رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای کی موجودگی اور ان کی طرف سے عالم ربانی ، عارف کامل اور اسوہ زہد وتقوی حضرت آیت اللہ العظمی بہجت مرحوم کے ایصال ثواب کی مجلس حسینیہ امام خمینی (رہ) میں منعقد ہوئی ۔
اس مجلس میں آیت اللہ العظمی بہجت کے خاندان ، رشتہ داروں ،مرحوم کے دفتر کے اہلکاروں ، ایرانی عدلیہ کے سربراہ ، پارلیمنٹ کے اسپیکر، مجمع تشخیص مصلحت نظام کے سربراہ ، اور ملک کے اعلی فوجی اور سول حکام نے شرکت کی ۔ قرآن کریم کی تلاوت کے بعد ذاکرین نے اس عالم ربانی کے سوگ میں اہلبیت (ع) کے فضائل و مصائب کو پیش کیا۔
اس مجلس سے حجۃ الاسلام والمسلمین فاطمی نیا نے اپنے خطاب میں آیت اللہ بہجت کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا: علم اصول ، کلام، فلسفہ اور عرفان کے لحاظ سےآیت اللہ بہجت مرحوم حقیقت میں ایک فقیہ تھے۔
فاطمی نیا نے کہا :ریاضت و مجاہدہ ، تکمیل نفس اور استدلال و برہان سعادت تک پہنچنے کی راہیں ہیں اور اس عظیم مرجع کے عارف ہونے میں سب سے بڑی پشتپناہی ان کے فقیہ ہونے میں مضمر تھی۔
حجۃ الاسلام فاطمی نیا نےکہا: آیت اللہ العظمی بہجت کامل بندگی اور عبودیت کے ذریعہ اس عظیم دینی مقام تک پہنجے تھے۔