معاہدے کی مدت کے دوران کسی اور کے لئے کام کرنا
سوال1: ایک ڈرائیور کسی کمپنی کے لئے اس کا سامان لے کر جاتا ہے اور اسی وقت ایک دوسرا شخص بھی اسے اپنا سامان دیتا ہے تاکہ کمپنی کے سامان کے علاوہ اسے بھی لے کر جائے اور کرایہ وصول کرے لیکن کمپنی یہ بات قبول نہیں کرتی تو کیا مذکورہ کرایہ اشکال رکھتا ہے؟
جواب: اگر گاڑی کمپنی کی ملکیت ہو تو ڈرائیور کا عمل جایز نہیں اور گاڑی کے غاصبانہ استعمال کی بابت کمپنی کا حق ادا کرے لیکن اگر گاڑی خود ڈرائیور کی ملکیت ہو اور کمپنی کے ساتھ سامان لانے اور لے جانے کا معاہدہ کیا ہو تو اگر مذکورہ عمل معاہدے سے منافات نہ رکھتا ہو تو وصول کیا گیا کرایہ کوئی اشکال نہیں رکھتا۔
رکوع میں امام جماعت سے پہل کرنا
سوال2: چونکہ رکن کے کم یا زیادہ ہوجانے سے نماز باطل ہوجاتی ہے، اگر ماموم غلطی سے رکوع سے سر اٹھالے جبکہ امام جماعت ابھی رکوع میں ہی ہو تو اس کا فریضہ کیا ہے؟
جواب: ضروری ہے کہ واپس رکوع میں چلا جائے اور اس صورت میں رکن کا اضافہ ہونا نماز کو باطل نہیں کرتا، تاہم اگر رکوع میں جائے اور اس کے رکوع کی حد تک پہنچنے سے پہلے امام جماعت اپنا سر رکوع سے اٹھالے تو اس کی نماز باطل ہے۔
نماز اور روزے کے احکام، مسئلہ734
لا علاج مریض کو بےہوش کرنا
سوال3: کیا ان مواقع پر کہ جہاں مریض طبی لحاظ سے لاعلاج ہو اور اسے موت کے وقت تک انتہائی شدید تکلیف برداشت کرنی پڑے تو خود اس کی رضامندی سے موت کے وقت تک اسے بےہوش کیا جاسکتا ہے تا کہ اسے تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے؟
جواب: اگر بے ہوش کرنا موت واقع ہونے میں سرعت اور مریض کے لئے قابل توجہ ضرر پہنچنے کا سبب نہ بنے تو اس کی رضامندی کے ساتھ اشکال نہیں رکھتا۔
گھریلو پالتو جانوروں کا خمس
سوال4: گھر میں پالے جانے والے جانوروں پر کس صورت میں خمس لگتا ہے؟
جواب: کلی طور پر اگر گھریلو پالتو جانور ان کے محصولات(جیسے کہ انڈے، دودھ اور اون وغیرہ) کو ذاتی ضروریات میں استعمال کرنے لئے پالے جائیں تو ان پر خمس نہیں ہے (البتہ خود محصولات کے خمس کی تاریخ تک استعمال نہ ہونے کی صورت میں ان پر خمس دینا ہوگا) لیکن اگر جانوروں کو گوشت یا پال کر بیچنے کے لئے رکھا گیا ہے تو ضروری ہے کہ سال گزرنے پر ان کا خمس ادا کیا جائے۔
تنخواہ کا خمس
سوال5: اگر میرے خمس کی تاریخ مہینے کی ابتدا میں ہو اور خمس کی تاریخ سے کچھ روز قبل مجھے تنخواہ ملے تو کیا اس مہینے کی تنخواہ پر خمس ہوگا؟
جواب: اگر خمس کی تاریخ سے پانچ دن تک خرچ ہوجائے تو اس پر خمس نہیں ہے۔ اسی طرح ان تھوڑے پیسوں پر بھی خمس نہیں ہے کہ جو آنے والے دنوں میں ممکنہ اخراجات کے لئے بچائے جاتے ہیں جبکہ خمس کی ادائیگی کی صورت میں باقی ماندہ مقدار کفایت نہ کرتی ہو اور انسان کا اندیشہ برطرف نہ ہوتا ہو، اگرچہ احتیاط یہ ہے کہ اندیشہ برطرف ہوجانے کے بعد ﴿نئی آمدنی حاصل ہوجانے سے﴾ اس مقدار کا خمس دیا جائے جو ابھی خرچ نہ ہوئی ہو۔
والد کی قضا نماز
سوال6: اس بات کے پیش نظر کہ بڑے بیٹے پر باپ کی قضا نمازیں واجب ہیں، اگر بیٹا کھڑا ہو کر نماز نہیں پڑھ سکتا تو کیا بیٹھ کر پڑھ سکتا ہے یا پھر ضروری ہے کہ کسی کو اجیر بنائے؟ اگر کسی کو اجیر بنانے کی مالی استطاعت نہ رکھتا ہو تو اس کی ذمہ داری کیا ہے؟
جواب: اگر اپنی نمازیں بیٹھ کر پڑھتا ہے اور مستقبل میں صحتیاب ہونے کی امید نہ رکھتا ہو تو باپ کی قضا نمازیں بیٹھ کر پڑھ سکتا ہے اور کسی کو اجیر بنانا ضروری نہیں ہے۔
غیر اسلامی ممالک میں گوشت خریدنا
سوال7: جو شخص کسی غیر اسلامی ملک میں رہتا ہے کیا کسی ایسی گوشت کی دکان سے جس کا مالک مسلمان ہو، اس کے شرعی طور پر ذبح کئے جانے کے متعلق یقین حاصل کئے بغیر گوشت خرید سکتا ہے؟
جواب: اگر گوشت مسلمانوں کو فروخت کیا جارہا ہو اور شرعی طور پر ذبح کئے جانے کا احتمال دیا جائے تو مسلمان سے ایسے گوشت کا خریدنا اور استعمال میں لانا کوئی حرج نہیں رکھتا۔
سفر میں روزہ رکھنے کی نذر کرنا
اگر کوئی نذر کرے کہ کسی مخصوص دن جیسے کہ رجب کی پہلی تاریخ کو حتی سفر کی حالت میں بھی روزہ رکھے گا تو اگر اس دن سفر میں ہو تو اس دن کا روزہ رکھنا ضروری ہے اور واجب نہیں کہ دس دن قیام کی نیت (قصد اقامت) کرے۔
حوالہ: نماز اور روزے کے احکام، مسئلہ 942
حد ترخص سے پہلے روزہ افطار کرنا
ایسا مسافر کہ جس نے گذشتہ رات سے ہی سفر کا ارادہ کیا ہوا ہو اور ظہر سے پہلے سفر پر نکلے تو حد ترخص تک پہنچنے سے پہلے روزہ افطار نہیں کرسکتا اور اس سے پہلے روزہ افطار کرنے کی صورت میں احتیاط واجب کی بنا پر اس پر ماہ رمضان کے روزے کا کفارہ (کفارۂ عمد) واجب ہے، البتہ اگر حکم سے غافل ہو تو کفارہ نہیں ہے۔
حد ترخص کی تشخیص کا معیار یہ ہے کہ شہر کے آخری گھر سے اس قدر دور ہوجائے کہ شہر کی معمول کی اذان لاؤڈ اسپیکر کے بغیر سنائی نہ دے، چاہے شہر کی دیواروں کو دیکھ سکتا ہو یا نہ دیکھ سکتا ہو۔
حوالہ: نماز اور روزے کے مسائل، مسئلہ 940