رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے ایرانی سائنسدانوں کی طرف سے قومی مصنوعی سیارے " امید" کے فضا میں کامیاب تجربہ پر صدر احمدی نژاد کے کےخط جواب میں اس کامیابی کو ان امیدوں کے پورا ہونےکی سچی دلیل قراردیا ہے جو انقلاب اسلامی نے دلوں میں پیدا کی ہیں۔
صدر احمدی نژاد کے خط اور رہبر معظم کے جواب کا متن حسب ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
حضرت آیت اللہ خامنہ ای (مدظلہ العالی)
سلام علیکم
عشرہ فجرکی آمد، انقلاب اسلامی کے چوتھے عشرے میں داخل ہونے اور عشرہ عدالت و پیشرفت کی مناسبت سےفخر کے ساتھ یہ عرض کرنا چاہتا ہوں کہ آپ کے انقلابی فرزندوں نے فضائی صنعت و ریسرچ میں اپنی مسلسل و پیہم جد وجہد اور شب وروز کی تلاش و کوشش کے بعد فضا میں مصنوعی سیارے کو لیجانے والے راکٹ ، مصنوعی سیارے ، اسٹیشن اور اس کو کنٹرول کرنے والی ٹیکنالوجی کو مقامی سطح پر تیار کرلیا ہے اور حضرت امام موسی کاظم (ع) کی شب ولادت کے موقع پر جمہوری اسلامی ایران نے اپنے پہلے مصنوعی سیارے کا فضا میں کامیاب تجربہ کیا ہے اور اس کے ذریعہ امن و صلح اور توحید و عدل و انصاف کا پیغام عالمی برادری کو پہنچایا ہے۔
بیشک یہ اقدام بین الاقوامی سطح پر ایرانی قوم کے عظیم ارتقاء اور عظیم سائنسی پیشرفت و ترقی کا پیش خیمہ ، جوانوں میں خوداعتمادی اور ان کی خدا داد صلاحیتوں کو شکوفہ بنانے میں قوت کا موجب بنےگا ، اسی طرح یہ اقدام دنیا کی حریت پسند قوموں کے جذبہ کو فروغ دینے میں بھی مددگار ثابت ہو گا۔
اس عظیم کامیابی کے موقع پر میں حضرت ولی عصر(عج) ، حضرتعالی اورایران کی عظيم قوم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور حضرتعالی کی امید بخش سفارشات اور ہدایات پر زحمت کش ماہرین کی طرف سے تہہ دل سےشکر و سپاس عرض کرتا ہوں اور امید ہے کہ مؤمن اور اعلی مقاصد کے حامل جوانوں کو اپنی ہدایات سے بہرہ مند فرمائیں گے۔
خدا وند متعال کی بارگاہ سے جنابعالی کی عزت و عافیت اور ایرانی قوم کی روزافزوں ترقی و پیشرفت کا خواہاں ہوں۔
محمود احمدی نژاد
بسمہ تعالی
جناب ڈاکٹر احمدی نژاد
صدر محترم اسلامی جمہوریہ ایران
ایرانی سائنسدانوں اور ماہرین کے اس شائستہ اور قابل قدر اقدام ، ان کی جد و جہداور ہمت پر شکریہ ادا کرتا ہوں جنھون نے اس کام کو اپنی کوششوں کے ذریعہ عملی جامہ پہنایا۔ اور یہ ان سچی امیدوں کے پورا ہونے کی ایک اور علامت ہے جو انقلاب اسلامی نے دلوں میں ایجاد کی ہیں۔ خداوند متعال آپ سب کو محفوظ اورکامیاب بنائے۔
والسلام علیکم
سید علی خامنہ ای
15/ بہمن/ 1387