رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے عالم ربانی حضرت آیت اللہ آیت اللہ آقای حاج شیخ محمد تقی بہجت کی رحلت پر اپنے تعزیتی پیغام میں اس بزرگ عارف اور فقیہ کی دردناک رحلت کو ناقابل تلافی نقصان قراردیتے ہوئے اس عظیم مصیبت پرحضرت بقیۃ اللہ ارواحنا فداہ ، علماء اعلام ، مراجع عظام اور مرحوم کے خاندان والوں اور تمام دوستداروں کو تعزیت و تسلیت پیش کی ہے۔
پیغام کا متن حسب ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
انا للہ و انا الیہ راجعون
بہت ہی افسوس کے ساتھ اس دردناک خبر سے آگاہ ہوا ہوں کہ عالم ربانی، فقیہ نامدار اور عارف کامل حضرت آیت اللہ آقای حاج شیخ محمد تقی بہجت " قدس اللہ نفسہ الزکیہ " دار فانی سے رخصت ہوکر اپنےمعبود بر حق کی بارگاہ میں پہنچ گئے ہیں۔
میرے لئے اور اس عظیم انسان کے تمام چاہنے والوں کے لئے یہ بہت بڑی مصیبت اور ناقابل تلافی نقصان ہے " ثلم فی الاسلام ثلمۃ لا یسدھا شئی " مرحوم کا شمار عصر حاضر کے ممتاز مراجع میں ہوتا تھا وہ اخلاق و عرفان کے عظیم معلم اور معنوی فیوض و برکات کا سرچشمہ تھے ۔ اس زاہد و پرہیزگار عالم کا پاک و پاکیزہ ، نورانی اور الہی الہام سے صیقل شدہ اور روشن دل اور ان کا معطر کلام ، فکر و عمل کے راہروان کے لئے چراغ راہ ثابت ہو۔
میں حضرت بقیۃ اللہ (عج) کی بارگاہ میں صمیمانہ تعزیت پیش کرتا ہوں اور علماء اعلام ، مراجع عظام ، مرحوم کے شاگردوں ، دوستداروں ، مرحوم کے گرم نفس سے فیض اٹھانے والوں خصوصا مرحوم کے فرزندوں اور پسماندگان کو تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہوں اور اپنے اور ديگر سوگواروں کے لئے خداوند متعال کی بارگاہ سے صبر اور مرحوم کی روح مطہر کے لئے رحمت و مغفرت طلب کرتا ہوں۔
والسلام علیہ و رحمۃ اللہ
سید علی خامنہ ای
27/اردیبہشت/ 1388
22 / جمادی الاول / 1430