رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فلسطین میں حماس کی قانونی حکومت کےوزیر اعظم اسماعیل ہنیہ کے نام پیغام میں غزہ کے مظلوم ، دلیر ، شجاع ، فداکار اور صابر عوام کے مد مقابل اسرائیل کی مسلح افواج کی ذلت آمیز شکست کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: غزہ کے عوام اور آپ کی دلیرانہ استقامت و پائداری نے جنگی تاریخ کے سب سے زیادہ المناک واقعہ میں امریکہ و اسرائيل کے حامیوں اور امت اسلامی کے منافقوں اور خیانکاروں کو ذلیل و رسوا کردیا ہے۔ آپ کی استقامت، امت اسلامی کی عزت و عظمت کے پرچم کو سرافرازکر کےدشمن بشریت کو ہرروز مزید ذلت سے دوچار کرےگی۔ پیغام کا متن حسب ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
برادرمجاہد جناب آقای اسماعیل ہنیہ
سلام علیکم بما صبرتم
تاریخ اوردنیا کے جنگی جرائم کے سب سے المناک واقعہ کے مد مقابل آپ اورغزہ کے شجاع و دلیر لوگوں اور کفن بردوش مجاہدوں کے بیس دن کے صبر و استقامت اور پائداری نے امت اسلام کے سرپر عزت و عظمت کے پرچم کو سرافراز کردیا ہے، آپ نے ثابت کردیا کہ جس مسلمان کا دل خدا و قیامت پرایمان سے مملو وسرشارہو اورجس کی روح عظيم و بلند ہو وہ ظلم وستم کو برداشت اور تحمل نہیں کرسکتا اور ظالم و جابر حکومتیں اور مسلح فوجیں اسکے پختہ عزم و ارادے کے سامنے عاجز و ناتواں رہ جاتی ہیں۔
جس فوج کوبیس دنوں سے آپ کی جانفشانی ، شہادت طلبی اور فداکاری نے غزہ کے دروازوں کے پیچھے ذلت و رسوائی کے دلدل میں گرفتار کررکھا ہے اس نے چھ دنوں کے اندر تین عربی ممالک کے عظیم حصہ پر قبضہ جمالیا تھا۔ آپ اپنے ایمان ، اپنے توکل ، اپنے اعتماد اور الہی وعدوں ، اپنی فداکاری ، شجاعت اور صبر پر فخر کریں اور آج تمام مسلمان آپ کی فداکاری پرفخر کررہے ہیں۔ آپ کے جہاد نے اب تک امریکہ ، صہیونی حکومت ،اس کے حامیوں، اقوام متحدہ اور امت اسلامی کے منافقوں کو ذلیل و رسوا کردیا ہے۔
آپ کی حقانیت صرف مسلمان قوموں پر نہیں بلکہ بہت سی امریکی اور یورپی قوموں پر بھی آشکارہوگئی ہے۔ آپ آج بھی کامیاب و فتح و ظفر سے ہمکنارہیں ، اور پائدار استقامت کو جاری رکھتے ہوئے انسانیت سوز اور زبوں حال دشمن کومزید ذلت و شکست سے دوچار کریں گے۔ انشاءاللہ
آپ جان لیں کہ " "ما وَدَّعَك رَبُّك و ما قَلي" اور جان لیں كہ "و لَسَوفَ يُعطِيك رَبُّكَ فَتَرضَي" انشاءاللہ ، لیکن اس کے باوجود فلسطینی شہریوں پر ڈھائے جانے والے المناک و خونین واقعات بالخصوص معصوم و مظلوم بچوں کے قتل عام نے ہمارے دلوں کو خون میں غرق کردیا ہے۔ ہمارے ٹی چینلوں پر غزہ میں غاصب صہیونیوں کے ہاتھوں رونما ہونے والے مظالم اوردردناک واقعات دکھائے جاتے ہیں جنھیں دیکھ کر ہماری قوم اندوہناک اورعزادار بن گئی ہے۔ اَعظَمَ اللہ لَكُم الجَزاء وَ عَجَّل لَكُم النَّصر، جان لیں کہ خدا وند متعال کا وعدہ سچا ہے ارشاد ہوتا ہے: " وَ لَيَنْصُرَنَّ اللَّهُ مَنْ يَنْصُرُهُ إِنَّ اللَّهَ لَقَوِيٌّ عَزِيز" "وَ مَن جاهَد فَانّما يُجاهِدُ لِنَفسه ..."
عرب خیانتکار بھی جان لیں کہ ان کا حشر بھی جنگ احزاب کے یہودیوں سے اچھا نہیں ہوگا خداوند متعال کا ارشاد ہے: "و اَنزَلَ الَّذين ظَاهَرُوهُم مِن اَهلِ الكِتَاب وَ مِن صَيَاصِيِهم ..." قومیں غزہ کے مجاہدوں اور عوام کے ساتھ ہیں ۔ جو حکومت اس کے بر عکس عمل کرےگي اسکا فاصلہ قوم کے ساتھ گہرا ہوجائے گا اور ایسی حکومتوں کی سرنوشت واضح اور روشن ہے۔ انھیں بھی اگر اپنی آبرو اور زندگی کی فکر ہے تو انھیں امیر المؤمنین (ع)کے اس قول کو یاد رکھنا چاہیے کہ آپ نے فرمایا: "المَوتُ في حَياتِكُم مَقهورين وَ الحَياةُ في مَوتِكم قاهِرين" آپ پر،غزہ کے تمام دلیر و شجاع مجاہدوں پراور غزہ کےعوام پر درود و سلام بھیجتا ہوں اور آپ کی حمایت کے سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران نے جن کوششوں کو اپنی ذمہ داری سمجھ کر انجام دیا ہے اس کے ساتھ میں بھی آپ کے لئے دعا کرتاہوں اور خداوند متعال کی بارگاہ سے آپ کے لئے صبر و نصرت طلب کرتا ہوں۔
والسلام علیکم و علی عباداللہ الصالحین ورحمۃ اللہ و برکاتہ
سید علی خامنہ ای
18 محرم 1430
26/ دیماہ/ 1387