رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے ایرانی طلباء کی اسلامی انجمنوں کیبر صغیر ہند میں سرگرمیوں کے 25 سال گزرنے اور 25 و 26 بہمن کو پورے ہندوستان میں ایرانی طلباء کی طرف سے اپنے نمائندوں کے انتخاب کے موقع پر پیغام ارسال کیاہے۔
اس مرحلے کی اختتامی تقریب کے موقع پر پیغام کا متن ایشیاء میں ایرانی طلباء کے امور میں ولی فقیہ کے نمائندے حجۃ الاسلام محمد علی نظام زادہ نے پیش کیا جس کا متن حسب ذيل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
عزیز طلباء
زمانہ جس قدر آگے بڑھتا جا رہا ہے ایرانی قوم کی پڑھے لکھے اور تحصیل کردہ جوانوں سے امیدوں میں بھی اتنا ہی اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ایرانی قوم کے جوان ہر میدان میں اپنی برتری اور درخشندگی کو مرحلہ ثبوت تک پہنچانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ گذشتہ دور میں ایران کی آزاد و سرافراز قوم کے دشمنوں کی پالیسی ملک کے جوان بازو کو ناکارہ بنانے پر معطوف رہی ہے؛ انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد بھی دشمنوں نے مایوسی پھیلانے ، بیہودہ اموراور فساد میں مبتلا کرنے اور بہت سے دوسرے بہانوں کے ذریعہ اپنی پالیسیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور اس سلسلے میں پیشرفتہ وسائل سے بھی وہ مدد لے رہا ہے لیکن انقلابی جوانوں نے ذمہ داری کو پہچانتے ہوئے دشمن کی ان پالیسیوں کو بھی ناکام بنا دیا ہے۔ ملک کی سیاسی ، ثقافتی ، سماجی اور علمی ترقیات اور جوان نسل میں ذوق و شوق اور جذبہ و ہمت تابناک افق کے غماز ہیں اور ایرانی عوام کے لئے ان تک پہنچنا سزاوار ہے۔
عزیزو! خداوند علیم و حکیم پر توکل اور فہم و فراست کے ساتھ جو ذمہ داری آج سب کے دوش پر بالخصوص جوانوں کے دوش پر ہے اس کے ذریعہ مستقبل کی راہ ہموار کریں۔ تحصیل علم ، تحقیق اور خلاقیت کو اپنی ذمہ داری سمجھیں اور اپنے ملک کی آج اور کل کی ضروریات کے پیش نظر اپنے درسی مواد اور علمی شعبوں کا انتخاب کریں ۔ مستقبل آپ سے متعلق ہے۔ اس کو بہتر بنانے کے لئے خداوند متعال سے مدد و نصرت طلب کیجئے اور اپنی تمام کوششوں کو کام میں لائیے۔
سید علی خامنہ ای
26/ بہمن/ 1387