ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

رہبر معظم کا 22 بہمن کی ریلیوں میں عوام کی بھر پور شرکت پر شکریہ

بسم الله الرّحمن الرّحیم

میں بائيس بہمن  اور جشن انقلاب اسلامی کی تقریبات کے موقع پر  ریلیوں میں ایرانی قوم کی بھر پور اور وسیع پیمانے پر شرکت کرنے کے سلسلے میں شکریہ ادا کرنا ضروری سمجھتا ہوں۔ ایرانی قوم نے حقیقت میں عظیم اور شاندار کارنامہ انجام دیا۔  آپ ان ملکوں کا جائزہ لیجئے جہاں انقلاب آ چکے ہیں، آپ غور کیجئے کہ ان ملکوں میں انقلاب کی سالگرہ کا جشن کس طرح منایا جاتا ہے۔ دو سال بعد، تین سال بعد جب انقلاب کی سالگرہ آتی ہے تو بس یہ ہوتا ہے کہ کچھ لوگ ایک جگہ کھڑے ہو جاتے ہیں اور ان کے سامنے کوئی پریڈ ہو جاتی ہے۔ یہاں ایران میں یہ ذمہ داری عوام کے دوش پر ہے۔ عوام خود کو انقلاب کا مالک سمجھتے ہیں اور حقیقت میں  عوام ہی انقلاب اور ملک کے اصلی مالک ہیں ہم  اور ہم جیسے دیگر افراد جو ایرانی قوم کاشکریہ ادا کرتے ہیں،تو اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ انقلاب سے ہمارا رابطہ اور ہماری نسبت عوام کے مقابلے میں زیادہ ہے، ہم اس لئے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ عوام نے انقلاب کی مدد کی۔ ایسا نہیں ہے، انقلاب خود عوام کا سرمایہ ہے، یہ ملک خود عوام کا ہے، اسلامی نظام عوام کا سرمایہ ہے۔ سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ عوام خود اس حقیقت کو اچھی طرح سمجھتے ہیں اور اپنی اس عظیم ثروت کا پوری شجاعت، بصیرت اور موقعہ شناسی کا ثبوت دیتے ہوئے دفاع کرتے ہیں جو ان کی عزت و خود مختاری کی ضمانت ہے۔ جہاں اور جس  موقع پر عوام کے آگے آنے کی ضرورت ہوتی ہے وہ عوام خود آگے آچاتے ہیں۔ آپ نے دیکھا کہ کل تہران اور پورے ایران میں عوام بھرپور انداز سے میدان میں حاضر ہوئے۔ یہ بہت  ہی اہم اورعجیب چیز ہے، یہ بہت عظیم واقعہ ہے۔ ہم در حقیقت بہت سی عظیم چیزوں کے عادی ہو گئے ہیں، جیسے ہمیں سورج کو طلوع ہوتا دیکھنے کی عادت پڑ گئی ہے اور ہمیں لگتا ہے کہ یہ تو ایک طے شدہ معمول کی چیز ہے، لہذا اس کی اہمیت کا ہمیں اندازہ نہیں ہو پاتا۔ یہ بہت بڑی بات ہے کہ پہلے 22 بہمن کو کزرے ہوئے 34 سال بیت چکے ہیں لیکن عوام اسی شان کے ساتھ میدان میں موجود اور حاضر ہیں۔وہ اس طرح حمایت کے لئے باہر نکلیں۔ مرد، عورتیں، بچے، بوڑھے، نوجوان، سب ہر جگہ شرکت کریں۔ یہ واقعی بہت بڑی نعمت ہے جس پر انسان پوری عمر اللہ تعالی کا شکر بجا لاتا رہے تب بھی شکر کا حق ادا نہیں ہوگا۔ اسی طرح ہمیں عوام کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے واقعی بروقت اور موقع پر اہم کارنامہ انجام دیا ہے۔ عین اس وقت جب اس قوم کی خود مختاری کے دشمن، اس قوم کے وقار کے دشمن اس  امید میں بیٹھے تھے کہ عوام صدائے انقلاب پر اور صدائے اسلامی جمہوریہ پر لبیک کہنے سے انکار کر دیں گے اور انہیں اسلامی نظام اور اسلام سے عوام کے دور ہونے کا منظر دیکھنے کا موقع مل جائے گا، عوام نے ریلیوں میں شاندار شرکت کا پرشکوہ منظر پیش کرکے دشمن کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، اسے مایوس کر دیا۔ البتہ دشمن اپنے پروپیگنڈے میں تو اسے چھپانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن اسے حقیقت امر کا خوب اندازہ ہے۔ عوام کے کارنامہ کے جو مناظر کل 22 بہمن 1391 ہجری شمسی  کو آپ نے دیکھے، وہ ان کی نظروں میں بھی ہیں اور وہ سمجھتے ہیں، اس کا تجزیہ کرتے ہیں اور اسی نتیجے پر پہنچتے ہیں کہ اس عظيم قوم کا سامنا نہیں کیا جا سکتا۔

اللہ تعالی سے دعا ہے کہ ہماری توفیقات میں اضافہ فرمائے اور ہم پر اپنی برکتیں، رحمتیں اور اپنا فضل و کرم نازل فرمائے۔
والسلام علیکم و رحمه الله