عظیم فقیہ اور بابصیرت مرجع تقلید حضرت آیت اللہ حاج شیخ لطف اللہ صافی گلپایگانی کی وفات پر ایک پیغام میں آیت اللہ خامنہ ای نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی کے پیغام کا متن حسب ذیل ہے:
بسم الله الرحمن الرحیم
افسوس کے ساتھ مجھے گراں قدر فقیہ اور بابصیرت مرجع حضرت آیت اللہ العظمی حاج شیخ لطف اللہ صافی گولپائیگانی رضوان اللہ علیہ کی وفات کی خبر ملی۔ وہ حوزہ علمیہ قم کے ستونوں میں سے ایک تھے اور اس بابرکت حوزہ کے علمی اور عملی ممتازین میں سے ایک اور اس حوزہ کے سب سے زیادہ تجربہ کار عالم دین تھے۔ مرحوم آیت اللہ بروجردی کے زمانے میں آپ کو اس عظیم استاد کے برترین شاگردوں میں شمار کیا جاتا تھا، مرحوم آیت اللہ سید محمد رضا گلپایگانی کے زمانے میں ان کے ساتھی اور علمی و عملی مشیر اور انقلاب کے دور میں امام خمینی رح کے امیں اور معتمدین میں ان کا شمار ہوتا تھا۔ کئی سالوں تک وہ شورائے نگہبان کے اصلی ستون جانے جاتے تھے اور اس کے بعد سے انقلاب اور ملک کے مسائل کے بارے میں ہمیشہ ہمدردی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے رہے ہیں اور وہ اکثر اپنی رائے اور مشوروں سے مجھے آگاہ اور مستفید کرتے رہتے تھے۔ شاعرانہ زوق، تاریخی حافظہ، سماجی مسائل پر توجہ دینا اس قدیم اورعظیم عالم کی شخصیت کی دوسری جہتیں تھیں۔ ان کی رحلت ملک کے مذہبی علمی طبقے کے لیے افسوسناک ہے۔ میں انکے معزز گھرانے اور ان کے محترم فرزندوں کے ساتھ ساتھ حوزہ علمیہ کے مراجع عظام اور علماء کرام، ان کے مقلدین اور بالخصوص قم اور گلپائیگان میں انکے عقیدت مندوں سے اظہارِ تعزیت کرتا ہوں اور ان کے لیے خدا کی رحمت و مغفرت کا طالب ہوں۔
سید علی خامنہ ای
۱ فروری ۲۰۲۲