رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے کورونا وائرس کی روک تھام اورعوام کو خدمات بہم پہنچانے کے سلسلے میں مسلح افواج کی خدمات رسانی کی قدراور تعریف کرتے ہوئے مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل باقری کو کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنےکے سلسلے میں صحت کا ہیڈکوارٹر قائم کرنے کا حکم دیا ہے۔ رہبر معظم نے فرمایا: ممکنہ قرائن و شواہد کے پیش نظر حیاتیاتی اور بائیولوجیکل حملے کی صورت میں یہ اقدام بائیولوجیکل دفاعی مشق کے لحاظ سے بھی قومی اقتدار اور قدرت میں اضافہ کا سبب بن سکتا ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی کے حکم کا متن حسب ذيل ہے:
بسمہ تعالی
میجر جنرل باقری
مسلح افواج کی کورونا وائرس کی روک تھام اوراس سلسلے میں اب تک عوام کی خدمات قابل قدر اور لائق تحسین ہیں ۔ ان خدمات کو منظم طور پر مزید جاری رکھنے اور فروغ دینے کے لئے صحت کے ایک ہیڈکواٹر کا قیام ضروری ہے تاکہ موبائل اور صحرائی اسپتالوں جیسے صحت کے مراکز کے قیام کے ساتھ اس بیماری کومزید پھیلنے سے روکنے کے سلسلے میں ضروری اقدامات انجام دیئے جاسکیں۔ مسلح افواج کے مختلف شعبوں اور محکموں کے فرائض اور مشنوں کی تقسیم اس ہیڈکوارٹر کے وظائف میں شامل ہے۔ مسلح افواج کے اس ہیڈکوارٹر کو حکومت اور وزارت صحت کے ساتھ بھی مکمل طور پر ہم آہنگ ہونا چاہیے۔
یہ اقدام ممکنہ قرائن کی روشنی ميں حیاتیاتی اور بائیولوجیکل حملہ ہونے کی صورت میں حیاتیاتی اور بائیولوجیکل دفاعی مشق کے لحاظ سے بھی قومی اقتدار اور قدرت میں اضافہ کا سبب بن سکتا ہے۔
اللہ تعالی کی ہدایت اور حضرت بقیۃ اللہ ارواحنا فداہ کی خصوصی پشتپناہی کی بنا پر ایرانی عوام کی صحت و سلامتی اور کامیابی کی ہمیشہ توقع اور امید کی جاتی ہے۔
سید علی خامنہ ای
22/ اسفند/98