آیت اللہ جنتی کے اسلامی تبلیغی رابطہ کونسل کی سربراہی سے مستعفی ہونے کے بعد آیت اللہ خامنہ ای نے ایک حکم میں ان کی خدمات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے حجۃ الاسلام محمد حسین موسی پور کو کونسل کا سربراہ مقرر کیا۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی کے حکم کا متن حسب ذیل ہے:
بسم الله الرحمن الرحیم
اسلامی تبلیغی رابطہ کونسل دہائیوں سے فعال اور بااثر قانونی اداروں میں سے ایک ہے اور انقلاب اسلامی کی مختلف مناسبتوں اور مواقع کی یادگاری تقریبات میں بصیرت افزائی اور بلند افق دکھانے کا ذریعہ رہی ہے اور اس نے آیت اللہ جنتی دامت برکاتہ کے کامیاب انتظام میں ملک کے لیے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ اب جناب آقای جنتی کے استعفیٰ کو مدنظر رکھتے ہوئے اور انکی بے پناہ خدمات کا شکریہ اور قدردانی کرتے ہوئے میں جناب حجت الاسلام جناب حاج شیخ محمد حسین موسی پور دام توفیقہ کو اس کونسل کا سربراہ مقرر کرتا ہوں۔
امید کی جاتی ہے کہ اس کونسل کی راه اور روش عظیم مذہبی رہنماوں کے طرزعمل پر عمل کرتے ہوئے نعروں کی تشریح، ان کے معنی کو گہرائی دینے اور سامعین کے دلوں تک صادقانہ اور مخلصانہ پیغام پہنچانے پر مبنی ہوگی۔ یہ کونسل شروع سے اسی بنیاد پر قائم ہوئی اور کام کرتی چلی آرہی ہے اور اسے اس پر زیادہ سے زیادہ توجہ دینی چاہیے۔
میری نصیحت یہ ہے کہ تقریبات کو عوامی اور مقبول بنایا جائے، مساجد اور عوامی مراکز کو فعال کیا جائے، اور انقلابی نوجوانوں کی اختراعات اور تخلیقی صلاحیتوں سے استفادہ کیا جائے، اور مذہبی اور انقلابی تقریبات کو تر و تازگی بخشی جائے۔ ایک اور تجویز یہ ہے کہ انتظامی ڈھانچے کو متحرک اور ہلکا کیا جائے اور اس کے ملحقات اور خستہ حالی سے چھٹکارا حاصل کیا جائے۔
میں اللہ تعالی سے ان کی کامیابی کے لیے دعا گو ہوں اور آیت اللہ جنتی کا دوبارہ شکریہ ادا کرتا ہوں۔
سیّدعلی خامنهای
28 نومبر 2021