رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے دسویں صدارتی انتخابات اور خبرگان کونسل کے وسط مدتی انتخابات میں آج صبح انتخابات شروع ہونے کے ابتدائی دقائق میں حسینیہ امام خمینی (رہ) میں حاضر ہوکربیلٹ بکس نمبر 110 میں اپنا ووٹ استعمال کیا۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے انتخابات کو بہت بڑی قومی آزمائش اور ملک کے سیاسی میدان میں عوام کی بھر پور ، آگاہانہ اور فعال موجودگی کا مظہر قراردیا اور انتخابات میں عوام کے زبردست جوش و خروش اور شوق و نشاط کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: امید ہے کہ خداوند متعال کی توفیق اور پولنگ اسٹیشنوں پر عوام کی وسیع شرکت کی بدولت ایرانی قوم ایک عظیم امتحان میں سرافراز و سربلند ہوجائے گی۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ملک کے اعلی اجرائی فرد کے انتخاب کو عوام کا شرعی اور عقلائی حق اور ذمہ داری قراردیتے ہوئے فرمایا: عوام سے سفارش کرتا ہوں کہ وہ پہلی ساعات میں پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچ کر اپنی رائے کا استعمال کریں اور ملک کی مدیریت میں اپنی ذمہ داری کے حق کو پورا کریں اور اپنی تشخیص کے مطابق بہترین اور صالح ترین امیدوار کو 4 سال کے لئے قوہ مجریہ کے سربراہ کے طور پر منتخب کریں ۔
رہبر معظم نے حالیہ دنوں میں انتخابات کے میدان میں عوام کے جوش و خروش پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فرمایا: عوام نےاپنے رشد و کمال اوربلوغ و شعور کے ذریعہ کسی نا خوشگوار واقعہ کے رونما ہونے کی اجازت نہیں دی ۔
رہبر معظم نے انتخابات کی سلامتی کو بہت ہی اہم اور بڑی نعمت قراردیا اور گذشتہ انتخابات کے سالم منعقد ہونے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: انتخابات کا صحیح و سالم انعقاد ، خدا وند متعال کے فضل و کرم اور عوام کے درک و شعور کا نتیجہ ہے اور امید ہے کہ عوام ہمیشہ کی طرح قلبی آرام و سکون ، صبر و بردباری اورعزت و وقار کے ساتھ بحران پیدا کرنے والے بدنیت افراد کی کوششوں کو ناکام بنادیں گے کیونکہ یہ بحران ملک اور عوام کے لئے مضراور نقصان دہ ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے گذشتہ دنوں میں ان کے حوالے سے پھیلائی گئی افواہوں کو غلط قراردیتے ہوئے فرمایا: عوام ان افواہوں اور انتخابات کے مختلف شعبوں میں دوسری افواہوں پر توجہ نہ دیں کیونکہ ان افواہوں کے پیچھے غلط افراد کا ہاتھ ہے۔
رہبر معظم نے اختتام پر امید کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا: خداوند متعال کی مدد و نصرت اور عوام کی ہوشیاری اور آگاہی کی بدولت ہم اچھے اور جوش و خروش پر مبنی انتخابات کا مشاہدہ کریں گے۔