ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

رہبر معظم انقلاب اسلامی:

اسلامی بیداری کی تحریک جاری رہےگی جو امت مسلمہ کی تاریخ کو بدل دےگی

رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ولادت با سعادت کے ایام ، ہفتہ وحدت اور اسلامی بیداری کے بین الاقوامی شعرسمینار کے شرکاء سے پیرکی رات ملاقات کی۔

یہ ملاقات خوشگوار ماحول اور علاقہ میں جاری اسلامی بیداری کے احساسات و جذبات سے سرشار فضا میں منعقد ہوئی ۔ اس ملاقات میں سب سے پہلے تیونس، مصر، یمن، بحرین، لبنان، سوڈان، عراق، شام، سعودی عرب، کویت اور اسلامی جمہوریہ ایران کے شعراء نے عربی زبان میں پیغمبر اسلام (ص) کی مدح وتوصیف، علاقہ میں جاری اسلامی بیداری کے انقلابات، فلسطین و بیت المقدس، اسلامی جمہوریہ ایران کے اسلامی انقلاب کی کامیابی کی تینتیسویں برسی اور ایرانی قوم کی استقامت کے بارے میں اپنے اشعار پیش کئے۔

اس کے بعد رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اپنے خطاب میں اعلی مضامین پر مشتمل اور ممتاز اشعار کے اثرات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: امت مسلمہ کے شاعروں کو چاہیے کہ وہ اپنے اعلی مضامین پر مشتمل اشعار کے ذریعہ اسلامی بیداری کی عظيم تحریک میں اپنا اہم نقش ایفا کریں۔

رہبرمعظم انقلاب اسلامی نے اسلامی بیداری سے متعلق اشعار کے مضامین کو امت اسلامی کی بصیرت میں اضافہ پر مشتمل ہونے کی تاکید کرتے ہوئے فرمایا:  اسلامی بیداری سے متعلق اشعار کے مضامین  میں اعلی اہداف اور عظیم مقاصد کی نشاندہی اور ان مقاصد تک پہنچنے کے راستوں کی نشاندہی ہونی چاہیے نیز دشمنوں کی پہچان اوران کی جانب سے پیدا کی جانے والی رکاوٹوں پر خاص توجہ مبذول کرنی چاہیے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: اشعار میں دین کے نقش ، اللہ تعالی پرایمان کے نقش  اور اسلامی بیداری میں قرآنی معارف پر خاص توجہ دینی چاہیے کیونکہ جو تحریک دینی اعتقاد پر استوار ہوگی اس کو  کوئی نقصان نہیں پہنچا سکے گا اور وہ ہمیشہ زندہ رہےگی۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اسلامی بیداری کی تحریک کو پوری امت مسلمہ کے لئے مؤثر اور فیصلہ کن قراردیتے ہوئے فرمایا: یہ حرکت ایک حقیقی اور اسلامی بیداری پر مشتمل ہےجو بیشمار عبرتوں ، گہرے ادراک اور کئی برسوں میں عرب قوموں کی اعلی ہمت کے نتیجےمیں سامنے آئی ہےاور اسی وجہ سے اس عظیم اسلامی حرکت پربہار عربی کا نام  رکھنا ناقص اور نامکمل ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے تاکید کرتے ہوئے فرمایا: یہ تحریک جاری رہےگی جو اللہ تعالی کے فضل سے امت اسلامی کی تاریخ کو بدل دےگی۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: یہ تحریک  ایک عظیم تاریخی واقعہ کا مظہر ہے جس کی بنا پر امت اسلامی میں ایک عظیم تبدیلی رونما ہوجائےگی۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے تاکید کرتے ہوئے فرمایا: امت اسلامی کے شعراء کو اس عظیم تاریخی واقعہ میں اپنا رول اور اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اسلامی بیداری کے اشعار میں امت اسلامی کے اتحاد پر اہتمام کے سلسلے میں تاکید کرتے ہوئے فرمایا: دشمن مسلمانوں کی صفوں میں اختلاف ڈال کراسلامی بیداری کی تحریک کو شکست دینے، روکنے اور اسے متوقف کرنے کے سلسلے میں سازشوں میں مصروف ہے لیکن امت اسلامی کو چاہیے کہ وہ مذہبی ، قومی اور سیاسی اختلاف پر غلبہ پیدا کرکے اختلاف پیدا کرنے کی تمام راہوں کو بند کردے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نےشعر کے ہنر کے ارتقاء میں لفظ اور مضامین کے نقش کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: مضبوط و مستحکم الفاظ اور مضامین پر مشتمل اشعارکہے جائیں تاکہ ان کے اثرات دراز مدت تک باقی رہیں۔

اس ملاقات میں عالمی اسلامی بیداری کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نےاپنی گفتگو میں علاقائی انقلابات کو انحراف سے بچانے کے لئے اسلامی بیداری کی ادبیات کی اہمیت اور ضرورت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: اسلامی بیداری کا بین الاقوامی شعر سمینار 10 ممالک سے 77 شعراء کی موجودگی میں منقعد ہوا۔

ولایتی نے اس سمینار کو عالمی اسلامی بیداری اورجوان و اسلامی بیداری کے عالمی سمینار اور اسلامی بیداری تحریک کے اہداف کی سمت ایک اہم قدم قراردیا۔

700 /