ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا:

ایرانی قوم اقتصادی پابندیوں پر غلبہ پاسکتی ہے

رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے صوبہ فارس کے پانچویں دن کے سفر میں آج ضلع نورآباد ممسنی کے ہزاروں قبائل اور عوام سے ملاقات میں ملک کے فراواں انسانی اور مادی وسائل و سرمایہ گذاری سے مناسب استفادہ اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینےکے لئے ملک کے حکام کی طرف سے صحیح اور درست پروگرام مرتب کرنے کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا: قومی ذمہ داری کے عنوان سےایرانی عوام اور حکام کوایک دوسرے کا عملی اور سنجیدہ تعاون کرنا چاہیے اور ایک مقررہ اور طے شدہ وقت میں ملک کو اقتصادی میدان میں اس سطح تک پہنچانا چاہیے جہاں دشمن کی طرف سےاقتصادی پابندیوں کی دھمکی اور اقتصادی محاصرے کی کوششیں غیر مؤثر ہوجائیں ۔

رہبر معظم نےگذشتہ سالوں کے دوران انقلاب اسلامی کے دشمنوں کے گوناں گوں پروپیگنڈوں اور ایرانی عوام کے عزم و ارادے میں خلل ایجاد کرنے میں ان کی شکست و ناکامی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: جمہوری اسلامی ایران کے دشمن اب تصور کرتے ہیں کہ وہ اقتصادی پابندیوں کے شوم منصوبے اور اقتصادی محاصرے کے ذریعہ ایرانی عوام کے عزم و ارادے میں خلل ایجاد کرسکیں گےلیکن ایران کی عظیم عوام نے جس طرح گذشتہ 30 سالوں میں مختلف قسم کی اقتصادی پابندیوں اور محاصرے پر غلبہ پاتے ہوئے ملک کی ترقی کی سمت اہم قدم اٹھائے ہیں وہ اب بھی دشمن کے شوم منصوبوں کا پائداری کے ساتھ مقابلہ کرے گي۔

رہبر معظم نے ملک کو اقتصادی وابستگی سے نجات دلانے کے لئے درست پروگرام مرتب کرنے کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا: اسلامی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کی صلاحیتوں اور استعداد سے درست استفادہ اور صحیح پروگرام مرتب کرکے مشکلات کو برطرف کرنے کی کوشش کرے۔

رہبر معظم نے سامراجی طاقتوں کی طرف سے حالیہ بعض دھمکیوں کی طرف اشارہ اور انھیں مخاطب کرتے ہوئے فرمایا: کیا تم نے ایرانی عوام کا امتحان نہیںلیا؟ ہم اپنے راستے پر پوری طاقت و قدرت کے ساتھ گامزن رہیں گے اور سامراجی طاقتوں کو ایرانی عوام کا حق پامال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔۔

رہبر معظم نے اس امر پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا: ایرانی عوام دھمکیوں سے مرعوب ہوکر پیچھے نہیں ہٹے گي کیونکہ ایرانی عوام نے عزت ، استقلال ، کمال اور ملک میں دین کے ارکان کےمکمل اجراء کے لئے اپنا راستہ منتخب کیا ہواہے اور کسی بھی قسم کی دھمکی ایرانی عوام کو اس راہ سے منحرف نہیں کرسکتی ۔

رہبر معظم نے ایرانی قوم اور تمام اسلامی اقوام کی سعادت کا راستہ اسلامی احکامات پر عمل کو قراردیتے ہوئے فرمایا: اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد جس وقت بھی اسلامی احکام اور وظائف پردقیق عمل ہوا ہےاس وقت ہم زیادہ کامیاب ہوئے ہیں اور ایران کی ہوشیار ،آگاہ، شجاع،بانشاط اور رشید قوم اپنے حق اور ذمہ داری کو پہچانتی ہے اور اس پر عمل پیرا رہےگی۔

رہبر معظم نے ملک کے وسیع امکانات کے ہمراہ بعض مشکلات اور اسراف کے مسئلہ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: ملک میں پانی کی صورتحال کے پیش نظربالخصوص اس سال ضروری ہے کہ پانی میں اسراف نہ کرنے کے مسئلہ پر سنجیدگی سے عمل کیا جائے اور زراعت کے شعبہ میں بھی آبیاری کے لئے صحیح اور درست روش سے استفادہ کیا جائے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے خشکسالی سے پیدا ہونے والی بعض مشکلات کو برطرف کرنے کے سلسلے میں حکومت کی مناسب تدابیر کی طرف اشارہ کیا اوراس امید کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا: یہ تدابیر اچھے طریقے سے اجراء ہوں تاکہ بعض موجود مشکلات بھی برطرف ہوجائیں ۔

رہبر معظم نے نورآباد ممسنی کے خطے کے عوام اور قبائل کا پیغمبر اسلام (ص) اور ان کے خاندان سے عشق و محبت ،اعتقاد و ایمان اور انقلاب اسلامی پر انکا پاک و خالص یقین اور اس خطے میں قومی اور قبائلی رابطوں کو اہم امتیاز قراردیتے ہوئے فرمایا: اسلام کی بھی اس قیمتی امتیاز پر مہر تائید ہے لیکن اس کو قبیلے سے باہر کے افراد کی نفی اور بعض تعصبات کا ذریعہ نہیں بنانا چاہیے ۔

رہبر معظم نے قبائل کو ملک کے لئے عزت و فخر کا باعث قراردیتے ہوئے فرمایا: دوسرے ممالک کی نسبت ہمارے ملک میں قومی تنوع ایک امتیاز شمار ہوتا ہے کیونکہ قبائل قوم ، دین ، علماء ، اسلامی اصولوں اور علاقائی سنتوں کے ہمیشہ پاسدار ہیں۔

رہبر معظم نے جوانوں بالخصوص قبائل کو مطالعہ اور کتاب پڑھنے اور ایمان ودینی اصولوں کومضبوط بنانے کے لئے اچھے اور صاحب فکر انسانوں سے فائدہ اٹھانے کی سفارش کی اور نورآباد ممسنی کے علاقہ کی پسماندگی اور مشکلات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: اس علاقہ کی پسماندگی و مشکلات کو برطرف کرنے کے لئے اس علاقہ پرحکام کو خاص توجہ مبذول کرنی چاہیے۔

رہبر معظم نے اس سلسلے میں فرمایا: خدمت گذارحکومت اپنے صوبائی دوروں کے دوران محروم اور پسماندہ علاقوں کا سفر کرتی ہے اور ان علاقوں میں پائی جانے والی مشکلات کا قریب سے جائزہ لیکر دور کرنے کی کوشش کرتی ہے اور حکومت کا یہ اقدام خوشی کا باعث ہے ۔

اس ملاقات کے آغاز میں نورآباد ممسنی کے امام جمعہ حجۃ الاسلام حسینی نے رہبر معظم کو خوش آمدید کہا۔

700 /