رہبر معظم انقلاب اسلامی اور مسلح افواج کے کمانڈر انچیف حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے آج سہ پہر کو صوبہ کردستان میں مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ سے خطاب میں عوام کے لئے امن و سلامتی اور آرام و آسائش فراہم کرنے کو اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کی اہم ذمہ داری قراردیا اور ایرانی عوام کی عزت و کرامت کی حفاظت کے لئے قومی آمادگی بالخصوص مسلح افواج کی آمادگي کو مضبوط و مستحکم بنانے کی ضرورت پر زوردیا۔
سنندج کی امام علی (ع) فوجی چھاؤنی میں اس تقریب کے آغاز اور رہبر معظم انقلاب اسلامی کی موجودگی میں قومی ترانہ پیش کیا گیا اس کے بعد رہبر معظم انقلاب اسلامی شہیدوں کی یادگار پر حاضر ہوئےاور صوبہ کردستان کے مظلوم اور سرافراز شہیدوں کے درجات کی بلندی کے لئے سورہ فاتحہ کی تلاوت کا شرف حاصل کیا۔
اس کے بعد گرؤنڈ میں موجود سپاہ پاسداران ، رضاکار فورس اور پولیس کے دستوں نے رہبر معظم انقلاب اسلامی کو سلامی پیش کی اور رہبر معظم نےاس تقریب میں موجود جانبازوں کی خدمات کو سراہا۔
رہبر معظم نے اس تقریب میں صوبہ کردستان کو دلیروں ، جاں نثاروں فداکاروں اور شہادت کے متوالوں کا خطہ قراردیا اور اس علاقہ میں انقلاب کے ابتدائی برسوں میں دشمن کی طرف سے بحران اور برادر کشی کی سازشوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: اس سخت و دشوار دور میں اسلامی نظام نے ایمان اور مؤمن و غیور مردوں کے بل بوتے پر بہت ہی درخشاں امتحان دیا اور مسلح افواج نے اس عظیم فتنہ کو شکست سے دوچار کرتے ہوئے عوام کے لئے امن و سلامتی اورآرام و آسائش کا ماحول فراہم کیا اوراپنے وجود کی اہمیت کو نمایاں طور پر پیش کیا۔
رہبر معظم نے کردستان کے غیور عوام کے تعاون اور ان کے اہم کردار کی تعریف و تجلیل کی اورمیدان جہاد میں دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے میں مسلمان کرد پیشمرگان کے ذوق و شوق اور ان کے اہم نقش کی طرف اشارہ کرتےہوئے فرمایا: صوبہ کردستان میں ایرانی عوام کی عظیم قربانیوں کے یہ جلوے اور حقائق ہمیشہ زندہ رہیں گے۔
رہبر معظم نے فرمایا: مسلح افواج کی ہوشیاری اور آگاہی کے نتیجے میں صوبہ کردستان اجانب کے خطرات سے محفوظ رہا ہے اور مسلح افواج کو دشمن کے مکر وفریب کے مقابلے میں ہمیشہ ہوشیار رہنا چاہیے اسلامی نظام نے دشمن کی گردن میں ہاتھ ڈال رکھا ہے لہذا اس کی سازشوں کے مقابلے میں بیدار رہنا چاہیے اور قرآن کے حکم کے مطابق مسلح افواج کوہمیشہ آمادہ ، تیار، مضبوط و مستحکم رہنا چاہیے۔
رہبر معظم نے فرمایا: دشمن علاقہ میں بحران پیدا کرنے کی راہيں ہموار کرنے کی تلاش وکوشش میں ہے اجانب کی خفیہ ایجنسیوں اور عراق میں موجود تسلط پسند طاقتوں کی طرف سے دہشت گردوں کی حمایت اور ہدایت کے پیش نظر، قوم بالخصوص مسلح افواج اور حکام ہمیشہ کی طرح ہوشیار رہیں اور یقینا ہوشیار ہیں۔
رہبر معظم نے فرمایا: خداوند متعال کی ذات پر توکل و بھروسہ ، استقلال اور عوامی عزم ارادہ ہر قوم کی عزت و کرامت کے دفاع کی حقیقی شرط ہے ایران کی عظیم قوم اور مقتدر اسلامی نظام کسی پر تعدی و تجاوز کے قائل نہیں ہیں لیکن دشمن کی دھمکیوں کا جواب دینے میں ایک لمحہ بھی دیر نہیں کریں گے اور خدا کے فضل و کرم اور قوم وحکام اور مسلح افواج کی روز افزوں تیاریوں کے سائے میں دشمنوں کی دھمکیاں اور سازشیں ناکام ہوجائیں گی۔
اس تقریب میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر میجر جنرل جعفری نے کردستان کے علاقہ کی عمومی صورتحال کی تشریح کرتے ہوئے مسلح افواج کی مکمل آمادگی اور دفاع کی طرف اشارہ کیا اور صوبہ میں سپاہ کی تعمیری اور ثقافتی سرگرمیوں کے بارے میں رپورٹ پیش کی ۔
حمزہ سید الشہداء برگیڈ کے سربراہ میجر محمود آبادی نے بھی علاقہ میں امن و سلامتی برقرار کرنے کے سلسلے میں رپورٹ پیش کی ۔
اس تقریب کے اختتام پر گراؤنڈ میں موجود دستوں نے شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا ۔