ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

بارہویں پارلیمنٹ کے اسپیکر اور اراکین سے خطاب

بسم الله الرّحمن الرّحیم(۱)

و الحمد لله ربّ العالمین و الصّلاة و السّلام علی سیّدنا و نبیّنا ابی‌القاسم المصطفی محمّد و علی آله الاطیبین الاطهرین المنتجبین سیّما بقیّة الله فی الارضین.


بہت خوش آمدید ہے آپ کو اس حسینیہ میں جو امام خمینیؒ کے نام سے منسوب اور منتسب ہے، اور اس نشست میں بھی خوش آمدید۔ ان شاء اللہ آپ کی پارلیمنٹ شوریٰ اسلامی میں موجودگی، جو ایک بہت اہم اور حساس جگہ ہے، نہ صرف آپ کے لیے خیر و برکت اور رحمت الٰہی کا باعث ہو، بلکہ ملک اور عوام کے لیے بھی۔ میں جناب آقای قالیباف، محترم صدر پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کرتا ہوں؛ انہوں نے بہت اچھے نکات پیش کیے ہیں اور میں بھی کچھ نکات آپ کے سامنے پیش کروں گا۔

پارلیمنٹ کے بارے میں بہت باتیں کی جا چکی ہیں ـــ تذکر، نصیحتیں، کبھی کبھار تنقید ـــ لیکن کچھ باتیں ایسی بھی ہیں جو ابھی تک نہیں کی گئیں، اور کچھ باتیں ایسی ہیں جو دہرائی جا سکتی ہیں؛ بعض باتوں کا دوبارہ ذکر کرنے میں کوئی برائی نہیں ہے۔ اس حوالے سے، میں نے چند نکات نوٹ کیے ہیں جو میں آپ عزیز بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ شیئر کرنا چاہوں گا۔

پہلا نکتہ۔ پارلیمنٹ صرف ایک سوال پوچھنے والا ادارہ نہیں ہے، بلکہ ایک جواب دہ ادارہ بھی ہے۔ اس کے برخلاف جو بہت سے لوگوں کے زہن میں تصور ہے کہ پارلیمنٹ قانون بنا کر حکومت کو روڈ میپ دیتی ہے، پھر سوال کرتی ہے، وضاحت طلب کرتی ہے، اس طرح کے کام کرنے والی ہے اور سوال کرنے والی ہے، ہاں، یہ ذمہ داریاں ضرور موجود ہیں، لیکن وہ جواب دہ بھی ہے۔ پارلیمنٹ ملک کے ارکان میں سے ہے، یہ ایک فیصلہ ساز ادارہ ہے، ایک عمل کرنے والا ادارہ ہے اور ہر ادارہ یا فرد جو فیصلہ ساز اور عمل کرنے والا ہوتا ہے، وہ جواب دہ بھی ہوتا ہے۔ اس لیے پارلیمنٹ کو ہمیشہ اپنے جواب دہ ہونے کے مقام کو مدنظر رکھنا چاہیے۔ کچھ ذمہ داریاں ہیں جو اسے انجام دینی ہیں؛ اگر وہ انجام نہ دے تو اسے سوال کا سامنا کرنا پڑے گا۔ کچھ کام ہیں جو اسے نہیں کرنے چاہئیں؛ اگر وہ بھی انجام دے تو اس پر اعتراض کیا جائے گا۔ پارلیمنٹ کو کس کے سامنے جواب دہ ہونا چاہیے؟ سب سے پہلے اللہ کے سامنے۔ ہم ایمان رکھتے ہیں، ہمیں معلوم ہے کہ ایک دن ایسا آئے گا جب ہم سے ہمارے کاموں اور اعمال کی تفصیلات پوچھا جائے گی۔ آپ جو قانون بناتے ہیں، جو فیصلہ کرتے ہیں، آپ کو اس کا جواب دینا ہوگا۔ ہم سب کو اس بڑی ذمہ داری کے بارے میں سوچنا چاہیے۔ یہ ذمہ داری اللہ کے سامنے ہے جو تمام ذمہ داریوں سے بڑی، تمام سوالات سے اہم، اور زیادہ توجہ کے قابل ہے۔ اس کے بعد، لوگوں کے سامنے جوابدہ ہونا ہے۔ اب اگر لوگ پارلیمنٹ سے کوئی ایسی بات مشاہدہ کریں جو ان کی توقعات کے برعکس ہو، تو وہ براہ راست پارلیمنٹ کا گریبان نہیں پکڑتے؛ یعنی اس کے لیے کوئی قانونی طریقہ کار نہیں ہوتا، لیکن ان کے رویے، ان کے طرزعمل، ان کے ردعمل سے آپ ان کی رضایت یا عدم رضایت کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔ ہم نے ان چند دہائیوں میں ایسی مجالس دیکھی ہیں جنہوں نے ایسی باتیں کیں جو عوام کو پسند نہیں آئیں اور لوگوں کو اچھی نہیں لگیں؛ نتیجہ یہ ہوا کہ ان کاموں کے ذمہ دار لوگوں کی نظروں سے گر گئے۔ ہم نے یہ تجربہ کیا ہے اور اسے دیکھا ہے۔ ہر ایک منتخب اراکین کو اس "جواب دہی" کے نکتہ پر دھیان دینا چاہیے؛ اپنے رویے، باتوں، تقاریر، ووٹوں، اور موقف کو اس نکتہ کے حوالے سے ترتیب دینا چاہیے۔ یہ پہلا نکتہ۔

دوسرا نکتہ ریاستی ارکان کے درمیان تعاون کے بارے میں ہے۔ پارلیمنٹ ملک کے سیاسی نظام کا ایک اہم رکن ہے۔ یہ بدیہی بات ہے کہ مختلف حصے جو ملک کے نظام میں ہیں، انہیں مل کر ایک "مجموعہ" بنانا چاہیے، ایک "واحد تنظیم" بنانی چاہیے؛ یعنی مقنّہ، مجریہ، عدلیہ، مسلح افواج ـــ جو ایک جہت سے مجریہ کا حصہ ہیں ـــ سب کو مل کر ایک مجموعہ بنانا چاہیے۔ اگر اس مجموعہ کا وجود ضروری ہے جو کہ ہے، تو انہیں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے، ایک دوسرے کے ساتھ کام کرنا چاہیے، ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہیے، بعض اوقات ایک دوسرے کے ساتھ درگزر سے کام لینا چاہیے، کچھ مواقع پر ایک دوسرے کو تنبیہ کرنی چاہیے، ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہیے، اور ہم اس طرح کے مزید نکات دورانِ گفتگو پیش کریں گے۔ یہی وجہ ہے کہ میں ہمیشہ ان سالوں میں مجالس کو تاکید  کرتا رہا ہوں کہ وہ حکومتوں کے ساتھ تعاون کریں کیونکہ یہ بہت ضروری ہے ـــ اس کی بہت اہمیت ہے ـــ یہ تمام آراء، دلوں اور ملک کے نظریات کو یکجا کرکے اس منسجم کلیہ کی تشکیل میں مدد دے گا جس کی ہمارے ملک، عوام اور نظام کو ضرورت ہے۔ البتہ میں حکومتوں کو بھی یہی تاکید کرتا ہوں۔ خوش قسمتی سے، جناب صدر بھی اس پارلیمنٹ کے رکن کے عنوان کی وجہ سے، میں نہیں جانتا کہ اب وہ قانونی طور پر پارلیمنٹ کے رکن ہیں یا نہیں، بہرحال وہ موجود ہیں۔ میں حکومتوں کو بھی ہمیشہ پارلیمنٹ کے بارے میں یہی سفارش کرتا ہوں۔ کبھی کبھی حکومتوں کا رویہ ایسا رہا ہے کہ وہ پارلیمنٹ کو لائحہ عمل فراہم نہیں کرتی تھیں۔ مجھے پارلیمنٹ کی طرف سے شکایات ملتی تھیں کہ ہم مہینوں سے انتظار کر رہے ہیں، لیکن حکومت کوئی لائحہ عمل نہیں بھیج رہی، یا کسی بل کو عملی جامہ نہیں پہناتی؛ ہم نے حکومتوں میں بھی ایسی چیزیں دیکھی ہیں۔ ہم نے ہمیشہ اس بات کی تاکید کی ہے۔ آپ کا محترم ارکان کے طور پر ایک اہم کام یہ ہے کہ آپ کے درمیان باہمی تعاون ہونا چاہیے۔ میں نے یہاں جو بات یادداشت کی ہے، وہ یہ ہے کہ نئی حکومت کے ساتھ تعمیری تعاون ہونا چاہیے۔ سب کو مل کر یہ مدد کرنی چاہیے کہ منتخب صدر وہ کام انجام دے سکے جو اسے ملک کے لیے کرنا ہے۔ اگر ہم اس طرح عمل کر سکیں کہ صدر کامیاب ہو جائے، تو یہ ہماری سب کی کامیابی ہوگی؛ اگر وہ ملک کے انتظام میں، ملک کی معیشت کو آگے بڑھانے میں، بین الاقوامی معاملات میں، ملک کے ثقافتی مسائل میں کامیاب ہو جاتا ہے، تو ہم سب نے کامیابی حاصل کی ہے؛ اس کی کامیابی ہماری کامیابی ہے؛ ہمیں اسے دل سے یقین کرنا چاہیے۔

ملک کے اہم مسائل میں بھی ایک مجموعی متفق موقف آنا چاہیے۔ اہم مسائل میں، جو فیصلہ کرنا آپ کا کام ہے، بعض اوقات ہمیں چاہیے کہ حکومت، پارلیمنٹ اور مختلف ذمہ دار ادارے ایک ہی موقف اپنائیں تاکہ دنیا میں وہ لوگ جو اختلافات اور دوئیت کی نشانیاں ڈھونڈ رہے ہیں، وہ مایوس ہو جائیں؛ ہمیں ہم آواز ہونا چاہیے۔

تیسرا نکتہ: یہ اخلاقی حکمرانی کے بارے میں ہے جو پارلیمنٹ کے عمومی سیشنز میں ہونی چاہیے۔ میرے عزیز بھائیو اور بہنو! پارلیمنٹ کو ملک کے عوامی رائے عامہ میں سکون اور اطمینان کے فروغ کا مرکز بننا چاہیے؛ آپ کو پارلیمنٹ سے مثبت امواج عوام کے لیے بھیجنی چاہئیں؛ پارلیمنٹ کو عوامی خیالات میں کشیدگی کا باعث نہیں بننا چاہیے؛ یا منفی تشہیر، منفی سوچ جو کبھی کبھار بعض اراکین کی طرف سے دیکھی گئی ہے؛ البتہ زیادہ تر اراکین ہمیشہ ان اہم اور معتبر اصولوں پر قائم رہے ہیں؛ ہم یہ بلا کسی تعارف کے یہ بات کر رہے ہیں، یہ حقیقت ہے؛ تاہم بعض اوقات اس کے برعکس بھی دیکھا گیا۔ ارکان کی موجودگی، نہ صرف پارلیمنٹ میں بلکہ عوامی محافل میں ـــ بہت سے آپ میں سے نماز جمعہ میں مختلف شہروں میں خطبوں سے پہلے مدعو ہوتے ہیں ـــ یا سوشل میڈیا پر جو آج کل بہت سے لوگوں کی سرگرمیوں پر غالب ہے، آپ کا پیغام سکون کا وسیلہ ہونا چاہیے؛ یہ تنازعات پیدا کرنے والا نہیں ہونا چاہیے۔ جہاں بھی آپ بات کرتے ہیں، اپنی رائے دیتے ہیں، آپ کا مخاطب یہ محسوس کرے کہ آپ اتحاد، ہم آہنگی، اور قوتوں کے درمیان تعاون کے حامی ہیں؛ اس کے برعکس آپ کو کوئی پیغام نہیں دینا چاہیے۔ یہ عوام کی ذہنی سلامتی کا تحفظ کرنا ہے اور یہ بہت اہم بات ہے۔ البتہ ہمیں غفلت بھی نہیں برتنا چاہیے؛ میں مکمل یقین رکھتا ہوں اور جانتا ہوں کہ دشمن کا سائبر لشکر غلط فائدہ اٹھانے کا منتظر ہے؛ کبھی کبھی وہ آپ کے سیاسی مخالف کی زبان میں آپ کو گالیاں دیتے ہیں تاکہ آپ کو غصہ دلا سکیں؛ یا آپ کی عزت مآب شخصیت یا کسی معزز دینی یا سیاسی شخصیت کی توہین کرتے ہیں تاکہ آپ کو مشتعل کر سکیں؛ یہ بھی ہوتا ہے۔ اس پر بھی توجہ دینا ضروری ہے؛ یعنی آپ جو بھی سوشل میڈیا پر دیکھتے ہیں، اگر وہ آپ کے خلاف ہو، تو ہمیشہ یہ نہ سمجھیں کہ یہ وہی شخص جو آپ کا سیاسی مخالف ہے، اس نے اسے انجام دیا ہے؛ نہیں، ممکن ہے کہ یہ آپ دونوں کے مشترکہ دشمن کی طرف سے منتشر کیا گیا ہو۔

چوتھا نکتہ، قانون سازی سے متعلق ہے۔ جی ہاں، قانون سازی اسلامی پارلیمنٹ کا سب سے اہم اور بنیادی فریضہ ہے۔ قانون دراصل ایک راہنما خطوط ہے، ایک نقشه ہے جو ملک کے اجرائی قوتوں کی فاعلیت کی سمت کو متعین کرتا ہے؛ یہی قانون ہے۔ قانون کا ہدف ملک کی ترقی اور عوام کی خدمت ہونا چاہیے۔

اچھے قانون کی کچھ خصوصیات ہوتی ہیں۔ ایک خصوصیت یہ ہے کہ وہ ماہرین کے مشورے پر مبنی ہو۔ میں جانتا ہوں کہ پارلیمنٹ کے تحقیقی مرکز نے اچھے کام کیے ہیں اور کمیٹیوں میں مختلف ماہرین کو مدعو کیا جاتا ہے؛ ہمیں ان سب کا علم ہے۔ قانون جتنا زیادہ ماہرین کی رائے پر مبنی ہو گا، اتنا ہی وہ قانون بہتر ہوگا؛ یہ ایک خصوصیت ہے۔ دوسرا یہ کہ قانون قابلِ تاویل نہ ہو۔ جو قانون واضح نہ ہو اور جسے مختلف طریقوں سے تاویل کیا جا سکے، ایسے قانون کا فائدہ وہ لوگ اٹھاتے ہیں جو غلط فائدہ اٹھانے والے ہیں ـــ جنہیں میں نے "قانون شکن قانون دان" کہا ہے ـــ وہ اس کا غلط استعمال کر سکتے ہیں۔ اس بات کو روکنا ضروری ہے؛ قانون کو توجیہہ نہ ہونے والا اور واضح بنائیں۔ ایک اور چیز یہ کہ وہ ملک کی صلاحیتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے قابلِ عمل ہو۔ کبھی کبھار پارلیمنٹ ایسا قانون منظور کرتی ہے جسے حکومت عمل میں نہیں لا سکتی؛ یعنی ملک کے وسائل اور صلاحیتیں، چاہے وہ بجٹ کی وجہ سے ہو یا دیگر مسائل کی وجہ سے، اس بوجھ کو اٹھانے کی طاقت نہیں رکھتے۔ اس بات کا بھی خیال رکھنا ضروری ہے۔ ایک اور نکتہ یہ ہے کہ وہ اعلیٰ آئینی دستاویزات سے ہم آہنگ ہو؛ اچھے قانون کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ وہ اعلیٰ آئینی دستاویزات سے ہم آہنگ ہو؛ اس میں کوئی تضاد نہیں ہونا چاہیے۔

ایک اور بات قانون کے بارے میں یہ ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر تفصیل کا حامل نہ ہو، اور میں اس مسئلے کو بعد میں مزید تفصیل سے بتاؤں گا۔ قانونی تفاصیل ہمارے لیے ایک مشکل ہے۔ کبھی کبھی ایک ہی موضوع پر کئی قوانین بن جاتے ہیں جن میں کچھ مشترک نکات اور کچھ اختلاف ہیں، اور یہ اختلافات افراد کو فائدہ اٹھانے کا موقع دیتے ہیں۔ قانون کی زیادتی واقعی ملک کے لیے ایک مشکل ہے۔ کبھی کبھی یہ تجویز کیا جاتا ہے کہ ہم پارلیمنٹ سے کہیں کہ وہ قانونی زیادتی کو کم کرے؛ میں خوفزدہ ہوں کہ اگر وہ اس پر کام کریں تو پارلیمنٹ کا آدھا وقت اس پر لگ جائے گا! لیکن بہرحال، قانون سازی میں اس بات کا بھی خیال رکھا جائے۔

اب وہ نکتہ جو میں نے ذکر کیا تھا، وہ یہ ہے: آئین نے پارلیمنٹ کو تجویز پیش کرنے کی آزادی دی ہے؛ یعنی جب آپ کے پاس کوئی حکومت کا بل نہ ہو اور کوئی اہم مسئلہ ہو، تو آپ تجویز پیش کر سکتے ہیں۔ تجویز اچھی ہے، لیکن اگر ہم نے اس تجویز کے معاملے میں زیادتی کی، جیسا کہ مجھے بتایا کیا گیا ہے کہ کبھی کبھی اس طرح کی زیادتی ہوئی ہے، تو یہ خود مسئلہ پیدا کرے گا۔ جب بھی ملک میں کوئی مسئلہ پیش آتا ہے، ہم فوراً ایک تجویز تیار کر لیتے ہیں بجائے اس کے کہ ہم قانونی بل کا انتظار کریں اور حکومت کی کارروائی پر نظر رکھیں؛ یہ خود قانون کی زیادتی کا سبب بنتا ہے؛ یعنی تجویز پیش کرنے میں حقیقتاً اس کو کم سے کم رکھنا چاہیے، نہ کہ زیادہ، کیونکہ اگر زیادہ ہو تو یہ قانون کی زیادتی کا سبب بنتا ہے۔ ابھی پارلیمنٹ میں جب آپ لوگ آئے ہیں، تو کئی تجویزیں ہیں جن پر کارروائی، منظور کرنے اور اسی طرح کے دیگر امور میں کئی سال لگ جائیں گے۔ یہ بھی ایک مسئلہ ہے۔

یقیناً ایک اور تذکّر قانون کے بارے میں یہ ہے کہ کبھی کبھار حکومتوں کو کسی فوری کام کے لیے قانون کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ بھی ہمارے ساتھ بار بار پیش آیا ہے؛ کبھی کوئی فوری مسئلہ آ جاتا ہے بین الاقوامی تعلقات میں، کوئی اہم اقتصادی کام، یا کوئی تعمیرات کا مسئلہ جس پر فوراً عمل کرنا ضروری ہوتا ہے، لیکن قانون موجود نہیں ہوتا۔ حکومتیں ایسے مواقع پر آسان راستہ اختیار کرتی ہیں؛ وہ ہمارے پاس آ کر کہتی ہیں کہ رہبر اجازت دے دیں تاکہ ہم بغیر قانون کے یہ کام کر سکیں۔ میں عام طور پر اس سے گریز کرتا ہوں، سوائے اس صورت میں کہ جب واقعی مجبوری ہو۔ ایسے مواقع پر بہتر یہ ہے کہ جب حکومت کی درخواست پارلیمنٹ کے سامنے ہو ـــ خاص طور پر مجبوری کی حالت میں ـــ تو قانون سازی میں تیز تر ہو؛ یہ بھی قانون کے بارے میں ایک تذکّر ہے۔

یقیناً آپ جانتے ہیں کہ کافی عرصہ سے قانون سازی سے متعلق عمومی پالیسیوں کا اعلان کیا گیا ہے؛ (۴) ان پالیسیز کو عمل میں لانے کیلئے، قانون کی ضرورت ہے؛ پارلیمنٹ کو خود ان پالیسیوں کے لیے قانون بنانا چاہیے؛ یہ قانون سازی ابھی تک نہیں ہوئی؛ یہ جلدی مکمل کرنی چاہیے۔ یہ بھی ایک چوتھا نکتہ ہے۔

پانچواں نکتہ نظارت کے بارے میں ہے۔ یقیناً آئین میں لفظ "نظارت" نہیں ہے ـــ "پارلیمنٹ کی نظارت" کا عنوان نہیں ہے ـــ لیکن وہ بہت ساری ہدایات جو سوال، تذکّر، تحقیق اور بررسی کے بارے میں پارلیمنٹ میں ہیں، نظارت کی ضرورت کو ظاہر کرتی ہیں؛ یعنی آپ تحقیق کرتے ہیں، سوال کرتے ہیں، تذکّر دیتے ہیں، تو اس کا مقصد کیا ہے؟ تاکہ آپ معلومات حاصل کر سکیں۔ تو، حکومت پر نظارت پارلیمنٹ کا ایک فرض ہے۔ اس کے بارے میں دو تذکّر ہیں: پہلا تذکّر یہ ہے کہ نظارت کا مقصد "حکومت کی کارکردگی کو بہتر بنانا" ہے۔ یہ اس لیے ہے کہ اگر حکومت کے کام میں کوئی کمی ہو، تو آپ اسے پارلیمنٹ کے طور پر تشخیص دیں، اس کا تجزیہ کریں، تذکّر دیں، تاکہ حکومت کی کارکردگی بہتر ہو اور کام آگے بڑھے؛ نظارت کا مقصد یہی ہے۔ خدا نہ کرے، نظارت کا ہدف کوئی اور چیز ہو؛ مثلاً اگر کسی وزیر کے ساتھ ذاتی مسئلہ پیدا ہو، تو اس کی وجہ سے اس سے سوال کے پیچھے پڑے رہیں یا حتیٰ کہ وضاحت اور اس قسم کے معاملات پیش آئیں؛ اس کام میں جماعتی، ذاتی یا سیاسی مسائل کو بالکل دخل نہیں دینا چاہیے۔ نظارت صرف اس وجہ سے ہونی چاہیے: کہ حکومت میں اگر کمی محسوس ہو اس پر توجہ دی جائے اور اسے دور کرنے کی کوشش کی جائے؛ یہ ایک بات نظارت کے بارے میں۔

دوسری بات یہ ہے کہ نظارت میں نہ تو افراط ہو، نہ تفریط۔ کبھی کبھار، بعض ملاحظات کی بنا پر، جہاں نظارت کی ضرورت ہو، وہاں نہیں کی جاتی؛ یہ بھی غلط ہے۔ کبھی کبھار زیادہ نظارت کی جاتی ہے؛ متعدد سوالات کیے جاتے ہیں۔ میں آپ کو بتاؤں، ان سالوں میں ـــ جب سے ہم ذمہ داری پر ہیں ـــ اب جب میں سوچتا ہوں، تقریباً تمام حکومتوں میں وزرا میرے پاس آ کر شکایت کرتے تھے کہ پارلیمنٹ میں سوالات بہت زیادہ ہو گئے ہیں؛ وہ کہتے تھے کہ چاہے پارلیمنٹ کے فلور پر ہو یا کمیٹیوں میں، ہمیں لے آتے ہیں، گھنٹوں ہمارا وقت ضائع کرتے ہیں، سوالات پوچھتے ہیں، سوال پیچیدہ کرتے ہیں، اور اس قسم کے کام۔ افراط نہیں ہونی چاہیے۔ یقیناً تفریط بھی نہیں ہونی چاہیے؛ یعنی جہاں سوال کرنا ضروری ہو، جہاں نظارت کرنا ضروری ہو، وہاں نظارت کرنی چاہیے لیکن انصاف کے ساتھ؛ نظارتوں کو انصاف کے ساتھ انجام دیا جانا چاہیے؛ ذاتی اور سیاسی ملاحظات اور اس قسم کی باتیں درمیان میں نہیں آنی چاہیے۔

اب چھٹا نکتہ؛ پارلیمنٹ میں اراکین کی کارکردگی پر نظارت کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی۔ وہ حضرات جنہیں سابقہ تجربہ ہے، انہیں یاد ہوگا؛ ایک دور میں تذکّر دیا گیا تھا، (۵) اور نمائندگان نے فوراً ایک کمیٹی تشکیل دی تھی تاکہ اراکین کی کارکردگی پر نظارت کی جا سکے۔ اس کمیٹی کا مقصد کیا ہے؟ اس کا مقصد یہ ہے کہ کبھی کبھی ایک رکن غفلت یا کسی بھی وجہ سے کوئی ایسا عمل کرتا ہے کہ ۲۹۰ اراکین پر سوالات اٹھنے لگے۔ یعنی ایک شخص کے عمل سے پورے پارلیمنٹ کا عوام کی نظر میں تاثر خراب ہو جاتا ہے؛ یہ نہیں ہونا چاہیے؛ اس سے بچاؤ کیا جانا چاہیے؛ اگر بچاؤ ممکن نہ ہو، تو علاج کیا جانا چاہیے؛ یہ بہت اہم ہے۔ ہم یہ چیز اس کمیٹی سے مشاہدہ نہیں کرسکے اور وہ نتیجہ نہ پاسکے کہ جیسا کہ توقع تھی، اتنی مؤثر کارکردگی سامنے نہیں آئی۔ یہ ہماری اگلی تاکید ہے۔

ساتواں نکتہ، عالمی امور اور خارجہ سیاست کے مسائل میں پارلیمنٹ کے کرادر کے بارے میں ہے۔ پارلیمنٹ ایک اہم قوت ہے؛ حکومتیں دنیا میں اپنی پارلیمنٹوں کے اس طاقتور وزن کو استعمال کرتی ہیں؛ نہ صرف مذاکرات میں بلکہ تعاملات میں، عملی شراکت داریوں میں بھی۔ مذاکرات میں آپ کسی بات کو مذاکرات کی میز پر کہتے ہیں، تو سامنے والا کہتا ہے: "ہماری پارلیمنٹ نے اجازت نہیں دی، ہمارے پاس قانون ہے، ہم نہیں کر سکتے"؛ وہ مذاکرات میں پارلیمنٹ کو ایک پشت پناہی کے طور پر استعمال کرتی ہیں۔ مختلف چیلنجز میں جو حکومتوں کو پیش آ سکتے ہیں ـــ یقیناً حکومت کو مختلف مسائل میں چیلنجز ہو سکتے ہیں ـــ پارلیمنٹ حکومت کو سہارا دے سکتی ہے، حکومت کے ہاتھ مضبوط کر سکتی ہے؛ اس لیے آپ کا فعال کردار عالمی اور بین الاقوامی مسائل، سیاست اور سفارتکاری میں بہت اہم ہے۔

ایک اچھی مثال، پچھلی پارلیمنٹ میں یہی "قانون اقدام راهبردی" تھا؛ (۷) یہ ایک بہت اچھا کام تھا۔ یقیناً کچھ لوگوں نے اعتراض کیا اور عیب جوئی کی؛ لیکن یہ عیب جوئی بالکل بے بنیاد تھی اور یہ ایک بہت درست اقدام تھا۔ یہ فعالیت بہت مؤثر ہو سکتی ہے۔ اب مختلف قسم کی موجودگی؛ کبھی کبھار مثلاً پارلیمنٹ کے صدر کے دوروں اور ملاقاتوں کے ذریعے؛ جیسے حالیہ دورے میں آقای قالیباف کا، اس اجلاس میں تھا، جو ایک بہت مفید اور فائدہ مند دورہ تھا جس سے حکومت کو بہت زیادہ فائدہ اٹھانا چاہیے۔ یا بین‌المجالس کمیٹیوں کے دورے، یا حتیٰ کہ ان کے بغیر بھی، کوئی بیان؛ فرض کریں کہ کوئی مسئلہ فلسطین کا آ جائے، غزہ کا مسئلہ آ جائے؛ آپ ایک بیان دیں، یہ دنیا میں اس مسئلے پر بہت اثر ڈالتا ہے۔ یا کبھی بیان بھی نہیں، تو کبھی کبھی اراکین کے خطاب بھی؛ میں کبھی کبھار توقع ظاہر کرتا ہوں؛ بعض مواقع پر توقع ہوتی ہے کہ اراکین پارلیمنٹ میں خارجہ پالیسی کے اس اہم مسئلے پر کچھ کہیں، کوئی خطاب کریں۔ دنیا میں یہ معمول ہے؛ مثلاً فرض کریں کہ خارجہ پالیسی کمیٹی کے صدر نے فلاں بات کہی؛ یہ دنیا میں مشہور ہو جاتی ہے۔ بہت ساری چیزیں پارلیمنت انجام دیتنی ہیں اور حکومتیں ان کے اقدام کا پیچھے سے فائدہ اٹھاتی ہیں۔ یہی جامع امریکی پابندیاں جو ایران کے خلاف ہیں، یہ وہ قانون تھا جسے پارلیمنٹ نے منظور کیا؛ یقیناً اس سال کے ڈیموکریٹ صدر نے (۱۰) ـــ وہ دوغلا، شریر اور چالاک تھا؛ وہ ہمارے حکام سے زیادہ چالاک تھا، جو کچھ ان معاملات میں انسان دیکھتا ہے ـــ اس پر دستخط کئے۔ وہ چاہتا تو دستخط نہیں بھی کر سکتا تھا؛ وہ دعویٰ کرتا تھا کہ جوہری مسئلہ وغیرہ میں ایران کے ساتھ تعاون کرنا چاہتا ہے، مگر پھر بھی اس نے اس پر دستخط کئے! یہ جامع قانون پارلیمنٹ نے منظور کیا؛ پارلیمنٹ یہ کام کرتی ہیں۔ اس لیے، پارلیمنٹ اس حوالے سے فعال کردار ادا کرسکتی ہے۔

میں اس پابندیوں کے موضوع پر بھی کچھ کہنا چاہتا ہوں – جو بہت زیادہ زیرِ بحث ہے؛ خاص طور پر انتخابی ایام میں یہ باتیں مختلف انتخابی امیدواروں کے بیانات، عوام اور ان کے حامیوں وغیرہ میں بار بار سننے کو ملتی ہیں – کہ پارلیمنٹ کا اس معاملے میں اثرانداز ہونا ممکن ہے۔ ہم یہ کر سکتے ہیں؛ ہم پابندیوں کو عزت کے ساتھ ختم کرنے کے لئے اقدامات کر سکتے ہیں، اور اس سے بھی زیادہ اہم یہ ہے کہ ہم پابندیوں کو بے اثر بنا سکتے ہیں۔ میں نے بار بار یہ بات کہی ہے (11) کہ پابندیوں کو ہٹانا ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے – اس کا فیصلہ دوسروں کے پاس ہے – لیکن پابندیوں کو بے اثر کرنا ہمارے ہاتھ میں ہے؛ ایسی کئی راہیں ہیں جن سے پابندیوں کو بے اثر کیا جا سکتا ہے، اور ہم نے ان میں سے کچھ راہوں پر قدم رکھا ہے، اور اس کا اثر بھی دیکھا ہے؛ یعنی حکومتی اہلکاروں نے ان اقدامات کو اپنایا اور اس کے اچھے نتائج دیکھے ہیں، اور ہم یہ کام کر سکتے ہیں۔ پارلیمنٹ اس معاملے میں – ہماری معزز پارلیمنٹ – اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

آٹھواں اور آخری نکتہ پارلیمنٹ کے فوری کاموں کے بارے میں ہے، یعنی کابینہ کے لئے ووٹ دینا جو ان شاء اللہ آقای پزشکیان (حفظہ اللہ) پارلیمنٹ کے سامنے پیش کریں گے؛ یہ آپ کا فوری اور ضروری کام ہے۔ البتہ، جتنا جلدی کابینہ کی تجویز (اب وہ کام جو کرنا باقی ہے) منظور ہو جائے اور حکومت اپنے کام کا آغاز کرے، ملک کے لیے بہتر ہوگا؛ تاہم اس معاملے میں آپ دونوں، یعنی منتخب صدر اور پارلیمنٹ کے ارکان، کی بھاری ذمہ داری ہے۔ کون اس شعبے کا مسئول بنے گا؟ اقتصادی شعبہ، ثقافتی شعبہ ، تعمیرات کا شعبہ ، پیداوار کے شعبے میں؛ کون اس شعبے کا مسئول بنے گا؟ اس شخص کو شعبے کا مسئول بنانا چاہیے جو "امین" ہو، "صادق" ہو، "متدین" ہو، جو دل و جان سے "جمهوری اسلامی اور اسلامی نظام" کا معتقد ہو۔ "ایمان" ایک اہم معیار ہے۔ "مستقبل پر امید" ہونا، آئندہ کے افق کی طرف مثبت نظر رکھنا، ایک اہم معیار ہے۔ جو لوگ افق کو تاریک دیکھتے ہیں اور یہ سمجھتے ہیں کہ کچھ نہیں کیا جا سکتا، ان کو اہم اور بنیادی ذمہ داریاں نہیں سونپی جا سکتی ہیں۔ "تشرّع"، دیندار ہونا، ایک اہم معیار ہے۔ "پاکدامنی اور صداقت میں مقبول" ایک معیار ہے۔ یہ معیار اہم ہیں اور ان کو مدنظر رکھنا چاہیے؛ منتخب صدر اور پارلیمنٹ دونوں کو اس کا خیال رکھنا چاہیے؛ یعنی آپ دونوں کے درمیان ایک مشترکہ ذمہ داری ہے کہ آپ ملک کے حکام کا انتخاب کریں۔ "برا ماضی" نہ ہو؛ یہ ایک معیار ہے۔ "ملی نظریہ" ہو؛ یعنی جماعتی اور سیاسی مسائل میں نہ ڈوبیں، بلکہ ملک کے مفاد میں نظر رکھیں۔ "کارآمد" ہوں۔ ان سب باتوں کو تحقیق سے جانچا جا سکتا ہے۔ البتہ کارآمدی اکثر اس وقت ظاہر ہوتی ہے جب کام شروع ہو چکا ہو، لیکن تحقیق سے، سابقہ کارناموں کو دیکھ کر اور باتوں کو سن کر ہم کارآمدی کو پہچان سکتے ہیں۔ یہ سب ضروری ہے۔

میرے خیال میں، یہ ایک بہت اہم ذمہ داری ہے جو آپ دونوں پر ہے، یعنی منتخب صدر اور پارلیمنٹ کے ارکان پر کہ یہ کام درست طریقے سے انجام دیں؛ ان شاء اللہ ایک اچھی، کارآمد، مفید، متدین اور انقلابی کابینہ تشکیل پائے گی جو ملک کے مسائل کو آگے بڑھا سکے۔ یہ ہماری دعا ہے، ہماری امید ہے۔ ہم سب کے لیے دعا گو ہیں؛ میں منتخب صدر کے لیے دعا گو ہوں، پارلیمنٹ کے ارکان کے لیے دعا گو ہوں، اور پارلیمنٹ کے صدر کے لیے دعا گو ہوں۔ یہ ہماری ہمیشہ کی دعا ہے؛ چاہے صدر کوئی بھی ہو، یا پارلیمنٹ کے صدر کوئی بھی ہوں، یا عدلیہ کے سربراہ کون ہوں، ہماری دعا ہمیشہ ان کے ساتھ ہے۔ ان شاء اللہ آپ کامیاب ہوں گے۔

غزہ کا مسئلہ، دنیائے اسلام کا سب سے اہم مسئلہ ہے۔ جو کچھ میں نے پارلیمنٹ کے لیے خارجہ پالیسی اور سفارتکاری کے شعبہ میں عرض کیا، اس کا ایک جزو یہی غزہ کا مسئلہ ہے؛ خاموش نہ رہیں، ساکت نہ رہیں؛ یہ کام بہت اہم ہے۔ یہ صحیح ہے کہ مہینوں گزرنے کے بعد کئی افراد میں ابتدائی جوش نہیں ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ ابھی بھی وہی اہمیت جو پہلے دن تھی، آج بھی موجود ہے، بلکہ مزید بڑھ چکی ہے۔ مزاحمت کی طاقت دن با دن اپنے آپ کو ظاہر کر رہی ہے۔ ایک عظیم فوجی، سیاسی اور اقتصادی طاقت جیسے امریکہ، جو غاصب اسرائیلی ریاست کے پیچھے کھڑا ہے، وہ ایک مزاحمتی گروہ سے لڑ رہی ہے، وہ ان کو شکست دینے میں کامیاب نہیں ہو سکا؛ کیونکہ وہ حماس کو شکست نہیں دے سکے، وہ مزاحمت کو شکست نہیں دے سکے، تو وہ اپنے غصے کا بدلہ معصوم عوام سے لے رہے ہیں، بموں کو عوام، اسکولوں، اسپتالوں، بچوں اور خواتین پر گرا رہے ہیں؛ یہ ظلم و بربریت (۱۲) ہے جو دنیا کے سامنے واقع ہو رہی ہے؛ اور دنیا بھر کے لوگ اب اس غاصب رژیم کے خلاف فیصلہ کر رہے ہیں۔ مسئلہ ابھی ختم نہیں ہوا؛ یہ مسئلہ ابھی بھی جاری ہے؛ ان شاء اللہ سرگرم رہیں۔

ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ اسلام اور مسلمانوں کے لیے جو بھی بہتری ہے، وہ مقرر کرے ان شاء اللہ؛ اور ہم سب کو کم از کم اللہ کے سامنے اپنے کاموں کی کوئی دلیل پیش کرنے کے قابل بنائے، اور ہمارے اعمال اس کی بارگاہ میں قابل دفاع ہوں۔

اللہ تعالیٰ ان شاء اللہ آپ سب کو اپنے حفظ و امان میں رکھے؛ امام خنینیؒ کی روح مطہر، شہداء کی روحیں، اور ولی عصر (علیہ السلام) کا قلب مبارک ہم سے راضی و خوشنود ہو۔

والسّلام علیکم و رحمة‌الله و برکاته
۱) اس ملاقات کے آغاز میں ــ جو پارلیمنٹ شورای اسلامی کے بارہویں دور کے آغاز کے موقع پر منعقد ہوئی ــ آقای محمّدباقر قالیباف (رئیس پارلیمنٹ شورای اسلامی) نے ایک رپورٹ پیش کی۔
۲) حاضرین کی ہنسی
۳) بشمول، پارلیمنٹ شورای اسلامی کے اراکین کے ساتھ ملاقات میں بیانات (۱۴۰۲/۳/۳)
4) قانون سازی کے نظام کی عمومی پالیسیوں کی ترسیل (۱۳۹۸/۷/۶)
۵) پارلیمنٹ شورای اسلامی کے آٹھویں دور کے رئیس اور اراکین کے ساتھ ملاقات میں بیانات (۱۳۸۹/۳/۱۸)
6- ۳۹۰/۱/۱۵
7) قانون "اقدام راهبردی برای لغو تحریمها و صیانت از حقوق ملّت ایران" ۱۲ آذر ۱۳۹۹ کو پارلیمنٹ یازدہم نے منظور کیا۔
۸) بریکس رکن ممالک کی پارلیمانی پارلیمنٹ رواں سال کے ۲۱ تیرماہ کو روس کے شہر سن‌پترزبورگ میں منعقد ہوئی۔
۹) سیسادا (CISADA) قانون یا جامع پابندیوں کا قانون، اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف پابندیوں کا مرکزی حصہ تشکیل دیتا ہے۔
۱۰) باراک اوباما
۱۱) بشمول، شہید سپہبد حاج قاسم سلیمانی کے سالانہ یادگاری پروگرام کی کمیٹی کے اراکین کے ساتھ ملاقات میں بیانات (۱۳۹۹/۹/۲۶)
۱۲) وحشی‌گری