حسینیہ امام خمینی(رہ) میں رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای کی موجودگي میں رمضان المبارک کے پہلے دن انس با قرآن کی معنوی محفل منعقد ہوئی۔ قرآن مجید کی یہ نورانی محفل تین گھنٹے سے زيادہ عرصہ تک جاری رہی ، اس نورانی محفل میں قرآن مجید کی گروہی تلاوت اور تضرع و زاری سے دعا کی گئی۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اس نورانی محفل میں قرآن مجید سننے کے جلسات کی تشکیل کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے فرمایا: ہمارے عوام قرآن مجید کے ساتھ قلبی انس و لگاؤ رکھتے ہیں۔ اس لئےقرآن مجید کی تلاوت سننے کی غرض سے عوام کے درمیان ایسےجلسات منعقد ہونے چاہییں تاکہ ان کےدل و جان قرآن کریم سے مانوس رہیں ۔
رہبر معظم نے جوانوں کو قرآن مجید کے معانی میں تدبر اور سمجھنے کی سفارش کرتے ہوئے فرمایا: مدارس میں بچپن سے ہی بچوں کوقرآن مجید کی تعلیم دی جائے تاکہ یہ آیات ایک بورڈ کی طرح ہمیشہ انھیں صراط مستقیم دکھاتی رہیں۔
قرآن کریم کی اس نورانی محفل کے اختتام پرنماز مغرب و عشا رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای کی امامت میں منعقد ہوئی اور حاضرین نے رہبر معظم انقلاب اسلامی کے ہمراہ روزہ افطار کیا۔