ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

نۓ سوالات کے جوابات (‫‫فروری)

 
آنلائن کیب سروس
سوال1: اگر ہم آنلائن کیب سروس کے ذریعے ٹیکسی بلائیں لیکن حد سے زیادہ (تقریبا آدھا گھنٹہ) دیر ہوجانے کی وجہ سے اپنے کام کا ارادہ ترک کردیں اور ٹیکسی کے پہنچنے سے پہلے مقررہ جگہ سے چلے جائیں یا بکنگ کینسل کردیں تو کیا ہمارے ذمہ کچھ واجب الادا ہوگا؟
جواب: اگر طے یہ ہو کہ ٹیکسی ایک مخصوص وقت میں پہنچ جائے یا اس سلسلے میں کوئی متعارف وقت ہو تو اگر مقررہ یا متعارف وقت سے زیادہ دیر کی ہو تو اس صورت میں آپ ضامن نہیں ہیں اور آپ کے ذمہ کچھ بھی واجب الادا نہیں ہوگا۔
 
گھر کے اضافی اپارٹمنٹس کا خمس
سوال2: اگر کوئی شخص اپنا پرانا کچا مکان اس غرض سے کسی کے حوالے کرے کہ اس جگہ پر کچھ اپارٹمنٹس بنائے جائیں اور گھر کے عوض اسے دو اپارٹمنٹ ملیں تو کیا اضافی اپارٹمنٹ پر جو اس کے ذاتی استعمال میں نہیں ہے، خمس واجب ہوگا؟
جواب: اگر وہ تجارت (اضافی اپارٹمنٹ فروخت) کرنے کا ارادہ رکھتا ہو اور اس کا خریدار بھی موجود ہو تو افراط زر کو منہا کرنے کے بعد قیمت کی جتنی مقدار بڑھی ہوگی اس پر خمس دینا ہوگا۔ تاہم اگر اسے بیچنے کا ارادہ نہ رکھتا ہو بلکہ صرف اسے کرائے پر دینے کا ارادہ رکھتا ہو تو جب تک اسے فروخت نہ کردے اس پر خمس واجب نہیں ہوگا اور فروخت کرنے کے بعد (اصلی قیمت اور افراط زر کو منہا کرنے کے بعد) قیمت کے اضافے کی مد میں ملنے والی رقم فروخت والے سال کی آمدنی شمار ہوگی۔
 
طلاق کا حق
سوال3: کیا لڑکی نکاح کے ضمن میں یہ شرط رکھ سکتی ہے کہ شوہر کے دوسری شادی کرنے کی صورت میں اسے طلاق کا حق حاصل ہو؟
جواب: عورت کے لئے طلاق کے حق کی شرط رکھنا باطل ہے، مگر یہ شرط رکھے کہ عورت طلاق جاری کرنے میں مرد کی وکیل ہو کہ اگر اس نے دوسری شادی کی تو عورت شوہر کی جانب سے خود کو طلاق دے دے؛ اس صورت میں شرط صحیح ہے۔
 
میراث سے محروم کرنا
سوال4: کیا باپ، اپنی کسی اولاد کو میراث سے محروم کرسکتا ہے یا کسی کو زیادہ حصہ دے سکتا ہے؟
جواب: ورثاء میں سے کسی کو میراث سے محروم کرنا شرع مقدس اسلام میں جائز نہیں ہے اور یہ عمل باطل ہے، تاہم ہر انسان اپنی وفات سے پہلے اپنا مال اور جائیداد اپنے بچوں میں سے بعض کو یا دیگر لوگوں کو بخش کر ان کے حوالے کرسکتا ہے۔ البتہ ضروری ہے اس طرح عمل کرے کہ ورثاء کے درمیان اختلاف اور دشمنی کاباعث نہ بنے۔
 
حصص وقف کرنا
سوال5: چونکہ رہبر معظم (دام ظلہ) کے فتوی کے مطابق حصص کو وقف کرنا جائز ہے لہذا کیا کسی موقوفہ جائیداد یا کارخانے کو حصص میں تبدیل کرنا جائز ہے؟
جواب: اگر وقف نامے میں مذکورہ فروخت یا تبدیلی کی اجازت دی گئی ہو تو وقف کی مصلحت کا خیال رکھتے ہوئے اس کام کو انجام دینے میں کوئی حرج نہیں ہے۔
 
کاروبار اور پیشے کے اوزاروں کا خمس
سوال6: کیا کاروبار اور پیشے کے اوزاروں کا خمس ایک بار ادا کردینا کافی ہے یا ضروری ہے کہ ہر سال ان کی بڑھنے والی قیمت کا خمس ادا کیا جائے؟
جواب: ان کا خمس ادا کردینے کے بعد جب تک انہیں فروخت نہ کیا جائے ان پر خمس نہیں ہے اور فروخت کردینے کے بعد ان کی بڑھنے والی قیمت ﴿افراط زر کو منہا کرنے کے بعد﴾ فروخت والے سال کی آمدنی شمار ہوگی اور اگر خمس کی تاریخ تک زندگی کے اخراجات میں خرچ نہ ہو تو اس کا خمس دینا ہوگا۔
 
تحفہ اور ارث کی فروخت پر خمس
سوال7: میرے پاس ایک زمین تھی کہ جو میرے والد نے تحفے میں دی تھی اور ایک عرصے کے بعد میں نے وہ زمین فروخت کردی، کیا اس کی فروخت سے حاصل ہونے والے پیسوں پر خمس ہوگا؟
جواب: تحفہ ملنے کے وقت اصل زمین (اور اس وقت کی مالیت) پر خمس نہیں ہے لیکن اس کی بڑھنے والی قیمت کے سلسلے میں اگر زمین کو قیمت بڑھنے یا خرید و فروخت کی نیت سے رکھا ہوا تھا تو بنا بر احتیاط واجب (افراط زر کی مقدار کو منہا کرنے کے بعد) فروخت والے سال کی آمدنی شمار ہوگی کہ اگر سال کے آخر تک باقی رہے تو اس پر خمس ہوگا، بصورت دیگر اس کی بڑھنے والی قیمت پر بھی خمس نہیں ہوگا۔
 
سونے کے بدلے سونے کی لین دین
سوال8: سونے کے بدلے دوسرے سونے کی لین دین کس طرح کریں تاکہ سود میں مبتلا نہ ہوں؟
جواب: اگر یہ لین دین دو علیحدہ معاملوں کے ضمن میں انجام پائے تو کوئی حرج نہیں آئے گا، اس طرح کہ پہلے ایک سونا فروخت کیا جائے اور اس کے بعد دوسرا سونا خریدا جائے۔
 
پینے کے لئے مخصوص پانی سے وضو کرنا
سوال9: پانی کی بعض سبیلوں پر لکھا ہوا ہوتا ہے کہ پانی پینے کے لئے ہے یہاں وضو نہ کریں۔ میں نے وہاں سے گھر میں استعمال کے لئے ایک بوتل پانی بھرا، تاہم پینے کے علاوہ اس پانی سے وضو بھی کیا۔ اب ایسے پانی سے وضو کرنے کا حکم کیا ہے؟
جواب: اس پانی سے وضو کرنا صحیح نہیں ہے لیکن گذشتہ کیے گئے وضو اگر لاعلمی کی بنا پر اور قصد قربت کے ساتھ انجام دیئے ہیں تو صحیح ہیں۔
 
700 /