ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

رہبر معظم انقلاب اسلامی :

خدا وند متعال پرتوکل اور عوام کے تعاون سے منظور شدہ منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کریں

رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے صوبہ کردستان کی انتظامیہ کے اعلی عہدیداروں سے ملاقات میں عوام کی خدمت کواسلامی منطق اور نقطہ نظر سے نیکی ، اچھااور بہترین انسانی عمل قراردیا اور ایران کے قدر شناس و فعال عوام کی خدمت کو تمام اعلی انتظامی اہلکاروں اور حکام کی سنگین ذمہ داری قراردیا۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے صوبہ کردستان کے عوام کی خدمت کو مختلف پہلوؤں سے مضاعف اجر و پاداش کا حامل قراردیتے ہوئے فرمایا: صوبہ کردستان کے زیادہ تر مسائل حکام کی تلاش و کوشش سے وابستہ ہیں اور اسلامی نظام کے دشمنوں نے اغیار سےوابستہ منحرف عناصر کے ذریعہ علاقائی عوام اور حکام کے لئے جن مشکل اور دشوار شرائط کو پیدا کیا ہےان کے پیش نظر صوبہ کردستان کے عوام کی خدمت کا ثواب دوچنداں ہوجاتا ہے۔

رہبر معظم نے صوبہ کے حکام کو تاکید کرتے ہوئے فرمایا: کسی اہم ہدف تک پہنچنے اور اس کو عملی جامہ پہنانے کے لئے درست اور صحیح فیصلہ ایک اہم مرحلہ ہے در حقیقت اس فیصلے پر عمل کے ذریعہ ہی ہدف تک پہنچا جاسکتا ہے لہذا علاقہ کے عوا م کے مفادات میں ان فیصلوں کو عملی شکل دینے کے لئے سنجیدہ کوششوں اور جد وجہد کی ضرورت ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے صوبہ میں انجام پانے والے کاموں کو خوب اور صوبہ کے گورنر کو خادم اورفعال و سرگرم قراردیتے ہوئے فرمایا: بعض مشاہدات، عوامی رپورٹوں اور مختلف وفود کے سفروں کے جائزے کے بعد ایسے حقائق سامنے آئے ہیں جن سے معلوم ہوتا ہے کہ بہت سی خامیاں موجود ہیں جو باہمی جد وجہد اور تلاش و کوشش کے ذریعہ برطرف ہوجائیں گی۔

رہبر معظم نے کابینہ کے صوبائی دوروں کے دوران منظور شدہ منصوبوں کی تکمیل اور دو روز قبل سنندج میں جو منصوبے کابینہ میں منظور کئے گئے ہیں ان کو عملی جامہ پہنانے سے صوبہ کی مشکلات کو حل کرنے میں مدد کی طرف اشارہ کیا اور صوبہ کے عہدیداروں اور گورنر کو تاکید کرتے ہوئےفرمایا: خدا وند متعال پرتوکل اور عوام کے تعاون سے منظور شدہ منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کریں اور اس سلسلے میں وفاقی حکام بھی آپ کو مدد بہم پہنچائیں گے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے صوبہ کردستان کے مؤمن و وفادارعوام کے ملک کے دیگر علاقوں کے عوام سے معنوی اور روحی ارتباط اور زراعت و صنعت کے شعبہ میں سرمایہ کاری کو صوبہ کی بنیادی ضروریات قراردیتے ہوئےفرمایا: صوبہ کے حکام پر بھی اس سلسلے میں سنگین ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔

رہبر معظم نے انقلاب اسلامی کو الہی معجزہ قراردیتے ہوئے فرمایا: اس پائدار معجزے کے علاقائی اور عالمی سطح پراثرات ہر روزنمایاں تر ہورہے ہیں اور ایسے نظام کی پاسداری ملک کے مختلف عہدوں پر فائز حکام کی اہم ذمہ داری ہے جو کام و تلاش اور عوام کی خدمت کرنے سے ادا ہوجاتی ہے۔

اس ملاقات کے آغاز میں صوبہ کردستان کے گورنر نے صوبہ کی پیشرفت اور معیاروں کے بارے میں رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا: صوبہ کی پیشرفت کے لئے کئی منصوبے منظور ہوچکے ہیں اور بعض منصوبوں پر کام جاری ہے اور ان منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے بعد صوبہ کا چہرہ بالکل بدل جائے گا۔

رہبر معظم نے آج سہ پہر کو صوبہ کردستان کے مخترع جوانوں کی طرف سے اختراعات و ایجادات کی نمائش گاہ کا بھی مشاہدہ کیا۔

700 /