ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

رہبر معظم انقلاب اسلامی:

عالمی اور علاقائی حالات ، اسلامی جمہوریہ ایران کی بالادستی کا مظہر ہیں

رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے آج بروز منگل ، اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے سربراہ اور اعلی کمانڈروں سے ملاقات میں ،، اسلامی جمہوریہ ایران کے اعلی اہداف اور اسلامی نظام کے ان اہداف کی مسلسل کامیابیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: عالمی اور علاقائی حالات ، اسلامی جمہوریہ ایران کی بالادستی کا مظہر ہیں۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اسلامی جمہوریہ کے خلاف ہونے والے پروپیگنڈوں کا ایک سبب اسلامی جمہوریہ ایران کی پالیسیوں کی کامیابی قراردیتے ہوئے فرمایا: مغربی ممالک کی مشرق وسطی کے بارے میں پالیسی اور ایران کی مشرق وسطی کے بارے میں پالیسی کے موازنہ سے واضح ہوجاتا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی علاقائی پالیسی اپنے اہداف کے قریب پہنچ گئی ہے۔

مسلح افواج کے سپریم کمانڈر نے اہداف تک پہنچنے کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کی عظیم توانائی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: اللہ تعالی کی توفیق و نصرت کے سائے اور ہمت و نشاط اور جذبے کے ساتھ ایران  رکاوٹوں کو دور کرکے پیشرفت کے راستے پر گامزن رہےگا۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے سات آذر بحریہ کے دن کی مناسبت سے منعقد اس ملاقات میں ایران کے وسیع سواحل بالخصوص خلیج عمان اور مکران علاقہ کے ساحل کو عظیم قومی ثروت قراردیتے ہوئے فرمایا: اگر حکومت اور تمام حکام ، دولت و ثروت  سے مالا مال  اس سمندری علاقہ پر اسٹراٹیجک نگاہ ڈالیں اور مدد کریں تو یہ عظیم اور اہم علاقہ اسلامی جمہوریہ ایران کی توانائیوں میں اضافہ کا باعث بن سکتا ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی کے خطاب سے قبل بحریہ کے سربراہ ایڈمرل سیاری نے رہبر معظم انقلاب اسلامی کی اسلامی جمہوریہ  ایران کی بحریہ کے سلسلے میں تدابیر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بحریہ کے موجودہ اور مستقبل کے پروگراموں اور آبدوزوں اور بحری جنگی کشتیوں کے بارے میں رپورٹ پیش کی۔
700 /