ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

صوبہ کردستان میں ولی فقیہ کے نمائندے کا تقرر

رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے اپنے ایک حکم میں حجۃ الاسلام جناب آقائ حاج سید محمد حسینی شاہرودی کو صوبہ کردستان میں اپنا نمائندہ اور ملک کے مغربی حصہ کے بڑےاسلامی مرکز کا سربراہ مقرر کیا ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی کے حکم کا متن حسب ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

جناب حجۃ الاسلام آقائ حاج سید محمد حسینی شاہرودی دامت توفیقاتہ

اب جبکہ جناب حجۃ الاسلام آقائ حاج سید موسی موسوی ایک دوسری جگہ خدمت میں مشغول ہوگئے ہیں انھوں نے کئی برسوں سے اس سنگین ذمہ داری کو اپنے د وش پر اٹھائے رکھا اور اس طولانی مدت میں انھوں نے حمکت و بردباری اور شجاعت کے ساتھ شاندار اور بے مثال خدمات انجام دیں، ان کی ان خدمات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے جناب عالی کو صوبہ کردستان میں اپنا نمائندہ اور ملک کے مغربی حصہ کے بڑے اسلامی مرکز کا سربراہ مقرر کرتا ہوں ۔

کردستان کے شریف عوام کا اسلام پر گہرا ایمان و یقین، ان کی بے مثل ونظیر وفاداری، ایران اور اسلامی نظام کے لئے فداکاری ، اہلبیت علیہم السلام کے ساتھ ان کی والہانہ محبت و عشق ایسی ممتاز صفات اور خصوصیات ہیں جن کو انھوں نے مختلف و گوناگوں مراحل میں ثابت کیا ہے۔ صوبہ کردستان کے مؤمن و غیور عوام اور مجاہد و نجیب علماء کے لئے مسلط کردہ جنگ اور اسلامی انقلاب کے مخالف گروہوں کے حملے کا دور امتحان کا سخت و دشوار اورقابل فخر اور مایہ ناز دور تھا۔ امید رکھتا ہوں کہ جناب عالی جو اللہ تعالی کی توفیق کے ساتھ ، علم و عمل کے زیور سے آراستہ اور درایت و خلاقیت کے جذبہ سے سرشار ہیں، ان تمام شرعی، سماجی اور سیاسی امور کو حسن و خوبی کے ساتھ انجام دیں گے جو ولی فقیہ کے نمائندوں سے متعلق ہیں اور مقامی علماء ، حوزات علمیہ اور اہلسنت اور شیعہ کے تبلیغی اور دینی مراکز پر اپنی خاص توجہ مبذول کریں گے اور دینی ، ثقافتی  اور سماجی فعالیتوں کی ہدایت اور علاقہ کے لوگوں کی دینی و مذہبی ضرورتوں کو پورا کرنے اور اساسی و بنیادی مشکلات کو مقامی حکام کی ہماہنگي کے ساتھ برطرف کرنے میں کامیاب ہونگے۔

ضروری ہے کہ ملک اور صوبہ کے تمام ذمہ دار ادارے اس اہم ذمہ داری کو نبھانے میں آپ کی مدد اور آپ کا تعاون کرنے میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں گے۔

سید علی خامنہ ای

12/دی/1389

700 /