رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے آج لیبر و سماجی امور کے وزير ، حکام اور کثیر مزدوروں سے ملاقات میں ملک کی عزت و استقلال میں مزدوروں کے اہم کردارکی قدر اور مزدوروں کی حقیقی عزت و تکریم کی ضرورت پر تاکید کی اور آٹھویں پارلیمنٹ کے دوسرے مرحلے کے انتخابات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے فرمایا: ایرانی عوام نے جس طرح آٹھویں پارلیمنٹ کے پہلے مرحلے کے انتخابات میں اپنی ہوشیاری اور عظیم حرکت کے ذریعہ دشمنوں کی غلط تبلیغات اور پروپیگنڈہ کا ٹھوس اور مضبوط جواب دیا اسی طرح دوسرے مرحلے کے انتخابات میں بھی بھر پور شرکت اور لائق اور شائستہ نمائندوں کا انتخاب کرکے ثابت کرےگی کہ ایرانی عوام کا جوش و جذبہ ختم ہونے والا نہیں ہے۔
رہبر معظم نے انتخابات میں شرکت اور ایرانی عوام کے ختم نہ ہونے والے جذبہ کو دکھانے کی اہمیت پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا: سب سے اہم ذمہ داری ایسے نمائندوں کا انتخاب ہے جو لائق و شائستہ ، عوام کے ہمدرد اور دلسوزہوں اور حکومت ، عدلیہ اور دیگر شعبوں کے ساتھ تعاون و ہمدلی کے ذریعہ ملک کی پیشرفت و ترقی اور بڑے امور کو عملی جامہ پہنانے کی جد وجہد کریں۔
رہبر معظم نے حکام کے درمیان باہمی اتحاد ، عوام اور حکومتی اہلکاروں کے مابین ہمدردی کو ملک کی پیشرفت کے لئے اہم قراردیتے ہوئے فرمایا: حکومتی عہدیداروں کے درمیان معمولی اختلاف سے دشمن کو ہمیشہ سوء استفادہ اور خوشی کا اظہار اور وسیع تبلیغات کے ذریعہ جنجال برپا کرنے کا موقع فراہم ہوتا ہے۔
رہبر معظم نے فرمایا: دشمن کی اس حرکت سے ملک میں اتحاد اور ہمدردی کی اہمیت اجاگر ہوجاتی ہے اور جیسا کہ امام خمینی(رہ) بار بار تاکید کرتے تھے، اتحاد اور ہمدردی کی سمت گامزن رہنا چاہیے اور اختلاف ، تلخی، دوسرےکو نیچا کرنے اور کم اہمیت اعتراضات سے ہر حال میں دوری اختیار کرنا چاہیے۔
رہبر معظم نے مختلف مواقع پر قوم کی ہوشیاری کو یاد دلاتے ہوئے فرمایا: خدا کے فضل وکرم سے ایرانی عوام ہوشیار اور متحد ہیں اور عوام کی ہوشیاری درحقیقت خداوند متعال کی ایک عظيم اور بہت بڑی نعمت ہے۔
رہبر معظم نے استقلال کو ملک کا اصلی مسئلہ قراردیتے ہوئے فرمایا: انقلاب اسلامی کی برکت سے ایرانی عوام نے سیاسی استقلال حاصل کیا اور سیاسی استقلال کی حفاظت ملک کے اقتصادی ستونوں کے استحکام سے وابستہ ہے اوریہ مسئلہ بھی مختلف شعبوں میں ترقی ،خلاقیت اور پیداوار سے متعلق ہے۔
رہبر معظم نے امریکی سامراجی نظام اور صہیونی شیطانی نیٹ ورک کی ایرانی عوام کے خلاف وسیع تبلیغات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: جد وجہد و تلاش و کوشش کی بنا پر ملک کی آگے کی سمت حرکت کی وجہ سے دشمن عمل کے میدان میں ایرانی عوام کا مقابلہ کرنے سے ناامید ہوگیا ہے اور اسی وجہ سے جھوٹ ، پروپیگنڈہ اور الزام تراشی کا سہارا لے رہا ہے۔
رہبر معظم نے حکومت کی جدو جہد و تلاش وکوشش کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: حکومت کے اصلی عناصر ہمیشہ بڑے اور با اہمیت کام کرنے کی کوشش میں ہیں اور حکومت کے ارکان حقیقت میں مزدوری کررہے ہیں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ملک کے استقلال ، پیشرفت ، پیدا وار اور توسیع میں مزدور طبقے کے اہم کردار اور مقام کی طرف اشارہ کرتے ہوئےفرمایا: حکام کی ایک اہم ذمہ داری مزدور طبقے کی مشکلات کو برطرف کرنا ، ملازمت ، پیداوار اورکام کرنے والوں کے لئے بہترین راہیں ہموار کرنا ہے۔رہبر معظم نے اسلامی تعلیمات میں مزدوروں اور کارخانوں اور اداروں کے مالکین کے درمیان روابط پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا:اسلامی نظام میں مزدور اور مالک دو لازم ملزوم عنصر ہیں اور حکومت کو ان دونوں کے درمیان منصفانہ اور درمیانہ رابطہ برقرار کرنے میں صحیح تعاون کرنا چاہیے تاکہ دونوں ایکدوسرے کےحقوق کی پاسداری کریں۔
رہبر معظم نے درست اور محنت سے کام کرنے اور پیداوار میں خلاقیت پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا: کام کا تقدس اور مزدور کا احترام تمام پروگراموں میں سرفہرست رہنا چاہیے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اسلامی انقلاب اور دفاع مقدس کے دوران ملک کے مزدور طبقے میں قومی اور دینی جذبے کی طرف اشارہ کیا اور ایرانی عوام کی طرف سے مزدور طبقےکی قدر وقیمت اور احترام پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا: اسلام کی منطق میں کام ، عمل صالح اور عبادت ہےاور اس سے اسلامی نظام میں کام اور مزدور کی اہمیت اور منزلت کا پتہ چلتا ہے۔
یہ ملاقات عالمی یوم مزدور اورقومی لیبر دن کی مناسبت سے منعقد ہوئی اس ملاقات کے آغازمیں لیبر اور سماجی امور کے وزير جہرمی نے اس وزارت خانہ کی کارکردگی اور فعالیت کے بارے میں رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا: مزدور طبقے کی مشکلات بر طرف کرنا ۔ سرمایہ گذاری اور پیداوار کے سلسلے میں پیش آنے والے موانع برطرف کرنا اور مزدور اور مالک کے درمیان تفاہم کا راستہ پیدا کرنا، اقتصادی اداروں کا قیام عمل میں لانا ، مزدوروں کی حمایت کرنا، ٹیکنیکی تعلیمات کو وسعت دینا ، قراردادی مزدوروں کے لئے بے روزگاری بیمہ کو فروغ دینا اور بے روزگاری کو کم کرنا ،لیبر اور سماجی امور کے وزارتخانہ کے اہم اقدامات میں شامل ہیں ۔