رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فدا کارومجاہد عالم دین اور صبر و استقامت کی عظیم یادگارحجۃ الاسلام والمسلمین غلام حسین جمی کی رحلت پرتعزیتی پیغام ارسال کیا ہے۔
پیغام کا متن حسب ذيل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
فدا کارومجاہد عالم دین اور صبر و استقامت کی عظیم یادگار حجۃ الاسلام والمسلمین غلام حسین جمی اپنے نیک اعمال اور مخلصانہ جہاد کے عظیم سرمائے کے ہمراہ اپنے معبود کی بارگاہ میں پہنچ گئے ہیں ۔ انقلاب اسلامی کی کامیابی سے پہلے اس عالی مقام عالم دین کے مبارزات اور تلاش و کوششوں کا آغاز ہوگیا تھا، جو انقلاب اسلامی کی کامیابی کے ابتدائی دنوں میں ان کی یہ کوششیں اپنے عروج تک پہنچ گئیں جب عراق کی بعثی حکومت نے ایران کی سرحدوں پر حملہ کردیا اور اس عالم مجاہد نے اس سلسلے میں استقامت و پائداری اورصبرو شجاعت کے ناقابل فراموش اور یادگارنقوش قائم کئے ۔ وہ خرم شہر اور آبادن کے سخت ایام میں لشکر اسلام کے لئے ایک معنوی پناہ گاہ اور عظیم پشتپناہ تھے۔ دشمن کی سخت ترین بمباری کے دوران ان کے مؤثر خطابات اور تقریروں کا سلسلہ جاری رہتا اور سخت ترین شرائط میں انھوں نے سپاہیان اسلام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا،خداوند متعال و غفور و رحیم اور اس کے اولیاء کے پاس اس مؤمن و صابر انسان کا نامہ اعمال اس کے لئے فخر و عزت کا باعث ہے انشاء اللہ ۔
میں اس عالم عامل کی دردناک رحلت پر مرحوم کے محترم خاندان ، ارادتمندوں ، دوستوں اور آبادان اور بوشہر کے عوام کو تعزیت پیش کرتا ہوں اور خداوند متعال کی بارگاہ سے مرحوم کے درجات کی بلندی کا طالب ہوں۔
سید علی خامنہ ای
10/دی /1387
واضح رہے کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی کی نمائندگی میں آئمہ جمعہ پالیسی کونسل کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین تقوی نے ایک وفد کے ہمراہ مرحوم حجۃ الاسلام والمسلمین جمی کے تشییع جنازہ میں شرکت کی ۔