رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے ایک تعزیتی پیغام میں بلوچستان میں دسیوں شیعہ اور سنی بھائیوں ، سپاہ پاسداران کے بعض اعلی افسروں بالخصوص میجرجنرل شوشتری اور میجرجنرل محمد زادہ کی شہادت پر مبارکباد اور تعزيت و تسلیت پیش کرتے ہوئے فرمایا: اسلامی نظآم کے طاقتور ہاتھ ، عوام کے امن و امان اور جان ومال کو خطرے میں ڈالنے والے خيانتکاروں کو ضرورکیفر کردار تک پہنچائیں گے۔
پیغام کا متن حسب ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
بلوچستان میں خونخواردہشت گردوں نےوحدت اور امن و امان کے دشمنوں کے شیطانی چہرے کو پہلے سے کہیں زيادہ آشکار کردیا ہے دہشت گردوں کوبعض سامراجی طاقتوں اور انکے جاسوس اداروں کی جانب سے مکمل حمایت حاصل ہے شہید نور علی شوشتری اور دیگر کمانڈروں اور دسیوں شیعہ و سنی فارس و بلوچ فداکار مؤمنوں کی شہادت ایرانی قوم بالخصوص بلوچستان خطے کے عوام کے حق میں بھیانک جرم ہے کیونکہ یہ شریف اور مؤمن افراد اس خطے میں امن و امان قائم کرنے اور اس علاقہ کی تعمیر وترقی کے لئے مخلصانہ خدمات انجام دے رہے تھے۔
دشمن جان لیں کہ وہ اس قسم کے بھیانک جرائم کے ذریعہ راہ اسلام پر گامزن رہنے ، شیطانی طاقتوں کا مقابلہ کرنے اور عزت و افتخار کے راستہ پر چلنے کے ایرانی عوام اور حکام کے پختہ عزم کو متزلزل نہیں کر سکتےاور نہ ہی ایرانی عوام کے باہمی اتحاد و یکجہتی اور مذہبی رواداری کے جذبہ کو ختم کرسکتے ہیں۔
سامراجی طاقتوں کے حقیر اور پست نوکروں کو یاد رکھنا چاہیے کہ طاقتور اسلامی نظام علاقہ میں امن و امان قائم کرنے اور خطے کے مظلوم اور وفادار عوام کا دفاع کرنے میں ایک لمحہ کے لئے بھی کوتاہی نہیں کرےگا اور عوام کے جان و مال کو نقصان پہنچانے والوں اور امن و امان میں خلل ڈالنے والوں کو ضرورکیفر کردار تک پہنچائے گا۔ میں اس حادثے میں شہید ہونے والوں کے اہلخانہ بالخصوص میجرجنرل شوشتری اور میجرجنرل محمد زادہ کے لواحقین کو ان کی دردناک شہادت پر مبارک باد اور تعزيت پیش کرتا ہوں اور اللہ تعالی کی بارگاہ میں دعا کرتا ہوں کہ وہ اس حادثے میں زخمی ہونے والوں کو جلد از جلد شفا عطا فرمائے۔
سید علی خامنہ ای
27/ مہر / 1388