ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

رہبر معظم انقلاب اسلامی

عوام کی خدمت حکام کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے

رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے آج سہ پہر کو صدر جمہوریہ اور کابینہ کے اراکین سے ملاقات میں عوام کے ساتھ حکام کی رفتار کے بارے میں مالک اشتر کے نام حضرت علی (ع) کے حکمنامہ کے اہم مطالب کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: عوام کی خدمت حکام کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے کیونکہ اسلام میں حکومت کی تشکیل کا فلسفہ عوامی امور کو انجام دینا اور انھیں خدمت بہم پہنچانا ہے۔

رہبر معظم نے عوام کی خدمت اور ان سے مہر و محبت اور حسن سلوک کو حکام کی اصلی ذمہ داری قراردیتے ہوئے فرمایا: عوام کی ممکنہ غلطیوں پر حکام کو ہمیشہ عفو و بخشش کو مد نظر رکھنا چاہیے۔

رہبر معظم نے عوام کی قابل بخشش غلطیوں اور قانون شکن ، قدرت طلب اور جرائم پیشہ گروہوں کے درمیان فرق کی وضاحت کرتے ہوئے فرمایا: خاص گروہوں کے فائدے پر عوام کے فائدے کو مقدم رکھنا چاہیے خاص گروہوں ، جرائم پیشہ اور قدرت وفرصت طلب بد عنوان افراد کی خطاؤں کو نظر انداز کرنا بھی ظلم اورناانصافی ہے۔

رہبر معظم نے فرمایا: سیاسی اور مالی اختیارکی وجہ سے اشتباہ میں پڑنے کا حکومتی اہلکاروں کو دوسرے لوگوں کی نسبت زیادہ خطرہ ہے لہذا انھیں ہمیشہ اپنی حفاظت اورمراقبت کرنی چاہیے۔

رہبر معظم نے حکومت کی کارکردگی کے بارے میں عوامی سوچ اور نظریہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: عوام ہمیشہ حکومتوں اور حکام کو قومی تشخص کےدفاع ، ملکی طاقت وقدرت ، امانتداری ، عوام کے ساتھ ارتباط کی کسوٹی پر جانچتے ہیں اور اس مسئلہ پر حکومت اور اعلی عہدیداروں کو خاص توجہ مبذول کرنی چاہیے کیونکہ یہی قضاوتیں ان کے بارے میں بھی دہرائي جائیں گی۔

رہبر معظم نے عوام کی خدمت کے سلسلے میں نویں حکومت کے منصوبوں کی جانب سے اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: موجودہ شرائط میں دینی اور انقلابی قدروں ، عوامی ہونے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اقدام کرنا حکومت کے اصلی منصوبوں میں شامل ہے عوام کی خدمت کا بہترین موقع نصیب ہوا ہے اس موقع سے بھر پور فائدہ اٹھانا چاہیے۔

رہبر معظم نے عوام کی بھر پورخدمت کے سلسلے میں حزبی اور سیاسی گروہ بندی سے دور رہنے پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا: عوام کی مشکلات اور ان کے مسائل کو بھر پور انداز میں حل کرنے کے ساتھ ساتھ انھیں حکومت کی طرف سے انجام پانے والے اقدامات کے بارے میں معلومات آگاہ بھی کرنا چاہیے تاکہ عوام کی امید میں روزبروز اضافہ ہو۔

رہبر معظم نے عوام کی مشکلات کا جائزہ لینے اور انھیں سرعت کے ساتھ برطرف کرنے پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا: حالیہ ہفتوں میں اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ اور مہنگائی کی وجہ سے کم درآمد لوگوں پرکافی دباؤ پڑا ہے اور حکومت اور اقتصادی امور کے اہلکاروں کو اس مسئلہ کے علل و اسباب کا جائزہ لینے کے ساتھ اسے برطرف کرنے کی تلاش کرنی چاہیے۔

اس ملاقات میں صدر احمدی نژاد نے گذشتہ برسوں میں رہبر معظم انقلاب کی طرف سے عدالت کے نفاذ اور اس کو عملی جامہ پہنانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: عدالت اسلامی معاشرے کا اصلی رکن ہے جو ملک کی ترقی و پیشرفت ، امن و سلامتی اور صلاحیتوں کو درخشاں بنانےکا ضامن ہےاور نویں حکومت نے عدالت کو قائم کرنے کے لئے مصمم عزم کررکھا ہے۔

اس ملاقات کے اختتام پر حاضرین نے نماز جماعت رہبر معظم انقلاب اسلامی کی امامت میں ادا کی اور اس کے بعد معظم لہ کے ہمراہ روزہ افطار کیا۔

700 /