رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے پولیس ڈے کی مناسبت سے پولیس کے اعلی افسران سے ملاقات میں امن و امان کو ملکی ترقی و پیشرفت کے لئے بنیادی اور اساسی رکن قرار دیتے ہوئے اور امن قائم کرنے میں پولیس فورس کے بنیادی کردار پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا کہ پولیس فورس کی توانائیاں اور آمادگی اور اس محکمے کے اہلکاروں کے عزم و ایمان میں روز بروز اضافہ ہونا چاہئے۔
حضرت آیت اللہ خامنہ ای نے سیکورٹی کے معنی انفرادی طور پر فکری و نفسیاتی آسودگی اور سماجی امن و چین کو قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ اگر سیکورٹی نہ ہو تو کسی بھی معاشرے کے افراد کے اندر جذبات اور توانائیاں موجود ہونے کے باوجود اقتصادی، ثقافتی، سیاسی اور عوامی خدمت کے لئے سرگرمیاں انجام دینے کا جذبہ ختم ہوجاتا ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے قرآن کریم کا حوالہ دیتے ہوئے تحفظ اور سلامتی کو مومنین کے ایمان میں اضافے کا باعث قرار دیا اور فرمایا کہ ملکی سلامتی کا ایک اہم ستون محکمہ پولیس ہے، البتہ یہ عظیم ستون ایسی افرادی قوت پر استوار ہے جس میں اکثریت شریف، کارآمد اور محنت کش افراد کی ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ ان اہلکاروں کے عزم و ایمان اور جوش و جذبے کو مزید تقویت پہنچائی جائے۔
آپ نے ملک میں پولیس فورس کی وسیع خدمات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے عوام سے براہ راست رابطے کی وجہ سے پولیس اسٹیشنوں کے کردار پر توجہ مرکوز کئے جانے پر تاکید کی۔
مسلح فورسز کے سپریم کمانڈر نے مختلف شعبوں میں تیز رفتاری سے ہونے والی تبدیلیوں من جملہ سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں سرعت کے ساتھ ہونے والی پیشرفت کا حوالہ دیا اور آمادگی بڑھانے، توانائیوں کو جدت بخشنے، فرائض کی شناخت اور مکمل انجام دہی، عوام کے لئے انجام دی جانے والی خدمات اور سرگرمیوں سے میڈیا کے ذریعے عوام کو باخبر کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور اسے ملکی سلامتی اور سیکورٹی میں مزید بہتری کا سبب قرار دیا۔
اس ملاقات سے قبل حاضرین نے رہبر انقلاب اسلامی کی اقتدا میں نماز ظہرین ادا کی۔