ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

نۓ سوالات کے جوابات (‫جولائی)

 
عذر رکھنے والے شخص کی نماز کا طریقہ
سوال1: جو شخص زمین پر سجدہ نہیں کرسکتا کیا کرسی پر بیٹھ کر قیام، رکوع اور سجدہ انجام دے سکتا ہے؟
جواب: ضروری ہے کہ ایسا شخص نماز کو کھڑے ہو کر شروع کرے اور اگر قدرت رکھتا ہو تو رکوع کو حسب معمول انجام دے لیکن سجدے کے لئے کرسی پر بیٹھ جائے اور اپنے سامنے رکھی ہوئی میز (یا اس جیسی دوسری چیز) کی مدد سے سجدہ بجا لائے،البتہ سجدہ کرتے وقت ہاتھوں کے علاوہ جو کہ میز پر رکھے گا، اگر پاوں کے انگوٹھوں کی نوک بھی زمین پر رکھ سکتا ہو تو یہ کام انجام دے۔
 
وقف کے استعمال میں تبدیلی
سوال2: مسجد کا زیریں طبقہ(بیسمنٹ) جو وقف کے لحاظ سے مسجد کا حکم رکھتا ہے، گودام (اسٹور روم) میں تبدیل ہوگیا ہے اور مسجد کے متولیوں کا ارادہ ہے کہ اس کے ایک حصے کو ورزش اور کھیل کے ہال اور اسی طرح ثقافتی امور کی کلاسوں کی جگہ میں تبدیل کردیں، کیا مذکورہ عمل شرعی طور پر اشکال رکھتا ہے؟
جواب: کلی طور پر مسجد کو کھیلوں کے ہال میں تبدیل کرنا جائز نہیں ہے، تاہم مسجد سے منافات نہ رکھنے والی ثقافتی سرگرمیاں انجام دینے میں کوئی حرج نہیں ہے۔
 
غسل جنابت ترک کرنے کے باوجود قضا یا مستحب روزہ رکھنا
سوال3: ایک شخص کے پاس غسل جنابت کرنے کا وقت تھا لیکن اس نے غسل نہیں کیا تو کیا یہ شخص ظہر سے پہلے قضا یا مستحب روزے کی نیت کرسکتا ہے؟
جواب: سوال کے مسئلے میں قضا روزہ صحیح نہیں ہے لیکن اگر اس کے ذمے پہلے سے قضا روزہ نہ ہو تو مستحب روزے کی نیت کرسکتا ہے۔
 
حج سے منصرف ہونا
سوال4: ناگہانی طور پر حج کے اخراجات بڑھنے اور سعودی حکومت کی جانب سے اضافی رقم کے مطالبے کے پیش نظر، کیا وہ شخص جس کے پاس حج کے اخراجات ہوں اور اس نے اس سال کے لئے اندراج کیا ہوا ہو نئے اضافی اخراجات بھی ادا کرے یا حج سے منصرف ہوسکتا ہے؟
جواب: اگر گزشتہ سالوں میں اس کے ذمے حج مستقر ہو چکا ہو (مستطیع ہونے کے بعد اس پر حج واجب ہوچکا ہو) تو ضروری ہے کہ ہر صورت میں نئے اضافی اخراجات کا انتظام کر کے ادا کرے اور اگر اسی موجودہ سال میں مستطیع ہوا ہو اور مذکورہ اضافی اخراجات ( بشمولِ ضروریات زندگی اور اپنی حیثیت کے مطابق معیشت و گزر بسر کے لئے جن چیزوں کا محتاج ہے) اس کے پاس ہوں تو وہ مستطیع ہے اور ضروری ہے کہ انہیں ادا کرے، بصورت دیگر وہ مستطیع نہیں ہے اور اس پر حج واجب نہیں ہوا ہے لہذا منصرف ہوسکتا ہے۔ ہاں اگر قرض لے سکتا ہو اور پھر آسانی سے اپنا قرضہ ادا کرسکتا ہو، اگرچہ واجب نہیں کہ قرض لے کر اپنے آپ کو مستطیع کرے تاہم اگر قرض لے لے تو اس پر حج واجب ہوجائے گا۔
 
خریداری پر مامور شخص کے وصول کردہ تحائف
سوال5: ایسی اجناس اور اموال جو بعض فروخت کنندگان، اداروں یا کمپنیوں کی جانب سے خریداری پر مامور شخص کو ریٹ لسٹ میں اضافہ کئے بغیر اپنے تعلقات قائم رکھنے کے لئے ادا کرتے ہیں، فروخت کنندگان اور خریداری پر مامور شخص کے لئے ان کا حکم کیا ہے؟
جواب: فروخت کنندہ کی جانب سے خریداری پر مامور شخص کو یہ اموال دینا جائز نہیں ہے اور مامور کے لئے بھی ان کا وصول کرنا جائز نہیں ہے اور ضروری ہے کہ اس نے جو چیز وصول کی ہے اسے جس ادارے یا کمپنی کی جانب سے خریداری پر مامور ہے، اسے کے حوالے کرے۔
 
آزاد صورت میں حج کی رسید خریدنا
سوال6: ایک شخص مالی اعتبار سے حج تمتع پر جانے کے لئے مستطیع ہوگیا ہے لیکن اس وقت محکمہ حج و زیارات کے ذریعے نام لکھوانا ممکن نہیں ہے، کیا اس پر واجب ہے کہ حج کی آزاد رسید کو انتہائی مہنگی قیمت پر خرید کر حج پر جائے یا منتظر رہ سکتا ہے تا کہ حج کے لئے نام لکھوا سکے؟
جواب: اگر رسید کو آزاد صورت میں خریدنا قانونی طور پر ممنوعیت نہ رکھتا ہو اور اسے خریدنے کی مالی حیثیت رکھتا ہو تو ضروری ہے کہ رسید حاصل کر کے حج انجام دے۔
 
700 /