امام جماعت کی قرائت میں غلطی کی صورت میں ماموم کا فریضہ
سوال1: اگر امام جماعت کسی نماز میں سہواً قرائت میں غلطی کردے اور اسی حالت میں اپنی نماز کو جاری رکھے تو کیا بعد والی نمازوں میں اس کی نماز کو صحیح سمجھا جائے گا اور اس کی اقتدا ہو سکتی ہے یا یہ کہ معلوم کیا جائے کہ اپنی بعد والی نمازوں کو صحیح پڑھے گا؟
جواب: بعد والی نمازوں میں اس کی اقتدا کی جاسکتی ہے، البتہ اگر ماموم قرائت میں امام جماعت کی غلطی کی طرف متوجہ ہوجائے تو (چنانچہ خود اس کی نماز کے باطل ہونے کا سبب نہ بنے تو) امام جماعت کو متوجہ کرسکتا ہے تاکہ امام جماعت اپنی غلطی کی اصلاح کرلے، بصورت دیگر ضروری ہے کہ فرادیٰ کی نیت کرے اور خود قرائت کرے۔
غسل کے دوران حدث اصغر کا حکم
سوال2: اگر غسل کے دوران کوئی ایسا فعل سرزد ہوجائے (حدث اصغر) کہ جو صرف وضو کو باطل کرتا ہے تو کیا غسل بھی باطل ہوجائے گا؟
جواب: غسل باطل نہیں ہوگا لیکن نماز کے لئے وضو کرنا ضروری ہے۔
گھریلو قرض الحسنہ فنڈ (کمیٹی یا بی سی)
سوال3: کیا خاندان، محلہ اور ملازمین و اراکین وغیرہ کی سطح پر کمیٹی تشکیل دینا کہ جس میں تمام اراکین ماہانہ ایک رقم ادا کرتے ہیں اور قرعہ اندازی کے ذریعے کسی ایک رکن کو قرض دیا جاتا ہے، جائز ہے؟ اگر کمیٹی کا منتظم شرط رکھے کہ پہلی کمیٹی ( بغیر قرعہ اندازی) خود اس کی اپنی ہوگی تو اس میں کوئی اشکال ہے؟
جواب: مذکورہ قرض الحسنہ فنڈ (کمیٹی) تشکیل دینا جائز ہے کہ جس میں کچھ لوگ ایک شخص کو اپنا وکیل بناتے ہیں تا کہ وہ اراکین سے ماہانہ ایک رقم وصول کرے اور قرعہ اندازی کے ذریعے کسی ایک کو ادا کرے۔ اسی طرح کمیٹی کا منتظم جو کہ اراکین کی جانب سے کمیٹی کے امور کی انجام دہی میں وکیل ہوتا ہے، اگر شرط رکھے کہ پہلی کمیٹی اس کی ہوگی تو کوئی اشکال نہیں رکھتا۔
گھریلو قرض الحسنہ فنڈ(کمیٹی) کے ممبران سے اضافی رقم لینا
سوال4: ادارے کے ملازمین نے مل کر کمیٹی (قرض الحسنہ فنڈ) تشکیل دی ہے جس میں ہر مہینہ قرعہ اندازی کے ذریعے ایک شخص کو کمیٹی (قرض الحسنہ) ملتی ہے۔ پانچویں مہینے کے بعد ہر ممبر اضافی رقم ادا کرتا ہے تا کہ وہ افراد جن کو زیادہ لمبی مدت تک انتظار کرنا پڑتا ہے، زیادہ پیسے وصول کریں اور یہ سلسلہ آخر تک چلتا ہے۔ تمام ممبران کی رضامندی کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا ہمارا یہ کام سود شمار ہوگا؟
جواب: اگر اضافی رقم افراط زر کی مقدار سے زیادہ نہ ہو اور ان افراد کی جانب سے ادا کی جائے جو پہلے قرض (کمیٹی) وصول کر چکے ہیں تو کوئی حرج نہیں ہے۔
نجس بدن کے ساتھ غسل کرنے کا طریقہ
سوال5: اگر غسل کرتے وقت بدن کا کچھ حصہ نجس ہو تو کیا دونوں کام (بدن کو پاک کرنا اور غسل کرنا) ایک ہی مرتبہ دھونے کے ذریعے انجام پا سکتے ہیں؟
جواب: غسل ارتماسی سے پہلے پورے بدن کا پاک ہونا ضروری ہے تاہم غسل ترتیبی میں، بدن کا نجس ہوجانے والا حصہ اگر خود اسی حصے کے غسل سے پہلے دھل جائے تو کافی ہے۔
نقد سے زیادہ قیمت پر ادھار خرید و فروخت
سوال6: کیا کوئی شے نقد قیمت سے زیادہ قیمت پر بطور ادھار خریدنا جائز ہے ؟ اور کیا یہ سود کہلائے گا؟
جواب: کسی شے کی نقد قیمت سے زیادہ قیمت پر ادھار خرید و فروخت کرنا جائز ہے۔ نیز نقد اور ادھار کا فرق سود شمار نہیں ہوگا۔
وضو کے دوران پانی کھولنا اور بند کرنا
سوال7: وضو کرنے والا وضو کے افعال کے دوران (اسراف سے بچنے کے لئے) اگر پانی کا نل کھولے اور بند کرے تو وضو پر کوئی اثر پڑے گا؟
جواب: وضو کے دوران پانی کے نل کو کھولنا اور بند کرنا کوئی حرج نہیں رکھتا۔
سواری کی حالت میں نماز پڑھنا
مستحب نمازوں کو راہ چلتے ہوئے یا سواری کی حالت میں پڑھ سکتے ہیں اور اس صورت میں قبلے کی رعایت لازمی نہیں ہے۔