ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

رہبر معظم انقلاب اسلامی:

قم کی مشکلات کو پیہم تلاش و کوشش اور سنجیدگی کے ساتھ حل کرنا چاہیے

رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے آج صبح  کابینہ اور صوبہ قم کے مختلف  شعبوں سے متعلق حکام کے ساتھ ملاقات میں عوام کی خدمت کو ایک توفیق اور گرانقدر عمل قراردیتے ہوئے فرمایا: قم جیسے مؤمن، مجاہد، سماجی کاموں میں اعلی احساسات و جذبات کے حامل اور امتحان میں آزمودہ عوام کی اگر خدمت کی جائےتو یقینی طور پر اس کی قدر و قیمت اور اجر و ثواب مضاعف اور دگنا ہوگا اور اسی وجہ سے قم کے حکام کو چاہیے کہ وہ قم کے عوام کو زیادہ سے زيادہ خدمت بہم پہنچانے اور صوبہ کی مشکلات کو حل کرنے کے لئے اپنی تمام کوششوں کو کام میں لائیں۔

اس ملاقات میں نائب صدر، کابینہ کے ارکان اور پارلیمنٹ میں قم کےعوام کے نمائندے بھی موجود تھے رہبر معظم انقلاب اسلامی نے قم کے عوام کے دیندار و متدین ہونےکی وجہ سے ظالم شہنشاہی دور میں قم کی پسماندگی، عتاب و غضب ، علماء کے ساتھ ارتباط ، حوزہ علمیہ کے وجود اور قم کے علماء اور عوام کی ماضی میں استقامت ، پائداری اور مقاومت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد قم پر خاص توجہ مبذول کی گئی لیکن حقیقت اور انصاف کے ساتھ اگر دیکھا جائے توحالیہ پانچ برسوں میں قم کی تعمیر و ترقی اور پیشرفت میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے سرعت اور برق رفتاری کے ساتھ پیشرفت کو جاری رکھنے پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا: اگر قم میں تعمیر و ترقی کا سلسلہ اسی برق رفتاری کے ساتھ جاری رہے تو امید ہے کہ اس صوبہ میں پائی جانے والی پسماندگی ختم ہوجائے گی۔
                                                                                                                           رہبر
معظم انقلاب اسلامی نے قم کی خدمت کو ملک کی خدمت قراردیتے ہوئے فرمایا: شہر مقدس قم اسلامی جمہوریہ ایران کی عزت و آبرو کا مظہر ہے کیونکہ یہ شہر انقلاب اسلامی ، علماء اور سب سے بڑی دینی درسگاہ ،حوزہ علمیہ اور  ممتاز علمی و دینی شخصیات کا مرکز ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے حالیہ دنوں میں قم کے بارے میں اغیار کے ذرائع ابلاغ  اور میڈيا کی وسیع پیمانے پر تبلیغات اور پروپیگنڈہ کو مقدس شہر قم کی اہمیت کا مظہر قراردیتے ہوئے فرمایا: گذشتہ تیس برسوں میں اسلامی نظام کے مخالفین  کے منصوبوں اور پروگراموں میں انقلاب اور اسلام کےمظاہر اور علائم بالخصوص قم کو کمزور  اور غیر مؤثر  بنانے کی کوشش جا ری رہی ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا: قم اسلام کی ‏عظمت کے مرکز اور انقلاب اسلامی کے پرچم کو لہرانے کی وجہ سے دشمن محاذ کی توجہ کاہمیشہ مرکز رہا ہے اور دشمن نے اس مقدس شہر کے لئے کئی خاص پروگرام اور منصوبے مرتب کررکھے ہیں جن میں شہر مقدس قم میں اسلامی انقلاب کےمخالف مرکز کی تشکیل کامنصوبہ بھی شامل ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: ان منصوبوں اور پروگراموں میں قم کے لوگوں کے احساسات و جذبات اوران کے فکر و شعور پر اثرانداز ہونےکا پروگرام بھی شامل ہے اور دشمن کے اس شوم  منصوبہ کا مقابلہ کرنے کے لئےضروری ہے کہ  قم کےعوام کو زيادہ سے زیادہ خدمت بہم پہنچائی جائے اور یہاں کے لوگوں کو در پیش مسائل اور مشکلات  کو حل کیا جائے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: البتہ قم کے عوام نے اپنے حالیہ پرجوش و ولولہ انگیز  اور عظیم حضور کے ذریعہ دشمن  کی تبلیغات اور منصوبوں کا دنداں شکن اور مضبوط و مستحکم جواب دیا ہے اور اپنے دلوں کے اندر  گہرے ایمان و اخلاص اور بیداری کا عمدہ اور شاندار ثبوت فراہم کیا ہے۔

رہبرمعظم انقلاب اسلامی نے حکومتی اداروں کے وسائل محدود ہونے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: قم کو درپیش مشکلات کو حل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ان مشکلات کی درجہ بندی  کی جائے اور انھیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے منظم و مرتب منصوبہ تیار کیا جائےاور ان کے حل کے لئےسنجیدہ اور پیہم کوشش کی جانی چاہیے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے قم میں آج کابینہ کے اجلاس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: صوبائی سفر میں  حکومت کے منظور شدہ تمام کاموں اور آج کے اجلاس میں منظور کئے گئے تمام فیصلوں کو دقت اور اہتمام کے ساتھ اجراء کرنا چاہیے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے پینے کے پانی، پسماندہ علاقوں ، صحت و سلامتی کے امور بالخصوص خواتین کے شعبہ میں صحت کے مسائل، دستی صنعت اور زراعت اور صنعت کے شعبوں کے لئے پانی کی فراہمی کو قم کے اساسی اور بنیادی  مسائل قراردیتے ہوئے فرمایا: حالیہ برسوں بالخصوص نویں اور دسویں حکومتوں کے دوران پہلی حکومتوں کی نسبت کئی گنا زیادہ کام انجام دیئے گئے ہیں لیکن ایرانی عوام کی تاریخی پسماندگیوں کو دور کرنے کے لئے تمام شعبوں میں برق رفتاری اور مسلسل کام کرنے کی ضرورت ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے عوام کے ساتھ خندہ روئی سے پیش آنے کی تمام حکام کو سفارش کرتے ہوئے فرمایا: عوام کے ساتھ اچھی اور بہترین  رفتار حکام کی سب سے اہم ذمہ داری ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: عوام کی خدمت کا معنوی اجر و  ثواب ، دنیاوی اجر و پاداش سے کہیں زیادہ ہے ۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے صوبہ قم کے حکام کی زحمات بالخصوص حالیہ دنوں میں ان کی زحمات پر شکریہ ادا کیا۔

اس ملاقات کے آغاز میں نائب صدر جناب رحیمی نے قم میں آج کابینہ کے اجلاس کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا: اس اجلاس میں صوبائی دوروں کے دوران منظور ہونے والے امور کے علاوہ قم کے لئے جدید فیصلے بھی کئے گئے ہیں۔

تہران – قم  سپر فاسٹ ٹرین پٹری بچھانے کے منصوبے کو سرعت کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے 150 ارب تومان کے بجٹ کی منظوری، شہر قم کے پسماندہ علاقوں کی 5/2  سالوں میں پسماندگی کو دور کرنے کے لئے 120 ارب تومان کی منظوری، آئندہ سال شہریور مہینے تک مہر تعمیراتی ادارے کی طرف سے 31 ہزار گھروں کی تکمیل اور قم میں پینے کے پانی کو منتقل کرنے کے لئے قم کے عوام کے لئے کابینہ کے آج اہم فیصلے تھے جن کی طرف نائب صدر نے اشارہ کیا۔

قم کے گورنر جناب موسی پور نے بھی اپنی تقریر میں گذشتہ برسوں بالخصوص حالیہ پانچ سالوں میں بعض خدمات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: مختلف سطح پر 13 ہزار سے زائد مدارس ، 29 سے زائد اعلی تعلیمی اداروں اور یونیورسٹیوں میں 53 ہزار طلباء ، لڑکیوں کے لئے حضرت معصومہ(س) یونیورسٹی کا قیام،قم کی میڈیکل یونیورسٹی اور صنعتی یوینورسٹی،اسپتالوں میں 2 ہزار سے زائد بیڈ  ، 213 اسپتال اور صحت کے مراکز، 360 ورزشی مراکز، 40 ہزار مستقل ٹیلیفون اور 625 ہزار موبائل منجملہ ایسے اقدامات ہیں جو شہر قم کے لئےانجام دیئے گئے ہیں۔

موسی پور نے صنعتی ، زراعتی اور مویشیوں کے مراکز کو قم کے اہم فوائد قراردیتے ہوئے کہا: انجام شدہ خدمات کے باوجود صوبہ قم کو ابھی بہت سی مشکلات کا سامنا ہے جن میں قم کے قدیم اور فرسودہ آبادی کے علاقہ شامل ہیں۔

اس ملاقات کے بعد رہبر معظم انقلاب اسلامی کے قم کے دفتر میں کابینہ کے ارکان  اور صوبہ قم کے حکام نے نماز ظہر و عصر  رہبر معظم انقلاب اسلامی کی امامت میں ادا کی۔

 

700 /