ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

رہبر معظم انقلاب اسلامی:

اسلامی کانفرنس تنظیم کو صہیونی حکومت کے مقابلے میں ٹھوس اور عملی اقدام کرنا چاہیے

رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے آج سہ پہر کو الجزائر کے صدر عبد العزیز بوتفلیقہ اوراس کے ہمراہ وفد کے ساتھ ملاقات میں  الجزائر کے عوام کو شجاع،دلیر اور باشعور قراردیا اور استعمار کے خلاف الجزائر کے عوام کی جد وجہد، انقلاب اور مقابلے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: ایران اور الجزائر کی حکومتوں کے باہمی روابط  کبھی بھی مطلوب سطح پر نہیں رہے  لیکن اب دونوں ممالک کے باہمی روابط اچھی سطح پر اور استثنائی شرائط کے حامل ہیں۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نےدونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے پر زوردیا اور گذشتہ تیس برسوں کی نسبت اسلامی جمہوریہ ایران کے شرائط کو بہت ہی متفاوت قراردیتے ہوئے فرمایا: مغربی ممالک کے دباؤ اور اقتصادی پابندیوں کے باوجود، اسلامی جمہوریہ ایران نے پیشرفت و ترقی کے میدان میں عظیم کامیابیاں اور کار آمد تجربات حاصل کئےاور ایران اپنے اندرونی وسائل، توانائیوں اور استعداد کی جانب متوجہ ہوگیا ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے سائنسی و علمی شعبہ میں ایران کی ترقیات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: تمام اسلامی ممالک اپنے اندرونی وسائل اور توانائیوں پر اعتماد اور ایکدوسرے کے ساتھ باہمی تعاون کو فروغ دیکر ترقی اور پیشرفت کے عظیم مقام تک پہنچ سکتے ہیں۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: اسلامی جمہوریہ ایران مختلف شعبوں میں اپنے تجربات اور توانائیوں کو دیگر اسلامی ممالک کو فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فلسطین کے افسوسناک حالات اور بین الاقوامی اداروں اوراسلامی ممالک کی عدم توجہ اور خاموشی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: اگر اسلامی ممالک فلسطین کے بارے میں اپنی ذمہ داری پر عمل کرتے تو آج ہمیں اسرائیل کی خطرناک سازشوں اور بیت المقدس میں یہودی بستیوں کی تعمیری پالیسی کا سامنا نہ کرنا پڑتا ۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: اسلامی کانفرنس تنظیم کو اسرائیلی حکومت کی گھناؤنی سازشوں کے مقابلے میں عملی اور ٹھوس اقدام کرنا چاہیے۔

اس ملاقات میں صدر احمدی نژاد بھی موجود تھے اس موقع پر الجزائر کے صدر عبد العزیزبوتفلیقہ نے عالم اسلام کے مسائل کے بارے میں رہبر معظم انقلاب اسلامی کے مؤقف کی قدردانی کرتے ہوئے کہا: عالم اسلام کی مختلف مسائل میں نگاہیں اسلامی جمہوریہ ایران پرلگی ہوئی ہیں کیونکہ ایران کے پاس بہت بڑی قدرت و توانائی موجود ہے۔

الجزائر کے صدر نے مغربی ممالک کے دباؤ کے باوجود ایران کی مختلف شعبوں میں ترقیات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: ایران کے بارے میں مغربی ممالک جو تصویر پیش کررہے ہیں وہ حقائق کے بالکل خلاف ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران کی پیشرفت اور ترقی امت اسلامی کے لئے فخر و سرافرازی اور سربلندی کا باعث ہے۔

الجزائر کے صدر نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ الجزائر کے اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

700 /