رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے آج صبح (بروز سنیچر ) ایرانی فضائیہ کے کمانڈروں، کارکنوں اور ایرانی فوج کے ایئر ڈیفنس کے اہلکاروں کے ساتھ ملاقات میں 19 بہمن سن 1357 کے واقعہ کو اللہ تعالی کے وعدے پر حضرت امام خمینی (رہ) اور مجاہدین کے اطمینان اور پختہ یقین کا نتیجہ قراردیتے ہوئے فرمایا: اگر معاشرے میں اللہ تعالی کے وعدے پر یقین محکم اور پختہ ہوجائےاور حکام ہوشیاری اور بیداری کے ساتھ عمل کریں تو اس صورت میں دھمکیاں فرصت میں تبدیل ہوسکتی ہیں اور دشمن کی طرف سے عائد پابندیاں غیر مؤثر، ملک کے تیل پر انحصار ختم کرنے اور بہت سی مشکلات کوحل کرنے کا سبب بن سکتی ہیں۔
ایرانی فضائیہ کے کمانڈروں کی حضرت امام خمینی (رہ) کے ساتھ 19 بہمن 1357 شمسی میں تاریخی بیعت کی 41 ویں سالگروں کے موقع پر ایرانی فضائیہ کے کمانڈروں اور بعض اہلکاروں نے رہبر معظم انقلاب اسلامی سے ملاقات کی۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اس ملاقات میں اس واقعہ کو ناقابل فراموش، حیرت انگیز ،مختلف اسباق اور عبرتوں کا حامل قراردیتے ہوئے فرمایا: گذشتہ حکومت کے دور میں ایرانی فضائیہ طاقت کے مرکز کے سب سے زیادہ قریب اور امریکہ سے وابستہ تھی، لیکن ایرانی فضائیہ نے ہی طاغوتی حکومت پر مہلک ضرب لگائي جس کا اسے تصور بھی نہیں تھا۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: قرآنی آیات کی روشنی میں اللہ تعالی ایسی جگہ سے دشمن پرمہلک ضرب وارد کرتا ہے جس کا اسے تصور بھی نہیں ہوتا اور مؤمنین کی بھی ایسی جگہ سے حمایت اور مدد کرتا ہے جس کا انھیں تصور بھی نہیں ہوتا۔
اسے دینی ثقافت میں " رزق لا یحتسب " سے تعبیر کیا جاتا ہے یہ وہی رزق ہے جس کی مادی اندازوں میں کوئی جگہ نہیں تھی ۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اللہ تعالی کے دین کی مدد کرنے والوں کی نصرت کے بارے میں قرآن مجید کی آیات کی تاکید اور تصریح کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: اللہ تعالی کے وعدے پر اطمینان رکھنا چاہیے اور مستقبل پر امید رکھتے ہوئے آگے کی سمت سفر جاری رکھنا چاہیے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا: اگر ایسا جذبہ اور ایسی فکر ایمانی معاشرے پر حکمفرما ہوجائے تو اس معاشرے کے لوگ پختہ عزم کے ساتھ خطرات اور دھمکیوں کو فرصت میں تبدیل کرسکتے ہیں، جیسا کہ ایرانی فضائیہ نے امریکی پابندیوں کے باوجود ، طیاروں کی تعمیر کے علاوہ طیاروں کے ڈیزائن بنانے اور تیار کرنے کی مہارت بھی حاصل کرلی ۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فضائیہ کی طرف سے اندرونی توانائیوں اور ظرفیتوں سے استفادہ ، اغیار سے عدم وابستگی اور دھمکی کو فرصت میں تبدیل کرنے کو ایرانی فضائیہ کی پیشرفت اور کامیابی کا راز قراردیتے ہوئے فرمایا: اس روش اور مسئلہ سے پورے ملک میں استفادہ کیا جاسکتا ہے اور دشمن کی ظالمانہ پابندیوں سے ملک میں بہت سی فرصتیں اورمواقع فراہم کئے جاسکتے ہیں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: اگر ایرانی حکام ہوشیاری سے عمل کریں تودشمن کی پابندیوں کے باوجود ملک کی تیل سے وابستگی کو ختم کیا جاسکتا ہے جو ایران کی مشکلات کا سب سے بڑا سبب ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: البتہ امریکہ کی انتظامیہ میں بعض ہوشیار اور ذہین افراد اس معاملے سے آگاہ اور باخـبر ہیں اور اس سلسلے میں انھوں نے کہا بھی ہے کہ ایران کے اقتصاد کو تیل سے الگ کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے اور ہمیں ایران کے اقتصاد میں تیل کے ساتھ وابستگی کو مکمل طور پر ختم نہیں کرنا چاہیے اور اس کے لئے ایک راستہ کھلا رکھنا چاہیے اس سلسلے میں ایرانی حکام خاص طور پر اقتصادی حکام کو ہوشیار رہنا چاہیے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے دشمنوں کی روشوں اور طریقوں کوبہت ہی پیچيدہ قرار دیتے ہوئے فرمایا: دشمن کی پیچیدہ روشوں اور طریقوں کے مقابلے میں ایران کی روشیں اور طریقے بھی ماضی کی نسبت پیچیدہ ہوگئے ہیں کیونکہ آج ایران کے گوناگوں اور مختلف شعبوں میں منطقی اور پیچیدہ روشیں جاری ہیں جو ایران کی گہری اور عمیق اسٹراٹیجک کا آئينہ دار ہیں جن کی وجہ سے دشمن زمین گیراور پسپا ہوگیا ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ملک کے ہمہ گیر استحکام ، خاص طور پر دفاعی استحکام پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا: ہم کسی ملک یا قوم کے لئے خطرہ بننے کی کوشش میں نہیں ہیں بلکہ ملک کو درپیش سکیورٹی مسائل اور خطرہ کو روکنے کی کوشش کررہے ہیں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے کمزورہونے کی صورت میں دشمن کے اقدام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: جنگ کو روکنے کے لئے اور دھمکی کے خاتمہ کے لئے قوی اور مضبوط ہونا ضروری ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے مسلح افواج خاص طور پر ایرانی فضائیہ ، سپاہ کی فضائیہ اور ڈیفنس انڈسٹریز آرگنائزیشن کو مختلف شعبوں ميں دفاعی بنیادوں کو مضبوط بنانے ، اہم امور میں دقت اور پیشرفت اور ملک میں موجود ظرفیتوں اور صلاحیتوں سے بھر پور استفادہ کرنے کی سفارش کرتے ہوئے فرمایا: اگر امریکہ کے سابق صدور امریکی حکومت کی شیطانی چالوں کو مخفیانہ طور پر انجام دیتے تھے ، تو آج امریکی حکومت کی جنگ افروزی، فتنہ پروری اور دوسروں کے اموال پر طمع اور لالچ آشکارا اور نمایاں ہوگئی ہے اور ایرانی قوم کے دشمنوں کا یہ باطل راستہ یقینی طور پرشکست سے دوچار ہوجائےگا ۔
رہبرمعظم انقلاب اسلامی کے خطاب سے قبل ایرانی فضائیہ کے سربراہ جنرل نصیر زادہ ایرانی فضائیہ کے بارے میں جامع رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی فضائیہ کی پیشرفت اور ترقی آج مختلف شعبوں میں جاری ہے ایرانی فضائیہ ڈرون طیاروں کی ساخت، جنگی طیاروں کی ساخت اور طیاروں کے پارٹس کی ساخت میں قابل قبول سطح تک پہنچ گئی ہے۔