ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

رہبر معظم انقلاب اسلامی:

موجودہ دور ایرانی قوم کی تاریخی حیات کا سب سے درخشاں اور سنہرا دور ہے

رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے آج حسینیہ امام خمینی (رہ) میں ملک کے بعض اعلی حکام اور عوام کے مختلف طبقات سے ملاقات میں علاقہ میں اسلامی بیداری کو اپنے اصیل اسلامی تشخص کی جانب مسلمانوں کی باز گشت قرار دیتے ہوئے فرمايا: اسلام کی قدرت کی جانب باز گشت ، اللہ تعالی کی ذات پر اعتماد و توکل اور اپنی حیرت انگیز توانائیوں کی پہچان ، در حقیقت امت اسلامی کی عظمت و شکوہ کا عظیم و شاندارمظہر ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے علاقہ میں جاری اسلامی بیداری ، اپنی تقدیر اپنے ہاتھ میں لینے کے لئے عوام کی میدان میں موجودگی کو تاریخ اسلام کا بہت اہم اور گرانقدر تجربہ قراردیتے ہوئے فرمایا: آج مصر، تیونس، یمن، لیبیا، بحرین اور بعض دیگر ممالک میں جو حوادث رونما ہورہے ہیں وہ مسلمانوں کے لئے ٹھوس اور فیصلہ کن حوادث ہیں۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے تاکید کرتے ہوئے فرمایا: اگر مسلمانوں کا عزم و ارادہ ان لوگوں پر غلبہ پیدا کرلے جو اسلامی ممالک میں مداخلت کرنے کی کوشش کررہے ہیں  تو اسلامی ممالک طویل عرصہ تک ترقی و پیشرفت کی جانب گامزن رہیں گے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا: اگر عالمی سامراجی طاقتیں اور تسلط پسند سامراجی و صہیونی رہنما منجملہ امریکہ کی ظالم و جابر حکومت انقلابی امواج پر سوار ہوجانے میں کامیاب ہوجائیں اور علاقہ میں جاری انقلاب کی لگام کو اپنے ہاتھ میں لے لیں تو اس صورت میں عالم اسلام دسیوں سال تک عظیم مشکلات سے دوچار ہوجائے گا۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ایسے تلخ اور ناگوار حوادث کو روکنے کے لئے عالم اسلام کی ممتاز سیاسی و ثقافتی شخصیات کی اہم ذمہ داری قراردیتے ہوئے فرمایا: آج اسلامی ممالک اور مسلمانوں کا بہت بڑا امتحان ہے کیونکہ مسلمان قومیں اپنی حیرت انگیزقدرت و توانائی سے آگاہ ہوچکی ہیں۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے گذشتہ تیس برس میں ایرانی قوم کے شاندارکارنامہ کو صراط مستقیم پر تمام توانائیوں سے استفادہ اور استقامت کا واضح و آشکار نمونہ قراردیتے ہوئے فرمایا: تیس سالہ استقامت کے نتائج اب آشکار ہوگئے ہیں اور موجودہ دور ایرانی قوم کی تاریخی حیات کا سب سےدرخشاں اور سنہرا دور ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای  نے فرمایا: گذشتہ تیس برس میں سامراجی طاقتوں کے دباؤ ، اقتصادی پابندیوں اور فوجی و سیاسی دھمکیوں کے مقابلے ایرانی قوم نے شاندار استقامت کا مظاہرہ کیا اور آج ایرانی قوم ، عزیز، مقتدر، ترقی یافتہ،پر امید اور روشن مستقبل کی حامل قوم ہے۔

اس ملاقات کے آغازمیں صدر احمدی نژاد نے عید سعید فطر کی مناسبت سے مبارک باد پیش کی اور اس ماہ میں اخلاص و بندگی کی تمرین، محبت و عفو و بخشش اور پرامید مستقبل کی تمرین کو رمضان المبارک کے تین عظیم درس قراردیتے ہوئے کہا: عید فطر الہی اقدار کی عید اور ولایت و عشق و امید کی عید ہے۔

صدر احمدی نژاد نے عالمی سامراجی اور صہیونی ظالموں اور جابروں کے ظلم و ستم بالخصوص امریکی و صہیونی ظالم حکومت کی مقبوضہ فلسطین میں درندگی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: فلسطینی عوام کی آزادی اور ان کے حقوق کو حاصل کرنے کے لئے تمام مؤمنوں اور مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسرائیل کے وحشیانہ مظالم کے خلاف آواز اٹھائیں تاکہ اللہ تعالی کے لطف و کرم سے بیت المقدس کی آزادی عدل و انصاف اور صالحین کی حکومت کے قیام کا مقدمہ قرار پائے۔
700 /