ویب سائٹ دفتر رہبر معظم انقلاب اسلامی

نۓ سوالات کے جوابات (‫ستمبر)

 
مسافر کا قصر کی بجائے پوری نماز پڑھ لینا
سوال1: اگر وہ مسافر جس کی نماز قصر ہے، بھول کر نماز پوری پڑھ لے اور بعد میں متوجہ ہوجائے تو اس کا کیا فریضہ ہے؟
جواب: اگر مسافر بھول جائے کہ اس کی نماز قصر ہے اور پوری پڑھ لے تو اگر نماز کے وقت کے اندر متوجہ ہو تو نماز دوبارہ پڑھے اور اگر نماز کا وقت ختم ہونے کے بعد یاد آئے تو اس کی قضا واجب نہیں ہے۔
 
وطن کی شرائط
سوال2: میں شہر (الف) کا باشندہ ہوں اور کچھ عرصہ سے شہر (ب) میں رہ رہا ہوں اور ملازمت کررہا ہوں، کیا شہر (ب) میرا وطن شمار ہوگا اور اس شہر میں میری نماز کامل ہوگی؟
جواب: اگر آپ شہر (ب) میں تقریباً دس سال یا اس سے زیادہ تک رہنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو یہ شہر آپ کا وطن شمار ہوگا جبکہ اگر مشخص نہ ہو کہ کتنا عرصہ وہاں رہیں گے یا جانتے ہوں کہ دس سال سے کم رہیں گے تو آپ کا وطن شمار نہیں ہوگا، تاہم اگر کم از کم ایک سال کے قریب اس شہر میں رہنے کا ارادہ رکھتے ہوں تو آپ مسافر شمار نہیں ہوں گے اور دس دن کے قصد اقامت کے بغیر بھی آپ کی نماز پوری اور روزہ صحیح ہے۔
 
وقت سے پہلے نماز کے لئے وضو کرنا
سوال3: کیا وقت داخل ہونے سے پہلے (اذان سے پہلے) نماز کے لئے وضو کیا جاسکتا ہے؟
جواب: اگر طہارت (با وضو رہنے) کی نیت سے وضو کیا جائے تو کوئی حرج نہیں اور وضو صحیح ہے۔
 
ٹیٹو کے ہوتے ہوئے وضو اور غسل کرنا
سوال4: کیا ٹیٹو کے ہوتے ہوئے وضو یا غسل صحیح ہے؟
جواب: اگر ٹیٹو صرف رنگ (بغیر کسی مادے یا تہہ کے) ہو یا جلد کے نیچے ہو اور جلد کے ظاہری حصے پر ایسی کوئی چیز نہ ہو جو اس تک پانی پہنچنے میں مانع ہو تو وضو اور غسل صحیح ہیں۔
 
ملازمت کے سالوں پر ملنے والے معاوضے (الاؤنس) کا خمس
سوال5: کیا ملازمت سے سبکدوشی کے موقع پر ملازمت کے سالوں کے حساب سے ملنے والے معاوضے یا الاؤنس (severance package/ service years allowance) پر خمس ہے؟ خمس لگنے کی صورت میں اس کی ادائیگی خمس کی تاریخ پر سال بھر کے اخراجات سے زیادہ ہونے کی صورت میں واجب ہے یا جیسے ہی ملے اسی وقت اس کا خمس دینا ضروری ہے؟
جواب: ملازمت کے سالوں کا معاوضہ (الاؤنس) کہ جو ملازمت کے معاہدے یا لیبر قوانین کے تحت مزدور یا ملازمین کو آجر (Employer) کی جانب سے ادا کیا جاتا ہے، آمدنی شمار ہوتا ہے لہذا وصولی کے بعد اگر خمس کی تاریخ تک اخراجاتِ زندگی میں خرچ نہ ہو تو اس پر خمس ہوگا۔
 
مستحب قربانی کی شرائط
سوال6: کیا عید الاضحی کے دن مستحب طور پر قربانی کئے جانے والے جانور کی کچھ شرائط ہیں؟ کیا ان شرائط پر عمل کرنا واجب ہے؟
جواب: کوئی مخصوص شرائط نہیں ہیں۔
 
واجب نماز اور نماز احتیاط میں فاصلہ واقع ہوجانا
سوال7: اگر انسان کے ذمے نماز احتیاط ہو اور واجب نماز اور نماز احتیاط کے درمیان فاصلہ واقع ہوجائے تو کیا واجب نماز کو دوبارہ سے پڑھنا ہوگا؟
جواب: اگر کسی کا فریضہ نماز احتیاط پڑھنا ہو اور وہ نماز کی حالت سے خارج ہونے سے پہلے نماز احتیاط ادا نہ کرے تو بنا بر احتیاط واجب پہلے نماز احتیاط ادا کرے اور اس کے بعد واجب نماز بھی دوبارہ پڑھے۔
 
نان و نفقہ اور تحفہ کا خمس
سوال8: کیا زوجہ اور بچوں پر ان پیسوں کا خمس دینا واجب ہے جو وہ تحفہ یا نان و نفقہ کے طور پر وصول کرتے ہیں؟
جواب: اس وصول شدہ نان و نفقہ اور تحفے پر خمس نہیں ہے، اگرچہ مستحب ہے کہ اگر سال کے اخراجات سے بچ جائے تو اس کا خمس ادا کیا جائے۔
 
ماہانہ عادت کے ایام میں عبادی اعمال بجا لانا
سوال9: کیا اس خاتون کے لئے ذکر اور دعا بجا لانا جائز ہے کہ جو اپنی ماہانہ عادت کے ایام میں ہو؟
جواب: کوئی حرج نہیں، مخصوصاً نماز کے اوقات میں مستحب ہے کہ وضو کرے اور اگر وضو نہیں کرسکتی تو تیمم کرے اور جائے نماز پر قبلہ رخ بیٹھ جائے اور نماز کی مدت جتنے وقت کے لئے ذکر، دعا اور صلوات میں مصروف رہے۔
 
اسٹاک مارکیٹ میں مراعات یافتہ صورت میں حاصل کی گئی معلومات کا استعمال
سوال10: اسٹاک مارکیٹ میں مراعات یافتہ صورت میں (قانونی دائرہ کار سے باہر) حاصل کی گئی معلومات کے استعمال کا کیا حکم ہے؟
جواب: معیشتی اور اقتصادی معلومات کو غیر قانونی طور پر یا اس طرح استعمال کرنا جائز نہیں ہے کہ جس سے دوسروں کے حقوق پائمال ہوتے ہوں۔
 
زندہ شخص کے واجبات ادا کرنے کے لئے کسی کو اجیر بنانا
سوال11: میری والدہ بہت بوڑھی ہوچکی ہیں اور ان کی نمازیں اور روزے قضا ہیں، ابھی چونکہ وہ بقید حیات ہیں کیا ہم ان کی قضا نماز اور روزے ادا کرنے کے لئے کسی کو اجیر بنا سکتے ہیں؟
جواب: وہ انسان کہ جو بقید حیات ہو، ضروری ہے کہ اپنی نماز اور روزے عمر کے آخر تک بذات خود قضا کرے اور قضا ہونے والی نمازوں اور روزوں کے لئے کسی کو اجیر نہیں بنا سکتا، بصورت دیگر ضروری ہے وصیت کرے کہ اس کے مرنے کے بعد اس کی طرف سے ادا کی جائیں، اگرچہ کسی کو اس کام کے لئے اجیر بنانا پڑے۔
 
شرعی مسافت کا تعین کرنا
سوال12: شرعی مسافت کتنے کلو میٹر ہے اور کس طرح اس کا حساب لگایا جائے گا؟
جواب: شرعی مسافت کہ جو نماز قصر ہونے کا باعث بنتی ہے، یکطرفہ (صرف جانے کے) سفر میں تقریباً 41 کلو میٹر ہے اور دوطرفہ (آنے جانے کے) سفر میں 20.5 کلو میٹر ہے۔
اگر سفر کسی مستقل شہر یا دیہات سے شروع کیا جائے، اگرچہ کسی دوسرے شہر یا دیہات سے نزدیک ہو تو مسافت کی ابتدا اس شہر یا دیہات سے باہر نکلنے کا مقام ہے اور منزل مقصود شہر کی ابتدا تک حساب لگایا جائے گا مگر یہ کہ شہر کے قرب و جوار میں کسی مخصوص اور مستقل جگہ جانے کا ارادہ رکھتا ہو ، اس طرح کہ عرف میں شہر تک پہنچنا منزل مقصود تک پہنچنا شمار نہ ہوتا ہو اور شہر صرف منزل مقصود تک پہنچنے کا راستہ ہو جیسے کہ بعض یونیورسٹیاں، چھاونیاں یا ہسپتال کہ جو شہر کے مضافات میں ہوتے ہیں تو اس صورت میں اسی مخصوص جگہ تک مسافت کو مدنظر رکھا جائے گا۔
 
سیاہ کپڑے پہننا
سوال13: بعض لوگ پہلی محرم سے صفر کے آخر تک عزاداری امام حسین علیہ السلام کے احترام میں سیاہ کپڑے پہنتے ہیں، کیا یہ کام جو کہ دو مہینے تک رہتا ہے پھر بھی پسندیدہ کام ہے اور مکروہ نہیں ہے؟
جواب: خاندان عصمت و طہارت علیہم السلام کی عزاداری کے ایام میں شعائر الہی کی تعظیم اور حزن و غم کے اظہار کے لئے سیاہ کپڑے پہننا اجر و ثواب کا باعث ہے۔
 
کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کے احتمال کے باوجود اجتماعات میں شرکت کرنا
سوال14: عزیز و اقارب کے ساتھ رفت و آمد اور ایسی تقریبات میں شرکت کرنا کہ جہاں کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کا احتمال ہو، کیا حکم رکھتا ہے؟
جواب: ایسی جگہ پر جانے سے اجتناب کرنا ضروری ہے کہ جہاں بیماری میں مبتلا ہونے کے حوالے سے عقلی احتمال پایا جاتا ہو مگر یہ کہ حفظان صحت کے اصولوں کا خیال رکھتے ہوئے یہ احتمال منتفی ہوجائے یا قابل توجہ نہ رہے۔
 
کرونا وائرس میں مبتلا شخص کا دوسروں سے ملنا
سوال15: اگر کوئی شخص اس وبائی بیماری میں مبتلا ہو یا اس میں کرونا وائرس کی بعض مشکوک علامات پائی جاتی ہوں کیا اس کے لئے جائز ہے کہ ان لوگوں کے ساتھ رفت و آمد کرے، جو اس کی حالت سے بے خبر ہیں؟
جواب: اگر عقلائی احتمال دے کہ اس کا میل جول بیماری کو دوسروں تک منتقل کرنے کا سبب بن سکتا ہے تو ایسے میل جول سے پرہیز کرنا لازمی ہے۔

 

700 /