رہبر معظم انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی خامنہ ای نے اپنے اہم پیغام میں 12 جون بروزجمعہ کو ایران کی عظیم و ہنرمند قوم کی انتخابات میں تاریخ ساز ، آرام بخش ، متین اور فیصلہ کن شرکت کوخداوند متعال کی رحمت و لطف اور بے مثال و لاجواب واقعہ قراردیا اور دسویں صدارتی انتخابات میں ایرانی قوم کے پرشکوہ اور خوبصورت سیاسی رشد و شعور و انقلابی عزم و ارادہ ،ولولہ انگیزجذبات اور ایرانی قوم کی مدنی صلاحیتوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: صدارتی انتخابات میں 80 فیصد سے زائد ووٹروں کی شرکت اور منتخب صدر کی 24 ملین سے زائد ووٹوں سے کامیابی درحقیقت ایک حقیقی جشن کا مظہر ہے بد نیت دشمن ایرانی عوام کی اس حلاوت اور مٹھاس کو بد مزہ بنانے کی کوشش کریں گے لیکن ایرانی عوام اور جوان ، دشمن کی اس کوشش کے مد مقابل ہوشیار اور بیداررہیں اور منتخب امیدوار اوردوسرے امیدوار اور ان کے حامی ایکدوسرے کی نسبت بدگمانی اور اشتعال انگیز اقدامات سے پرہیز کریں ۔
پیغام کا متن حسب ذیل ہے:
بسم الله الرحمن الرحيم
ایران کی عزیز قوم!
زمانے کی شناخت رکھنے والے آگاہ اور شجاع مرد و خواتین!
اللہ تعالی کا آپ پر سلام ہو ، آپ نے ثابت کردیا ہے کہ آپ الہی رحمت و سلام کے مستحق اور سزاوار ہیں۔جمعہ کے دن آپ نے ایک بے مثال اور یادگار واقعہ رقم کیا ہے آپ نے اس دن سیاسی شعور، انقلابی عزم و ارادہ ، ایرانی قوم کی مدنی صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے اچھے اور بہترین انداز میں پیش کیا ۔
آپ نے اپنے جس عزم و اقتدار کو آرام و سکون کے ساتھ ملک کی تاریخ میںرقم کیا اور دشمنوں کی شعلہ ورنفسیاتی جنگ کے درمیان اس فیصلہ کن میدان میں اپنے جس پختہ عزم کے ساتھ شرکت کا مظاہرہ کیااس کی اہمیت اتنی زيادہ ہے جسے عام الفاظ اور جملوں میں بیان نہیں کیا جاسکتا ، ایرانی قوم اپنے اندر الہی رحمتوں کے حصول کے اسباب و استحقاق کو باقی رکھنے اور ملک کی پیشرفت و ترقی اورسربلندی کے لئے تائید الہی اور دست خدا کو اپنے سروں پر برقرار رکھنے میں کامیاب رہی ہے۔
22 خرداد مطابق 12 جون کے انتخابات میں ایرانی عوام نے اپنے عظیم فن کا مظاہرہ کیا اور ایران میں انتخابات کے طولانی سلسلے میں ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ صدارتی انتخابات میں 80 فیصد سے زائد ووٹروں کی شرکت اور منتخب صدر کی 24 ملین سے زائد ووٹوں سے کامیابی درحقیقت ایک حقیقی جشن کا مظہر ہے۔
جو اللہ تعالی کی مدد و نصرت سے ملک کی پیشرفت و ترقی ، سربلندی، قومی سلامتی، اور پائدار جوش و خروش کا موجب بنے گا۔
کل کے انتخابات میں آپ نے یہ ثابت کردیا ہے کہ دشمن کے سیاسی اور نفسیاتی حملوں کے باوجود ایرانی قوم اسلامی اقدار اور انقلابی اصولوں پر استقامت اور پائداری کے ساتھ گامزن ہے ۔
اور گذشتہ تیس برسوں میں ایرانی قوم ہر روز نئے ولولوں اور جذبات کے ساتھ پیشرفت و ترقی کی سمت رواں دواں ہے اور اس نےدشمنوں اور دوستوں پر واضح کردیا ہے کہ ایرانی قوم اپنے اعلی اہداف کےسفر پر گامزن ہے
میں قوم کے عزم و ایمان کی قدر کرتے ہوئے اس عظیم کامیابی پر حضرت ولی عصر ارواحنا فداہ اور رہبر کبیر انقلاب اسلامی امام خمینی (رہ) اور قوم کی ہر فرد کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور سب کو اس لطف الہی کی قدردانی اور خدائے علیم و حکیم کا شکر بجا لانے کی سفارش کرتا ہوں۔
ممکن ہےکہ دشمن اپنے معاندانہ اوراشتعال انگیز اقدامات کے ذریعہ اس واقعہ کی حلاوت اور مٹھاس کو ایرانی قوم سے سلب کرنے کی کوشش کریں ، اس موقع پر قوم اور جوان ہمیشہ کی طرح ہوشیار اور بیدار رہیں کیونکہ انھوں نے اس عظیم واقعہ کو وجود بخشا ہے۔
انتخابات کے بعد کا دن اخوت و برادری کا دن ہوتا ہے منتخب امیدوار اور دوسرے امیدواروں اور ان کے حامیوں کو ایسے اقدامات سے پرہیز کرنا چاہیے جو اشتعال انگیز حرکات اور بدگمانی پر مشتمل ہوں
منتخب اور محترم صدر، پوری ایرانی قوم کے صدر ہیں، منتخب صدر کے رقیبوں سمیت ہر فرد منتخب صدر کی مدد کرے ، بیشک یہ بھی ایک الہی آزمائش ہے جس میں کامیابی اللہ تعالی کے فضل و کرم اور اس کی رحمت و عنایت کا موجب بنے گی۔
میں ان تمام افراد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنھوں نے اس عظیم واقعہ میں اپنا اہم نقش ایفا کیا ہے:
محترم امیدواروں کا شکریہ ،جنہوں نے اپنے اپنے سماجی، سیاسی، اور اقتصادی نظریات پیش کرکے مختلف سیاسی و سماجی طرز فکر کے لوگوں کو میدان میں حاضرکیا، ان دانشوروں اور ممتازشخصیات کا شکریہ ، جنہوں نے اپنے مخاطب افراد کو اس عظیم امتحان میں شرکت کرنےکی دعوت دی، علمائے کرام، ثقافتی و سیاسی شخصیات اور یونیورسٹی سے وابستہ افراد ، قومی ذرائع ابلاغ اور ریڈیو و ٹی وی کے ادارے کے ڈائریکٹروں، فنکاروں اور پروگراموں کے میزبانوں کا شکریہ ،جن کی قابل تعریف حکمت عملی نے اس عظیم واقعہ میں نا قابل فراموش کردار ادا کیا، وزارت داخلہ اور محترم نگراں کونسل کا شکریہ ،جس نے پورے اخلاص اور ایمانداری سے اپنے اہم فریضہ پر پوری صداقت اور امانت سے عمل کیا، انتظامیہ اور سکیورٹی کے اداروں کا شکریہ ، جنہوں نے عوام کے لئے پرامن اور صحیح ماحول فراہم کیا اور سب سے بڑھ کر ہر ووٹر کا شکریہ ، جس نے اپنے لئے اور اپنے ملک کی عزت و عظمت اورثبات و سلامتی کے لئے اپنا اہم کردار ادا کیا۔
ایک بار پھر عجز و خاکساری اور مسرت کے ساتھ خداوند عزیز و قدیر کا دل کی گہرائیوں سے شکر ادا کرتا ہوں اور اللہ تعالی کی ہدایت و رحمت کواس قوم اور اس ناتواں بندے کے لئے طلب کرتا ہوں۔ حضرت ولی اللہ الاعظم روحی فداہ پر درود و سلام بھیجتے ہوئے ان کی دعا و نگرانی اور تائيد چاہتا ہوں جو اس ملک کے حقیقی مالک و وارث ہیں۔ امام خمینی (رہ) اور شہدا کی پاک و پاکیزہ ارواح پر درود و سلام بھیجتا ہوں۔
سيّدعلی خامنهای
23/خرداد/1388