رہبر اللہ العظمی خامنہ ای نے نئے ایرانی سال کے آغاز پر اپنے تبریکی بیان میں نئے شمسی سال 1401 کو "علم و دانش محور اور روزگار مہیا کرنے والی پیداوار" کے نام سے موسوم کیا ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے حضرت ولی عصر امام زمانہ (عج) کی ولادت باسعادت اور نئے سال کی آمد کی مناسبت سے ایرانی عوام، شہداء ، جانبازوں کے اہل خانہ ، قوم کے خدمتگزاروں اور دیگر اقوام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے نئے شمسی سال کو "روزگار مہیا کرنے والی علم و دانش محور پیداوار " کے نام سے موسوم کیا ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے گذشتہ سال 1400 شمسی کو دیگر سالوں کی طرح مختلف اور گوناگوں نشیب و فراز کا سال قراردیتے ہوئے فرمایا: گذشتہ سال میں صدارتی انتخابات منعقد ہوئے اور ایرانی عوام نے کورونا وائرس کے خطرات کے باوجود صدارتی انتخابات میں بھر پور شرکت کی۔ نئی حکومت معرض وجود میں آئی ، جس نے عوام کے اندر امیدوں کو دوبارہ زندہ کیا۔
رہبر انقلاب اسلامی نے کورونا ویکسین کی تیاری کو سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں ملک کا اہم ترین کارنامہ قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ گزشتہ سال ملک میں کئی طرح کی ویکسین کی تیاری، جن میں سے بعض کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا؛ اور مختلف سائنسی و تکنیکی کامیابیاں، ویکسین سے لے کر سیٹلائٹ تک، غرض تمام میدانوں میں بحمد اللہ ملک نے اہم کام انجام دیے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے ایران کے خلاف امریکہ کے زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی کی شکست اور اس سلسلے میں امریکی حکام کے اعتراف کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: ایرانی عوام نے استقامت کے ذریعہ امریکی اقتصادی دباؤ کو شکست سے دوچار کردیا اور امریکی شکست ہمارے لئے بہت ہی شیریں ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے مہنگائی ، بے روزگاری اور عوام کو درپیش معاشی مشکلات کو گذشتہ سال کے تلخ حوادث میں شمار کرتے ہوئے فرمایا: اقتصادی اور معاشی مشکلات قابل حل ہیں اور معاشی مشکلات کا علاج بہت ضروری ہے اور بعض مشکلات نئے سال میں برطرف ہوجائیں گی۔ نیا سال 15 ویں صدی ہجری شمسی کا پہلا سال بھی ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے پیداوارکو اقتصادی اور معاشی مشکلات حل کرنے اور روزگار کی فراہمی کی کلید قراردیتے ہوئے فرمایا: معاشی مشکلات دور کرنے کا اصلی راستہ پیداوار پر مبنی ہے اور یہی وجہ ہے کہ میں نئے ہجری شمسی سال کو علم محور اور روزگار مہیا کرنے والی پیداوار کے نام سے موسوم کرتا ہوں۔
رہبر انقلاب اسلامی نے عوام کی معاشی تنگی، مہنگائی، افراط زر جیسے دوسرے مسائل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ ان شاءاللہ ہمیں امید ہے کہ ان میں سے بعض مسائل، حل ہو جائیں گے۔
آیت اللہ خامنہ ای نے مزید کہا: "میں اس بھی سال پیداوار کے مسئلے پر تاکید کرتا ہوں، البتہ، پیداوار کے ایک نئے زاویے اور رخ پر، یعنی "علم محور" اور "روزگار مہیا کرنے" والی پیداوار۔
رہبر انقلاب کے مطابق علم محور اور روزگار پیدا کرنے والی پیداوار کو معیار بنانے سے تمام معاشی اہداف میں ٹھوس پیشرفت حاصل ہوگی، آپ نے مزید کہا: اس لیے 1401 کا نعرہ ہے "روزگار پیدا کرنے والی علم محور پیداوار۔"
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے گزشتہ سال اپنی نصیحتوں پر تاکید کرتے ہوئے کہ سڑک کے کناروں یا دفاتر کے اوپر پر نئے سال کا نام لکھنے جیسے سطحی کاموں پر قناعت نہ کی جائے، فرمایا: اس سال کے نعرے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے پالیسی سازی کی ضرورت ہے، یقیناً محترم صدر اور ان کے ساتھیوں کی طرف سے نظر آنے والی فعالیت کے ذریعے انشاء اللہ اس نعرے سے غفلت نہیں برتی جائے گی، لیکن جتنی محنت اور کوشش کی جائے گی، اتنے ہی بہتر نتائج ملیں گے۔