رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے 8 مئی 2024 کو پانچویں امام رضا علیہ السلام بین الاقوامی کانفرنس کے اکیڈمک بورڈ کے ارکان سے ملاقات میں ائمہ علیہم السلام کی زندگی کے معنوی و سیاسی پہلوؤں اور ان کی تعلیمات کی تشریح کو ضروری قرار دیا۔
رہبر انقلاب نے اس ملاقات میں آئمہ معصومینؑ کی شخسیت و سیرت کو فروغ دینے پر تاکید کی اور فرمایا: "سب سے پہلی بات تو یہ ہے کہ اس کانفرنس اور سیمینار کا انعقاد بڑا مستحسن کام ہے۔ کیونکہ شیعہ سماج، دوسروں کی بات بعد میں، خود ہم ائمہ علیہم السلام کی معرفت کے سلسلے میں کمزوریوں اور خامیوں میں مبتلا ہیں۔ کبھی کسی پہلو پر غیر مستند انداز میں حد سے زیادہ توجہ دی گئی، مگر دوسرے پہلؤوں سے غفلت برتی گئی۔ بسا اوقات تو اتنی بھی توجہ نہیں کی گئی، بس ظاہری امور اور ظاہری چیزوں پر توجہ دی گئی ہے۔ میری نظر میں شیعہ ہونے کی حیثیت سے، اہل تشیع کی حیثیت سے ہمارے بڑے فرائض میں سے ایک یہی ہے کہ اپنے ائمہ کا دنیا میں تعارف کرائیں۔"
رہبر انقلاب نے آئمہ معصومینؑ کے تین پہلووں کا ذکر کیا کہ جن کے حوالے سے کام کیا جاسکتا ہے۔ آپ نے فرمایا: میرے نقطہ نظر سے ائمہ علیہم السلام کی زندگی کے بارے میں تین پہلؤوں سے کام کیا جا سکتا ہے۔ ایک روحانی و الہی پہلو ہے۔ دوسرا پہلو ان کے فرمودات اور ان کی تعلیمات کا ہے۔ تیسرا پہلو سیاست کا ہے۔ یہ وہی چیز ہے کہ ائمہ علیہم االسلام کی زندگی کے برسوں میں جس پر میں نے بنیادی طور پر کام کیا۔ ائمہ کیا کرتے تھے، کیا کرنا چاہتے تھے۔ سیاست کا پہلو بہت اہم ہے۔ ائمہ کی سیاست کیا تھی؟"