ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

رہبر معظم انقلاب اسلامی

علاقائی ممالک اغیار کی سازشوں کو ناکام بنانے کی کوشش کریں

رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے آج سہ پہر کوقطر کے امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی اور اس کے ہمراہ وفد سے ملاقات میں خلیج فارس علاقہ میں اسلامی جمہوریہ ایران اور قطر کے باہمی روابط کو بہترین اورقابل نمونہ قراردیتے ہوئے فرمایا: علاقائی ممالک کو باہمی تعاون کے ساتھ خلیج فارس  کو تعمیر و ترقی اور امن و سلامتی کا علاقہ اور باہمی تعاون کی جگہ میں بدلنا چاہیے۔

رہبر معظم نے اغیار اور سامراجی طاقتوں کی جانب سے خطے میں بحران اور بدامنی پھیلانے کی کوششوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: تمام علاقائی ممالک کوچاہیے کہ وہ  اغیار کی موذیانہ سازشوں کو ناکام بنانے کی کوشش کریں۔

رہبر معظم نےلبنان کی 33 روزہ جنگ اور غزہ کی 22 روزہ جنگ میں قطر کی حکومت اور قطر کے امیر کے مؤقف کی ستائش کرتے ہوئے فرمایا: لبنان اور غزہ کے معاملے میں توقع یہ تھی کہ عربی ممالک، اسلام اور عرب ہونے کے لحاظ سے لبنان اور غزہ کے مؤمن جوانوں کے ساتھ کھڑے ہوکر حق کا دفاع کریں گے لیکن افسوس کے بعض عربی حکومتوں نے اس سلسلے میں اچھا مؤقف اختیار نہیں کیا۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ایران و قطر کے ممتاز سیاسی روابط اور بہت سے مسائل میں دونوں ممالک کے مشترکہ نظریات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: اقتصادی روابط میں بھی باہمی تعاون کی سطح کو فروغ دینے کے لئے مزید تلاش و کوشش کرنی چاہیے۔

رہبر معظم نے ایران اور قطر کے دو طرفہ روابط میں روز افزوں فروغ پر خوشی و مسرت کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا: امت مسلمہ اور علاقہ کے لئے مشترکہ دشمن، دونوں ممالک کے قریبی روابط کی سب سے بڑی و اہم دلیل ہے ۔

رہبر معظم نے تاکید کرتے ہوئے فرمایا: دشمن اصلی مسائل سے توجہ ہٹا کرغیر حقیقی مسائل کو اصلی مسائل کا جامہ پہنانے کی کوشش کررہا ہے اور اس کے پروگرام میں تمام اسلامی ممالک کا باری باری تعاقب خاص طور پرشامل ہے لہذا تمام علاقائی ممالک کو اس موضوع پر خاص توجہ مبذول کرنی چاہیے اور آپسی تعلقات کو فروغ دینا چاہیے۔

اس ملاقات میں صدر احمدی نژاد بھی موجود تھے قطر کے امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی نے رہبر معظم انقلاب اسلامی کے ساتھ ملاقات پر بڑی خوشحالی و مسرت کا اظہار کیا اور بہت سے اسلامی اور عربی مسائل بالخصوص فلسطین کے مسئلہ پر ایران کے ٹھوس مؤقف کی تعریف اور قدر کی۔

قطر کے امیر نے ایران و قطر کے تاریخی رشتوں اور بہت سے مسائل میں دونوں ممالک کے مشترکہ نظریات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: بیرونی طاقتوں کی طرف سےعلاقائی ممالک کے درمیان اختلاف پیدا کرنے کی سازشوں کے مقابلے میں علاقائی ممالک کو استقامت و ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور اس خطے میں امن و ثبات قائم کرنے اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کی راہیں ہموار کرنی چاہییں۔

امیر قطر نے ایرانی صدر کے ساتھ مذاکرات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ایران و قطر کے درمیان اقتصادی روابط کے فروغ میں مزید سرعت پر زوردیا ۔

700 /