ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

رہبر معظم انقلاب اسلامی:

اسلامی ممالک کی مشکلات کا حل ، اقتدار کے احساس، اسلامی ممالک کے حکام اور عوام کے دلوں میں ایمان اور ان کی استقامت و پائداری میں ہے

رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے آج الجزائر کے صدر اور اس کے ہمراہ وفد سے ملاقات میں اسلامی ممالک کے باہمی تعاون اور ایکدوسرے کے تجربات ، توانائیوں اور وسائل سے استفادہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: جمہوری اسلامی ایران اور الجزائر کے پاس بہت سے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے مواقع موجود ہیں امید ہے کہ باہمی روابط کو فروغ دینے میں یہ سفر مؤثر ثابت ہوگا۔

رہبر معظم نے عالم اسلام کو درپیش مسائل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: اسلامی ممالک کی مشکلات کے تالوں کو کھولنے کی کلید ، اقتدار کے احساس، اسلامی ممالک کے حکام اور عوام کے دلوں میں ایمان اور ان کی استقامت و پائداری میں ہے۔

رہبر معظم نے اپنے حقوق حاصل کرنے کے لئے قوموں کی تاریخی استقامت و پائداری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: الجزائر کا تجربہ ، شمالی افریقہ اور اسی طرح ایران کے تجربہ سے واضح ہوجاتا ہے کہ عوام کی طرف سےاپنے حقوق کے حصول کا مطالبہ اور استقامت و پائداری ثمر بخش ثابت ہوتا ہے۔

رہبر معظم نے فرمایا: حکومتیں عوام کی نمائندہ ہیں اور انھیں عوام کے حقوق کے حصول کے لئے جد وجہد جاری رکھنی چاہیے ایرانی عوام اور حکومت بھی مختلف قسم کے دباؤ ، دھمکیوں اور پابندیوں کے باوجود اور تسلط پسند طاقتوں کے مد مقابل قیام و استقامت کی بدولت عظيم کامیابیوں تک پہنچ گئی ہے۔

رہبر معظم نے علمی اور ٹیکنالوجی شعبے میں ایرانی جوانوں کی کامیابیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: یہ تمام کامیابیاں ایسےشرائط میں حاصل ہوئی ہیں جبکہ ایران کے خلاف اقتصادی پابندیاں عائد ہیں اور یہ اقتصادی پابندیاں ایرانی عوام اور اسلامی نظام کے حق میں بہتر ثابت ہوئی ہیں۔

رہبر معظم نے فلسطینی عوام کی کوششوں اور فلسطین میں حماس کی عوامی حکومت کے قیام اور لبنان میں اسلامی مقاومت کی فوجی اور سیاسی کامیابیوں کو ایمان اور پائداری کا نتیجہ قراردیتے ہوئے فرمایا: اگر کوئي قوم اپنے مسلّم حقوق کے بارے میں حساس اور اس کے حصول کے لئے تلاش و کوشش نہ کرے تو قطعی طور پر اس قوم کے حقوق پامال ہوجائیں گے۔

اس ملاقات میں صدر احمدی نژاد بھی موجود تھے، الجزائر کے صدر آقای بوتفلیقہ نے تہران میں اپنے مذاکرات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: امید ہے کہ ان مذاکرات کے بعد ایران اور الجزائر کے درمیان تعاون کو تمام شعبوں میں فروغ ملےگا۔

الجزائر کے صدر نے عالم عرب اور عالم اسلام کو درپیش مسائل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: مسلمان قوموں کو اپنے حقوق کے حصول کے لئے تلاش و کوشش کرنا چاہیے۔

700 /