صحافی: بسم اللہ الرحمن الرحیم، رہبر معظم انقلاب اسلامی کی خدمت میں سلام و تہنیت پیش کرتا ہوں۔
رہبر انقلاب: علیکم السلام و رحمۃ اللہ ۔
صحافی: جناب عالی صبح بخیر، ان شاء اللہ آپ کی صحت و عافیت ہمیشہ قائم و دائم رہے۔ اجازت چاہتا ہوں کہ ہم سب کے ولی نعمت امام علی ابن موسی الرضا علیہ آلاف آلتحیۃ و الثناء کے یوم ولادت با سعادت کی پیشگی مبارکباد پیش کروں آپ کی خدمت میں اور عظیم ملت ایران کی خدمت میں۔
جناب عالی! ہمارے عزیز ہم وطنوں کی کثیر تعداد اس وقت قومی نشریاتی ادارے کے مختلف چینلوں، ٹیلی ویزن، ریڈیو نشریات، اسی طرح سوشل میڈیا کے ذریعے آپ کی آواز سن رہی ہے اور آپ کو براہ راست دیکھ رہی ہے۔ آپ کی یہ دیرینہ روش ہے کہ ووٹنگ کا وقت شروع ہوتے ہی آپ تشریف لاتے ہیں۔ میری گزارش ہے کہ تیرہویں صدارتی انتخابات، شہری و دیہی کونسلوں کے چھٹے انتخابات، اسی طرح ماہرین اسمبلی اور پارلیمنٹ کے مڈ ٹرم الیکشن کے لئے ووٹنگ کے ان ابتدائی لمحات میں با شرف ملت ایران سے کچھ کہنا چاہتے ہیں تو ارشاد فرمائیں!
رہبر انقلاب اسلامی: بسم اللّه الرّحمن الرّحیم. و الحمد للّه ربّ العالمین و الصّلاة و السّلام علی محمّد و آله الطاهرین.
انتخابات کا دن ملت ایران کا دن ہے۔ آج کے دن کے مالک و مختار عوام ہیں۔ عوام ہی پولنگ مراکز پر جاکر اور اپنے ووٹ ڈال کر در حقیقت آئندہ برسوں کے لئے ملک کے کلی اور کلیدی معاملات کا تعین کریں گے۔ آج ، عوام مرکزی کردار کے حامل اور اصل ہدایت گر ہیں جو آئندہ برسوں کے لئے ملک کی عمومی تقدیر اور جہت کو اپنے ووٹوں سے معین کرتے ہیں، لہذا آج کا دن عوام سے متعلق ہے اس حقیقت کی بنیاد پر ، انسانی دانش حکم کرتی ہے کہ ہر ایک اس عظیم مرکزی اور قومی امتحان میں شریک ہو، اورہمارا عوام کو انتخابات میں حصہ لینے کی بار بار دعوت دینے کا مقصد بھی یہ ہے کہ پہلے مرحلے میں خود عوام اس مشارکت سے فائدہ اٹھائیں گے اور اسلامی جمہوریہ بھی بین الاقوامی میدان میں بھی بڑے اہم فوائد حاصل کرے گا۔ لیکن بہرحال اس کا سب سے پہلا فائدہ خود عوام کو ملتا ہے۔ آپ سب ، آئیں، تشخیص دیں اور ووٹ ڈالیں یہ چیز تمام افراد کے مستقبل کے لئے اور خود ملک کے مستقبل کے لئے بہت اہمیت رکھتی ہے۔
ایک ایک ووٹ اہم ہے۔ اور کوئی یہ نہ کہے کہ میرے ایک ووٹ سے کچھ نہیں ہوگا ، کیوں کہ یہی ایک ایک ووٹ ہی قوم کے کروڑوں ووٹ بناتے ہیں۔ میرے خیال میں اللہ کی مبارک نام کے ساتھ آپ آگے بڑھیں اور ثواب حاصل کریں۔
میری نصیحت یہ ہے کہ جتنی جلدی آپ یہ فرض الہی نیت اور ثواب کی غرض سے انجام دیں گے اتنا بہتر ہے، یہ میری دائمی سفارش ہے۔ ابھی اول وقت ہے، وقت ختم ہونے میں ابھی کئی گھنٹے باقی ہیں لیکن جتنی جلدی اس فریضے کو انجام دیجئے بہتر ہے۔ ان شاء اللہ خداوند عالم کی بارگاہ میں دعا ہے کہ آپ کے ووٹوں میں برکت دے اور آپ اپنے ووٹوں سے اپنے ملک کے لئے اور ملت ایران کی ہر فرد کے لئے اچھا مستقبل تعمیر کر سکیں۔ امید کرتا ہوں کہ حضرت امام علی ابن موسی الرضا علیہ السلام کے ایام ولادت کی بدولت آج ایرانی قوم کیلئے جشن کا دن اور باعث خیر و برکت ہوگا۔ انشاءاللہ توفیق الہی سے یقینا ایسا ہی ہوگا۔ اس الیکشن سے ان شاء اللہ ملت ایران کا بھلا ہوگا۔ میں انتخابی عہدیداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور درخواست کرتا ہوں کہ وہ پورے ملک میں پوری ذمہ داری کے ساتھ اپنا کام انجام دیں ، اور میں آپ محترم صحافیوں اور فوٹوگرافروں کو بھی سلام اور شاباش پیش کرتا ہوں۔
و السّلام علیکم و رحمة اللّه و برکاته