ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

نۓ سوالات کے جوابات (دسمبر)

 
ذبح شدہ حیوان میں باقی رہ جانے والے خون کا پاک ہونا
سوال1: کیا بھیڑ کو ذبح کرنے کے بعد جو خون باقی رہ جاتا ہے اور بتدریج نکلتا ہے، نجس ہے؟
جواب: اگر حیوان کو ذبح کرنے کے بعد خون طبیعی طور پر اور مکمل باہر نکل جائے اور اس کے بعد خون اور ذبح کے مقام کو پاک کرلیا جائے تو حیوان کے بدن میں باقی رہ جانے والا اور اس کے بعد نکلنے والا خون پاک ہوگا
 
 قضا نماز پڑھنے والے شخص کی اقتدا کرنا
سوال2: کیا ایسے شخص کی اقتدا کی جاسکتی ہے جو قضا نماز پڑھ رہا ہو؟ اگر نہیں کی جاسکتی تو اس حکم سے لاعلمی کی بنا پر ماضی میں پڑھی گئی نمازوں کا حکم کیا ہے؟
جواب: اگر امام جماعت وہ نماز پڑھ رہا ہو جو یقینی طور پر قضا ہوئی تھی تو اس کی اقتدا کی جاسکتی ہے، تاہم اگر امام جماعت کی نماز احتیاطی قضا نماز ہو ﴿یعنی جس کا قضا ہونا یقینی نہ ہو﴾ تو اس کی اقتدا نہیں کی جاسکتی۔ البتہ ماضی میں پڑھی گئی نمازیں، اگر ان کا کوئی واجب رکن کم یا زیادہ نہ ہوا ہو تو فرادیٰ نماز کے طور پر صحیح ہیں۔
 
 سجدے کے متعلق شک ہونا
سوال3: اگر نمازی دوسری اور چوتھی رکعت کے لئے کھڑا ہونے سے پہلے یا کھڑا ہونے کی حالت میں ﴿مکمل کھڑا ہونے سے پہلے﴾ یا پھر دوسری یا آخری رکعت میں تشہد شروع کرنے سے پہلے، شک کرے کہ آیا ایک سجدہ بجا لایا ہے یا دو سجدے تو اس کا وظیفہ کیا ہے؟
جواب: ضروری ہے کہ ایک اور سجدہ بجا لائے۔
 
مستحب نماز کے افعال یا رکعات میں شک
سوال4: مستحب نماز کے افعال یا رکعات میں شک ہونے کی صورت میں مکلف کا فریضہ کیا ہے؟
جواب: اگر مستحب نماز کے افعال ﴿رکنی یا غیر رکنی﴾ میں شک کرے تو اگر اس فعل کا مقام نہ گزرا ہو تو ضروری ہے کہ اسے بجا لائے اور اگر اس کا مقام گزر چکا ہو تو اپنے شک کی پروا نہ کرے۔ تاہم اگر مستحب نماز کی رکعات کی تعداد میں شک کرے تو مکلف کو اختیار ہے کہ کم تعداد پر بنا رکھے یا زیادہ پر، مگر یہ کہ زیادہ تعداد پر بنا رکھے تو نماز باطل ہوجاتی ہو تو اس صورت میں لازم ہے کہ کم تعداد پر بنا رکھے﴿ جیسے کہ اگر شک کرے کہ اس نے دو رکعتیں پڑھی ہیں یا تین تو دو پر بنا رکھے اور اگر ایک اور دو رکعتوں کے درمیان شک کرے تو دونوں میں سے جس طرف بھی بنا رکھے گا نماز صحیح ہے﴾۔
 
 بیٹے کا نام رکھنا
سوال5: عنقریب میرے بیٹے کے ہاں فرزند کی ولادت ہونے والی ہے، اس کے لئے بہترین نام کیا ہونا چاہیے؟
جواب: بہترین نام وہ ہیں جن میں اللہ تعالیٰ کی بندگی کا مفہوم موجود ہو جیسے عبداللہ، عبد الرحمن، عبد الرحیم و غیرہ اور اسی طرح پیغمبروں اور ائمہ علیہم السلام کے نام کہ جن میں افضل ترین نام «محمّد» ہے، بلکہ جس انسان کے چار بیٹے ہوں اس کے لئے اپنے اولاد میں «محمّد» نام کو ترک کرنا مکروہ ہے۔
 
 اولاد کی دینی تربیت
سوال6: کیا اولاد کو دینی تربیت دینا، اسلامی احکام اور اخلاقی آداب سکھانا شرعی طور پر واجب ہے؟
جواب: بچے کے تربیتی امور کی دیکھ بھال اور اسے عقیدتی اور اخلاقی برائیوں سے محفوظ رکھنا اور اسی طرح ایسے کاموں سے محفوظ رکھنا جن میں اس کے لئے یا دوسروں کے لئے مفسدہ ﴿برائی﴾ یا قابل توجہ ضرر پایا جاتا ہو، شرعی طور پر بچے کے ولی کی ذمہ داری ہے اور اگر بچے کی شرعی سرپرستی ﴿حضانت﴾ ماں نے اپنی ذمہ لی ہو تو اس سلسلے میں اس پر بھی یہ شرعی ذمہ داری عائد ہوگی۔ جب باپ یا ماں بچے کی تربیت کے حوالے سے اپنی شرعی ذمہ داریوں کی انجام دہی میں کوتاہی کریں تو اس صورت میں وہ ٰگناہگار ہیں۔
 
اعضائے وضو پر زخم کی صورت میں وضو کرنے کا طریقہ
سوال7: اگر وضو کے اعضا پر زخم یا فریکچر وغیرہ ہو اور وہ کھلے ہوئے ہوں تو وضو کس طرح کیا جائے گا؟
جواب: جب زخم نجس ہو تو اس صورت میں وضو سے پہلے اسے پانی سے پاک کرنا ضروری ہے اور اگر پانی کا استعمال مضر نہ ہو تو وضو کے وقت معمول کے مطابق دھویا جائے گا، تاہم اگر پانی سے دھونا مضر ہو تو وضو کے وقت اس کے اطراف کو دھونا ہوگا اور احتیاط یہ ہے کہ اگر اس پر گیلا ہاتھ پھیرنا مضر نہ ہو تو اس پر گیلا ہاتھ پھیرے۔ چنانچہ زخم کا ظاہری حصہ نجس ہو تو اس پر کوئی پاک کپڑا رکھا جائے اور کپڑے پر گیلا ہاتھ پھیرا جائے۔ البتہ اگر مسح کی جگہ پر زخم ہو اور اس پر گیلا ہاتھ پھیرنا ممکن نہ ہو تو ضروری ہے کہ وضو کے بدلے تیمم کیا جائے، لیکن اگر زخم پر کوئی کپڑا رکھ کر اس پر مسح کرنا ممکن ہو تو احتیاط یہ ہے کہ تیمم کے علاوہ وضو اور مذکورہ طریقے سے مسح بھی کرے۔
 
انگور کا مربا استعمال کرنے کا حکم
سوال8: انگور کا مربا استعمال کرنا ﴿نہ کہ اس کا شیرہ﴾ شرعی لحاظ سے کیا حکم رکھتا ہے؟
جواب: اگر مربا تیار کرتے وقت انگور کو ابالا جائے تو وہ حرام ہوجاتا ہے اور انہیں استعمال کرنا جائز نہیں ہے مگر یہ کہ اتنا ابالا جائے کہ اس کے پانی کا دو تہائی حصہ کم ہوجائے تو اس صورت میں اس کے استعمال میں کوئی حرج نہیں ہے۔
 
احتیاطاً انجام دیا جانے والا وضو اور غسل جبیرہ
سوال9: میں رنگ اور گوند وغیرہ کے ساتھ کام کرتا ہوں جبکہ دستانے پہن کر کام کرنا بھی ممکن نہیں ہے۔ میں وضو اور غسل کے لئے ہمیشہ جہاں تک مجھ سے ہوسکتا ہے رکاوٹ ﴿رنگ و گوند وغیرہ﴾ کو برطرف کرتا ہوں لیکن بعض اوقات نماز، وضو یا غسل کے بعد کوئی رکاوٹ نظر آتی ہے کہ جو برطرف کرتے وقت اس کے بارے میں متوجہ نہیں ہوا تھا، پس کیا میں وضو اور غسل کے لئے ما فی الذمہ ﴿جو عمل میرے ذمے ہے﴾ کی نیت کرسکتا ہوں کہ اگر کوئی رکاوٹ ہو اور مجھے اس کا پتہ نہ چل سکا ہو تو میرا وضو یا غسل جیرہ والا شمار ہوجائے؟
جواب: اگر یہ مقام ان موارد میں سے ہو کہ جن میں جبیرہ صحیح ہے تو اعضا کو دھوتے وقت ان جگہوں میں جن کے بارے میں آپ کو احتمال ہو کہ وہاں کوئی رکاوٹ ہوگی انہیں دھونے کے ساتھ ساتھ وضو کی نیت سے ان پر گیلا ہاتھ بھی پھیریں۔
 
خمس کی تاریخ کو تبدیل کرنا
سوال10: خمس کا سال ختم ہوجانے کے بعد اگر نئے سال کی آمدنی کچھ مدت کے فاصلے سے حاصل ہو تو کیا اس صورت میں خمس کے نئے سال کا آغاز ﴿نئے سال کا پہلا دن﴾ اس تاریخ کو قرار دیا جاسکتا ہے جس دن یہ پہلی کمائی حاصل ہوئی ہے؟
جواب: اس میں کوئی حرج نہیں ہے۔
 
ارث کا خمس
سوال11: میرے والد کا انتقال ہوچکا ہے اور مجھے نہیں معلوم کہ وہ خمس ادا کرتے تھے یا نہیں، تو کیا مرحوم والد سے جو ارث ہمیں ملا ہے، اس پر خمس ہوگا؟
جواب: اگر آپ کو نہیں معلوم کہ وہ خمس کے مقروض ہیں یا ان کے مال پر خمس لگا ہوا ہے تو اس کے خمس کے حوالے سے آپ کی کوئی ذمہ داری نہیں ہے بصورت دیگر والد کے دیگر قرضوں کی طرح ان کے خمس کا قرض بھی ان کے اصل مال سے ادا کیا جائے گا اور اس کے بعد بچ جانے والے مال کو ورثا میں تقسیم کیا جائے گا۔

 

700 /