رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای کے دفتر نے ایران کے مؤمن و مخلص عوام سے سفارش کی ہے کہ وہ صومالیہ کے قحط زدہ مسلمانوں کی بھر پور مدد کریں۔
افریقہ بالخصوص صومالیہ میں خشکسالی اور قحط سالی کے بحران کے پیش نظر رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای کے دفتر نےرمضان المبارک کے رحمت و برکت کے مہینے میں ایران کے عزیز عوام کو سفارش کی ہے کہ وہ صومالیہ کے قحط زدہ مسلمانوں کی مدد کرنے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
اطلاعیہ کا متن حسب ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
آجکل افریقہ کے علاقہ بالخصوص صومالیہ کے مصیبت زدہ ملک کو دردناک انسانی بحران کا سامنا ہے اور اس علاقہ میں خشکسالی، قحط اور بین الاقوامی اداروں کی عدم توجہ کی بنا پر کئی ملین مسلمانوں بالخصوص عورتوں اور بچوں کی زندگي شدید خطرے سے دوچار ہو گئی ہے۔
لہذا رہبر معظم انقلاب اسلامی کی صومالیہ کے قحط زدہ عوام کی مدد پر خصوصی توجہ کے پیش نظر ایران کی انسان دوست عوام کو دعوت دی جاتی ہے کہ وہ اس رحمت و برکت کے مہینے میں صومالیہ کی مسلمان قوم کی مددکرنے میں بھر پور حصہ لیں اور اپنی نقدی اور غیر نقدی امداد کو متعلقہ اداروں کے ذریعہ صومالیہ کے عوام تک پہنچانے کی کوشش کریں ۔