ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

نۓ سوالات کے جوابات (‫جون)

 
سود کی قسمیں
سوال1: سود (ربا) کی کتنی قسمیں ہیں؟
جواب: سود کی دو قسمیں ہیں: 1) ربائے قرضی (قرض والا سود) یعنی کوئی شخص کسی مال کو بطور قرض دے دیے اور شرط رکھے یا طرفین کی بنا اس پر ہو کہ قرض لینے والا ادائیگی کے وقت قرض دینے والے کو جو قرض لیا ہے اسے زیادہ واپس کرے گا۔ 2) ربائے معاملی (معاملے والا سود)، کہ جس سے مراد یہ ہے کہ پیمانے یا وزن کے حساب سے معاملہ کی جانے والی کوئی چیز فروخت کی جائے جبکہ اس کا معاوضہ زیادہ مقدار میں اسی جیسی جنس ہو۔
 
کسی دوسرے کو تجارت کے لئے رقم دے کر ماہانہ منافع وصول کرنا
سوال2: میرا ارادہ ہے کہ ایک شخص کو کچھ سرمایہ دوں تاکہ وہ اس سے کاروبار کرے اور معین (Fixed) رقم ماہانہ منافع دیتا رہے، کیا یہ منافع وصول کرنا سود کے زمرے میں آتا ہے؟
جواب: اگر آپ اسے قرض دیں اور شرط رکھیں کہ قرض لینے والا ہر مہینے آپ کو کچھ منافع دیتا رہے تو یہ سود والا قرضہ اور حرام ہے، تاہم اگر اسے وکالت دیں یعنی رقم وصول کرنے والے کو وکیل مطلق (بلاقید) بنائیں کہ وہ آپ کی رقم سے آپ کے لئے کام کرے اور حاصل شدہ منافع کی ایک مقدار آپ کو ادا کرتا رہے اور بقیہ کو اپنے لئے رکھ لے تو اس صورت میں کوئی حرج نہیں ہے۔
 
ہاتھ کی رطوبت سے اعضائے وضو کو دھونا
سوال3: اگر ہم وضو میں صرف ہاتھوں کو گیلا کریں اور انہیں چہرے اور ہاتھوں پر پھیریں (ان پر پانی ڈالے بغیر) تو کیا کافی ہوگا؟
جواب: اگر ہاتھوں کی رطوبت اور تری اتنی مقدار میں ہو کہ دھونا کہلائے، تو کوئی حرج نہیں ہے۔
 
میراث کا خمس
سوال4: کیا اپنے والد سے میراث میں ملنے والے اموال اور جائداد - منجملہ حصص- پر اس صورت میں کہ جب مجھے معلوم نہ ہو جن پیسوں پر خمس تھا ان سے خریدے گئے ہیں یا نہیں، خمس لگے گا؟
جواب: ان پر خمس نہیں ہے۔
 
نماز میں تجوید کے قواعد کا خیال رکھنا
سوال5: کیا نماز میں سورہ حمد کی تلاوت کرتے وقت تجوید کے قواعد کا خیال رکھنا ضروری ہے؟
جواب: قرائت کے صحیح ہونے کا معیار یہ ہے کہ حروف کے مخارج، ان کی حرکات اور سکون کی ادائیگی صحیح ہو ( اس طرح کہ عربی بولنے والے اسے انہی حروف کی ادائیگی سمجھیں) اور تجوید کے محسنات (حسن تجوید کے اصولوں) کا خیال رکھنا ضروری نہیں ہے۔
 
مچھلیوں کے تالاب کو شکار کی نیت سے خالی کرنا
سوال6: اگر شکار کی نیت سے مچھلیوں کے فارم میں بنے تالابوں سے پانی نکلنے کے دریچے کھول دیئے جائیں تاکہ پانی مکمل طور پر خالی ہوجائے اور مچھلیاں اپنی جان دے دیں تو کیا مذکورہ عمل شکار کہلائے گا اور مچھلیاں حلال ہوں گی؟
جواب: سوال کی مفروضہ صورت میں تذکیہ محقق ہوجاتا ہے لہذا مچھلیاں حلال ہیں۔
 
پاک کرنے کے بعد نجاست کا رنگ باقی رہ جانا
سوال7: میں جب خون والے کپڑے دھوتا ہوں تو دھلائی کے بعد خون کے دھبے نظر آتے ہیں، ان کا حکم کیا ہے؟
جواب: اگر خون کا مادہ مٹ چکا ہے اور صرف اس کا رنگ باقی ہے تو کپڑے پاک ہیں۔
 
گھریلو سامان کا خمس
سوال8: میرا نکاح ہوگیا ہے اور ہمارے رواج کے مطابق کچھ گھریلو سامان جیسے کہ ٹی وی، صوفے وغیرہ کا انتظام مرد نے کرنا ہوتا ہے، کیا خمس کی تاریخ آنے پر اس سامان کا خمس کہ جسے میں نے اپنی سال کے دوران کی آمدنی سے خریدا ہے، دینا ہوگا؟
جواب: اگر اس سامان کا انتظام کرنا عرفی طور پر آپ کی ضروریات زندگی کے موجودہ اخراجات میں شمار ہوتا ہے تو اس پر خمس نہیں ہے، اگرچہ خمس کی تاریخ آنے تک استعمال نہ ہو۔
 
غسل میں بدن کا ظاہری حصہ دھونا
سوال9: کیا غسل میں بدن کا ظاہری حصہ دھولینا کافی ہے؟ کیا غسل کے دوران کانوں میں پانی جانے سے بچنے کے لئے Earplug لگانا جائز ہے؟
جواب: غسل میں آنکھ، ناک اور کان وغیرہ کا باطنی (اندرونی) حصہ دھونا واجب نہیں ہے، لہذا اگر Earplug کان کے اندورنی حصے میں رکھا جاتا ہو اور کان کے ظاہری حصے کو نہ ڈھانپے تو اسے لگانے میں کوئی حرج نہیں ہے۔
 
نامحرم کے سامنے پاؤں کو مکمل طور پر ڈھانپنا
سوال10: کیا خواتین کے لئے نامحرم کے سامنے اپنے ٹخنوں کو کھلا رکھنا جائز ہےَ؟
جواب: جائز نہیں ہے۔
 
700 /