رہبر معظم انقلاب اسلامی اور مسلح افواج کے کمانڈر انچیف حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے ایرانی فوج کے سربراہ میجر جنرل سید عبدالرحیم موسوی کے نام پیغام میں ایرانی بحریہ کے بعض بہادر اور دلاور جوانوں کی بحری کشتی کنارک کے حادثے میں دردناک شہادت پرگہرے غم اور دکھ کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں کو تعزیت اور تسلیت پیش کرتے ہوئے اللہ تعالی کی بارگاہ میں اس حادثے میں زخمی ہونے والے جوانوں کی صحتیابی کے لئے دعا کی ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی کے پیغام کا متن حسب ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کے سربراہ میجر جنرل موسوی
کنارک کشتی کے حادثے میں ایرانی بحریہ کے بعض دلیر اور بہادر جوانوں کی دردناک شہادت سے کافی دکھ اور افسوس ہوا ہے اگر چہ بحریہ کے محنتی جوانوں نے دشوار خدمت کے دوران اپنی جان افتخار آمیز انداز میں جان افرین کے حوالے کردی ۔ اللہ تعالی انھیں اس کا اجر و ثواب عطا فرمائےگا۔ ان شااللہ ، البتہ ان بہادر اور محنتی جوانوں کا غم ان کے خاندانوں کے لئے اور بحریہ کے لئے بہت بڑا نقصان ہے ۔ میں ان شہیدوں کے غمزدہ خاندانوں کو تعزیت اور تسلیت پیش کرتا ہوں اور اللہ تعالی کی بارگاہ میں زخمیوں کی جلد از جلد صحتیابی کے لئے دعا کرتا ہوں اور متعلقہ حکام سے اس حادثہ کے مختلف پہلوؤں کی ہمہ گیر تحقیق اور اس قسم کے تلخ حوادث کی آئندہ عدم تکرار کے سلسلے میں سنجیدہ اقدامات کی سفارش کرتا ہوں۔
سید علی خامنہ ای
23 / اردیبہشت / 1399