
4۔ عشاء کے نوافل، دو رکعت (بیٹھ کر) نماز عشاء کے بعد[1]؛
5۔ صبح کے نوافل، دو رکعت نماز صبح سے پہلے؛
6۔ نافلہ شب، گیارہ رکعت، آدھی رات سے اذان صبح تک (بہتر ہے کہ رات کے آخری تہائی حصے میں پڑھی جائے اور نماز صبح سے جس قدر نزدیک ہو، زیادہ فضیلت رکھتی ہے۔)
مسئلہ35۔ جمعہ کے دن ظہر اور عصر کے نوافل بیس رکعت ہیں یعنی ظہر اور عصر کے نوافل میں چار رکعت بڑھ جاتی ہیں۔ بہتر ہے کہ تمام بیس رکعت زوال آفتاب سے پہلے پڑھے ، تاہم اگر زوال کے بعد غروب تک بھی بجا لائی جائے تو اشکال نہیں رکھتا۔
مسئلہ36۔ اگر ظہر اور عصر کے نوافل ان کے وقت [2]کے اندر لیکن نماز ظہر اور عصر کی دائیگی کے بعد پڑھے جائیں تو احتیاط واجب کی بناپر ادا اور قضا کی نیت کئے بغیر (مافی الذمہ کے قصد سے) پڑھے جائیں۔
مسئلہ37۔ نماز شب کا طریقہ یہ ہے کہ پہلےنماز شب کی نیت سے صبح کی نماز کی طرح دو دو رکعت پر مشتمل چار نمازیں پڑھے ۔ اس کے بعد نماز شفع کی نیت سے دو رکعت اور اس کے بعد نماز وتر کی نیت سے ایک رکعت پڑھے جس کے قنوت میں دعا کی کتابوں میں ذکر کی گئی ترتیب کے مطابق مومنین کے لئے استغفار ، مومنین کے لئے دعا اور خدا سے حاجات طلب کرنا مستحب ہے۔
مسئلہ38۔ مسافر یا ایسے جوان افراد جن کے لئے نماز شب پڑھنا سخت ہے یا جو افراد بڑھاپے یا بیماری جیسے عذر رکھتے ہوں نماز شب کو آدھی رات سے پہلے پڑھ سکتے ہیں۔
مسئلہ39۔ نافلہ نمازوں میں سورہ پڑھنا واجب نہیں بلکہ ہر رکعت میں سورہ حمد پڑھنا کافی ہے اگرچہ مستحب ہے کہ سورہ بھی پڑھی جائے۔
مسئلہ 40۔ نماز وتر(کہ جو ایک رکعت پر مشتمل ہے) کےعلاوہ نافلہ نمازوں کی دو رکعت ہیں اور ان کو بیٹھ کر پڑھ سکتے ہیں، اگرچہ کھڑے ہوکر پڑھنا بہتر ہے۔ بیٹھ کر پڑھنے کی صورت میں مستحب ہے کہ دو رکعت کو ایک رکعت کے برابر شمار کیا جائےسوائے نماز وتیرہ (نافلہ عشاء) کے جو احتیاط کی بنابر بیٹھ کر ہی پڑھی جائے۔
[1] اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے کہ بیٹھ کر پڑھی جانے والی عشاء کی دو رکعت نافلہ ایک رکعت شمار ہوتی ہے، یومیہ نوافل کی رکعتوں کی تعداد چونتیس (یومیہ نمازوں سے دوگنی) ہے۔
[2] ظہر کی نافلہ کا وقت ابتدائے ظہر سے لے کر اس وقت تک ہے کہ جب ظہر کے بعد بننے والا شاخص کا سایہ اس کے 7/2 برابر ہوجائے مثلاً اگر شاخص کی لمبائی سات بالشت ہو تو شرعی ظہر کے بعد بننے والا سایہ جب دو بالشت تک پہنچ جائے تو نافلہ ظہر کا آخری وقت ہے۔ نافلہ عصر کا وقت اس وقت تک رہتا ہے کہ جب شرعی ظہر کے بعد بننے والا شاخص کا سایہ اس کے 7/4 برابر ہوجائے۔
- قبلہ
قبلہ
مسئلہ 41۔ مکلف کو چاہئے کہ خانہ کعبہ کی طرف رخ کرکے نماز پڑھے اس اعتبار سے کعبہ کو قبلہ کہتے ہیں۔ البتہ جو افراد اس سے دور ہیں اوران کے لئے حقیقی طور پر روبرو ہونا ممکن نہیں ہے، اتنا ہی کافی ہے کہ کہا جائے کہ قبلے کی طرف منہ کرکے نماز پڑھ رہے ہیں۔
مسئلہ42۔ مستحب نمازوں کو چلتے ہوئے یا سواری کی حالت میں پڑھ سکتے ہیں اور اس صورت میں قبلے کی رعایت لازمی نہیں ہے۔
مسئلہ 43۔ ضروری ہے کہ نماز احتیاط،بھولا ہوا سجدہ اور تشہد قبلے کی طرف رخ کرکے بجالایا جائے اور سجدہ سہو میں بھی احتیاط مستحب یہ ہے کہ قبلے کی طرف رخ کیا جائے۔
مسئلہ44۔ نمازپڑھنے والے کو قبلے کی سمت کے بارے میں یقین یا اطمینان ہونا چاہئے، خواہ صحیح اور معتبر قبلہ نما کے ذریعے یا سورج [1]اور ستاروں کی روشنی(جبکہ ان سے استفادہ کرنے سے واقفیت رکھتا ہو) کے ذریعے ہو یا دیگر ذرائع سے ہو۔ اگر اطمینان پیدا نہ کرسکے تو جس طرف زیادہ گمان ہو اسی سمت نماز پڑھے جیسے کہ محراب مسجد سے حاصل ہونے والا گمان ۔
مسئلہ45۔ اگر قبلے کی سمت معلوم کرنے کے لئے کوئی راہ نہ ہو اور کسی سمت گمان بھی نہ ہو تو احتیاط واجب کی بناپر چاروں طرف رخ کرکے نماز پڑھے اور اگر چار نمازیں پڑھنے کا وقت نہ ہو تو جتنا وقت ہے اس کے مطابق نماز تکرار کرے۔
مسئلہ46۔ اگر تحقیق کے باوجود قبلے کی سمت معلوم کرنے میں غلطی ہوجائے چنانچہ قبلےسے انحراف اگر قبلے کی دائیں سمت یا بائیں سمت (تقریبا 90 درجہ )سے کمتر ہو تو نماز صحیح ہے۔ اگر نماز کے دوران اس غلطی کا احساس ہوجائے تو باقی نماز کو قبلے کی طرف رخ کرکے پڑھے اس صورت میں کوئی فرق نہیں کہ نماز کا وقت وسیع ہو یا نہ ہو۔
مسئلہ 47۔ جس کو قبلے کی سمت کے بارے میں یقین نہ ہو قبلے کی طرف رخ کرکے انجام پانے والے باقی کاموں مثلا ًحیوانات کو ذبح کرنا وغیرہ میں بھی اپنے گمان پر عمل کرے۔ اگر کسی بھی طرف گمان نہ جائے اور تمام اطراف برابر ہوں تو جس طرف بھی رخ کرکے انجام دے صحیح ہے۔
[1] ۔ کہاجاتا ہے کہ شمسی کیلنڈر کے تیسرے مہینے کی سات تاریخ(۲۸ مئی) اور چوتھے مہینے کی پچییس تاریخ(۱۶ جولائی) کو مکہ کے افق پر ظہر کے وقت سورج عمودی حالت میں کعبہ کے اوپر چمکتا ہے چنانچہ سیدھی لکڑی کی مانند کوئی مقیاس یا شاخص ہموار زمین میں سیدھا گاڑ دیا جائے تو ظہر کے وقت مکہ کے افق پر شاخص کا سایہ جس سمت کی نشاندہی کرے، قبلہ اس کی مخالف سمت میں ہوگا یعنی قبلہ سائے کی سیدھ میں شاخص کے اسی سمت ہوگا جہاں سایہ نہیں ہے۔ چنانچہ یہ طریقہ قبلے کی سمت کے بارے میں اطمینان کا باعث بنے تو اس کے مطابق عمل کرنا جائز ہے۔
- نماز میں بدن کا ڈھانپنا
- نماز پڑھنے والے کی جگہ کی شرائط
- احکام مسجد
احکام مسجد
مسئلہ114۔ مسجد کا فرش ، دیواراوراندرونی و بیرونی چھت کو نجس کرنا حرام ہے۔ اگر نجس ہوجائے تو اس کو فوراپاک کرنا واجب ہے۔
مسئلہ115- مسجد کو پاک کرنا واجب کفائی [1]ہے اور اس شخص سے مخصوص نہیں جس نے مسجد کو نجس کیا ہو یا نجس ہونے کا سبب بنا ہو بلکہ ان تمام لوگوں پر واجب ہے جو مسجد کو پاک کرسکتے ہیں۔
مسئلہ116۔ ائمہ علیہم السلام کے حرم کو نجس کرنا حرام ہے۔ اگر نجس ہوجائے اور اس کا نجاست کی حالت میں رہنا بے حرمتی شمار کیا جائے تو پاک کرنا واجب ہے اور اگر بے حرمتی شمار نہ کیا جائے تو پاک کرنا نیک عمل ہے۔
مسئلہ117۔ سونے سے مسجد کی زینت کرنا اگر اسراف شمار کیا جائے تو حرام ہے۔ اس صورت کے علاوہ مکروہ ہے۔
مسئلہ118۔ مسجد کے مقام اور منزلت کی رعایت کرنا واجب ہے اور ان کاموں سے پرہیز کیا جائے جو مسجد کے مقام اور شان کے خلاف ہوں۔
مسئلہ119۔ تعلیمی دروس اور اس جیسے دیگر کام کرنا اگر مسجد کی شان کے خلاف نہ ہوں اور نماز جماعت اور نمازیوں کے لئے زحمت ایجاد نہ کریں تو کوئی اشکال نہیں ہے۔
مسئلہ120۔ پوری مسجد یا اس کا ایک حصہ توڑنا جائز نہیں ہے مگر یہ کہ کوئی مصلحت ہو کہ جس کو اہمیت نہ دینا اور نظر انداز کرنا ممکن نہ ہو۔
مسئلہ121۔ وہ مسجد جس کو غصب یا توڑدیا گیا ہو اور اس کی جگہ دوسری عمارت بنائی گئی ہو یا متروک ہونے کی وجہ سے مسجد کے آثار مٹ گئے ہوں اور دوبارہ تعمیر کی امید بھی نہ ہو تومعلوم نہیں کہ اس کو نجس کرنا حرام ہو اگرچہ احتیاط مستحب ہے کہ اس کو نجس نہ کریں۔
مسئلہ122۔ اگر مسجدشہر کے تعمیراتی منصوبےکی زد میں آکر روڈ میں شامل ہوجائے اور مجبوری میں مسجد کا ایک حصہ گرادیا جائے اور دوبارہ پہلی حالت کی طرف پلٹنے کا کوئی احتمال نہ ہو تواس پر مسجد کے شرعی احکام لاگو نہیں ہوں گے۔
مسئلہ123۔ مسجد کی شبستان کے کونے میں لائبریری یا میوزیم وغیرہ بنانا اگر اس شبستان کے وقف کی کیفیت سے تضاد رکھتا ہو یا مسجد کی عمارت میں تبدیلی کا باعث بنے تو جائز نہیں ہے۔
مسئلہ124۔ اگر مسجد کے لئے کسی متحرک اور غیر ثابت جگہ مثلاً گاڑی کو مسجد کے طور پروقف کیا جائے تو احتیاط واجب کی بناپر شرعی مسجد کہلائے گی اوراس پر مسجد کے احکام جاری ہوں گے۔
مسئلہ125۔ مسجد کو صاف اور آباد کرنا مستحب ہے۔ مسجد میں جانے والے کے لئے مستحب ہے کہ خوشبو لگائے، پاک و صاف کپڑے پہنے، پاؤں یا جوتے پر نجاست یا کچرا لگنے سے احتیاط کرے، سب سے پہلے مسجد میں داخل ہو، آخر میں مسجد سے نکلے، مسجد میں داخل اور خارج ہوتے وقت زبان سے ذکر اور دل میں خشوع پیدا کرے اور مسجد میں داخل ہونے کے بعد تحیت مسجد کی نیت سے دو رکعت نماز پڑھے، البتہ اگر دوسری واجب یا مستحب نماز پڑھے تو کافی ہے۔
مسئلہ126۔ مسجد میں سونا مکروہ ہے۔
مسئلہ127۔ عزاخانہ اور امام بارگاہ مسجد کا حکم نہیں رکھتے۔
[1] ۔ واجب کفائی، واجب عینی کے مقابلے میں ہے اور اس واجب کو کہا جاتا ہے کہ شروع میں سب پر واجب ہوتا ہے لیکن اس کے کچھ افراد کی جانب سے انجام دئیے جانے کے بعد اس کا واجب ہونا بقیہ افراد سے اٹھ جاتا ہے۔ اگر مکلفین میں سے کوئی ایک بھی اسے انجام نہ دے تو سب گناہگار ہوں گے جیسے کہ مسجد کو پاک کرنا، میت کو غسل دینا اور اس کی تدفین۔ واجب عینی ایسا واجب کہ جسے انجام دینا تمام مکلفین کے لئے ضروری ہے جیسے کہ یومیہ نمازیں اور خمس و زکات وغیرہ۔
- اذان و اقامہ
اذان و اقامہ
مسئلہ128۔ یومیہ واجب نمازوں سے پہلے اذان اور اقامت کہنا مستحب ہے اور نماز فجراور نماز مغرب مخصوصا ًنماز جماعت میں مستحب ہونے کی تاکید کی گئی ہے لیکن دوسری واجب نمازوں مثلا ًنماز آیات میں اذان و اقامہ نہیں ہیں۔
مسئلہ129۔ اذان اٹھارہ جملوں پر مشتمل ہے جو ذیل کی ترتیب سے ہیں:
«اَللهُ اَکْبَرُ» چار مرتبہ
«اَشْهَد اَنْ لا اِلهَ اِلاَّ اللهُ» دو مرتبہ،
«اَشْهَدُ اَنَّ مُحَمَّداً (صلّی الله علیه و آله )رَسُولُ اللهِ» دو مرتبہ،
«حَیَّ عَلَی الصَّلاهِ» دو مرتبہ،
«حَیَّ عَلَی الفَلاحِ» دو مرتبہ،
«حَیَّ عَلی خَیْرِ العَمَلِ» دو مرتبہ،
«اَللهُ اَکْبَرُ» دو مرتبہ،
«لا اِلهَ اِلاَّ اللهُ» دو مرتبہ.
اقامت بھی اذان کی طرح ہے اس فرق کے ساتھ کہ اقامت کے شروع میں الله اکبر دو مرتبہ کہا جائے گا اور «حیّ علی خیر العمل» کے بعد دو مرتبہ «قد قامت الصلوة» کہا جاتا ہے و آخر میں «لااله الا الله» ایک مرتبہ کہاجاتا ہے۔
مسئلہ130۔ «اَشْهَدُ اَنَّ عَلِیّاً وَلیُّ اللهِ» کہنا تشیع کے شعار کی حیثیت سے اہم اور بہتر ہے لیکن اذان اور اقامت کا جزء نہیں ہے اور قربت مطلقہ کی نیت سے کہا جائے۔
مسئلہ131۔ اذان نماز کا وقت داخل ہونے کا اعلان کرنے کے لئے دی جاتی ہے اور سننے والوں پر اس کو دہرانا موکد مستحبات میں سے ہے۔
مسئلہ132۔ مساجد اور دیگر مکانات سے نماز کا وقت داخل ہونے کا اعلان کرنے کے لئے معمول کے مطابق اسپیکر پر اذان دینا اشکال نہیں رکھتا لیکن قرآن اور دعا وغیرہ پڑھنااگر پڑوسیوں کے لئے اذیت کا باعث بنے تو جائز نہیں ہے۔
مسئلہ133۔ اگر نماز جماعت کے لئے اذان اور اقامت کہی جاچکی ہو اور کوئی اس نماز جماعت میں شریک ہونا چاہے تو اپنی نماز کے لئے اذان و اقامہ نہ کہے۔
مسئلہ134۔ اذان دیتے وقت مستحب ہے کہ کھڑے ہوکر قبلے کی طرف رخ کرے، وضو یا غسل کے ساتھ ہو، ہاتھوں کو کانوں کے برابر رکھے، بلند آواز کے ساتھ کہے اور آواز کو کھینچے، اذان کے جملوں کے درمیان تھوڑا فاصلہ ڈالے اور درمیان میں بات نہ کرے۔
مسئلہ135۔ مستحب ہے کہ اقامت کہتے ہوئے انسان کا بدن سکون کی حالت میں ہو، اذان سے آہستہ کہے اور جملوں کو نہ ملائے لیکن اذان کے جملوں کے برابر فاصلہ نہ ڈالے۔
مسئلہ136۔ مستحب ہے کہ اذان اور اقامت کے درمیان تھوڑی دیر کے لئے بیٹھ جائے یا سجدہ کرے یا تسبیح پڑھے یا تھوڑی دیر چپ رہے یا کوئی بات کرے یا دو رکعت نماز پڑھے۔
- واجبات نماز
- 1۔ نیت
1۔ نیت
مسئلہ140۔ نیت (جو واجبات رکنی میں سے ایک ہے) کا معنی نماز کو خدا کے فرمان کی اطاعت کے قصد سے انجام دینا ہے۔
مسئلہ141۔ نیت کو زبان پر جاری کرنا لازمی نہیں ہے مثلا ًیوں کہے کہ چار رکعت نماز ظہر پڑھتا ہوں قربۃ الی اللہ، اسی طرح لازمی نہیں ہے کہ اس کو ذہن یا دل سےگزارے بلکہ اللہ کے فرمان کی اطاعت کا قصد ہوتو یہی کافی ہے۔
مسئلہ142۔ نماز پڑھنے والے کو معلوم ہونا چاہئے کہ کون سی نماز پڑھ رہا ہے ۔ بنابرایں اگر نیت کرے کہ چار رکعت نماز پڑھتا ہوں لیکن اس امر کا تعین نہ کرے کہ ظہر کی نماز ہے یا عصر کی تو نماز باطل ہے۔
مسئلہ143۔ انسان کو چاہئے کہ فقط اللہ کے فرمان کی اطاعت کے قصد سے نماز پڑھے۔ بنابرایں اگر اصل نماز کو ریا یعنی اپنی دینداری کے دکھاوے وغیرہ کے لئے پڑھے تویہ عمل حرام اور نماز باطل ہونے کا باعث ہے۔
مسئلہ144۔ اگر نماز کے بعض اجزاء میں ریا شامل ہو تو احتیاط واجب کی بناپر نماز کو دوبارہ پڑھے۔
مسئلہ145۔ اگر کوئی ریا کا مقابلہ کرتے ہوئے بعض مستحبات کو چھوڑدےتو اس کا یہ کام ریا نہیں ہوگا اور اس کی نماز صحیح ہے۔
مسئلہ146۔ ایک نماز سے دوسری کی طرف عدول [1]جائز نہیں مگر مخصوص موارد میں کہ جس میں سے بعض میں واجب اور بعض میں جائز ہے۔[2]
مسئلہ147۔ جن مقامات میں ایک نماز سے دوسری کی طرف عدول واجب ہے، درج ذیل ہیں:
1۔ نماز عصر سے نماز ظہر کی طرف ؛ جب نماز عصر کے مخصوص وقت سے پہلے نماز کے دوران متوجہ ہوجائے کہ نماز ظہر نہیں پڑھی ہے۔
2۔ عشاء سے مغرب کی طرف؛ جب نماز عشاء کے مخصوص وقت سے پہلےعشاء پڑھتے ہوئے متوجہ ہوجائے کہ نماز مغرب نہیں پڑھی ہے اور عدول کا موقع بھی نہ گزرا ہو یعنی چوتھی رکعت کے رکوع سے پہلے ہو۔
3۔ ایک قضا نماز سے دوسری قضا نماز کی طرف کہ جس میں دونوں کی ادا نمازوں میں ترتیب کی رعایت ضروری ہو ؛ مثلا ً بھولنے کی وجہ سےایک دن کی نماز ظہر اور عصر قضا ہوجائیں اور پہلی نماز (ظہر) کی قضا بجالانے سے پہلے دوسری نماز(عصر ) میں مشغول ہوجائے۔
- 2۔ قیام
2۔ قیام
مسئلہ148۔ تکبیرۃ الاحرام کہتے وقت اور اسی طرح رکوع میں جانے سے پہلے کھڑے ہونا رکن ہے یعنی اگر سہواً اور فراموشی سے بھی ترک ہوجائے تو نماز باطل ہوجاتی ہے۔
مسئلہ149۔ قرائت اور تسبیحات اربعہ پڑھتے وقت اور اسی طرح رکوع کے بعد قیام واجب اور غیر رکن ہے یعنی اگر عمداً ترک کردے تو نماز باطل ہے لیکن سہواً ترک کردے تو نماز باطل ہونے کا باعث نہیں ہے۔
مسئلہ150۔ جو شخص کھڑے ہوکر نماز پڑھ سکتا ہے اور کوئی عذر نہ ہو تو نماز کی ابتدا سے رکوع میں جانے تک کھڑا رہے ۔ اسی طرح واجب ہے کہ رکوع کے بعد اور سجدے میں جانے سے پہلے بھی کھڑا ہوجائے۔
مسئلہ151۔ اگر رکوع بھول جائے اور حمد اور سورہ پڑھنے کے بعد بیٹھ جائے اور اسی دوران یاد آئے کہ رکوع نہیں کیا ہے تو کھڑا ہوجائے اور قیام کی حالت سے رکوع میں جائے اور اگر سیدھا کھڑا ہوئے بغیر بیٹھنے کی حالت سے رکوع کے لئے جھک جائے تو نماز باطل ہے۔
مسئلہ152۔ نماز پڑھنے والے کو چاہئے کہ قیام کی حالت میں بدن کو حرکت نہ دے اور واضح طور پر کسی طرف نہ جھکے اور کسی جگہ ٹیک نہ لگائے مگر یہ کہ مجبور ہو یا بھولنے اور فراموشی کی وجہ سے ہو۔
مسئلہ153۔ نماز پڑھنے والے کا بدن حمدو سورہ یا تیسری و چوتھی رکعت میں تسبیحات پڑھتے وقت ساکن ہونا چاہئے پس اگر قدرے آگے یا پیچھےہونا چاہے یا بدن کو دائیں یا بائیں تھوڑی حرکت دینا چاہے تو ضروری ہے کہ حرکت کی حالت میں ذکر پڑھنا چھوڑدے ۔
مسئلہ154۔ مستحب ہے کہ قیام کی حالت میں جسم سیدھا رکھے، کندھوں کونیچے کی طرف ڈھیلا چھوڑدے، ہاتھوں کو رانوں پر رکھے، انگلیوں کو ملاکر رکھے، سجدہ گاہ پر نگاہ کرے، بدن کا بوجھ دونوں پاوں پر برابر رکھے، خضوع اور خشوع کے ساتھ کھڑا ہو اور پاوں کو آگے پیچھے نہ رکھے۔
مسئلہ155۔ کوئی نماز کے دوران کھڑا نہ ہوسکے تو بیٹھ کر نماز پڑھے لیکن اگر کسی چیز پر ٹیک لگاکر کھڑا ہوسکتا ہو تو اس کا وظیفہ یہ ہے کہ کھڑے ہوکر نماز پڑھے۔
مسئلہ156۔ جو شخص بیٹھ کر نماز پڑھ رہا ہو زحمت و مشقت کے بغیر جتنی مقدار ممکن ہو ، کھڑے ہوکرپڑھے ۔ بنابرایں جو شخص بعض رکعتوں اور نماز کے بعض حصوں میں کھڑا ہونے کی طاقت رکھتا ہے لیکن پوری نماز میں قیام نہیں کرسکتا ہے تو واجب ہے کہ جتنی طاقت رکھتا ہے اتنا کھڑا ہوکر نماز پڑھے اور جب کھڑا ہونے سے عاجز آئے تو بیٹھ کر نماز پڑھے۔ اگر دوبارہ کھڑا ہونے کے قابل ہوجائے تو کھڑا ہوکر نماز کو جاری رکھے۔
مسئلہ157۔ جو شخص کھڑاہونے کی طاقت نہیں رکھتا اگر تکبیرۃ الاحرام پڑھنے کی حد تک کھڑا ہوسکتا ہے تو ضروری ہے کہ کھڑا ہوکر تکبیرۃ الاحرام پڑھے اور بقیہ نماز بیٹھ کر پڑھے۔ اسی طرح حمد اور سورہ پڑھنے کے بعد کھڑا ہوسکے تو کھڑا ہونے کے بعد رکوع میں جائے۔
مسئلہ158۔ جو شخص کھڑا ہوکر نماز پڑھ سکتا ہو اگر کھڑا ہونے سے بیمار ہونے یا کوئی نقصان پہنچنے کا خوف محسوس کرے تو بیٹھ کر نماز پڑھ سکتا ہےاور اگر بیٹھ کر نماز پڑھنے میں یہی خوف ہو تو لیٹ کر نماز پڑھ سکتا ہے۔
مسئلہ159۔ جو شخص بیٹھ کر نماز پڑھنے کی طاقت نہیں رکھتا لیٹ کر نماز پڑھے اور احتیاط واجب کی بناپر اگر ممکن ہو تو دائیں پہلو پر لیٹ جائے اور چہرے اور بدن کا رخ قبلے کی طرف ہو ورنہ اسی حالت میں بائیں پہلو پر قبلے کی طرف رخ کرکے لیٹ جائےاور اگر اس طرح بھی ممکن نہ ہوتو پشت کے بل لیٹ جائے اس طرح کہ پاوں کے تلوے کا رخ قبلے کی طرف ہو۔
مسئلہ160۔ جو شخص لیٹ کر نماز پڑھتا ہے اگر کسی تکلیف ، مشقت اور ضرر کے بغیر نماز کے دوران بیٹھ سکے یا کھڑا ہوسکے تو ممکن حد تک بیٹھ کر یا کھڑے ہوکر نماز پڑھے۔
مسئلہ161۔ جو شخص کسی عذر کی وجہ سے کھڑا نہ ہوسکتا ہو لیکن احتمال دے کہ نماز کے آخر وقت تک کھڑے ہوکرنماز پڑھ سکے گا تو احتیاط واجب کی بناپر اس وقت تک صبر کرے لیکن کسی عذر کی وجہ سے اول وقت میں بیٹھ کر نماز پڑھے اور آخر وقت تک عذر برطرف نہ ہوتوجو نماز پڑھی ہے وہ صحیح ہے اور دوبارہ پڑھنا لازمی نہیں ۔
مسئلہ162۔ اگر کوئی شخص اول وقت میں کھڑے ہوکر نماز پڑھنے کی طاقت نہ رکھتا ہو اور یقین ہو کہ آخر وقت میں بھی کھڑے ہوکر نماز نہیں پڑھ سکے گا تو اول وقت میں ہی بیٹھ کر نماز پڑھ سکتا ہے لیکن اگر وقت ختم ہونے سے پہلے کھڑے ہوکر پڑھنے کے قابل ہوجائے تو نماز کو کھڑے ہوکر دوبارہ پڑھے۔
- 3۔ تکبیرۃ الاحرام
3۔ تکبیرۃ الاحرام
مسئلہ 163۔ نماز میں تکبیرۃ الاحرام واجب ہے اور اس سے مراد نماز کی ابتدا میں' الله اکبر' کہنا ہے۔
مسئلہ164۔ نماز کے آغاز میں تکبیرۃ الاحرام نہ کہنا عمداً ہو یا سہوا ًنماز باطل ہونے کا باعث ہے۔ اسی طرح نماز کے آغاز میں اس کو صحیح طرح کہنے کے بعد دوسری دفعہ فاصلے کے ساتھ (موالات ٹوٹنے کے برابر نہ ہو) یا بغیر فاصلے کے ' الله اکبر' کہے تو نماز باطل ہے اور یہ تکرار عمداً ہو یا سہواً کوئی فرق نہیں ہے۔
مسئلہ165۔ تکبیرۃ الاحرام کو اس طرح کہے کہ اس کی ادائیگی شمار ہواور اس کی علامت یہ ہے کہ اگر انسان کی قوت سماعت کمزور نہ ہو یا شو رو غل نہ ہو تو اس کو سن لے۔
مسئلہ166۔ تکبیرۃ الاحرام کو صحیح عربی میں کہےاور اگر فارسی میں اس کا ترجمہ یا غلط عربی میں کہے مثلا اللہ میں 'ہ' کو فتحہ (زبر) کے ساتھ کہے تو صحیح نہیں ہے۔
مسئلہ167۔ تکبیرۃ الاحرام کہتے وقت بدن سکون کے ساتھ اور حرکت کے بغیر ہونا چاہئے۔ بنابرایں اگر عمداً اور اختیار کے ساتھ اس وقت تکبیرۃ الاحرام کہے جب بدن حرکت میں ہو تو نماز باطل ہے۔
مسئلہ168۔ اگرکوئی شخص تکبیرۃ الاحرام کی درست ادائیگی کی کیفیت نہیں جانتا ہو تو واجب ہے کہ اسے سیکھے۔
مسئلہ169۔ اگر کوئی شخص شک کرے کہ تکبیرۃ الاحرام کہی ہے یا نہیں؟ چنانچہ اذکار اور قرائت میں مشغول نہ ہوا ہو تو تکبیر کہے لیکن اگر حمد حتی کہ اعوذ بالله من الشیطان الرجیم پڑھتے وقت شک کرے تو اپنے شک کی پروا نہ کرے اور نماز کو جاری رکھے۔
مسئلہ170۔ اگر کوئی تکبیرۃ الاحرام کہنے کے بعد شک کرے کہ صحیح کہی ہے یا نہیں تو اپنے شک کی پروا نہ کرے۔
- 4۔ قرائت
4۔ قرائت
مسئلہ171۔ یومیہ نمازوں کی پہلی اور دوسری رکعت میں پہلے سورہ حمد اور اس کے بعد احتیاط واجب کی بناپر ایک مکمل سورہ پڑھا جائے۔
مسئلہ172۔ قرائت غیر رکنی واجب ہے یعنی عمداً ترک ہوجائے تو نماز باطل ہے لیکن غفلت یا فراموشی کی وجہ سے ترک ہوجائے تو نماز باطل ہونے کا باعث نہیں ہے۔
مسئلہ173۔ اگر نماز کا وقت تنگ ہوتو سورہ نہ پڑھے۔
مسئلہ174۔ اگر بھول کر الحمد سے پہلے سورہ پڑھے اور رکوع میں جانے سے پہلے یاد آجائے تو الحمد کے بعد دوبارہ سورہ پڑھے اور اگر سورہ پڑھتے وقت یاد آئے تو سورہ کو ترک کرے اور الحمد پڑھنے کے بعد سورہ کو ابتدا سے پڑھے۔
مسئلہ175۔ اگر الحمد اور سورہ دونوں یا کسی ایک کو فراموش کردے اور رکوع میں پہنچنے کے بعد یاد آئے تو نماز صحیح ہے۔
مسئلہ176۔ اگر رکوع میں جانے سے پہلے یاد آجائے کہ الحمد او ر سورہ یا فقط سورہ نہیں پڑھی ہے توضروری ہے کہ اسے پڑھے اور رکوع میں جائے تاہم اگر یاد آئے کہ فقط الحمد نہیں پڑھی ہے تو الحمد کو پڑھے اور اس کے بعد دوبارہ سورہ پڑھے ۔ اسی طرح اگر جھک چکا ہو اور رکوع میں پہنچنے سے پہلے یاد آجائے کہ الحمد یا سورہ یا دونوں کو نہیں پڑھا ہے تو کھڑا ہوجائے اور اسی دستور کے مطابق عمل کرے۔
مسئلہ177۔ واجب نماز میں ان سوروں کو پڑھنا جائز نہیں کہ جن میں واجب سجدے ہیں۔ اگر عمدا یا بھول کر ان سوروں میں سے کسی کو پڑھے اور سجدے والی آیت پر پہنچ جائے تو احتیاط واجب کی بناپر سجدہ تلاوت بجالائے اور کھڑا ہوجائے اور اگر سورہ ختم نہیں ہوا ہے تو اس کو آخر تک پہنچائے اور نماز ختم کرے اور اس کے بعد نماز کو دوبارہ پڑھے۔ اگر سجدے والی آیت پر پہنچنے سے پہلے متوجہ ہوجائے تو احتیاط واجب یہ ہے کہ سورہ کو ترک کردے اور دوسرا سورہ پڑھے اور بعد میں نماز دوبارہ پڑھے۔
مسئلہ178۔ اگر نماز کی حالت میں سجد ے والی آیت سن لے تو نماز صحیح ہے اور آیت سننے کے بعد سجدہ کرنے کے بجائے اشارے سے سجدہ کرے اوراس کے بعد نماز کو جاری رکھے۔
مسئلہ179۔ اگر کوئی شخص الحمد کے بعد سورہ ' قل هو الله احد' یا 'قل یاایها الکافرون' شروع کرے تو اس کو چھوڑ کر دوسرا سورہ نہیں پڑھ سکتا لیکن نماز جمعہ میں اگر سورہ جمعہ یا منافقین کے بجائے بھول کر ان دونوں سوروں میں سے کسی ایک کو پڑھے تو اس کو چھوڑ کر سورہ جمعہ اور منافقین پڑھ سکتا ہے۔
مسئلہ180۔ اگرکوئی نماز میں سورہ' قل هو الله احد' اور 'قل یاایها الکافرون' کے علاوہ دوسرا سورہ پڑھے تو نصف تک پہنچنے سے پہلے اس کو چھوڑ کر کوئی اور سورہ پڑھ سکتا ہے۔
مسئلہ181۔ اگر جس سورے کی تلاوت میں مشغول ہے اس کا ایک حصہ بھول جائے یا وقت کی کمی یاکسی دوسری وجہ سے اس کو آخر تک نہ پڑھ سکے تو اس سورہ کو چھوڑ دے اور دوسرا سورہ پڑھے۔ اس صورت میں کوئی فرق نہیں ہے کہ نصف سے زیادہ پڑھا ہو یا نہ ہو یا جس سورے کو پڑھنے میں مشغول ہے وہ قل هو الله احد اور قل یاایها الکافرون ہو یا کوئی اور سورہ۔
مسئلہ182۔ مستحب نمازوں میں سورہ پڑھنا لازم نہیں ہے اگرچہ نذر یا منت ماننے کی وجہ سے وہ نماز واجب ہوئی ہو۔ لیکن بعض مستحب نمازوں میں مخصوص سورے ہیں مثلاً نماز برائے والدین چنانچہ کوئی اس نماز کے دستور پر عمل کرنا چاہے تو وہی سورہ پڑھے۔
مسئلہ183۔ نماز کی تیسری اور چوتھی رکعت میں ایک دفعہ سبحان الله والحمدلله ولا الله الاالله والله اکبر پڑھنا کافی ہے اگرچہ احتیاط مستحب یہ ہے کہ تین دفعہ پڑھا جائے البتہ اس ذکر (جس کو تسبیحات اربعہ کہتے ہیں) کے بجائے سورہ حمد بھی پڑھ سکتے ہیں۔
مسئلہ184۔ اگرکوئی جانتا ہو کہ تسبیحات اربعہ پڑھی ہے لیکن تعداد معلوم نہ ہو تو کچھ واجب نہیں ہے لیکن رکوع میں جانے سے پہلے کم تعداد پر بنا رکھ کر تکرار کرسکتا ہے تاکہ یقین ہوجائے کہ تین دفعہ پڑھی ہے۔
مسئلہ185۔ کسی کو تیسری اور چوتھی رکعت میں تسبیحات اربعہ پڑھنے کی عادت ہو ، اگر سورہ حمد پڑھنا چاہے لیکن اپنےارادے سے ٖغافل ہوکر عادت کی وجہ سے تسبیحات پڑھے تو نماز صحیح ہے اور اسی طرح ہے اگر سورہ حمد پڑھنے کی عادت ہو اور تسبیحات پڑھنے کا ارادہ کرے لیکن غفلت کی وجہ سےالحمد پڑھ لے۔
مسئلہ186۔ اگر کوئی شخص تیسری یا چوتھی رکعت میں غفلت کی وجہ سے یا پہلی یا دوسری رکعت ہونے کے خیال سے الحمد او ر سورہ پڑھے اور رکوع میں یا اس کے بعد متوجہ ہوجائے تو نماز صحیح ہے۔
مسئلہ187۔ اگر کوئی شخص قیام کی حالت میں شک کرے کہ الحمد یا تسبیحات پڑھی ہے یا نہیں تو الحمد یا تسبیحات پڑھے لیکن اگر اگر رکوع میں جانے سے پہلے مستحب استغفار پڑھتے ہوئے شک کرے کہ تسبیحات پڑھی ہے یا نہیں تو اس کو پڑھنا لازم نہیں ہے۔
مسئلہ188۔ اگر تیسری اور چوتھی رکعت کے رکوع میں شک کرے کہ الحمد یا تسبیحات پڑھی ہے یا نہیں تو اپنے شک کی پروا نہ کرے لیکن اگر رکوع میں جاتے وقت جبکہ رکوع کی حد تک نہ پہنچا ہو اور شک کرے تو احتیاط واجب کی بناپر واپس پلٹ جائے اور الحمد یا تسبیحات پڑھے۔
مسئلہ189۔ مرد پر واجب ہے کہ نماز صبح، مغرب اور عشاء کی پہلی دو رکعتوں میں الحمد اور سورہ کو بلند آواز میں پڑھے اور مرد اور عورت پر واجب ہے کہ نماز ظہر اور عصر میں الحمد اور سورہ آہستہ پڑھیں۔
مسئلہ190۔ عورت نماز صبح، مغرب اور عشاء میں الحمد او سورہ کو بلند آواز سے یا آہستہ پڑھ سکتی ہے لیکن اگر نامحرم اس کی آواز سن رہا ہو تو بہتر ہے کہ آہستہ پڑھے۔
مسئلہ191۔ تیسری اور چوتھی رکعت میں تسبیحات یا الحمد کو آہستہ پڑھےاور الحمد پڑھنے کی صورت میں احتیاط کی بناپر بسم اللہ بھی آہستہ پڑھے۔
مسئلہ192۔ نمازوں کی پہلی اور دوسری رکعتوں میں آہستہ یا بلند آواز سے پڑھنا واجب ہونا حمد اور سورہ کی قرائت سے مخصوص ہے اور تیسری اور چوتھی رکعتوں میں آہستہ پڑھنا واجب ہونا حمد اور تسبیحات کی قرائت سے مخصوص ہے۔ یومیہ نمازوں کے رکوع، سجدہ، تشہد، سلام اور دیگر اذکار میں مکلف کو آہستہ یا بلند آواز سے پڑھنے میں اختیار ہے۔
مسئلہ193۔ یومیہ واجب نمازوں میں جہر(اونچا) و اخفات (آہستہ پڑھنا) واجب ہونے میں ادا اور قضا نماز میں کوئی فرق نہیں ہے اگرچہ قضا نماز احتیاط کے طورپر ہی کیوں نہ ہو۔
مسئلہ194۔ جہر کا معیار آواز کا جوہر ظاہر کرنا ہے اس کے مقابلے میں اخفات اور آہستہ پڑھنے کا معیاراسے ظاہر نہ کرنا ہے اگرچہ برابرمیں بیٹھا ہوا شخص نماز پڑھنے والی کی آواز سن لے۔
مسئلہ195۔ اگرکوئی شخص الحمد اور سورہ پڑھتے ہوئے آواز کو معمول سے زیادہ بلند کرے مثلا ًچیخ و فریاد کے ساتھ پڑھے تو نماز باطل ہے۔
مسئلہ196۔ اگرکوئی شخص جس جگہ بلند آواز سے پڑھنا چاہئے، عمداً آہستہ پڑھے یا جہاں آہستہ پڑھنا چاہئے ، عمداً بلند آواز سے پڑھے تو نماز باطل ہے لیکن اگر فراموشی یا مسئلہ نہ جاننے کی وجہ سے ہو تو نماز صحیح ہے چنانچہ الحمد اور سورہ یا تسبیحات پڑھتے ہوئے متوجہ ہوجائے تو جتنی مقدار غلطی سے بلند یا آہستہ پڑھی ہے، دوبارہ پڑھنا لازم نہیں ہے۔
مسئلہ197۔ قرائت میں کلمات کو زبان سے اس طرح ادا کرے کہ اسے قرائت کہا جائے ۔بنابرایں قرائت قلبی یعنی کلمات کو زبان سے ادا کئے بغیر دل سے گزارنا کافی نہیں ہے۔ قرائت کہلانے کی علامت یہ ہے کہ اگر نماز پڑھنے والے کی قوت سماعت کمزور نہ ہو یا ماحول میں شورو غل نہ ہوتو جو زبان پر جاری کررہا ہے اس کو سن سکے۔
مسئلہ198۔ جو شخص گونگا ہو اور تکلم پر قادر نہ ہو اگر اشارے کے ساتھ نماز پڑھے تو صحیح ہے۔
مسئلہ199۔ انسان نماز کو غلطی کے بغیر اور صحیح پڑھے۔ جو شخص کسی بھی طور پر صحیح ادا ئیگی نہیں سیکھ سکتا ہو ضروری ہے کہ جس طریقے سے بھی ممکن ہو نماز پڑھے اور احتیاط مستحب یہ ہے کہ نماز کو جماعت کے ساتھ پڑھے۔
مسئلہ200۔ جوشخص نماز کا الحمد و سورہ یا دوسری چیزیں اچھی طرح نہ جانتا ہو اور انہیں سیکھ سکتا ہو چنانچہ نماز کا وقت وسیع ہو تو ضروری ہے کہ سیکھے ور اگر وقت تنگ ہو تو احتیاط واجب کی بناپر ممکن ہوتو جماعت کے ساتھ نماز پڑھے۔
مسئلہ201۔ قرائت صحیح ہونے کا معیار حروف اور ان کی حرکات و سکنات کو ان کے مخارج سے اس طرح ادا کرنا ہے کہ عربی زبان والے اس کو(کوئی دوسرا حرف نہیں بلکہ) اسی حرف کی ادائیگی سمجھیں اور تجوید کے محسنات(حسن تجوید) کی رعایت لازمی نہیں ہے۔
مسئلہ202۔ اگرکوئی شخص الحمد یا سورہ کا ایک کلمہ نہیں جانتا ہو یا عمدا ًنہ پڑھے یا عمداً کسی حرف کے بجائے دوسرا حرف کہے مثلا ً'ض' کے بجائے'ز' کہے یا کلمات کے زبرکو بدل دے یا تشدید کو ادا نہ کرے تو نماز باطل ہے۔
مسئلہ203۔ اگر کوئی شخص نماز کی قرائت یا اذکار کو غلط پڑھتا تھا مثلا ًکلمہ 'یولد' میں لام کو زبر کے بجائے زیر کے ساتھ پڑھتا تھا چنانچہ جاہل مقصر ہو تو احتیاط واجب کی بناپر نماز باطل ہے۔ اگر جاہل قاصر ہو اور صحیح ہونے کے خیال سے اسی طرح پڑھتا تھا تو نماز صحیح ہے۔
مسئلہ204۔ اگرکوئی شخص نماز کی قرائت کے دوران ایک آیت کو دوسری آیت سے ملادے تو پہلی آیت کی آخری حرکت کو ظاہر کرنا لازمی نہیں ہے مثلا 'مالِکِ یَوْمِ الدِّین' پڑھے اور آیت کے آخر میں نون کو ساکن کرکے فورا پڑھے: 'اِیّاکَ نَعْبُدُ وَ اِیّاکَ نَسْتَعینُ' تو کوئی اشکال نہیں ہے۔ اس کو وصل بہ سکون کہتے ہیں۔ اسی طرح جن کلمات سے آیت تشکیل پائی ہے ا ن کی آخری حرکت کا بھی یہی حکم ہے اگرچہ آخرالذکر میں احتیاط مستحب یہ ہے کہ وصل بہ سکون نہ کرے۔
مسئلہ205۔ کسی آیت کی عبارتوں کے درمیان وقف اور فاصلہ ڈالنے سے جب جملے کی وحدت کو ضرر نہ پہنچے تو کوئی اشکال نہیں ہے مثلا 'غَیْرِ الْمَغْضُوبِ عَلَیْهِمْ' کے بعد تھوڑا فاصلہ دے کر' وَلاَ الضّالِّیْنَ ' پڑھے۔
مسئلہ206۔ اگرکوئی شخص کسی آیت کو پڑھتے وقت اس سے پہلے والی آیت کے صحیح پڑھنے کے بارے میں شک کرےتو اپنے شک کی پروا نہ کرے۔ اسی طرح کسی جملے کو ادا کرتے وقت اس سے پہلےوالے جملے کی درست ادائیگی کے بارے میں شک کرے مثلا ً اِیّاکَ نَسْتَعینُ پڑھتے وقت شک کرے کہ اِیّاکَ نَعْبُدُصحیح پڑھاہے یا نہیں تو اپنے شک کی پروا نہ کرے، البتہ اگر جس کے صحیح ادا کرنے کے بارے میں شک ہے اس کو احتیاط کے طور پر دوبارہ پڑھے تو کوئی اشکال نہیں ہے۔
مسئلہ207۔ الحمد اور سورہ یا تسبیحات کی قرائت کرتے وقت بدن حرکت کے بغیر اور ساکن ہونا چاہئے اور اگر قدرے ا آگے یا پیچھے ہونا چاہے یا بدن کو دائیں یا بائیں حرکت دینا چاہے تو حرکت کرتے ہوئے ذکر پڑھنا چھوڑدے۔
مسئلہ208۔ مستحب ہے کہ نماز کی پہلی رکعت میں الحمد پڑھنے سے پہلے 'اعوذ بالله من الشیطان الرجیم' پڑھے اور نماز ظہر و عصر کی پہلی و دوسری رکعتوں میں 'بسم الله الرحمن الرحیم' کو بلند آواز سے پڑھےاور حمد و سورہ کو ترتیل کے ساتھ پڑھے اور ہر آیہ کے آخر میں وقف کرے یعنی بعد والی آیت سے نہ ملائے اور الحمد اور سورہ پڑھنے کے دوران آیات کے معانی کی طرف توجہ کرے اور سورہ حمد کی قرائت کے بعد جماعت میں ہو یا فرادی، امام ہو یا ماموم 'الحمد الله رب العالمین' کہے اور سورہ 'قل هو الله احد' کے بعد ایک، دو یا تین مرتبہ کہے 'کذالک الله ربی' اور حمد کی قرائت کے بعد اور سورہ کے بعد بھی تھوڑی دیر ٹھہر جائے اور اس کے بعد نماز کو جاری رکھے۔
مسئلہ209۔ تیسری اور چوتھی رکعت میں تسبیحات کے بعد مستحب ہے کہ استغفار کرے مثلا کہے'استغفرالله ربی و اتوب الیه' یا کہے' اللهم اغفرلی'۔
مسئلہ210۔ یومیہ نمازوں میں سے کسی ایک میں بھی سورہ 'قل هو الله احد' کا نہ پڑھنا مکروہ ہے۔ اسی طرح سورہ 'قل هو الله احد' کے علاوہ کسی اور سورہ کا ایک نماز کی دونوں رکعتوں میں تکرار کرنا مکروہ ہے۔
مسئلہ211۔ مستحب ہے کہ تمام نمازوں کی پہلی رکعت میں سورہ 'انا انزلناه' اور دوسری رکعت میں سورہ 'قل هو الله احد'پڑھے۔
- 5۔ رکوع
5۔ رکوع
مسئلہ212۔ ہر رکعت میں قرائت کے بعد رکوع کرے یعنی اس قدر جھک جائے کہ ہاتھ گھٹنوں پر رکھ سکے اور اگر انگلیوں کے سرے بھی گھٹنوں تک پہنچیں تو کافی ہے۔
مسئلہ213۔ احتیاط واجب یہ ہے کہ رکوع کی حالت میں ہاتھوں کو گھٹنوں پر رکھے۔
مسئلہ214۔ رکوع واجب رکن ہے جو عمداً یا سہواً کم یا زیادہ ہوجائے تو نماز باطل ہوجاتی ہے۔ لہذا اگر رکوع کی حد تک پہنچنے اور بدن ساکن ہونے کے بعد سر اٹھائے اور دوبارہ رکوع کی نیت سے جھک جائے یا رکوع کو فراموش کردے اور دوسرے سجدے میں یا اس کے بعد یاد آئے تو نماز باطل ہے۔
مسئلہ215۔ (چنانچہ ان شرائط کے ساتھ جو نماز جماعت میں آئیں گی) امام کی اقتدا کی خاطررکوع زیادہ ہوجائے تو نماز باطل ہونے کا باعث نہیں۔ اسی طرح اگر مستحب نماز میں بھولے سے رکوع زیادہ ہوجائے تو نماز صحیح ہے۔
مسئلہ216۔ ضروی ہے کہ جھکنا رکوع کی نیت سے ہو ، بنابرایں اگر کسی اور کام کے لئے جھکے مثلاً کسی چیز کو اٹھانے کے لئے جھکے تو اسے رکوع نہیں سمجھ سکتا بلکہ ضروری ہے دوبارہ کھڑا ہو اور رکوع کے لئے جھکے۔ اس عمل کی وجہ سے رکن میں اضافہ نہیں ہوتا اور نماز باطل نہیں ہوتی ہے۔
مسئلہ217۔ جو شخص رکوع کے لئے نہیں جھک سکتا اگر کسی چیز سے ٹیک لگا کر جھک سکے تو اسی طرح رکوع کرے اور اگر ٹیک لگا کر بھی رکوع نہیں کرسکتا ہو تو جس قدر ممکن ہو جھک جائے۔ ان دونوں صورتوں میں بیٹھ کر رکوع نہیں کرسکتا ، اگرچہ بیٹھ کر رکوع کے برابر جھک سکتا ہو۔ اگر حالت قیام سے رکوع کے لئے جھکنا بالکل ہی ممکن نہ ہو تو بیٹھ کر رکوع کرے اور احتیاط یہ ہے کہ نماز کو تکرار کرے جس میں قیام کی حالت میں رکوع کے لئے اشارہ کرے اور اگر بیٹھ کر بھی رکوع نہ کرسکے تو کھڑا ہوکر سر کے اشارے سے رکوع کرے اور اگر سر سے اشارہ بھی نہ کرسکے تو رکوع کے لئے آنکھوں کو بند کرے اور رکوع سے سر اٹھانے کے لئے آنکھوں کو کھولے۔
مسئلہ218۔ جو شخص بیٹھ کر رکوع کرتا ہے اس قدر جھکنا کافی ہے کہ چہرہ گھٹنوں کے بالمقابل جا پہنچے اور ہاتھ کو گھٹنوں پر رکھنا لازم نہیں ہے۔
مسئلہ219۔ بیٹھ کر یا اشارے سے انجام دینے والا رکوع عمداً یا سہواً کم یا زیادہ ہوجائے تو نماز باطل ہونے کا باعث ہے۔
مسئلہ220۔ رکوع میں ذکر پڑھنا ضروری ہے۔ رکوع کا واجب ذکر ایک دفعہ سُبْحانَ رَبِّیَ الْعَظیْمِ وَ بِحَمْدِهِ یا تین دفعہ سُبْحانَ اللهِ ہے۔ اگر اس کے بجائے (سجدے کے مخصوص ذکر کے علاوہ) کوئی دوسرا ذکر مثلاً اَلْحَمْدُ لِلهِ اور اَللّهُ اَکبَرُ وغیرہ اسی مقدار میں پڑھے تو کافی ہے۔
مسئلہ221۔ وقت کی کمی یا ضرورت اور مجبوری کی صورت میں ایک مرتبہ سُبْحانَ اللهِ کہنا کافی ہے۔
مسئلہ222۔ رکوع میں واجب ذکر پڑھتے وقت بدن ساکن ہونا چاہئے بلکہ مستحب ہونے کے قصد سے پڑھنے والے اذکار کے دوران مثلا سُبْحانَ رَبِّیَ الْعَظیمِ وَ بِحَمْدِهِ کو تکرار کرے تو بھی احتیاط واجب یہ ہے کہ بدن کو سکون کی حالت میں رکھے۔
مسئلہ223۔ اگر قدرے آگے یا پیچھے ہونا چاہے یا جسم کو دائیں یا بائیں تھوڑی سی حرکت دینا چاہے تو حرکت کرتے وقت ذکر پڑھنا چھوڑ دے لیکن نماز کے ذکر کی نیت کئے بغیر حرکت کی حالت میں مطلق ذکر کی نیت سے پڑھنے میں کوئی اشکال نہیں ہے۔
مسئلہ224۔ رکوع کا ذکر پڑھتے وقت بدن یا انگلیوںوغیرہ کو معمولی حرکت دینے میں کوئی اشکال نہیں ہے۔
مسئلہ225۔ اگر رکوع کا واجب ذکر پڑھتے ہوئے بے اختیار بدن حرکت کرے جس سے واجب طمانینت (بدن کا ساکن ہونا) ختم ہوجائے تو بدن ساکن ہونے کے بعد واجب ذکر کو دوبارہ پڑھے۔
مسئلہ226۔ جو شخص جانتا ہو کہ رکوع کا ذکر پڑھتے وقت سکون اور طمانینت واجب ہے اگر رکوع کی حد تک پہنچنے اور بدن ساکن ہونے سے پہلے عمداً رکوع کا ذکر شروع کردے تو نماز باطل ہے۔
مسئلہ227۔ اگر رکوع کی حد تک پہنچنے اور بدن ساکن ہونے سے پہلے سہواً ذکر پڑھ لے تو رکوع کی حد تک پہنچنے کے بعد دوبارہ پڑھے۔
مسئلہ228۔ جو شخص جانتا ہو کہ رکوع کا ذکر پڑھتے وقت سکون کی حالت واجب ہے اگر واجب ذکر ختم ہونے سے پہلے جان بوجھ کر رکوع سے سر اٹھالے تو نماز باطل ہے اور اگر بھولے سے ایسا کرے چنانچہ رکوع کی حد سے خارج ہونے سے پہلے متوجہ ہوجائے کہ ذکر ختم نہیں ہوا ہے تو اسی حالت میں ساکن ہوجائے اور رکوع کا ذکر پڑھے اور اگر رکوع کی حالت سے خارج ہونے کے بعد متوجہ ہوجائے تو نماز صحیح ہے۔
مسئلہ229۔ جو شخص بیماری یا کسی اور وجہ سے رکوع کی حالت میں تین دفعہ سُبْحانَ اللهِ پڑھنے تک نہیں بیٹھ سکتا ہو تو ایک دفعہ سُبْحانَ اللهِ پڑھنا کافی ہے اور اگر رکوع کی حالت میں فقط ایک لمحہ بیٹھ سکتا ہو تو احتیاط واجب یہ ہے کہ اسی وقت ذکر شروع کرے اور سر اٹھاتے ہوئے ذکر کو ختم کرے۔
مسئلہ230۔ نماز پڑھنے والا رکوع کا ذکر ختم ہونے کے بعد کھڑا ہوجائے اور بدن ساکن ہونے کے بعد سجدے میں جائے اور اگر کھڑا ہونے سے پہلے یا بدن ساکن ہونے سے پہلے عمداً سجدے میں چلا جائے تو نماز باطل ہے۔
مسئلہ231۔ اگر رکوع کرنا بھول جائے اور سجدے میں پہنچنے سے پہلے یاد آئے تو کھڑا ہوجائے اور قیام کی حالت سے رکوع میں جائے چنانچہ جھکے ہوئے ہونے کی حالت میں رکوع کی طرف جائے تو کافی نہیں ہے اور اگر اسی پر اکتفاء کرے تو نماز باطل ہے۔
مسئلہ232۔ اگر پہلے سجدے کی حالت میں یا اس کے بعد اور دوسرے سجدے میں جانے سے پہلے یاد آئے کہ رکوع نہیں کیا ہے تو کھڑا ہوجائے اور کھڑا ہونے کے بعد رکوع کرے اور اس کے بعد دو سجدے بجالائے اور نماز ختم کرے اور نماز کے بعد احتیاط مستحب کی بناپر سجدہ زیادہ ہونے کی وجہ سے دو سجدہ سہو بجالائے۔
مسئلہ233۔ مستحب ہے کہ رکوع میں جانے سے پہلے جب قیام کی حالت میں ہو تکبیر کہے اور اگر نماز پڑھنے والا مرد ہے تو رکوع کی حالت میں گھٹنوں کو پیچھے کی طرف دھکیلے اور سر کو نیچے جھکائے اور پیٹھ کے برابر رکھے، ہاتھ کی ہتھیلی کو گھٹنوں پر رکھے اور دونوں پاوں کے درمیان دیکھے اور رکوع کے ذکر سے پہلے یا بعد میں صلوات پڑھے، رکوع کا ذکر تکرار کرے، اس کو طاق عددپر ختم کرے، رکوع سے سر اٹھانے اور کھڑا ہونے کے بعد جب بدن ساکن ہو تو پڑھے: سَمِعَ اللهُ لِمَنْ حَمِدَهُ.
مسئلہ234۔ مستحب ہے کہ عورت رکوع کی حالت میں ہاتھ کو گھٹنوں سے اوپر رکھے اور گھٹنوں کو پیچھے کی طرف نہ دھکیلے۔
- 6۔ سجدے
- 7۔ تشہد
7۔ تشہد
مسئلہ287۔ نماز پڑھنے والے کے لئے ضروری ہے کہ ہر نماز کی دوسری اور آخری رکعت میں دوسرے سجدے کے بعد بیٹھ جائے اور بدن ساکن ہونے کے بعد تشہد کے عنوان سے ذکر کے جملے اپنی زبان پر جاری کرے۔ اس عمل کو تشہد کہا جاتا ہے۔
مسئلہ288۔ تشہد کی حالت میں واجب ذکر یہ ہے: اَشْهَدُ اَنْ لاَ اِلهَ اِلاَّ اللهُ وَحْدَهُ لاَ شَریْکَ لَهُ و اَشْهَدُ اَنَّ مُحَمَّداً عَبْدُهُ وَ رَسُولُهُ، اللّهُمَّ صَلِّ عَلی مُحَمَّدٍ وَ آلِ مُحَمَّدٍ
مسئلہ289۔ تشہد کے واجب ذکر سے پہلے اَلْحَمْدُ لِلهِ» یا بِسْمِ اللهِ وَ بِاللهِ وَ الْحَمْدُ لِلهِ وَ خَیْرُ الْاَسْماءِ لِلهِ کہنا مستحب ہے اور اسی طرح صلوات کے بعد مستحب ہے کہے: وَ تَقَبَّلْ شَفاعَتَهُ وَ ارْفَعْ دَرَجَتَهُ
مسئلہ290۔ تشہد غیر رکنی واجب ہے بنابرایں اگر عمداً اضافہ یا ترک ہوجائے تو نماز باطل ہے لیکن بھولے سے زیادہ یا ترک ہوجائے تو نماز باطل ہونے کا باعث نہیں ہے۔
مسئلہ291۔ اگر تشہد پڑھنا بھول جائے اور تیسری رکعت کے لئے کھڑا ہوجائے لیکن رکوع سے پہلے یاد آئے تو بیٹھ جائے اور تشہد پڑھے اور دوبارہ کھڑے ہوکر تیسری رکعت کی تسبیحات کو دوبارہ پڑھے اور نماز جاری رکھے اور نماز کے بعد بے جا قیام کے لئے احتیاط مستحب کی بناپر دو سجدہ سہو بجالائے۔
مسئلہ292۔ اگر تشہد پڑھنا بھول جائے اور تیسری رکعت کے رکوع میں یا اس کے بعد یاد آئے تو نماز کو ختم کرے اور سلام کے بعد بھولے ہوئے تشہد کے لئے دو سجدہ سہو بجالائے اور احتیاط واجب یہ ہے کہ سجدہ سہو سے پہلے تشہد کی قضا کرے۔
- 8. سلام
8. سلام
مسئلہ293۔ سلام نماز کا آخری جزء ہے جس کو کہنے کے بعد نماز ختم ہوجاتی ہے۔ نماز کا واجب سلام یہ ہے کہ کہے: اَلسَّلاَمُ عَلَیْکُم اور بہتر ہے کہ وَ رَحْمَةُ اللهِ وَ بَرَکاتُهُ کو بھی اضافہ کرے یا کہے: اَلسَّلاَمُ عَلَیْنَا وَ عَلی عِبادِ اللهِ الصّالِحینَ.
مسئلہ294۔ مستحب ہے کہ گذشتہ مسئلے میں مذکور دونوں سلام سے پہلے کہے: اَلسَّلامُ عَلَیْکَ اَیُّهَا النَّبِیُّ وَ رَحْمَةُ اللهِ وَ بَرَکاتُهُ.
مسئلہ295۔ سلام غیر رکنی واجبات میں سے ہے بنابرایں اگر بھولے سے اضافہ یا ترک ہوجائے تو نماز باطل نہیں ہے۔
مسئلہ296۔ اگر نماز کا سلام کہنا بھول جائے اور اس وقت یاد آئے کہ ابھی نماز کی شکل ختم نہ ہوئی ہو اور ایسا کام بھی نہ کیا ہو جس کو عمداً یا بھول کر انجام دینے سے نماز باطل ہوجاتی ہے مثلا ًقبلے سے رخ موڑنا، تو سلام کہے اور نماز صحیح ہے۔
- 9۔ ترتیب
9۔ ترتیب
مسئلہ297۔ نماز پڑھنے والے کے لئے ضروری ہے کہ نماز کو بتائی گئی ترتیب کے مطابق پڑھے اور ہر جزء کو اس کے مخصوص مقام پر ادا کرے بنابرایں اگر کوئی عمداً اس ترتیب کی رعایت نہ کرے مثلا ًالحمد سے پہلے سورہ پڑھے یا رکوع سے پہلے سجدہ کرے تو اس کی نماز باطل ہے۔
مسئلہ298۔ اگر کسی رکن کوبھول جائے اور اس کے بعدوالے رکن میں پہنچنے کے بعد یاد آئے مثلاً دونوں سجدے بھول جائے اور اگلی رکعت کے رکوع میں یاد آئے تو نماز باطل ہے۔
مسئلہ299۔ اگر کسی رکن کو بھول جائے اور غیر رکن جزء کو انجام دے اور بعد والے رکن میں پہنچنے سے پہلے یاد آئے تو اس (بھول جانے والے) رکن کو بجالائے اور اس کے بعد غلطی سے جس جزء کو بجالایا ہے دوبارہ انجام دے مثلاً تشہد پڑھنے کے بعد یاد آئے کہ دونوں سجدے بھول گیا ہے تو دونوں سجدے بجالانے کے بعد دوبارہ تشہد پڑھے۔
مسئلہ300۔ اگر ایسا جزء ادا کرنا بھول جائے جو رکن نہیں ہے اور اس کے بعدوالے رکن میں پہنچنے کے بعد یاد آئے مثلاً الحمدپڑھنا بھول جائے اور رکوع میں متوجہ ہو کہ الحمد نہیں پڑھی ہے تو اس کی نماز صحیح ہے اور الحمد پڑھنے کے لئے نہیں پلٹ سکتا ہے۔
مسئلہ301۔ اگر ایسا جزء ادا کرنا بھول جائے کہ جو رکن نہیں ہے اور اس کے بعد والے غیر رکنی جزء کو انجام دے اور رکن میں پہنچنے سے پہلے یاد آئے مثلاً الحمدپڑھنا بھول جائے اور سورہ پڑھے اور رکوع میں جانے سے پہلے متوجہ ہوجائے تو پہلےبھول جانے والے جزء (الحمد) کو پڑھے اور اس کے بعد جس جزء (سورہ) کو غلطی سے پہلے پڑھا ہے، دوبارہ پڑھے۔
- 10۔ موالات
10۔ موالات
مسئلہ302۔ نماز پڑھنےوالے کو چاہئے کہ نماز کے اجزاء مثلا ًرکوع، سجدہ اور تشہد وغیرہ کو پے در پے بجالائے اور ان کے درمیان طویل اور غیرمعمولی فاصلہ نہ ڈالے۔ اس عمل کو موالات کہتے ہیں۔ بنابرایں اگر نماز کے اجزاء کے درمیان اتنا فاصلہ ڈالے کہ دیکھنے والے کی نظر میں نماز کی حالت سے خارج ہوجائے تو نماز باطل ہے۔
مسئلہ303۔ اگر کچھ کلمات یا ایک کلمے کے حروف کے درمیان بھولے سے غیر معمولی فاصلہ ڈال دے لیکن ایسا نہ ہو کہ نماز کی صورت ختم ہوجائے اور اس کے بعد والے رکن میں پہنچنے کے بعد متوجہ ہوجائے تو نماز صحیح ہے اور ان کلمات اور جملوں کو دوبارہ پڑھنا لازم نہیں ہے لیکن اگر بعد والے رکن میں پہنچنے سے پہلے متوجہ ہوجائے تو پلٹ جائے اور دوبارہ پڑھے۔
مسئلہ304۔ رکوع اور سجدوں کے ذکر کو لمبا کرنا یا لمبی سورتیں پڑھنا موالات ٹوٹنے کا باعث نہیں ہے۔
-
- قنوت
قنوت
مسئلہ305۔ مستحب ہے کہ تمام واجب اور مستحب نمازوں کی دوسری رکعت میں الحمد اور سورے کے بعد اور رکوع سے پہلے ہاتھوں کو بلند کرے اور دعا پڑھے۔ اس عمل کو قنوت کہتے ہیں۔
مسئلہ306۔ نماز جمعہ میں ہر رکعت میں ایک قنوت ہے جو پہلی رکعت میں رکوع سے پہلے اور دوسری رکعت میں رکوع کے بعد ہے۔
مسئلہ307۔ عید فطر اور عید قربان کی نماز میں پہلی رکعت میں پانچ اور دوسری رکعت میں چار قنوت ہیں۔
مسئلہ308۔ قنوت میں کوئی بھی ذکر، دعا یا قرآن کی آیت پڑھ سکتا ہے حتی کہ ایک صلوات یا سُبْحَانَ اللهِ یا بِسْمِ اللهِ یا بِسْمِ اللهِ الرَّحْمنِ الرَّحیمِ پر بھی اکتفا کرسکتا ہے لیکن بہترہے قرآن میں موجود دعائیں پڑھے مثلا رَبَّنا آتِنَا فِی الدُّنْیَا حَسَنَةً وَ فِی الْآخِرَةِ حَسَنَةً وَ قِنَا عَذابَ النَّار یا معصومین علیہم السلام سے منقول دعائیں اور اذکار پڑھے مثلا لا اِلَهَ اِلاّ اللهُ الحَلِیمُ الکَرِیمُ، لا اِلهَ اِلاّ اللهُ العَلِیُّ العَظِیمُ، سُبْحَانَ اللهِ رَبِّ السَّمَاوَاتِ السَّبْعِ وَ رَبِّ الْاَرَضِینَ السَّبْعِ وَ مَا فِیهِنَّ وَ مَا بَیْنَهُنَّ وَ رَبِّ الْعَرْشِ العَظِیمِ وَ الْحَمْدُ لِلهِ رَبِّ العَالَمینَ.
مسئلہ309۔ قنوت میں ہر زبان میں دعا کرنا، استغفار اور حاجت طلب کرنا جائز ہے۔
مسئلہ310۔ قنوت کو بلند آواز سے پڑھنا مستحب ہے لیکن نماز جماعت میں اگر امام جماعت ماموم کی آواز سن رہا ہو تو مستحب نہیں ہے۔
- تعقیبات نماز
تعقیبات نماز
مسئلہ311۔ نماز پڑھنے کے بعد مستحب ہے کہ دعا، ذکر یا قرآن پڑھے اس عمل کو تعقیبات نماز کہتے ہیں اور بہتر ہے کہ اسی حالت میں جب قبلہ رخ اور وضو یاغسل یا تیمم کے ساتھ ہو اس عمل کو انجام دے۔
مسئلہ312۔ تعقیبات نماز کو عربی میں پڑھنا لازم نہیں ہے لیکن بہتر ہے کہ معصومین علیہم السلام سے منقول دعائیں اور اذکار پڑھے۔ ان میں سے بہترین ذکر تسبیح حضرت زہرا علیہا السلام کے نام سے معروف ہے جس میں 34 مرتبہ اللهُ اَکْبَرُ، 33مرتبہ الْحَمْدُ لِلهِ اور 33 مرتبہ سُبْحَانَ اللهِ ہے۔ دعاؤں کی کتابوں میں معصومین علیہم السلام سے بہترین اور خوبصورت مضامین کے ساتھ دعائیں نقل ہوئی ہیں۔
مسئلہ313۔ مستحب ہے کہ نماز پڑھنے کے بعد سجدہ شکر بجالائے یعنی نماز کی توفیق ملنے اور دوسری نعمتوں کے شکر کی نیت سے پیشانی کو زمین پر رکھے اور بہتر ہے کہ تین مرتبہ یا اس سے زیادہ کہے: شکرا لله ۔
- نماز کا ترجمہ
نماز کا ترجمہ
مسئلہ314۔ نماز پڑھنے والے کے لئے مناسب ہے کہ نماز کے اذکار و الفاظ کو ان کے معانی پر توجہ دیتے ہوئے اور خشوع و حضور قلب کے ساتھ زبان پر جاری کرے تاکہ نماز کے ذریعے روح کی پاکیزگی اور دل کو خدا سے نزدیک کرنے کے لئے استفادہ کرسکے۔
مسئلہ315۔ سورہ حمد کا ترجمہ :
بِسْمِ اللهِ الرَّحْمنِ الرَّحیمِ، اللہ کے نام سے جس کی بے انتہا رحمت اور فیض دنیا میں سب انسانوں کے لئے عام ہے اور اس کی ابدی رحمت اور بخشش مومنین سے مخصوص ہے۔
اَلْحَمْدُ لِلّهِ رَبِّ الْعَالَمینَ تعریف اور ستائش اس خدا کی ذات سے مخصوص ہے جو تمام موجودات کا پالنے والا ہے۔
اَلرَّحْمنِ الرَّحیمِ وہ رحمان ہے (جس کی بخشش اور فضل دنیا میں تمام انسانوں کے لئے ہے) اور رحیم ہے (جس کی ابدی بخشش اور فضل مومنین سے مخصوص ہے)۔
مَالِکِ یَوْمِ الدِّینِ روز جزا (قیامت) کا اختیار اس کے ہاتھ میں ہے۔
اِیَّاکَ نَعْبُدُ وَ اِیَّاکَ نَسْتَعینُ ہم فقط تیری بندگی کرتے ہیں اور فقط تجھ سے ہی مدد طلب کرتے ہیں۔
اِهْدِنَا الصَّراطَ المُسْتَقِیمَ ہمیں راہ راست کی طرف ہدایت فرما
صِراطَ الَّذِیْنَ اَنْعَمْتَ عَلَیْهِمْ ان لوگوں کے راستے کی جانب جنہیں تو نے نعمت عطا کی ہے (ان کے دلوں میں اپنی معرفت کا نور روشن کیا ہے)
غَیْرِ المَغْضُوبِ عَلَیْهِمْ وَ لَاالضَّالِّینَ جو تیرے غضب کا شکار نہ ہوئے اور گمراہی سے دوچار نہ ہوئے ( یعنی تو نے جو بڑی نعمت انہیں عطا کی اس کے بعدانہوں نے ناشکری اور گناہ نہیں کیا کہ تیرے غضب اور ان کی گمراہی کا باعث بنے)
مسئلہ316۔ سورہ توحید کا ترجمہ:
بِسْمِ اللهِ الرَّحْمنِ الرَّحِیمِ: قُلْ هُوَ اللهُ اَحَدٌ آپ کہہ دیں کہ خدا یکتا ہے.
اَللهُ الصَّمَدُ خدا بے نیاز ہے اور تمام موجودات کو خدا کی ضرورت ہے۔
لَمْ یَلِدْ وَ لَمْ یُولَدْ نہ اس کی کوئی اولاد ہے اور نہ وہ کسی کی اولاد ہے۔
وَ لَمْ یَکُنْ لَهُ کُفُواً اَحَدٌ کوئی بھی اس جیسا نہیں ہے۔
مسئلہ317۔ رکوع اور سجدوں کے اذکار اور بعض مستحب اذکار کا ترجمہ:
سُبْحَانِ اللهِ خدا پاک اور منزہ ہے۔
سُبْحَانَ رَبِّیَ الْعَظیمِ وَ بِحَمْدِه میرا عظیم پروردگار پاک و منزہ ہے اور میں اس کی ستائش میں مشغول ہوں۔
سُبْحانَ رَبِّیَ الْاَعْلی وَ بِحَمْدِهِ میرا پروردگار پاک و منزہ اور سب سے بالاتر ہے اور میں اس کی ستائش میں مشغول ہوں۔
سَمِعَ اللهُ لِمَنْ حَمِدَهُ خدا کی عنایت اس پر ہو جو اس کی ستائش کرتا ہے۔
اَسْتَغْفِرُ اللهَ رَبِّی وَ اَتُوبُ اِلَیْهِ میں اس خدا سے مغفرت چاہتا ہوں جو میرا پروردگار ہے اور میں اس کی طرف رجوع کرتا ہوں۔
بِحَوْلِ اللهِ وَ قُوَّتِهِ اَقُومُ وَ اَقْعُدُ میں خدا کی قوت اور ارادے سے اٹھتا اور بیٹھتا ہوں۔
مسئلہ318۔ قنوت کے اذکار کا ترجمہ:
رَبَّنا آتِنا فِی الدُّنْیَا حَسَنَةً وَ فِی الْآخِرَةِ حَسَنَةً اے پروردگار! ہمیں دنیا میں نیکی اور آخرت میں نیکی عطا کر۔
وَ قِنَا عَذَابَ النَّار اور ہمیں آگ کے عذاب سے دور رکھ۔
لا اِلَهَ اِلاَّ اللهُ الحَلِیمُ الکَرِیمُ اس حلیم و کریم خدا کےعلاوہ کوئی بھی پرستش کے لائق نہیں ہے۔
لا اِلَهَ اِلاَّ اللهُ العَلِیُّ العَظیمُ اس بلند مرتبہ اور بزرگ خدا کے علاوہ کوئی بھی معبود نہیں ہے۔
سُبْحانَ اللهِ رَبِّ السَّمَاوَاتِ السَّبْعِ پاک و منزہ ہے وہ خدا جو سات آسمانوں کا پروردگار ہے۔
وَرَبِّ الاَرَضیْنَ السَّبْعِ اور سات زمینوں کا پروردگار ہے۔
وَمَا فِیْهِنَّ وَ مَا بَیْنَهُنَّ اور ہر اس چیز کا پروردگار ہے جو ان میں اور دونوں کے درمیان ہے۔
وَ رَبِّ الْعَرْشِ الْعَظیمِ اور عرش عظیم کا پروردگار ہے۔
وَ الْحَمْدُ للهِ رَبِّ الْعَالَمِینَ اور حمد و ثناء اس خدا کے لئے مخصوص ہے جو تمام موجودات کا پالنے والا ہے۔
مسئلہ319۔ تسبیحات اربعہ کا ترجمہ:
سُبْحانَ اللهِ خدا پاک و منزہ ہے۔
وَالحَمْدُ لِلهِ حمد و ثناء خدا کے لئے مخصوص ہے۔
وَ لاَ اِلهَ اِلاَّ اللهُ اور اللہ کے علاوہ کوئی پرستش کے لائق نہیں۔
وَ اللهُ اَکْبَرُ اور اللہ سب سے بزرگ ہے۔
مسئلہ320۔ تشہد اور سلام کا ترجمہ:
اَلْحَمْدُ لِلهِ حمد و ثناء اللہ کے لئے مخصوص ہے۔
اَشْهَدُ اَنْ لاَ اِلهَ اِلاَّ اللهُ میں گواہی دیتا ہوں کہ خدا کے علاوہ کوئی پرستش کے لائق نہیں ہے۔
وَحْدَهُ لاَ شَریکَ لَهُ جو یکتا ہے، جس کا کوئی شریک نہیں۔
وَ اَشْهَدُ اَنَّ مُحَمَّداً عَبْدُهُ وَ رَسُولُهُ اور میں گواہی دیتا ہوں کہ محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اس کے بندے اور اس کے رسول ہیں۔
اَللّهُمَّ صَلِّ عَلی مُحَمَّدٍ وَ آلِ مُحَمَّدٍ اے خدا رحمت بھیج محمد اور آل محمد پر۔
وَ تَقَبَّلْ شَفاعَتَهُ وَ ارْفَعْ دَرَجَتَهُ اور اس کی شفاعت کو قبول کر اور اس کا درجہ بلند فرما۔
اَلسَّلامُ عَلَیْکَ اَیُّهَا النَّبِیُّ وَ رَحْمَةُ اللهِ وَ بَرَکاتُهُ اے نبی آپ پر اللہ کا درود، رحمت اور برکتیں نازل ہوں۔
اَلسَّلامُ عَلَیْنَا وَ عَلی عِبادِ اللهِ الصَّالِحینَ ہم پر اور اللہ کے صالح بندوں پر درود ہو۔
اَلسَّلامُ عَلَیْکُم وَ رَحْمَةُ اللهِ وَ بَرَکاتُهُ آپ (مومنین اور فرشتوں) پر اللہ کا درود، رحمت اور برکتیں ہوں۔
- مبطلات نماز (وہ چیزیں جو نماز کو باطل کرتی ہیں)
مبطلات نماز (وہ چیزیں جو نماز کو باطل کرتی ہیں)
مسئلہ321۔ مبطلات نماز درج ذیل ہیں:
1۔ ان شرائط میں سے کسی کا مفقود ہونا جن کی نماز میں رعایت کرنا ضروری ہے۔
2۔ وضو یا غسل کا باطل ہونا۔
3۔ قبلے سے رخ پھیرنا
4۔ بات کرنا
5۔ ہنسنا
6۔ رونا
7۔ نماز کی شکل باقی نہ رہنا
8۔ کھانا اور پینا
9۔ وہ شک جو نماز کو باطل کرتا ہے[1]
10۔ ارکان نماز کو کم کرنا اور بڑھانا
11۔ الحمد کے بعد آمین کہنا
12۔ پیٹ پر ہاتھوں کو باندھنا (تکتف)مسئلہ322۔ اگر نماز کے دوران ان شرائط میں سے کوئی مفقود ہوجائے جن کی رعایت ضروری ہے مثلاً نماز کے دوران متوجہ ہوجائے کہ نماز کی جگہ غصبی ہے تو نماز باطل ہے۔
مسئلہ323۔ اگر نماز کے دوران ایسی چیز سے دوچار ہوجائےجس سے وضو یا غسل یا تیمم باطل ہوتا ہے مثلاً نیند آئے یا پیشاب وغیرہ نکلے تو نماز باطل ہے۔
مسئلہ324۔ اگر جان بوجھ کر قبلے سے اس حد تک اپنا بدن یا رخ پھیرے کہ دائیں اور بائیں طرف آسانی سے دیکھ سکتا ہو تو نماز باطل ہے اور اگر بھول کربھی ایسا کرے تو احتیاط واجب کی بناپر نماز باطل ہے لیکن اگر چہرے کو ایک طرف تھوڑا پھیرے تو نماز باطل نہیں ہے۔
مسئلہ325۔ اگر نماز کے دوران جان بوجھ کر بات کرے تو چاہے ایک کلمہ ہی کیوں نہ ہو، نماز باطل ہے۔
مسئلہ326۔ کھانسنے، چھینکنے اور گلہ صاف کرنے سے نکلنے والی آواز سے اگر کوئی حرف بن جائے تو بھی نماز باطل نہیں ہوتی ہے۔
مسئلہ327۔ اگر ذکر کی نیت سے کوئی کلمہ ادا کرے مثلاً کہے: اللہ اکبر اور کہتے وقت آواز کو بلند کرے تا کہ کسی کو کوئی بات سمجھائے تو کوئی اشکال نہیں ہے لیکن کسی کو بات سمجھانے کی نیت سے ذکر پڑھے تو اگرچہ ذکر کی بھی نیت رکھتا ہو تو نماز باطل ہے۔
مسئلہ328۔ ضروری ہے کہ انسان نماز کی حالت میں کسی کو سلام نہ کرے اور اگر کوئی دوسرا شخص اسے سلام کرے تو اس کا جواب دینا واجب ہے اور اس طرح جواب دے کہ کلمہ سلام پہلے ہو مثلاً کہے: سلام علیکم یا السلام علیکم؛ اور علیکم السلام نہ کہے۔
مسئلہ329۔ اگر کوئی شخص کسی گروہ کو سلام کرے اور کہے: اَلسَّلامُ عَلَیکُم جَمِیعاًاور ان میں سے ایک نماز میں مشغول ہو چنانچہ دوسرا شخص اس کا جواب دے تو نماز پڑھنے والے کو چاہئے کہ جواب نہ دے۔
مسئلہ330۔ بالغ شخص کی طرح اس بچے کے سلام کا جواب دینا بھی واجب ہے جو اچھے برے میں تمییز کرسکتا ہو۔
مسئلہ331۔ سلام کا جواب فوراً دینا واجب ہے اگر کوئی کسی بھی وجہ سے اتنی تاخیر کرے کہ اس سلام کا جواب شمار نہ کیا جائے چنانچہ نماز کی حالت میں ہو تو سلام کا جواب نہیں دینا چاہئے اور اگر نماز کی حالت میں نہ ہو تو بھی جواب دینا واجب نہیں ہے اور اگر تاخیر کی مقدار میں شک کرے تو بھی یہی حکم ہے ، تاہم جان بوجھ کر جواب دینے میں تاخیر کی ہے تو گناہ کیا ہے۔
مسئلہ332۔ نماز پڑھنے والے کو سلام کرتے ہوئے سلام علیکم کے بجائے فقط سلام کہے تو اگر عرفی طور پر اسے تحیت و سلام کہاجاتا ہو تو جواب دینا واجب ہے اور احتیاط کی بناپر اسی طرح جواب دے جو بیان ہوچکا ہے۔
مسئلہ333۔ جان بوجھ کر اور آواز کے ساتھ ہنسنا (قہقہہ لگانا) نماز کو باطل کرتا ہے لیکن بھول کر یا بغیر آواز کے ہنسنے سے نماز باطل نہیں ہوتی ۔
مسئلہ334۔ ایسا نمازی جو اپنی ہنسی نہ روک سکے، اگر اندرونی ہنسی کی شدت سے اس کا چہرہ سرخ ہوجائے یا بدن میں لرزش پیدا ہوجائے تو جب تک نماز کی شکل ختم نہیں ہوتی اس کی نماز صحیح ہے۔
مسئلہ335۔ دنیاوی کام کے لئے جان بوجھ کر اور بلند آواز میں رونے سے نماز باطل ہوتی جاتی ہے لیکن خدا کے خوف سے یا آخرت کے لئے ہو تو کوئی اشکال نہیں ہے بلکہ بہترین اعمال میں سے ہے۔
مسئلہ336۔ ان کاموں کو انجام دینا جن سے نماز کی شکل تبدیل ہوجاتی ہے مثلاً تالی بجانا اور ہوا میں اچھلنا،جان بوجھ کر ہو یا بھولے سے، نماز کوباطل کردیتاہے۔
مسئلہ337۔ اگر نماز پڑھنے والا کسی کو کوئی بات سمجھانے یا سوال کا جواب دینے کے لئےنماز کی حالت میں ہاتھ یا آنکھ کو اس طرح تھوڑی حرکت دے کہ سکون یا نماز کی شکل کے منافی نہ ہو تو نماز باطل نہیں ہوتی ۔
مسئلہ338۔ نماز میں آنکھوں کو بند کرنے میں کوئی اشکال نہیں اور نماز باطل نہیں ہوتی ، اگرچہ رکوع کے علاوہ مکروہ ہے۔
مسئلہ339۔ قنوت کے بعد ہاتھوں کو چہرے پر ملنا مکروہ ہے لیکن نماز باطل نہیں ہوتی ۔
مسئلہ340۔ نماز کی حالت میں کھانا اور پینا نماز کو باطل کرتا ہے چاہے کم ہو یا زیادہ لیکن منہ کے اطراف میں باقی بچ جانے والی غذا کے ذرات کو نگلنا یا ذرا سی قند یا شکر کو چوسنا نماز باطل ہونے کا باعث نہیں ہے۔ اسی طرح اگر سہوا ًیا فراموشی سے کوئی چیز کھائے یا پیئے تو نماز باطل نہیں ہوتی ہےبشرطیکہ نماز کی شکل سے خارج نہ ہو۔
مسئلہ341۔ اگر نماز پڑھنے والا عمدا ًیا سہوا ًکسی رکن کو کم کرے یا بڑھائے یا غیر رکنی واجبات میں سے کسی کو عمدا ًکم کرے یا بڑھائے تو اس کی نماز باطل ہوجاتی ہے۔
مسئلہ342۔ سورہ حمد پڑھنے کے بعد آمین کہنا جائز نہیں اور نماز باطل ہونے کا سبب ہے لیکن اگر تقیہ کی خاطر ہوتو کوئی اشکال نہیں ہے۔ اسی طرح سینے پر ہاتھ رکھ کر کھڑا ہونا اگر اس نیت سے ہو کہ یہ عمل نماز کا جزءہے تو نماز باطل کردیتا ہے اور احتیاط واجب یہ ہے کہ اس نیت کے بغیر بھی اس عمل کو انجام نہ دے۔
مسئلہ343۔ بغیر کسی عذر کے واجب نماز کو توڑنا جائز نہیں ہے۔
مسئلہ344۔ اگر نماز توڑے بغیر جان یا ایسے مال کی حفاظت کرنا ممکن نہ ہو کہ جسے بچانا واجب ہے تو ضروری ہے کہ نماز کو توڑدے اور مجموعی طور ان تمام جانی و مالی خطرات سے بچنے کے لئے نماز توڑنا جائز ہے جو نماز پڑھنے والے کے لئے قابل توجہ اور اہم ہوں۔
- شكيّات نماز
- سجدہ سہو
- بھولے ہوئے سجدے اور تشہد کی قضا
بھولے ہوئے سجدے اور تشہد کی قضا
مسئلہ399۔ اگر کوئی شخص نماز کا ایسا واجب فعل بھول کر انجام نہ دے جو رکن نہ ہو تو نماز باطل نہیں ہے اور اس کی قضا بھی لازم نہیں البتہ سجدہ اور احتیاط واجب کی بناپر تشہد میں ضروری ہے کہ نماز کے بعد ان دونوں کی قضا بجالائے۔
مسئلہ400۔ اگر ایک سجدہ بھول جائے اور اگلی رکعت کے رکوع میں یا اس کے بعد یاد آئے تو ضروری ہے کہ نماز کے بعد اس کی قضا بجالائے۔
مسئلہ401۔ اگر تشہد پڑھنا بھول جائے اور اگلی رکعت کے رکوع میں یا اس کے بعد متوجہ ہوجائے تو نماز باطل نہیں ہے لیکن احتیاط واجب کی بناپر ضروری ہے کہ نماز کے بعد اس کی قضا بجالائے۔
مسئلہ402۔ بھولے ہوئے سجدے اور تشہد کی قضا میں ضروری ہے کہ نماز کی تمام شرائط کی رعایت کرے مثلاً بدن اور لباس کا پاک ہونا اور رو بقبلہ ہونا وغیرہ
مسئلہ403۔ نماز کے سلام کے بعد تشہد کی قضا بجالانے والے شخص کے لئے ضروری نہیں ہے کہ تشہد کی قضا بجالانے کے بعد سلام بھی کہے اور سجدے کی قضا بجالانے والے کے لئے بھی لازم نہیں ہے کہ سجدے کی قضا بجالانے کے بعد تشہد اور سلام پڑھے۔
مسئلہ404۔ اگر نماز کے سلام اور سجدے یا تشہد کی قضا بجالانے کے درمیان کوئی ایسا کام انجام دے جو نماز کو باطل کرتا ہو مثلا قبلے سے رخ موڑلے تو ضروری ہے کہ سجدے اور تشہد کی قضا بجالائے اور نماز صحیح ہے۔
مسئلہ405۔ جس شخص پر سجدے یا تشہد کی قضا واجب ہو اگر اس پر کسی اور کام کی وجہ سے سجدہ سہو واجب ہوجائے تو نماز کے بعد ضروری ہے کہ پہلے سجدے یا تشہد کی قضا کرے اس کے بعد سجدہ سہو کو بجالائے۔
- مسافر کی نماز
- قضا نماز
قضا نماز
مسئلہ626۔ اگر کسی نے یومیہ واجب نماز جان بوجھ کر یا بھولے سے یا لاعلمی کی بنا پر اس کے معین وقت میں نہ پڑھی ہویا وقت گزرنے کے بعد متوجہ ہوا ہو کہ نماز باطل ہوئی تھی تو ضروری ہے کہ اس کی قضا بجالائے ۔
مسئلہ627۔ اگر کوئی شخص یومیہ نماز کے علاوہ کوئی اور واجب نماز مثلاً نمازآیات کو اس کے معین وقت میں نہ پڑھے تو ضروری ہے کہ اس کی قضا بجالائے۔
مسئلہ628۔ نماز کی قضا اس صورت میں واجب ہے کہ جب مکلف کو اس کے قضا ہونے یا باطل ہونے کا یقین ہو لیکن اگر قضا ہونے یا باطل ہونے کا شک یا گمان ہوتو اس کی قضا بجالانا واجب نہیں ہے۔
مسئلہ629۔ اگر مکلف نماز کے پورے وقت میں بے ہوش رہے تو اس کی قضا واجب نہیں ہے البتہ اگر اس کے اپنے اختیار سے بے ہوشی طاری ہوئی ہو تو اس صورت میں احتیاط واجب کی بناپر ضروری ہےکہ نماز کی قضا بجالائے۔
مسئلہ630۔ اگر کوئی غیر مسلم اسلام لائے تو مسلمان ہونے سے پہلے جو نمازیں نہیں پڑھی ہیں ان کی قضا لازم نہیں ہے لیکن مرتد یعنی وہ مسلمان جس نے اسلام کو چھوڑدیا ہو اس کے لئے ضروری ہے کہ توبہ کرنے کے بعد ارتداد کے زمانے میں قضا ہونے والی نمازوں کی قضا بجالائے۔
مسئلہ631۔ جن نمازوں کے پورے وقت میں عورت حیض یا نفاس کی حالت میں رہی ہو ، ان کی قضا واجب نہیں ہے۔
مسئلہ632۔ جس شخص پر قضا نماز واجب ہو اس کو فوراً پڑھنا واجب نہیں ہے البتہ اس کو پڑھنے میں کوتاہی نہیں کرنی چاہئے۔
مسئلہ633۔ اگر کوئی شخص حکم شرعی یا موضوع سے لا علمی کی بنا پر نماز کو طہارت کے بغیر پڑھے مثلاً کسی کو مجنب ہونے کا علم نہ ہو اور غسل کے بغیر یا باطل غسل یا باطل وضو کے ساتھ نماز پڑھی ہو تو ضروری ہے کہ ان نمازوں کی قضا بجالائے۔
مسئلہ634۔ واجب نماز کی قضا اسی ترتیب سے بجالانا چاہئے جس طرح قضا ہوئی ہے۔ بنابرایں اگر مکلف کا وظیفہ چار رکعتی نمازپڑھنا ہو اور وہ قضا ہوجائے تو ضروری ہے کہ اس کی قضا کو بھی چار رکعتی بجالائے (اگرچہ سفر کے دوران قضا بجالائے) اور سفر کے دوران( جب اس کا وظیفہ قصر پڑھنا ہو) چار رکعتی نمازیں قضا ہوجائیں تو ضروری ہے کہ قصر کرکے قضا بجالائے اگرچہ قضا بجالاتے وقت سفر میں نہ ہو۔
مسئلہ635۔ واجب نماز کی قضا کو دن اور رات میں جب چاہے پڑھ سکتا ہے اور لازمی نہیں کہ نماز صبح کی قضا کو نماز صبح کے وقت اور نماز ظہر کی قضا کو نماز ظہر کے وقت بجالائے۔
مسئلہ636۔ نماز قضا ہونے کا معیار آخری وقت ہے ۔ بنابرایں اگرآخری وقت میں جب نماز قضا ہوئی ہو مسافر ہو تو اس نماز کی قضا کو قصرکرکے بجالائے اگرچہ اول وقت میں اپنے وطن میں تھا اور اگرآخری وقت میں سفر میں نہ ہوتو قضا کو پوری پڑھے اگرچہ اول وقت میں سفرمیں تھا۔
مسئلہ637۔ نماز کی قضا بجالاتے ہوئے ترتیب کی رعایت واجب نہیں ہے مگر یہ کہ ایک دن کی نماز ظہر اور عصر اور ایک دن کی نماز مغرب و عشاء ہو(تو رعایت واجب ہے)
مسئلہ638۔ اگر کسی شخص کو قضا ہونے والی نمازوں کی تعداد کے بارے میں علم نہ ہو تو جتنی مقدار کے قضا ہونے پر یقین ہے اس پر اکتفا کرسکتا ہے۔
مسئلہ639۔ جس شخص پر قضا نماز واجب ہو وہ ادا نماز پڑھ سکتا ہے لیکن احتیاط واجب یہ ہے کہ اگر صرف ایک قضا نماز ہو تو پہلے قضا نماز کو پڑھے مخصوصا اگر اسی دن کی قضا نماز ہو۔
مسئلہ640۔ جس شخص پر قضا نماز واجب ہو، نافلہ اور مستحب نماز پڑھ سکتا ہے۔
مسئلہ641۔ یومیہ نوافل کی قضا بجالانا مستحب ہے۔
- نماز کے لئے اجیر بنانا
نماز کے لئے اجیر بنانا
مسئلہ642۔ اگر میت کی عبادتیں مثلاً نماز یا روزہ قضا ہوئی ہوں تو میت کی طرف سے ان کو بجالانے کے لئے کسی کو اجیر بنانا جائز ہے۔ اسی طرح کوئی ان عبادتوں کو تبرعاً (بغیر اجرت کے) بھی انجام دے سکتا ہے اور اس طرح میت کا ذمہ ادا ہوجاتا ہے۔
مسئلہ643۔ جو نماز اجرت لے کر میت کی طرف سے پڑھی جاتی ہے، نماز استیجاری کہلاتی ہے۔
مسئلہ644۔ اگر میت نے اپنی قضا نمازوں کے لئے اجیر بنانے کی وصیت کی ہو توضروری ہے کہ اس کے مال کے تیسرے حصے کے برابروصیت پر عمل کیا جائے اور تیسرے حصے سے زیادہ میں ورثاء کی اجازت لازم ہے۔
مسئلہ645۔ اگر کوئی شخص میت کی نماز پڑھنے کے لئے اجیر بناہو تو نماز پڑھتے وقت میت کو خصوصیات کے ساتھ معین کرنا لازم نہیں ہے بلکہ اجمالی طور پر اس کو معین کرے تو کافی ہے مثلاً اگر کوئی شخص دو افراد کی نماز پڑھنے کے لئے اجیر بناہو چنانچہ پہلی میت کی طرف سے نماز کی نیت کرے تو کافی ہے۔
مسئلہ 646۔ اگر اجارے کی نماز کے لئے مخصوص شرط نہ رکھی جائے (مثلاً جماعت کے ساتھ یا مسجد میں پڑھنا) تو اجیر پرصرف لازم ہے کہ نماز کو اس کے واجبات کے ساتھ بجالائے۔
مسئلہ647۔ میت کی نمازیں پڑھنے کے لئے ہم جنس ہونا شرط نہیں ہے یعنی مرد عورت کی قضا نمازیں پڑھ سکتا ہے اور عورت مرد کی قضا نماز پڑھ سکتی ہے، اجیر بن کر یا بغیر اجرت کے پڑھے۔
مسئلہ648۔ نماز کو بلند آواز کے ساتھ یا آہستہ پڑھنے میں ضروری ہے کہ اجیر اپنے وظیفے کے مطابق عمل کرےبنابرایں اگر کوئی مرد عورت کی قضا نمازوں کے لئے اجیر بنے تو ضروری ہے کہ نماز صبح ، مغرب اور عشاء میں الحمد اور سورہ کو بلند آواز سے پڑھے۔
مسئلہ649۔ جو شخص میت کی قضا نماز کے لئے اجیر بنے ضروری ہے کہ مندرجہ ذیل شرائط رکھتا ہو؛
1۔ اجتہاد یا صحیح تقلید کے ساتھ نماز کے مسائل کو جانتا ہو۔
2۔ نماز کو صحیح طریقے سے پڑھنے کے بارے میں قابل اطمینان ہو۔
3۔ کوئی عذر نہ رکھتا ہو مثلاً جو شخص بیٹھ کر نماز پڑھتا ہو میت کی نمازوں کے لئے اجیر نہیں بن سکتا ہے۔
- والدین کی قضا نماز
والدین کی قضا نماز
مسئلہ650۔ بڑے بیٹے پر واجب ہے کہ باپ سے قضا ہونے والی نمازوں اور احتیاط واجب کی بناپر ماں سے قضا ہونے والی نمازوں کی قضا بجالائے۔
مسئلہ651۔ اگر باپ یا ماں نے بالکل نماز نہیں پڑھی ہو تو احتیاط واجب کی بناپر بڑے بیٹے پر نمازوں کی قضا واجب ہے۔
مسئلہ652۔ بڑے بیٹے سے مراد وہ سب سے بڑا بیٹا ہے جو ماں باپ کے مرتے وقت زندہ ہو ، خواہ بالغ ہو یا نہ ہو۔
مسئلہ653۔ اگر میت کی سب سے بڑی اولاد بیٹی ہو اور اس کے بعد دوسری اولاد بیٹا ہو تو ماں باپ کی قضا نمازیں بڑے بیٹے پر جو دوسری اولاد ہے، واجب ہوگی ۔
مسئلہ654۔ اگر (بڑے بیٹے کے علاوہ) کوئی شخص ماں باپ کی نمازوں کی قضا بجالائے تو بڑے بیٹے سے قضا ساقط ہوجائے گی۔
مسئلہ655۔ بڑے بیٹے پر واجب ہے کہ ماں باپ سے جتنی نمازیں قضا ہونے کا یقین ہے، قضا بجالائے اور اگر نہیں جانتا ہو کہ ان کی نماز قضا ہوئی ہے یا نہیں تو کچھ بھی واجب نہیں ہے اور اس کے بارے میں تحقیق و جستجو کرنا لازم نہیں ہے۔
مسئلہ656۔ بڑے بیٹے پر واجب ہے کہ جس قدر ممکن ہو ماں باپ کی نمازوں کی قضا بجالائے اور اگر اس سے عاجز ہو تو اس پر کچھ واجب نہیں ہے۔
مسئلہ657۔ اگر کسی شخص پر اپنی قضا نمازوں کے ساتھ ساتھ ماں باپ کی قضا نمازیں بھی واجب ہوں تو کسی ایک کے پہلے پڑھنے میں اسے اختیار حاصل ہے اور جس نماز کو بھی پہلے پڑھنا چاہے پڑھ سکتا ہے۔
مسئلہ658۔ اگر ماں باپ کے مرنے کے بعد بڑا بیٹا مرجائے تو دوسرے بچوں پر ماں باپ کی قضا نماز واجب نہیں ہے۔
- نماز آیات
- نماز عید فطر و عید قربان
نماز عید فطر و عید قربان
مسئلہ680۔ عید فطر اور عید قربان کی نماز یں معصوم علیہ السلام کے زمانہ حضور میں واجب ہیں اور ضروری ہے کہ جماعت کے ساتھ پڑھی جائیں اور آج کے زمانے میں (زمانہ غیبت کبری میں) مستحب ہیں۔
مسئلہ681۔ نماز عید فطر و عید قربان کا وقت عید کے دن اول طلوع آفتاب سے ظہر تک ہے۔
مسئلہ682۔ عید قربان کی نماز سورج چڑھ آنے کے بعد پڑھنا مستحب ہے اور عید فطر میں مستحب ہے کہ سورج چڑھ آنے کے بعدپہلے افطار کرے اور زکات فطرہ ادا کرے اس کے بعد عید کی نماز پڑھے۔
مسئلہ683۔ عید فطر و عید قربان کی نماز دو رکعت ہے۔ پہلی رکعت میں الحمد اور سورہ کے بعد ضروری ہے پانچ تکبیریں کہے اور ہر تکبیر کے بعد ایک قنوت پڑھے اور پانچویں قنوت کے بعد ایک تکبیر کہے اور رکوع میں جائے اور دو سجدوں کے بعد کھڑا ہوجائے اور دوسری رکعت میں الحمد اور سورہ کے بعد چار تکبیریں کہے اور ہر تکبیر کے بعد قنوت پڑھے اور پانچویں تکبیرکے بعد رکوع میں جائے اور نماز کو جاری رکھ کر ختم کرے۔
مسئلہ684۔ عید فطر اور عید قربان کی نماز میں قرائت کو بلند آواز سے پڑھنا مستحب ہے۔
مسئلہ685۔ عید کی نماز کے لئے کوئی سورہ مخصوص نہیں ہے لیکن بہتر ہے کہ پہلی رکعت میں سورہ شمس اور دوسری رکعت میں سورہ غاشیہ یا پہلی رکعت میں سورہ اعلی اور دوسری رکعت میں سورہ شمس پڑھا جائے۔
مسئلہ686۔ عید فطر اور عید قربان کی نماز میں جو دعا اور ذکر بھی پڑھاجائے تو کافی ہے لیکن بہتر ہے کہ ثواب پانے کی نیت سے یہ دعا پڑھی جائے: اَللّهُمَّ اَهلَ الکِبریاءِ وَ العَظَمَةِ وَ اَهلَ الجوُدِ وَ الجَبَروُتِ وَ اَهلَ العَفوِ وَ الرَّحمَةِ وَ اَهلَ التَّقوی وَ المَغفِرَةِ اَساَلُکَ بِحَقِّ هذَا الیَومِ الَّذی جَعَلتَهُ لِلمُسلِمینَ عیداً وَ لِمُحَمَّدٍ صَلَّی اللهُ عَلَیهِ وَ آلِهِ ذُخراً وَ شَرَفاً وَ کَرامَةً وَ مَزیداً اَن تُصَلِّیَ عَلی مُحَمَّدٍ وَ آلِ مُحَمَّدٍ وَ اَن تُدخِلَنی فی کُلِّ خَیرٍ اَدخَلتَ فیهِ مُحَمَّداً وَ آلَ مُحَمَّدٍ و اَن تُخرِجَنی مِن کُلِّ سوُءٍ اَخرَجتَ مِنهُ مُحَمَّداً وَ آلَ مُحَمَّدٍ صَلَواتُکَ عَلَیهِ وَ عَلَیهِم اَللّهُمَّ اِنّی اَساَلُکَ خَیرَ ما سَاَلَکَ بِهِ عِبادُکَ الصّالِحونَ وَ اَعوذُ بِکَ مِمَّا استَعاذَ مِنهُ عِبادُکَ المُخلَصونَ
مسئلہ687۔ نماز عید میں مختصر یا طویل قنوت پڑھنے میں کوئی اشکال نہیں ہے لیکن ان کی تعداد کو کم کرنا یا اضافہ کرنا جائز نہیں ہے۔
مسئلہ688۔ اگر نماز پڑھنے والے کو نماز عید کی تکبیروں یا قنوت میں شک ہوجائے چنانچہ اس کا مقام نہ گزرا ہو تو یوں سمجھے کہ کم بجالایا ہے اور بعد میں معلوم ہوجائے کہ پڑھ چکا تھا تو کوئی اشکال نہیں ہے۔
مسئلہ689۔ اگر کوئی شخص قرائت، تکبیر یا قنوت کو فراموش کردے تو نماز صحیح ہے لیکن رکوع یا دو سجدے یا تکبیرہ الاحرام کو فراموش کردے تو نماز باطل ہے۔
مسئلہ690۔ نماز عید فطر اور عید قربان کی قضا نہیں ہے۔
- نماز جماعت
- نماز جمعہ
-
- روزہ