ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

رہبر معظم نے سلطان قابوس کے ساتھ ملاقات میں فرمایا:

امن و سلامتی ،خلیج فارس کا سب سے اہم مسئلہ ہے

رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے آج سہ پہر کو عمان کے بادشاہ سلطان قابوس اور اس کے ہمراہ وفد سے ملاقات میں گذشتہ تیس برسوں میں ایران اور عمان کے باہمی روابط کو اچھا اور برادرانہ قراردیتے ہوئے فرمایا: دونوں ممالک کے درمیان تاریخی ، جغرافیائی اورگہرے دینی اشتراکات کے پیش نظر باہمی روابط کو فروغ دینے کے لئے وسیع امکانات موجود ہیں۔

رہبر معظم نے ایران اور عمان کے درمیان دنیا کی سب سے اہم اور حساس گذرگاہوں کی طرف اشارہ اور امن و سلامتی کو خلیج فارس کا سب سے اہم مسئلہ قراردیتے ہوئے فرمایا: امریکہ اور بعض دوسرے بیرونی ممالک نے ہمیشہ یہ کوشش کی ہے کہ خلیج فارس کے علاقہ میں امن قائم نہ رہے اور ہمیشہ علاقہ میں بحران کی فضا اور بد ظنی پھیلاتے رہتےہیں۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: خلیج فارس کے ممالک کو باہمی تعاون کے ساتھ اس خطے میں امن و سلامتی کا ماحول پیدا کرنا چاہیے اور علاقہ میں اتحاد قائم رکھنےکی زیادہ سے زیادہ کوشش کرنی چاہیے۔

اس ملاقات میں صدر ڈاکٹر احمدی نژاد بھی موجود تھے عمان کے بادشاہ سلطان قابوس نے ایران کے دورے اور رہبر معظم انقلاب اسلامی کے ساتھ اپنی ملاقات پر مسرت اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: دونوں ممالک کے درمیان باہمی روابط کو مضبوط بنانے کے لئے وسیع امکانات موجود ہیں اور تہران میں مذاکرات کے دوران اس مسئلہ اور خصوصا اقتصادی روابط کو فروغ دینے پر بات چیت ہوئی ہے۔

سلطان قابوس نے علاقائی سلامتی کے سلسلے میں رہبر معظم انقلاب اسلامی کی فرمائش کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: علاقائی ممالک کو خطے کے مفادات کے پیش نظر اور باہمی تعاون کے ذریعہ پائدار امن کی راہیں فراہم کرنی چاہییں ۔

700 /