ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

رہبر معظم انقلاب اسلامی :

جمعہ کے دن ایرانی قوم سامراج کے منہ پر زوردار طمانچہ رسید کرےگی

رہبر معظم انقلاب اسلامی  حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے آج صبح (بروز بدھ) عوام کے مختنف طبقات، شہیدوں اور ایثار گروں کے اہلخانہ سے ملاقات میں جمعہ کے دن ہونے والے پارلیمانی انتخابات کی حساسیت کو گذشتہ انتخابات سے کہیں زيادہ قراردیا اور پارلیمنٹ کے نویں مرحلے کے انتخابات میں عوام کی وسیع پیمانے پر شرکت کو بہت ہی اہم قراردیتے ہوئے فرمایا: اللہ تعالی کے لطف و کرم سے جمعہ کے دن ایرانی قوم، استکبار کے چہرے پر 22 بہمن کی نسبت زوردار طمانچہ رسید کرےگی اور اپنے مضبوط و مستحکم اور پختہ عزم کو دشمن کے سامنے پیش کرےگی تاکہ استکبار کو معلوم ہوجائے کہ وہ اس قوم کے مقابلے میں کچھ نہیں کرپائےگا۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی  خامنہ ای نے پارلیمانی انتخابات میں شرکت کے سلسلے میں عوام میں مایوسی پیدا کرنے کے لئے استکباری ذرائع ابلاغ کی کئی ماہ کی کوششوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: تمام دنیا میں انتخابات ایک قوم کے زندہ ہونے اور اس کے پختہ عزم و ارادہ کا مظہرہیں لہذا انتخابات میں عوام کی وسیع شرکت جس ملک میں بھی ہو وہ اس قوم کی ہوشیاری اوراپنے نظام کے ساتھ ہمراہی کی علامت ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے امریکہ کے حالیہ برسوں میں صدارتی انتخابات کے دوران عوام کی بڑی کم تعداد میں شرکت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: امریکہ میں ہونے والےانتخابات کا ایران میں 1388 ہجری شمسی میں ہونے والے صدارتی انتخابات اورپارلیمنٹ کے آٹھویں مرحلے کے انتخابات سے ہر گز موازنہ نہیں کیا جاسکتا اور مغربی میڈيا کی وسیع تبلیغات اور پروپیگنڈہ کا مقصد بھی یہی ہے کہ وہ انتخابات میں ایرانی عوام کے شوق و نشاط کو سلب کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

رہبرمعظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: وہ چیز جو میں اللہ تعالی کے لطف سے احساس کرتا ہوں اور قوی احتمال دیتا ہوں  کہ ایرانی قوم جمعہ کے انتخابات میں استکبار کے چہرے پر زوردار طمانچہ رسید کرےگی۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے تاکید کرتے ہوئے فرمایا: عوام کے دل اور ان کی ہدایت اللہ تعالی کے ہاتھ میں ہے اور جب عوام ، حکام اور عہدیداروں کے دل اللہ تعالی کے ساتھ ہوں تو اللہ تعالی بھی ان کے راستے کھول دےگا اور انھیں توفیق نصیب کرےگا اور اللہ تعالی کے فضل سے یہ توفیق جمعہ کے دن ایرانی قوم کو نصیب ہوگی۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے انتخابات میں عوام کی وسیع شرکت کو استکبار کے چہرے پرحقیقی طمانچہ قراردیتے ہوئے فرمایا: انتخابات میں سب سے اہم بات عوام کی وسیع پیمانے پر شرکت ہے کیونکہ عوام کی شرکت جتنی زيادہ ہوگی پارلیمنٹ بھی اتنی ہی قوی ، مضبوط ، شجاع اور مستحکم تشکیل پائے گی اور ایسی پارلیمنٹ قدرت اور طاقت کے ساتھ ایرانی عوام کی آواز کو دنیا تک پہنچا سکے گي۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: عوام کی وسیع پیمانے پر شرکت کے ساتھ صالح نمائندوں کو رائے دینا بھی اہم ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے جمعہ کو ہونے والے انتخابات کی حساسیت کو گذشتہ انتخابات کی نسبت کہیں زيادہ قراردیتے ہوئے فرمایا: نویں مرحلے کے انتخابات کی حساسیت کی اصلی وجہ یہ ہے کہ سامراجی طاقتوں نے اپنے تمام آلہ کاروں اور اپنے تمام وسائل کو ایرانی قوم  کے خلاف استعمال کیا ہوا ہے لہذا ایرانی قوم کو میدان میں آکر اپنے پختہ عزم و ارادہ کو دشمن کے رخ پر ملنا چاہیے تاکہ استکبار کو معلوم ہوجائے کہ وہ اس  قوم کے خلاف استقامت نہیں کرسکتا ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے استکبار اور سامراجی طاقتوں کے رہنماؤں کی جانب سے عوام کے اندر مایوسی پھیلانے اور اقتصادی پابندیوں اور دباؤ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: امریکہ ، صہیونی اور مغربی ممالک ایرانی قوم کی حرکت کو روکنے کی کوشش کررہے ہیں کیونکہ ایرانی قوم کی حرکت علاقائی قوموں کے لئے نمونہ اور علاقائی قوموں کی بیداری کا سبب بن گئی ہے اس لئے وہ ایرانی قوم کی حرکت کو روکنے کی تلاش و کوشش میں ہیں تاکہ وہ علاقائی قوموں کو یہ بتا سکیں کہ ایرانی قوم اب مایوس ہوگئی ہے اور یہ نمونہ اب شکست سے دوچار ہوگیا ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے تاکید کرتے ہوئے فرمایا: عجیب بات یہ ہے کہ تیس برس گذرنے کے بعد اور اقتصادی ، سیاسی دباؤ اور تبلیغاتی پروپیگنڈے کے باوجود ایرانی قوم ہر دور کی نسبت سب سے زيادہ مصمم ،سب سے زيادہ  شاداب اور سب سے زيادہ ہوشیار ہوگئی ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: اس سال 22 بہمن کے موقع پر عوام کی عظيم حرکت اور اسلامی نظام کی پشتپناہی درحقیقت استکبار کے منہ پر ایک زوردار طمانچہ تھا  کیونکہ دشمنوں کی کوشش ہے کہ وہ ایسے چھوٹے گروہوں کو سڑکوں پر لائیں جو اسلامی نظام کے خلاف نعرے بازی کریں۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے یورپی حکومتوں کے خلاف یورپی عوام کے مظاہروں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: دشمن نےجو خواب ایرانی قوم کے لئے دیکھا تھا اس کی تعبیر اسے خود مل رہی ہے اور یہ ایرانی عوام کی بہت بڑی کامیابی ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: ایرانی قوم نےہر قسم کے دباؤ کے باوجود حتی ملک کے جوان سائنسدانوں کی شہادت کے باجود اس بات کی اجازت نہیں دی ہے کہ دشمن کی سازش کامیاب ہوجائے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ملک کے شرائط کا جائزہ لیتے ہوئے فرمایا: آج ایرانی قوم ہر لحاظ سے اسٹراٹیجک نگاہ کے ساتھ آگے کی سمت گامزن ہے اور ہر دور کی نسبت زيادہ مصمم اور زیادہ شاداب ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نےموجودہ جوان نسل کے شوق و شادابی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: شہداء عام طور پر جوان نسل سے رہے ہیں جو اب قوم اور جوان نسل کے لئے ایک با عظمت نمونے میں تبدیل ہوگئے ہیں۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے  تاریخ اسلام میں جوان نمونوں بالخصوص حضرت امام حسن عسکری (ع)اور حضرت امام جواد (ع) کی یاد کرتے ہوئے فرمایا:  شہداء جوان نسل اور قوم کے ہر فرد کے لئےنمونہ ہونے کے عنوان سے ایرانی قوم کے اعمال پر ناظر ہیں اور ہر وہ اقدام جو ملک کی پیشرفت اور ترقی کا سبب ہو وہ قطعی طور پر حضرت امام (رہ) اور شہیدوں کی ارواح کی خوشحالی کا موجب ہوگا۔

700 /