رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے آج صبح گامبیا کے صدر آقای الحاجی یحیی جامہ اور اس کے ہمراہ وفد سے ملاقات میں اسلامی ممالک کے عظیم سرمائے و قدرتی وسائل اور حساس جغرافیائی پوزیشن کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: اسلامی ممالک اور مسلمان قوموں کو اپنی قوت و طاقت یعنی " امت اسلامی کے اجتماعی تشخص" کے پیش نظراور موجودہ ظرفیتوں سے استفادہ کرتے ہوئے عالم اسلام کو درپیش مشکلات کو خود حل کرنا چاہیے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اسلامی ممالک میں موجود وسائل و ظرفیتوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: اگر امت اسلامی اپنے تمام وسائل و توانائیوں کوایک جگہ ملاحظہ و مشاہدہ کریں تو مسلمان اور اسلامی ممالک ہرجگہ اپنی طاقت و قدرت کا اچھی طرح احساس کریں گے اور اپنی مشکلات کو حل کرنے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔
رہبر معظم نے اتحاد ، ایکدوسرے کی مدد اور بین الاقوامی سطح پراسلامی ممالک اور امت اسلامیہ کے درمیان تعاون کی اہمیت پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا: سامراجی طاقتوں کے مد مقابل اسلامی ممالک اور مسلمانوں کی طرف سے اسلامی اصولوں پراستقامت و پائداری ان کی منہ زوری کو روکنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
رہبر معظم نے گامبیا کی حکومت کی طرف سے اسلامی احکام کے نفاذ کی تعریف و تمجید کرتے ہوئے فرمایا: افریقہ پر ہماری نظر برادرانہ نظر ہے اور جمہوری اسلامی ایران اور گامبیا کے باہمی روابط کے دن بدن فروغ و توسیع کی ہمیں بھر پورامید ہے۔
اس ملاقات میں صدر احمدی نژاد بھی موجود تھے گامبیا کے صدر نے دنیا میں جمہوری اسلامی ایران کے اہم نقش کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: ایران کا اسلامی نظام دنیا میں اسلام اورمسلمانوں طاقت کا سبب بن گيا ہے۔
گامبیا کے صدرنے افریقہ کی موجودہ صورتحال اور اپنے ملک کی پیشرفت کی تشریح کرتے ہوئے کہا: ہم دونوں ممالک کے باہمی روابط کو مزید مضبوط و مستحکم کرنے کے لئے آمادہ ہیں۔