رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای کی موجودگی میں زنجان کے مؤمن ، مخلص اور اہلیبیت عصمت و طھارت علیہم السلام کے عاشق عوام نے آج سرکار سید الشّھداء کے چہلم کی یاد میں منعقد ہونے والی مجلس میں شرکت جس کی وجہ سے آج حسینیہ امام خمینی میں حسینی جذبہ و ولولہ حکم فرما تھا ۔
اس مجلس میں ملک کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے ، صوبہ زنجان کے نوحہ خواں حضرات نے اپنے نوحوں اور مرثیوں کے ذریعہ اسیران کربلاء اور عقیلہ بنی ھاشم جناب زینب سلام اللہ علیہا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے مصائب و آلام کا تذکرہ کیا۔
اس مجلس میں صوبہ زنجان میں ولی فقیہ کے نمائندے اور شہر زنجان کے امام جمعہ جناب حجۃ الاسلام واعظی نے اس صوبے کے عوام کی آٹھ محرم الحرام اور گیارہ محرّم کی شاندار اور باشکوہ عزاداری کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا : ایران کا اسلامی نظام ، عصر حاضر میں ، حسینی عزت اور عظمت کا مظہر ہے اور عوام اس کی پاسبانی کے لئیے جان کی بازی لگانے کو تیار ہیں ۔ حجۃ الاسلام واعظی نے چہلم امام مظلوم کے دن ، اسیران کربلاء کی ، سرزمین کربلاء میں وارد ہونے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا : عقیلہ بنی ھاشم حضرت زینب سلام اللہ علیہا اور اسیران کربلا کا یہ قافلہ ، راہ حق میں استقامت اور مزاحمت کے نقیب تھے ۔
اس مجلس کا اختتام ، رہبر معظم انقلاب اسلامی کے دعائیہ کلمات پر ہوا ۔